Tag: انڈے

  • سعودی عرب: انڈوں کے بحران سے متعلق اہم خبر

    سعودی عرب: انڈوں کے بحران سے متعلق اہم خبر

    ریاض: سعودی عرب میں انڈوں کے بحران سے متعلق پولٹری پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے پولٹری پروڈیوسرز نے کہا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں انڈوں کا کوئی بحران نہیں ہے۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق کمیٹی نے کہا ہے کہ اس بات میں بھی کوئی صداقت نہیں کہ مقامی مارکیٹ میں انڈوں کی قیمت پڑوسی ممالک سے زیادہ ہے۔

    قومی کمیٹی برائے پولٹری پروڈیوسرز کے مطابق مقامی مارکیٹ میں انڈوں کی ٹرے کی قیمت کوالٹی کے اعتبار سے مختلف ہے، اور اس کی قیمت کا تعین انڈوں کے حجم کے مطابق نہیں کیا جاتا۔

    کمیٹی نے واضح کیا کہ گزشتہ دنوں سے یہ بات گردش کر رہی ہے کہ مقامی تاجر پڑوسی ممالک میں انڈے کم قیمت پر فروخت کرتے ہیں، یہ بات حقیقت کے خلاف ہے۔

    کمیٹی کا کہنا ہے کہ تمام پڑوسی ممالک میں انڈوں کی قیمت میں معمولی فرق ضرور ہے مگر اتنا نہیں جیسا کہ کہا جا رہا ہے۔

  • 4 سالہ بچے کی ڈرائیونگ کی مہارت نے سب کو حیران کردیا

    4 سالہ بچے کی ڈرائیونگ کی مہارت نے سب کو حیران کردیا

    چین میں 4 سالہ بچے نے انڈوں کے درمیان سے کھلونا گاڑی گزار کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

    چین میں ایک بچے نے سڑک پر 2 درجن سے زائد انڈے سجا دیے اور پھر اپنی ڈرائیونگ کی مہارت دکھائی۔

    4 سالہ بچے نے اپنی کھلونا کار کو درجنوں انڈوں کے درمیان سے گزار کر سب کو حیرت میں مبتلا کردیا، اس دوران سڑک پر رکھے انڈوں میں سے کوئی ایک بھی نہیں ٹوٹا۔

    بچے کی حیرت انگیز ڈرائیونگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے دیکھ کر ہر کوئی اس کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگیا۔

  • انڈوں کو بچانے کے لیے مرغی خطرناک دشمن سے لڑ پڑی

    انڈوں کو بچانے کے لیے مرغی خطرناک دشمن سے لڑ پڑی

    ماں اور اولاد کا رشتہ دنیا کا سب سے انوکھا اور انمول رشتہ ہوتا ہے، بچے کو کوئی خطرہ ہو تو اسے بچانے کے لیے ماں اپنے سے کئی گنا طاقتور اور خطرناک آفت سے بھی لڑ جاتی ہے۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ایک مرغی اپنے بچوں کو بچانے کے لیے کوبرا سے لڑ رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مرغی گھونسلے میں انڈوں پر بیٹھی ہے اور اسی دوران وہاں سانپ نمودار ہوتا ہے۔

    سانپ کی نیت مرغی کے انڈے کھانے کی ہے لیکن مرغی اس کی یہ کوشش ناکام بنا دیتی ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by hayatvahsh2019 (@hayatevahsh_2019)

    جب بھی سانپ آگے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے مرغی نہایت خطرناک انداز میں اسے چونچ مار کے دور کردیتی ہے۔

    سانپ اپنی کوشش جاری رکھتا ہے اور بالآخر مرغی سے کئی ٹھونگیں کھانے کے بعد اپنا ارادہ بدل دیتا ہے اور وہاں سے چلا جاتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے مرغی کی ہمت کو سراہا جو اپنے انڈوں کے لیے اپنے سے بڑے اور خطرناک دشمن سے دیوانہ وار لڑ رہی ہے۔

  • کیا بھورے رنگ کا انڈا سفید انڈے سے بہتر ہے؟

    کیا بھورے رنگ کا انڈا سفید انڈے سے بہتر ہے؟

    کھانے کی مختلف اشیا میں بھورے اور سفید رنگ کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے، عموماً بھورے رنگ کی اشیا کو بہتر سمجھا جاتا ہے۔

    آپ جانتے ہوں گے کہ بھورے رنگ کی چینی سفید سے اچھی سمجھی جاتی ہے، اور بہت سارے لوگ صحت کے تناظر میں بھورے رنگ کی چینی کو ترجیح دیتے ہیں۔

    اسی طرح بھوری روٹی سفید کے مقابلے میں صحت کے لیے زیادہ بہتر ہوتی ہے، لیکن یہ صرف رنگ کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے اجزا کی وجہ سے اسے صحت کے لیے زیادہ بہتر سمجھا جاتا ہے۔

    تو کیا بھورے رنگ کا انڈا بھی سفید رنگ کے انڈے سے بہتر ہوتا ہے؟

    انڈا کھانے والے افراد کیلئے بڑا خطرہ!

    یہ تو آپ جانتے ہی ہوں گے کہ بھورے رنگ کے انڈے سفید انڈوں کے مقابلے میں مہنگے فروخت ہوتے ہیں، یہ بھی سمجھا جاتا ہے کہ بھورے انڈے زیادہ غذائیت والے ہوتے ہیں یا ان کا ذائقہ بہتر ہوتا ہے۔

    لیکن خیال رہے کہ انڈے کے خول کا رنگ مرغیوں کی نسل کے مطابق ہوتا ہے، سرخ پروں والی مرغیاں بھورے رنگ کے انڈے دیتی ہیں، اور سفید مرغیاں سفید خول والے انڈے دیتی ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دیگر نسلوں کی مرغیاں نیلے یا سبز انڈے بھی دیتی ہیں۔

    دونوں قسم کے انڈوں میں موجود غذائی عناصر کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ ان میں کوئی زیادہ فرق نہیں ہے، ایک ماہر خوراک ڈاکٹر گارگی شرما کہتے ہیں کہ براؤن انڈے ان لوگوں کے لیے بہترین ہیں جو مناسب پروٹین حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    قیمتوں میں فرق اس لیے ہوتا ہے کہ سرخ یا بھورے پروں والی مرغیاں سفید کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہوتی ہیں، اور ان کی مارکیٹ رسد بھی کم ہے، جس کی وجہ سے بھورے رنگ کے انڈے بھی مہنگے ہوتے ہیں۔

  • کیا انڈے واقعی کولیسٹرول بڑھا سکتے ہیں؟

    کیا انڈے واقعی کولیسٹرول بڑھا سکتے ہیں؟

    انڈوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے کھانے سے جسم میں کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جاتی ہے، لیکن کیا واقعی انڈے صحت کے لیے مضر ہیں؟

    ایک ماہر غذائیت منمن گنریوال کا کہنا ہے کہ انڈے کو اس کی زردی کے ساتھ کھانا چاہیئے، انڈے کی زردی، جسے کولیسٹرول سے بھرپور سمجھا جاتا ہے، وہ فاسفولپڈز کا بہترین ذریعہ ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ ایک طرح کی چربی ہوتی ہے جس سے کولیسٹرول کے میٹابولزم پر فائدہ مند اثرات مرتب ہوتے ہیں، ساتھ ہی جسم میں سوزش دور کرنے کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق انڈے کھانے سے کولیسٹرول کی مقدار پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا کیونکہ یہ غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں، ان میں پروٹین، بی وٹامنز، آئرن اور وٹامن اے بھی شامل ہوتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک دن میں بہت زیادہ یا بہت کم انڈے نہیں کھانے چاہئیں، توازن برقرار رکھنا صحت کے لیے اچھا ہے۔

  • انڈے اور مرغی کی ہول سیل خرید و فروخت کا طریقہ  کار مقرر

    انڈے اور مرغی کی ہول سیل خرید و فروخت کا طریقہ کار مقرر

    کراچی: شہر قائد میں انڈے اور مرغی کی ہول سیل خرید و فروخت کا طریقہ کار مقرر کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انڈوں اور مرغی کی مہنگائی کی روک تھام کے لیے کراچی انتظامیہ نے اقدامات شروع کر دیے، اس سلسلے میں انڈوں، مرغی اور مرغی کے گوشت کی خرید و فروخت کے لیے ایک طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔

    کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے مرغی اور انڈوں کی مہنگائی کی روک تھام اور اور ان کی قیمت ہول سیل میں شفاف طریقے سے مقرر کرنے کے لیے ہول سیل خرید و فروخت کے اوپن آکشن کا نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اس طریقہ کار کے تحت مرغی اور انڈوں کی خرید و فروخت کو مارکیٹ کمیٹی کے قواعد اور طریقہ کار سے مشرو ط کر دیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا جو 10 دسمبر سے نافذالعمل ہوگا۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق بغیر اوپن آکشن مرغی اور انڈوں کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی، ہول سیل اوپن آکشن صرف نیو سبزی منڈی میں ہو سکےگا، ڈیلر، خریدار یا کوئی اور مارکیٹ کمیٹی کے قواعد پر عمل کا پابند ہوگا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضروری اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام سے متعلق ایکٹ مجریہ 2005 کے سیکشن 3 کے تحت حاصل اختیارات کے رو سے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا جا رہا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق انڈوں، مرغی اور مرغی کے گوشت کی خرید و فروخت صرف نیو سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کے قواعد کے تحت اوپن آکشن کے ذریعے ہو سکے گی۔

    تمام ڈیلرز، خریدار اور ہر شخص اس طریقہ کار کے تحت خرید و فروخت کا پابند ہوگا، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا جا رہا ہے۔

  • بھارت: "ڈائنو سار کے انڈوں” کی وائرل تصاویر، حقیقت کیا ہے؟

    بھارت: "ڈائنو سار کے انڈوں” کی وائرل تصاویر، حقیقت کیا ہے؟

    نئی دہلی: بھارت میں سوشل میڈیا پر وائرل "ڈائنو سار کے انڈوں "کی تصاویر اور کہانیوں کی حقیقت سامنے آگئی، ماہرین نے مذکورہ شے کو ایک قدیم آبی جاندار کی رکازیات قرار دے دیا۔

    بھارتی ریاست تامل ناڈو میں دریافت ہونے والی مذکورہ شے کو ڈائنو سار کے انڈے کہا جارہا تھا اور اس کی تصاویر اور اس سے جڑی مختلف کہانیاں سوشل میڈیا پر وائرل تھیں۔

    بیضوی شکل کی یہ شے تامل ناڈو کے ایک قصبے میں زیر زمین ٹینک سے برآمد ہوئی تھی۔ بعد ازاں چند مقامی ماہرین ارضیات اور آثار قدیمہ نے مذکورہ جگہ کا دورہ کیا۔

    ماہرین نے اس بیضوی شے کو ایک قدیم آبی جاندار امونائٹ کی باقیات قرار دے دیا۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ امونائٹ کی باقیات اکثر جگہوں پر جمع ہوجاتی ہے اور اس کے بننے کی وجہ کسی مقام پر اس کا لاکھوں سال تک موجود رہنا ہے۔

    اسے اکثر ڈائنو سار کے انڈے سمجھا جاتا ہے۔ مذکورہ آبی جانور امونائٹ 41 کروڑ سال قبل ہماری زمین پر موجود ہوا کرتا تھا۔

    اسی مقام سے ماہرین نے ایک قدیم درخت کی رکازیات بھی دریافت کیں، ان رکازیات کی لمبائی 7 فٹ تھی اور ماہرین کے مطابق درخت اپنی اصل حالت میں 20 فٹ تک اونچا رہا ہوگا۔

    اس سے قبل بھی ریاست اتر کھنڈ میں ایک بندر نما جاندار کی 1 کروڑ 30 لاکھ سال قدیم رکازیات دریافت ہوئی تھیں۔

  • کچی مچھلی کھانے والے چینی شخص کا جسم کیڑوں کا گھر بن گیا

    کچی مچھلی کھانے والے چینی شخص کا جسم کیڑوں کا گھر بن گیا

    چین میں زبان کے چٹخارے کے لیے کچی مچھلی کھانے والے شخص کو اسپتال جانا پڑ گیا، کچی مچھلی سے کیڑوں نے اس کے جسم میں منتقل ہو کر لاتعداد انڈے دے دیے۔

    مشرقی چین کا رہائشی شخص ژائی سی فوڈ کھانے کا شوقین تھا اور وہ ادھ پکی مچھلی نہایت شوق سے کھایا کرتا تھا، اس کا کہنا تھا کہ مکمل طور پر پکی ہوئی مچھلی کے مقابلے میں ادھ پکی مچھلی زیادہ لذیذ ہے۔

    تاہم زبان کے اسی چٹخارے نے اسے خطرناک صورتحال میں مبتلا کردیا۔ ژائی کو فروری میں پیٹ میں شدید درد اٹھا جبکہ ڈائریا بھی شروع ہوگیا تاہم وہ ڈاکٹر کے پاس جانے سے گریز کرتا رہا۔

    جون میں وہ 3 دن تک بخار میں مبتلا رہا اور اس کی حالت بگڑ گئی جس کے بعد وہ ڈاکٹرز کے پاس پہنچا۔

    ڈاکٹرز نے ژائی کا سی ٹی اسکین کیا تو اس کے جگر میں پھوڑے کی موجودگی کا انکشاف ہوا، یہ پھوڑا ساڑھے 7 انچ طویل اور 7 انچ چوڑا تھا۔

    ابتدا میں ڈاکٹرز نے اس پھوڑے سے مواد نکال کر آہستہ آہستہ اسے ختم کرنا چاہا تاہم وہ اس میں ناکام رہے، جس کے بعد انہوں نے ژائی کا نصف جگر کاٹنے کا فیصلہ کیا۔

    آپریشن کے دوران ڈاکٹرز پر حیرت کے پہاڑ ٹوٹ پڑے جب انہوں نے دیکھا کہ وہ پھوڑا کیڑوں کے لاتعداد انڈوں سے بھرا ہوا تھا۔ ان کیڑوں کی وجہ سے نصف جگر انفیکشن زدہ ہوچکا تھا جسے ڈاکٹرز کو جسم سے نکالنا پڑا۔

    یہ کیڑے دراصل ان مچھلیوں سے ژائی کے جسم میں منتقل ہوئے جنہیں وہ پکائے بغیر کھاتا رہا۔

    یہ خطرناک طفیلی کیڑے روس اور ایشیا میں پائے جاتے ہیں اور مچھلی کھانے والے ممالیہ جانداروں بشمول انسانوں کو اپنا میزبان بناتے ہیں یعنی ان پر حملہ کرتے ہیں۔ یہ کیڑے ایک وقت میں 12 سو سے 14 سو انڈے دیتے ہیں اور ان کی عمر 20 سے 30 سال ہوتی ہے۔

    چینی میڈیا کے مطابق ڈاکٹرز ژائی کا آپریشن کرنے میں کامیاب رہے اور کچھ دن اسپتال میں رہنے کے بعد ژائی صحت مند حالت میں اپنے گھر لوٹ گیا۔

  • اوباش لڑکوں کی شرارت، مادہ ہنس دم توڑ گئی

    اوباش لڑکوں کی شرارت، مادہ ہنس دم توڑ گئی

    لندن: برطانیہ میں اوباش لڑکوں کے ہاتھوں توڑے گئے انڈوں کا صدمہ مادہ ہنس برداشت نہ کرسکی، کئی دنوں سے بیمار رہنے والی ہنس دم توڑ گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطاق برطانوی شہر ’گیرٹر مانچسٹر‘ میں شرارتی لڑکوں نے ہنس کے گھونسلے میں پتھر مار کر انڈے توڑ دیے تھے، جس کے بعد سے مادہ ہنس شدید بیمار پڑگئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق کئی دنوں سے بیمار رہنے والی ہنس بلآخر مردہ حالت میں پائی گئی۔ گیرٹر مانچسٹر میں ایک جزیرے کے مقام پر ہنس نے گھونسلا بنا رکھا تھا جس میں تقریباً 6 انڈے تھے، منچلو نے تین انڈے توڑ دیے تھے۔

    محکمہ جنگلات کے ایک رضاکار کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد نر ہنس مایوس ہوکر کسی نامعلوم راستے پر نکل پڑا جبکہ مادہ ہنس بیمار پڑے رہنے کے بعد مرگئی، جس کے باعث محفوظ رہنے والے 3 انڈے بھی ضایع ہوگئے۔

    عملے کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ انسانوں کو جانور اور پرندوں سے محبت کرنی چاہیے، لڑکوں کے ہاتھوں انڈے توڑنے کا واقعہ انتہائی درد ناک ہے جس کا سن پر بہت افسوس ہوا تھا۔

  • سردی کے موسم میں انڈے کھانا کیوں ضروری ہیں؟

    سردی کے موسم میں انڈے کھانا کیوں ضروری ہیں؟

    سردی کے موسم سے خود کو بچانے کے لیے انسان گرم تاثیر والی غذاؤں کا استعمال بڑھا دیتا ہے تاکہ وہ خود میں ٹھنڈی ہواؤں اور کم درجہ حرارت سے مقابلے کی صلاحیت پیدا کرے۔

    ویسے بھی موسم سرما میں انسان کی بھوک بڑھ جاتی ہے اور وہ ایسی خوراک جو گرمیوں میں کھائی نہیں جاتیں انہیں ٹھنڈے موسم میں روز مرہ کے طور پر استعمال کرتا ہے جیسے سوپ، خشک میوہ جات، گری، اور انڈے وغیرہ۔

    ماہرین غذا کے مطابق سردیوں میں چند بنیادی بیماریوں سے بچنے کے لیے انڈوں کا استعمال ضروری ہے۔

    ماہرین کا ماننا ہے کہ انڈا صحت مند غذا ہے جسے سردی میں اس لیے بھی کھانا چاہیے کیونکہ سرد موسم میں بہت سارے جراثیم انسان کو بیمار کرتے ہیں، انڈوں میں قدرتی طور پر ایسے اجزا موجود ہیں جو بیکٹیریا سے مقابلے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق ایک عام انڈے میں چھ گرام پروٹین موجود ہوتا ہے، اور انڈے میں‌ ایک ایسا پروٹین ہے جو جسم کے اندر اینٹی باڈیز بنانے کے کام آتا اور مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔

    انڈے میں موجود چکنائی میں یہ خاصیت ہے کہ یہ انسان کو موٹاپے سے بچاتی اور مناسب مقدار میں جسم کو گرمی فراہم کرتی ہے۔

    ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ انڈوں میں وٹامن ڈی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے، سردی کے موسم میں دھوپ کم ہونے کی وجہ سے وٹامن ڈی کی کمی ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے ہڈیوں اور جوڑوں میں درد کی شکایت بڑھ جاتی ہے، اس لیے بھی سردی میں انڈے کا استعمال ضروری بتایا جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ انڈے کو ابال کر، تل کر یا کسی بھی سالن وغیرہ کے ساتھ کھایا جاسکتا ہے، ہر طرح سے یہ ایک ہی قسم کا فائدہ دیتا ہے۔


    نوٹ: عارضہ قلب سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا مریض اپنے ڈاکٹرز سے مشورے کے بعد انڈوں کا استعمال کریں۔