Tag: انڈیا

  • بھارت: بچے اغوا کرنے کا الزام لگا کر بے گناہوں پر تشدد، 2 ہلاک، درجنوں زخمی

    بھارت: بچے اغوا کرنے کا الزام لگا کر بے گناہوں پر تشدد، 2 ہلاک، درجنوں زخمی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ میں بچوں کے اغوا کی جھوٹی اطلاعات کے بعد لوگوں نے راہ چلتے بے گناہ افراد کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا، پولیس نے سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ لوگ پرتشدد کارروائی کا حصہ بننے سے باز رہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست جھاڑ کھنڈ میں بچوں کے اغوا کی افواہ پھیلنے پر بے گناہ لوگوں پر تشدد کے واقعات عام ہونے لگے۔

    گزشتہ 15 روز میں مختلف علاقوں میں 2 درجن سے زائد افراد کو اغوا کار سمجھ کر ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنایا، دھن باد نامی علاقے میں ایک شخص کو تشدد کر کے ہلاک کردیا گیا جبکہ ایک اور شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔

    لوگوں نے خاتون سرکاری افسر کو بھی نہ بخشا، ہزاری باغ میں ضلعی پلاننگ افسر جیوتسنا داس اور ان کے شوہر وجے کمار داس کو دیہاتیوں نے روک لیا اور بچے اغوا کرنے کا الزام لگا کر تشدد شروع کردیا۔

    جوڑے نے گاڑی کے شیشے بند کیے تو ہجوم نے پتھراؤ شروع کردیا، بعد ازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر ان کی جان بچائی۔

    ایک اور نوجوان کو تشدد کے بعد تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے مذکورہ واقعے کے بعد 7 افراد کو گرفتار کیا۔ بعض مقامات پر معذور افراد کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    ایک اور واقعے میں ضلع رانچی کے ایک گاؤں میں دوائیں فروخت کرنے والی 3 خواتین کو بھی اسی شبہے میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    جھاڑکھنڈ پولیس کا کہنا ہے کہ ریاست میں بچوں کے اغوا کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ پولیس نے ایسی کسی بھی افواہ پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی ہے جبکہ ایسی افواہ پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی تنبیہہ دی گئی ہے۔

  • نوجوان خاتون کا قتل: نامناسب بیان پر آر ایس ایس کارکن کے خلاف مقدمہ

    نوجوان خاتون کا قتل: نامناسب بیان پر آر ایس ایس کارکن کے خلاف مقدمہ

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ریزورٹ میں پراسرار حالات میں قتل ہونے والی مقتول انکیتا کے خلاف نامناسب فیس بک پوسٹ پر آر ایس ایس کے کارکن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انکیتا بھنڈاری کے قتل کیس میں اتراکھنڈ پولیس نے جمعرات کے روز راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے کارکن وپن کرنوال کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

    وپن کرنوال پر الزام ہے کہ انہوں نے انکیتا بھنڈاری پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا اور ان کے والد کو ان کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

    کرنوال کی فیس بک پوسٹ پر عوام میں غم و غصہ پایا جارہا ہے جس پر لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے کرنوال کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔

    خواتین کمیشن کی چیئر پرسن کسم کنڈوال نے بھی کرنوال کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد کرنوال نے زبانی اور تحریری طور پر معافی مانگی۔

    ان کی پوسٹ کے بعد رشی کیش اور رائے والا کے علاقے میں ہنگامہ آرائی بھی ہوئی جس کے بعد ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی گئی۔

    خیال رہے کہ اتراکھنڈ کے ریزورٹ میں چند روز قبل ایک نوجوان خاتون کا پراسرار حالات میں قتل ہوا تھا۔ خاتون کے آخری میسجز کے اسکرین شاٹس بھی منظر عام پر آئے ہیں جس میں انہوں نے ریزورٹ کے مالک پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

  • بالکونی میں ’اڑنے والے ڈائنوسارز‘ دیکھ کر شہری پریشان

    بالکونی میں ’اڑنے والے ڈائنوسارز‘ دیکھ کر شہری پریشان

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بالکونی میں بیٹھے پرندوں کو لوگوں نے اڑنے والے ڈائنو سارز سے تشبیہہ دینی شروع کردی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو ایک بھارتی ڈاکٹر نے شیئر کی ہے جو ان کے پڑوس میں بالکونی پر بیٹھے پرندوں کی ہے۔

    ڈاکٹر راہول نے لکھا کہ صبح بخیر، ان پرندوں کو پہچانیں جو ہمارے ایک ساتھی ڈاکٹر کے گھر کی بالکونی میں بیٹھے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے انہیں معدوم ہوجانے والے ڈائنو سارز سے تشبیہہ دی جو اڑ سکتے تھے۔

    بعض صارفین نے ان کا درست نام بتایا جو گرے ہورنبلز ہے۔

  • سلمان خان کی وجہ سے ایشوریا رائے پروگرام میں شرکت سے گریزاں

    سلمان خان کی وجہ سے ایشوریا رائے پروگرام میں شرکت سے گریزاں

    نئی دہلی: بالی ووڈ کی معروف اور خوبصورت اداکارہ اور سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے آج بھی اپنی جھلک سے دلوں کی دھڑکنیں تیز کردیتی ہیں، حال ہی میں انہوں نے سلمان خان کی وجہ سے کپل شرما کے شو میں شرکت کرنے سے انکار کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ایشوریا رائے بچن اپنی پین انڈین فلم پونین سیلون 1 کی تشہیر کے لیے ٹیم کے ساتھ معروف کامیڈین کپل شرما کے شو میں شرکت کے لیے آنے والی تھیں۔

    تاہم انہوں نے شو میں شرکت سے گریز کیا اور سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ چونکہ سلمان خان اس کی پروڈکشن کا حصہ ہیں اس لیے اداکارہ نے پروگرام میں شرکت نہیں کی۔

    بعض صارفین کا کہنا تھا کہ سنہ 2010 میں انہوں نے اپنی فلم ایکشن ری پلے کی تشہیر کے لیے کون بنے گا کروڑ پتی میں بھی شرکت نہیں کی تھی کیونکہ اس قسط میں جیتی جانے والی رقم سلمان خان کے فلاحی ادارے کو دی جانی تھی، اس وقت ایشوریا رائے نے کہا تھا کہ امیتابھ بچن کے اہل خانہ کو پروگرام میں شرکت کی اجازت نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ ایشوریا رائے اور سلمان خان ایک عرصے تک محبت کے بندھن میں بندھے رہے تاہم بعد میں ایشوریا نے ان سے اپنی راہیں جدا کرلیں۔

    بعد میں دیے جانے والے کئی انٹرویوز میں ایشوریا نے بتایا کہ سلمان خان انہیں جسمانی، زبانی اور جذباتی تشدد کا نشانہ بناتے رہے تھے۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے طویل عرصے تک سلمان خان کی تمام بدسلوکیاں، بے وفائیاں اور بدتمیزیاں برادشت کیں لیکن بالآخر جب یہ سب ان کی برادشت سے باہر ہوگیا تو انہوں نے سلمان خان سے اپنا تعلق ختم کردیا۔

    ایشوریا رائے نے بعد ازاں ابھیشک بچن سے شادی کرلی اور اب بھی وہ اکثر تقاریب میں سلمان خان کا سامنا کرنے سے گریز کرتی ہیں۔

  • ریچا چڈھا اور علی فضل کی شادی میں ہالی ووڈ اداکار بھی مدعو

    ریچا چڈھا اور علی فضل کی شادی میں ہالی ووڈ اداکار بھی مدعو

    نئی دہلی: معروف بھارتی اداکار علی فضل اور ریچا چڈھا شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں اور جلد ہی دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوجائے گا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کی شادی کی تقریبات چند روز میں شروع ہوجائیں گی جو اکتوبر کے آغاز تک جاری رہیں گی۔ شادی میں ہالی ووڈ کے بھی کئی بڑے ناموں کو مدعو کیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جوڑے نے اپنی شادی میں جوڈی ڈینچ اور جیرارڈ بٹلر کو بھی مدعو کیا ہے۔ ان دونوں کے ساتھ علی فضل نے مختلف فلموں میں کام کیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ali fazal (@alifazal9)

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ali fazal (@alifazal9)

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریچا اور علی فضل گزشتہ 10 برسوں سے ایک دوسرے کے دوست ہیں، دونوں میڈیا میں ایک دوسرے سے اپنے تعلق کے بارے میں گفتگو کرنے سے گریز کرتے رہے لیکن مختلف مواقعوں پر ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے دکھائی دیے۔

    دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز 29 ستمبر سے ممبئی میں ہوگا، 3 اکتوبر کو شادی کی مرکزی تقریب ہوگی جبکہ 4 اکتوبر کو دونوں مہمانوں کے لیے ریسیپشن کا اہتمام کریں گے۔

  • نواز الدین صدیقی نے پہلی بار اپنی زندگی کی خاص شخصیت کی تصویر شیئر کردی

    نواز الدین صدیقی نے پہلی بار اپنی زندگی کی خاص شخصیت کی تصویر شیئر کردی

    نئی دہلی: معروف بھارتی اداکار نے ڈاٹرز ڈے پر اپنی 11 سالہ بیٹی کی تصویر شیئر کی جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا ہے۔

    معروف بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی نےاپنی بیٹی شوریٰ کی نایاب تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

    نواز الدین صدیقی جو کم ہی اپنی فیملی اور بچوں سے متعلق بات کرتے ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی بیٹی کی یادگار تصویر شیئر کی۔

    انہوں نےڈاٹرز ڈے کی مناسبت سے اپنی صاحبزادی شوریٰ کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی کیپشن میں دل کے ایموجی کے ساتھ لکھا کہ تمہاری مسکراہٹ سے زیادہ قیمتی کچھ بھی نہیں۔

    مداحوں نے ان کی بیٹی کی تعریف کی اور اس کی آنکھوں کو والد کی آنکھوں سے مشابہہ قرار دیا۔

    خیال رہے کہ نواز الدین صدیقی نے 2009 میں عالیہ صدیقی سے شادی کی تھی اور شوریٰ 2011 میں پیدا ہوئی۔ اداکار کے اپنی اہلیہ سے تنازعات بھی چلتے رہے تھے۔

  • بھارت کے ریزورٹ میں لڑکی کا قتل: اہم شخصیت کا نام سامنے لانے کا مطالبہ

    بھارت کے ریزورٹ میں لڑکی کا قتل: اہم شخصیت کا نام سامنے لانے کا مطالبہ

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ایک ریزورٹ میں ایک نوجوان خاتون کے پراسرار حالات میں قتل کے بعد مقامی کانگریس رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث وی آئی پی شخصیات کا نام منظر عام پر لایا جائے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس ہیڈ کوارٹر میں کانگریس ریاستی صدر کرن ماہرا نے سینئر لیڈروں کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران انکتا بھنڈاری قتل کیس میں اتراکھنڈ حکومت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

    کانگریس نے اس پورے واقعہ کی سی بی آئی سے تفتیش کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ قصورواروں کو سخت سزا دی جانی چاہیئے۔

    کانگریس کے ریاستی صدر کا کہنا ہے کہ جس ریزورٹ میں قتل ہوا وہ بغیر رجسٹریشن کے تھا، کئی بااثر افراد لگاتار ریزورٹ میں آتے رہے تھے، جس کے لیے ثبوتوں کو مٹایا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس نے ریمانڈ لینے کے لیے کوئی درخواست نہیں لگائی، آخر کیوں؟

    کانگریس رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس وی آئی پی شخصیت کا نام بھی منظر عام پر لایا جائے جو اس معاملے میں ملوث ہے۔

    انہوں نے اب تک ہونے والی کارروائی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے جامع تفتیش کا مطالبہ کیا۔

    خیال رہے کہ اتراکھنڈ کے ریزورٹ میں چند روز قبل ایک نوجوان خاتون کا پراسرار حالات میں قتل ہوا تھا۔ خاتون کے آخری میسجز کے اسکرین شاٹس بھی منظر عام پر آئے ہیں جس میں انہوں نے ریزورٹ کے مالک پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

  • سیف علی خان کو سرکاری محکمے سے ایوارڈ کیوں ملتے ہیں؟

    سیف علی خان کو سرکاری محکمے سے ایوارڈ کیوں ملتے ہیں؟

    نئی دہلی: معروف بھارتی اداکار سیف علی خان، جو نواب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، کا کہنا ہے کہ انہیں بروقت ٹیکس ادا کرنے پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ سے ایوارڈ ملتے ہیں۔

    بھارتی ویب سائٹ کے مطابق بالی ووڈ کے نواب سیف علی خان نے حال ہی میں اپنی نئی فلم وکرم ویدھا کی ٹیم کے ساتھ کپل شرما شو میں شرکت کی۔

    ان کے ساتھ رادھیکا آپٹے، ستیا دیپ مشرا اور دیگر اداکار بھی موجود تھے۔

    میزبان کپل شرما نے ہمیشہ کی طرح اپنے مہمانوں کی کچھ ایسی باتیں سب کو بتائیں جو پہلے کبھی کسی نے نہیں سنی تھیں۔

    شو میں لوگوں کو پتہ چلا کہ ستیا دیپ مشرا اداکار بننے سے پہلے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ کمشنر تھے، ستیادیپ نے کپل کو بتایا کہ انہوں نے سول سروسز کا امتحان پاس کیا تھا لیکن وہ کبھی بھی اسسٹنٹ کمشنر نہیں تھے۔

    اس موقع پر سیف علی خان کا کہنا تھا کہ میں ایک اچھا شہری ہوں، مجھے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ سے ایوارڈ ملتے ہیں۔

  • شاہ رخ خان آئرن مین معلوم ہو رہے ہیں: ناکام ترین بالی ووڈ فلم کے ڈائریکٹر کا دعویٰ

    شاہ رخ خان آئرن مین معلوم ہو رہے ہیں: ناکام ترین بالی ووڈ فلم کے ڈائریکٹر کا دعویٰ

    حال ہی میں ریلیز کی گئی بالی ووڈ فلم براہمسترا کو شائقین اور تجزیہ کاروں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، تاہم فلم کے تخلیق کاروں کا دعویٰ ہے کہ اس فلم نے مقبولیت اور کمائی کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

    اب اس کے ہدایت کار ایان مکھرجی نے اس حوالے سے ایک اور بیان دے دیا۔

    فلم کے ڈائریکٹر ایان مکھرجی کا کہنا تھا کہ فلم میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کا کمیو (مختصر جھلک) شہرہ آفاق ہالی ووڈ فلم آئرن مین سے مشابہہ ہے۔

    ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کو فلم میں سائنس دان دکھایا گیا ہے جو اپنی لیبارٹری میں کام کر رہا ہوتا ہے، یہ مناظر مشہور کردار آئرن مین سے ملتے جلتے ہیں، وہ بھی اکثر اپنی تجربہ گاہ میں مختلف تجربات کرتا دکھائی دیتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by SHAH RUKH KHAN (@iamsrk_fans)

    انہوں نے کہا کہ براہمسترا رومانوی فلم ہے جس میں مرکزی کرداروں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی محبت دکھائی گئی ہے، تاہم جب شاہ رخ خان کے مناظر آتے ہیں تو فلم بالکل تبدیل ہوجاتی ہے اور ایک سائنس فکشن فلم دکھائی دیتی ہے۔

    خیال رہے کہ براہمسترا اپنی نمائش سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوگئی تھی۔

    فلم کی ریلیز کے بعد خراب مکالموں اور کمزور اسکرین پلے کی وجہ سے شائقین نے تو اسے مسترد کردیا، تاہم فلم کی ٹیم اسے ریکارڈ کمائی کرنے والی فلم قرار دے رہی ہے۔

    شائقین نے فلم کی کمائی کے بڑے ہندسوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سینما ہال کی نشستیں تو خالی ہیں، تو پھر کیا اس فلم کو دیکھنے کے لیے خلائی مخلوق آرہی ہے جو فلم دھڑا دھڑ پیسہ کما رہی ہے؟

  • مرغی کی بندر کو ’قتل‘ کرنے کی کوشش، بندر نے تھپڑ دے مارا

    مرغی کی بندر کو ’قتل‘ کرنے کی کوشش، بندر نے تھپڑ دے مارا

    سوشل میڈیا پر اکثر اوقات دلچسپ ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں جن میں جانوروں کو عجیب و غریب حرکات کرتے دیکھا جاسکتا ہے، حال ہی میں ایک اور ایسی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو بندر اور مرغی کی ہے۔

    مذکورہ وائرل ویڈیو بظاہر بھارت کی لگ رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بندر ایک پہاڑی کے کنارے پر سکون سے بیٹھا ہے اور قدرت کے نظاروں سے لطف اندوز ہورہا ہے کہ اچانک وہاں ایک مرغی آجاتی ہے۔

    مرغی سکون سے بیٹھے بندر پر اچانک حملہ کردیتی ہے اور اسے پہاڑی سے گرانے کی کوشش کرتی ہے، بندر اس سے بچتے ہوئے جواباً اسے تھپڑ مارتا ہے۔

    دونوں کی لڑائی کچھ دیر چلتی رہتی ہے، ویڈیو میں ایڈیٹنگ کے ذریعے بیک گراؤنڈ میں تھپڑ مارنے کی آواز بھی شامل کی گئی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو کو نہایت دلچسپ قرار دیا، بعض صارفین کا کہنا تھا کہ مرغی بلاوجہ بندر کی جان کے پیچھے پڑی ہے۔