Tag: انڈیا

  • اداکارہ کی بغیر میک اپ تصاویر، مداح حیران

    اداکارہ کی بغیر میک اپ تصاویر، مداح حیران

    سابق بھارتی اداکارہ لارا دتہ نے اپنی بغیر میک کی تصاویر پوسٹ کر کے مداحوں کو حیران کردیا۔

    سنہ 2000 میں مس یونیورس کا خطاب اپنے نام کرنے والی لارا دتہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی بغیر میک اپ کی تصاویر شیئر کیں۔

    پہلی تصویر میں وہ مکمل طور پر میک اپ کے بغیر نظر آرہی ہیں جبکہ دوسری تصویر میں وہ میک اپ کیے ہوئے ہیں، ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے لارا نے لکھا کہ وہ خود کو اصلی بنا رہی ہیں کیونکہ اصلی ہونا بہت ضروری ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Lara Dutta Bhupathi (@larabhupathi)

    لارا نے اپنی پوسٹ کے ساتھ لکھا کہ یہ میں ہوں، شام 7 بجے جان لے لینے والی ورزش نے مجھے صاف کردیا ہے۔ دوسری تصویر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لارا دتہ نے کہا کہ اگلی تصویر میں 2 گھنٹے بعد کی ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ ان تصاویر کا اصل نکتہ یہ ہے کہ ہم میں سے کوئی بھی اس طرح نہیں دکھائی دیتا جیسے ہم عام طور پر گلیمرس تصاویر میں نظر آتے ہیں۔

    لارا دتہ کا کہنا تھا کہ چاہے آپ کا وقت کیسا بھی گزرا ہو، یہ ضروری ہے کہ آپ خود کو دنیا کے سامنے تیار ہو کر پیش کریں۔

    لارا کی اس پوسٹ پر مشہور شخصیات اور عام افراد تبصرہ کر رہے ہیں۔ لارا دتہ کے کچھ مداح حیران ہیں اور کوئی ان کا اصل رنگ روپ دیکھ کر انہیں سراہ رہا ہے۔

  • بہن کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے بھائی کی خطرناک حرکت

    بہن کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے بھائی کی خطرناک حرکت

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے اپنی بہن کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے نہایت خطرناک اور اوچھی حرکت کرتے ہوئے طیارے میں بم کی جھوٹی فون کال کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق چنائی میں ایک شخص نے اپنی بہن کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے لیے جہاز میں بم کی جھوٹی فون کال کردی، نجی ایئر لائن کی پرواز دبئی روانگی کے لیے تیار تھی جسے بم کی جھوٹی اطلاع کے بعد 6 گھنٹے تک رکنا پڑا۔

    صبح 7 بجے 60 مسافر جہاز میں سوار ہوچکے تھے جب ایک شخص نے پولیس کنٹرول روم میں فون کر کے بم کی جھوٹی اطلاع دی۔

    فون کال کے بعد بورڈنگ کا عمل روک دیا گیا اور سوار ہونے والے مسافروں کو بھی واپس اتار دیا گیا، طیارے کو ایئرپورٹ پر موجود بالکل علیحدہ مقام پر معائنے کے لیے لے جایا گیا۔

    ایئرپورٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جہاز کی مکمل طور پر تلاشی لی لیکن کوئی مواد برآمد نہیں ہوسکا۔

    جھوٹی کال کرنے پر شہری کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس نے پولیس کو بتایا کہ بہن کو دبئی جانے سے روکنا چاہتا تھا، اس لیے جھوٹی کال کر کے پرواز روکنے کی کوشش کی۔

  • سدھو موسے والا قتل کیس: ملزمان انجام کے قریب

    سدھو موسے والا قتل کیس: ملزمان انجام کے قریب

    چندی گڑھ: بھارتی آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں، تمام ملزمان کے خلاف فرد جرم داخل کردی گئی جس میں ماسٹر مائنڈ لارنس بشنوئی سمیت دیگر ملزمان کے نام شامل ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب پولیس نے جمعہ کو مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا قتل کیس میں مانسا کی ایک عدالت میں فرد جرم داخل کر دی جس میں جیل میں موجود گینگسٹر لارنس بشنوئی کو قتل کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے۔

    جرم میں 1850 صفحات کی فرد جرم داخل کی گئی ہے جس میں 34 شوٹرز، ملزمان، ماسٹر مائنڈ اور دیگر لوگوں کے نام ہیں۔

    اینٹی گینگسٹر ٹاسک فورس کے چیف پرمود بان کی قیادت میں خصوصی ٹیم قتل کی تفتیش کر رہی ہے۔ بان کا کہنا ہے کہ بشنوئی نے اعتراف کیا ہے موسے والا کا قتل، یوتھ اکالی دل لیڈر وکی مڈدوکھیڑا کے قتل کے بدلہ لینے کے لیے کیا گیا اور اس کا منصوبہ گزشتہ سال اگست میں بنایا گیا۔

    پرمود بان کے مطابق شوٹرز 25 مئی کو جائے وقعہ موسیٰ گاؤں کے پاس مانسا پہنچے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب پہنچنے پر انہیں کچھ ہتھیار فراہم کیے گئے، قتل میں اے کے سیریز کی رائفلز کا استعمال کیا گیا، موسے والا کے قتل کے دن سے پہلے کئی بار ان کا پیچھا بھی کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو لارنس بشنوئی گینگ کے رکن انکیت سرسا نے پنجاب کے ضلع مانسا میں گولی مار کر قتل کر دیا تھا، یہ قتل پنجاب حکومت کی جانب سے سدھو موسے والا کی سیکیورٹی واپس لیے جانے کے اگلے روز ہوا تھا۔

    ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ انہیں 19 گولیاں لگی تھیں اور وہ 15 منٹ کے اندر دم توڑ گئے تھے جبکہ جیپ میں موجود 2 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

  • منشیات برآمدگی کیس میں گرفتاری و رہائی: کنگ خان کے بیٹے کی ایک سال بعد سوشل میڈیا پر واپسی

    منشیات برآمدگی کیس میں گرفتاری و رہائی: کنگ خان کے بیٹے کی ایک سال بعد سوشل میڈیا پر واپسی

    ممبئی: منشیات برآمدگی کیس میں کلین چٹ ملنے کے بعد بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے پہلی بار اپنی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے۔

    شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے تقریباً ایک سال بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر بہن بھائی کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی ہے۔

    پوسٹ میں 2 تصویریں ہیں جن میں سے ایک میں وہ اپنی بہن سوہانا اور چھوٹے بھائی ابراہیم کے ساتھ موجود ہیں جبکہ دوسری تصویر میں چھوٹے بھائی کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Aryan Khan (@___aryan___)

    24 سالہ آریان خان کو گزشتہ برس اکتوبر میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کیا تھا جب ایک کروز شپ پر جاری پارٹی پر چھاپہ مارا گیا اور وہاں سے منشیات برآمد کی گئی۔

    آریان چند روز جیل میں رہے بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا، رواں برس مئی میں انہیں اس کیس سے کلین چٹ دے دی گئی تھی۔

  • بھارت: پولیس کے کڑے پہرے میں مسلمان کامیڈین کا شو، ہزاروں افراد سننے پہنچ گئے

    بھارت: پولیس کے کڑے پہرے میں مسلمان کامیڈین کا شو، ہزاروں افراد سننے پہنچ گئے

    نئی دہلی: بھارتی ریاست حیدر آباد میں معروف مسلمان بھارتی کامیڈین منور فاروقی کے شو میں عوام نے بڑی تعداد نے شرکت کی، ہندو انتہا پسندوں نے شو کرنے پر منور فاروقی کو تشدد کا نشانہ بنانے اور وینیو کو آگ لگانے کی دھمکی دی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق منور فاروقی نے اپنا شو ہفتے کی رات منعقد کیا جسے دیکھنے کے لیے لوگوں کا جم غفیر امڈ آیا، اس موقع پر وینیو کو ایک قلعے میں تبدیل کردیا گیا اور پولیس کی بھاری نفری نے وہاں پہرہ دیا۔

    ہزاروں افراد کی تالیوں کی گونج میں منور نے کہا کہ وہ اپنی زندگی داؤ پر لگا کر یہاں آئے ہیں۔

    منور نے جب یہاں اپنا شو کرنے کا اعلان کیا تھا تو حکومتی پارٹی بی جے پی کے ایک رکن راجہ سنگھ نے کہا تھا کہ منور فاروقی کا شو منعقد کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ اس جگہ کو نذر آتش کردیں گے اور کامیڈین کو تشدد کا نشانہ بھی بنائیں گے۔

    منور فاروقی نے گزشتہ برس سے اپنے متنازعہ لطیفوں سے ہندو انتہا پسندوں کا جینا حرام کر رکھا ہے، انتہا پسندوں کا دعویٰ ہے کہ منور ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں جبکہ وہ حکومت پر بھی تنقید کرتے ہیں اور حساس معاملات کو اپنے لطیفوں کو موضوع بناتے ہیں۔

    گزشتہ برس سے اب تک منور کے 12 شوز منسوخ کیے جاچکے ہیں جن کا سبب ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیاں تھیں۔

    حیدر آباد میں شو منعقد کرنے کے اعلان کے بعد راجہ سنگھ نے کہا تھا کہ منور نے ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑایا تھا اور اب انہوں نے دوبارہ ایسی کوشش کی تو ہم انہیں سبق سکھائیں گے۔

    انہوں نے اعلان کیا تھا کہ جس جگہ بھی منور کو شو کے لیے مدعو کیا جائے گا وہ اس جگہ کو آگ لگا دیں گے۔

  • غریب سبزی والے کی بیٹی کو گولی کس نے ماری؟ سی سی ٹی وی نے بھانڈا پھوڑ دیا

    غریب سبزی والے کی بیٹی کو گولی کس نے ماری؟ سی سی ٹی وی نے بھانڈا پھوڑ دیا

    بھارت میں ایک شخص نے غریب سبزی والے کی بیٹی کو گولی مار دی اور فرار ہوگیا، واقعے کی ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے۔

    یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص ماسک لگائے سڑک پر ٹہل رہا ہے۔

    تھوڑی دیر بعد ایک لڑکی اس کے قریب سے گزرتی ہے، مذکورہ شخص اس کے پیچھے جاتا ہے اور پھر اچانک فائر کردیتا ہے، لڑکی فوراً زمین پر گر جاتی ہے جس کے بعد حملہ آور فرار ہوجاتا ہے۔

    ویڈیو میں سڑک پر چہل پہل دکھائی دے رہی ہے اور مختلف گاڑیاں اور راہ گیر بھی وہاں سے گزر رہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی اس وقت آئی سی یو میں ہے اور اس کی حالت تشویش ناک ہے، گولی اس کی گردن میں لگی ہے۔

    پولیس کے مطابق دونوں ایک دوسرے کو جانتے تھے اور ممکنہ طور پر دونوں کے درمیان دوستی یا محبت کا تعلق بھی ہے۔

    سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا اور امن و امان کی صورتحال برقرار نہ رکھنے پر ریاستی حکومت کو برا بھلا کہا۔

  • چوروں نے نہایت آسانی سے دکان کا شٹر کھول لیا، ویڈیو وائرل

    چوروں نے نہایت آسانی سے دکان کا شٹر کھول لیا، ویڈیو وائرل

    بھارت میں چوری کی ایک انوکھی واردات پیش آئی جس میں چوروں نے کپڑے کی مدد سے دکان کا بھاری شٹر کھول لیا اور قیمتی سامان اور نقدی لے اڑے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرے کی ہے جس نے چوروں کی کارستانی فلمبند کرلی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 سے 4 چور رات کے اندھیرے میں چوری کی نیت سے ایک دکان کے قریب پہنچتے ہیں۔ پہلے تو وہ ہاتھ سے شٹر کھولنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ناکام رہتے ہیں۔

    اس کے بعد شٹر کے ہینڈل میں ایک کپڑا پھنساتے ہیں اور سب مل کر کپڑے کو کھینچتے ہیں جس سے شٹر اچھا خاصا کھل جاتا ہے۔

    اس کے بعد چور اندر جا کر دکان کا سامان اور نقدی چراتے ہیں اور باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by GiDDa CoMpAnY (@giedde)

    سوشل میڈیا پر صارفین چوروں کی یہ چالاکی دیکھ کر دنگ رہ گئے، ایک صارف نے لکھا کہ اس ویڈیو سے دیگر کئی چوروں کو بھی یہ آئیڈیا مل گیا۔

  • عامر خان کی ’لال سنگھ چڈھا‘ 50 کروڑ بھی نہ کما سکی

    عامر خان کی ’لال سنگھ چڈھا‘ 50 کروڑ بھی نہ کما سکی

    نئی دہلی: معروف بھارتی اداکار اور مسٹر پرفیکشنسٹ سمجھے جانے والے عامر خان کی نئی فلم لال سنگھ چڈھا 4 روز میں 50 کروڑ روپے بھی نہ کما سکی، فلم نے پہلے دن محض 12 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

    بھارتی ویب سائٹس کے مطابق عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا 4 دنوں کے دوران باکس آفس پر 50 کروڑ روپے بھی نہ کما سکی۔

    عامر خان کی فلمیں عموماً 100 کروڑ کما لیتی تھیں، اور اکثر پچھلی تمام فلموں کے ریکارڈ بھی توڑ دیا کرتی تھیں، تاہم اب ان کی نئی فلم کو غیر یقینی طور پر ناکامی کا سامنا ہے۔

    ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم لال سنگھ چڈھا نے گزشتہ روز، یعنی چھٹی کے دن بھی صرف 10 کروڑ روپے کا بزنس کیا جس کے بعد فلم کی مجموعی کمائی محض 37 کروڑ روپے تک ہی پہنچ سکی ہے۔

    4 روز کے دوران 37 کروڑ روپے کی کمائی عامر کی دیگر فلموں کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ بھارتی باکس آفس پر پہلے دن لال سنگھ چڈھا کی کمائی صرف 12 کروڑ روپے تھی۔

    دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے فلم لال سنگھ چڈھا کو عامر خان کی سب سے کم پرفارم کرنے والی فلموں میں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ کچھ حلقوں نے اس فلم کو مکمل طور پر فلاپ قرار دے دیا ہے۔

  • ہماچل پردیش میں سیلاب سے شدید تباہی، متعدد دکانیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں

    ہماچل پردیش میں سیلاب سے شدید تباہی، متعدد دکانیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں

    نئی دہلی: بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے ایک ضلعے میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، متعدد دکانیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہماچل پردیش کے ضلع کلو میں علیٰ الصبح 3 بجے کلاؤڈ برسٹ کے باعث طوفانی بارشیں ہوئیں جس سے ضلع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

    ہماچل کے علاقے انی میں سیلاب میں متعدد دکانیں بہہ گئیں، بے شمار گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس سے کئی گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔

    سوشل میڈیا پر سیلاب کی بے شمار تصاویر اور ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، ایسی ہی ایک ویڈیو میں ایک دکان کو اچانک منہدم ہو کر سیلابی ریلے میں بہتا دیکھا جاسکتا ہے۔

    ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیلاب سے ایک مکان منہدم ہوا جس کے ملبے تلے دب کر 2 خواتین کی موت ہوگئی۔

    اتھارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ پانڈوہ، منڈی کے قریب 7 میل کی سڑک پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی، جس سے نیشنل ہائی وے 21 پر گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی، ضلع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • 22 سال بعد 20 روپے کے مقدمے کا فیصلہ

    22 سال بعد 20 روپے کے مقدمے کا فیصلہ

    نئی دہلی: بھارت کی ایک مقامی عدالت میں 20 روپے کا مقدمہ 22 سال تک چلنے کے بعد بالآخر درخواست گزر کو فتح حاصل ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق وکیل تنگناتھ چترویدی نے ریلوے کے خلاف 22 سال قبل کیا گیا مقدمہ جیت لیا، انہوں نے 1999 میں ریلوے کے خلاف درخواست دائر کی تھی کہ ان سے کرائے کی مد میں ٹکٹ کے 20 روپے اضافی وصول کیے گئے۔

    وکیل کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں متھرا ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا تھا، مقدمے میں 22 سال کے دوران 100 سے زیادہ پیشیاں بھگتنے کے بعد میرے حق میں فیصلہ آیا ہے۔

    تنگناتھ چترویدی نے اس 22 سالہ جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس توانائی اور وقت کی کوئی قیمت نہیں جو میں نے یہ کیس لڑنے میں صرف کی، یہ معاوضہ آج کے دور میں نہایت معمولی ہے لیکن یہ پیسے کی بات نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف لڑائی تھی۔

    خیال رہے کہ مقامی کنزیومر عدالت نے چترویدی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے بھارتی ریلوے کو حکم دیا ہے کہ ان سے زائد لیے گئے 20 روپے سود سمیت واپس کیے جائیں۔

    وکیل نے سنہ 1999 میں متھرا سے مراد آباد تک کے سفر کے دوران 2 ٹکٹ خریدے تھے جن کی قیمت 70 روپے بنتی تھی۔

    تاہم جب انہوں نے بکنگ کلرک کو 100 روپے تھمائے تو اس نے 70 کے بجائے 90 روپے کاٹ کر صرف 10 روپے انہیں واپس کیے اور ان کے کہنے کے باوجود بقایا رقم واپس نہیں کی تھی۔