Tag: انکاؤنٹر

  • سی سی ڈی پنجاب کی ایک اور کارروائی، پشاور سے تعلق رکھنے والے ملزمان گولیاں لگنے سے ہلاک

    سی سی ڈی پنجاب کی ایک اور کارروائی، پشاور سے تعلق رکھنے والے ملزمان گولیاں لگنے سے ہلاک

    جہلم (02 ستمبر 2025): صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں سی سی ڈی نے ایک اور کارروائی میں پشاور سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی سی ڈی پولیس نے کہا ہے کہ جہلم میں گولپور کے قریب مشکوک کار سواروں نے سی سی ڈی ٹیم پر حملہ کیا، ٹیم نے رکنے کا اشارہ کیا تھا جس پر کار سواروں نے فائرنگ کر دی۔

    پولیس کے مطابق گولپور پل پر فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا، فائرنگ سے کانسٹیبل کو گولی لگی جو بلٹ پروف جیکٹ کے باعث محفوظ رہا، جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان کاریں چھوڑ کر جنگل کی جانب فرار ہو گئے۔

    سوشل میڈیا پر سی سی ڈی سے بدلہ لینے کی دھمکیاں دینے والے ملزمان مقابلے میں ہلاک

    سی سی ڈی ٹیم نے تعاقب کر کے 2 ملزمان کو زخمی حالت میں پکڑ لیا، تاہم زخمی سعید احمد اور رحیم خان اسپتال میں دم توڑ گئے، دونوں کا تعلق پشاور سے تھا، اور دونوں سابقہ ریکارڈ یافتہ نکلے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق دیگر ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے جن کا تعاقب جاری ہے، ملزمان کے ذریعے استعمال کاریں چوری شدہ نکلیں، ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان دہشت گردی، قتل اور ڈکیتی سمیت سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔

  • بیوی بچوں کو قتل کرنے والے ملزم کا لاہور پولیس نے انکاؤنٹر کر دیا

    بیوی بچوں کو قتل کرنے والے ملزم کا لاہور پولیس نے انکاؤنٹر کر دیا

    لاہور (30 اگست 2025): اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے والے ملزم کا لاہور پولیس نے انکاؤنٹر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ہئیر میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم کی ہلاکت ہوئی ہے جس کی شناخت عمران عرف مانی کے نام سے ہوئی ہے، اور پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    ایس پی کینٹ نے بتایا کہ ملزم نے چند روز قبل اپنے بیوی بچوں سمیت 4 افراد کو قتل کیا تھا، اور پھر 15 پر کال کر کے اپنے بیوی بچوں کو مارنے کی اطلاع دی تھی۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اب پولیس والوں کو مارنے جا رہا ہے، جب ہیئر پولیس ملزم کو تلاش کرتے ہوئے راجا بھولا کے مقام پر پہنچی تو مبینہ طور پر ملزم نے ساتھیوں سمیت پولیس پر فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔

    سوشل میڈیا پر سی سی ڈی سے بدلہ لینے کی دھمکیاں دینے والے ملزمان مقابلے میں ہلاک

    ایس پی کینٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ملزمان عمران کا تعاقب کیا اور اس دوران وہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا، جب کہ اس کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی تشکیل کے بعد لاہور سمیت مختلف شہروں میں پولیس مقابلوں میں قتل، ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے ملزمان کی ہلاکت کے واقعات معمول بن گئے ہیں، پولیس کے بیان کے مطابق اکثر ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے جاتے ہیں۔

  • سوشل میڈیا پر سی سی ڈی سے بدلہ لینے کی دھمکیاں دینے والے ملزمان مقابلے میں ہلاک

    سوشل میڈیا پر سی سی ڈی سے بدلہ لینے کی دھمکیاں دینے والے ملزمان مقابلے میں ہلاک

    لاہور (28 اگست 2025): چوہنگ کے علاقے میں سوشل میڈیا پر سی سی ڈی سے بدلہ لینے کی دھمکیاں دینے والے ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں شاہ گینگ کے 2 اہم کارندے سی سی ڈی چوہنگ سے مقابلے میں ہلاک ہو گئے، ملزمان نے مانووال چوہنگ کے علاقے میں پناہ لے رکھی تھی۔

    سی سی ڈی چوہنگ نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا، اس دوران ملزمان نے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان مارے گئے۔

    سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت حسنین اور عمر کے نام سے ہوئی ہے، ان کے ساتھی فیصل آباد میں پہلے ہی مقابلے میں مارے جا چکے ہیں، بتایا گیا کہ ملزمان سی سی ڈی سے بدلہ لینے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، اور انھوں نے سوشل میڈیا پر سی سی ڈی افسران کو دھمکیاں بھی دی تھیں۔

    30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کو قتل کرنے والے 2 ملزمان سی سی ڈی حراست میں ہلاک

    سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ شاہ گینگ فیصل آباد و گرد و نواح میں خوف کی علامت بن چکی تھی، اور ہلاک ملزمان قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔ شاہ گینگ کے 4 ساتھی اب بھی فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ادھر سی سی ڈی چوہنگ نے ایک اور مبینہ مقابلے میں پولیس کی حراست میں 2 ملزمان کو ہلاک کر دیا ہے، دونوں ملزمان کو رائیونڈ میں 2 بھائیوں کے قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، جنھوں نے 30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کو تشدد کر کے قتل کیا تھا، سی سی ڈی چوہنگ دونوں گرفتار ملزمان کو نشان دہی کے لیے رائیونڈ لے کر آئی تھی۔

    سی سی ڈی کے مطابق ملزمان کے ساتھیوں نے چھڑانے کے لیے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے، تاہم ان کی فائرنگ سے گرفتار ملزمان اویس اور شہزاد ہلاک ہو گئے۔

  • بھارتی فوجی افسران ترقی اور تمغوں کے لیے جعلی آپریشن اور انکاؤنٹر کرنے لگے

    بھارتی فوجی افسران ترقی اور تمغوں کے لیے جعلی آپریشن اور انکاؤنٹر کرنے لگے

    بھارتی فوجی افسران ترقی، تمغوں، اور اچھی رپورٹ کے لیے جعلی آپریشن اور انکاؤنٹر کرنے لگے ہیں۔

    بھارتی فوج اپنے ہی عوام کو چونا لگانے میں پیش پیش ہیں، جعلی مقابلے اور ماورائے عدالت قتل ہندوستان فوج کی پہچان بن گئے، بھارتی فوج مودی سرکار کی خوشامد کے چکر میں اپنے ہی ہتھیار برآمد کر کے ملبہ آزادی پسندوں پر ڈالنے لگی۔

    بھارتی فوجی افسروں نے اپنا کیرئیر بنانے کے چکر میں خطے کا امن داوٴ پر لگا دیا ہے، ترقی، میڈلز اور اچھی رپورٹ کے لیے جعلی آپریشن اور انکاوٴنٹر معمول بن گیا ہے، منصوبے کے مطابق مجبور کشمیریوں کو پیسے کا لالچ دے کر اسمگلنگ پر آمادہ کیا جاتا ہے، اور موقع ملنے پر بے خبر اسمگلر کو جعلی آپریشن میں مار دیا جاتا ہے، بعد ازاں اسے آپریشن کا رنگ دے کر ذاتی تشہیر کی جاتی ہے اور الزام پاکستان کے سر تھوپ دیا جاتا ہے۔

    پاکستانی خفیہ ایجنسیوں نے 4 فروری کو سی آئی ڈی کشمیر کی جانب سے جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ کو لکھا جانے والا مراسلہ بے نقاب کیا تھا، اس مراسلے میں 3 راجپوت کے حاجی پیر سیکٹر، 12 جاٹ کے اْڑی سیکٹر اور لیفٹیننٹ کرنل اکشنت کے ضلع کپواڑہ میں جعلی آپریشن کا ذکر ہے۔

    بھارت 1989 سے اب تک 7 ہزار سے زائد کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل کر چکا ہے، 31 مارچ 1993 کو بھارتی فورسز نے ڈاکٹر عبدالاحد گورو کو شہید کر دیا تھا، 8 جولائی 2020 کو بھارتی فوج نے 3 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل پر بریگیڈئر کٹوچ کو معطل کیا لیکن جنوری 2021 میں یودھ سیوا میڈل سے بھی نواز دیا۔

    جنوری 2022 کو پلوامہ میں 3 اور جنوری 2023 میں بٹگام میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا، 3 فروری 2022 کو بھارتی فوج نے شبیر احمد کو بانڈی پورہ سے اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جب کہ CID کشمیر کے مطابق شبیر احمد 19 جنوری سے زیر حراست تھا۔

    28 نومبر 2022 کو بھارتی فوج کو پنج ترن کے علاقے میں اسلحہ چھپاتے ہوئے مکان مالک نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، عالمی میڈیا کئی بار ان جعلی مقابلوں اور ماورائے عدالت قتل پر آواز اٹھا چکا ہے، 1993 کی ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں سو پور کے قتل عام میں بھی بھارتی فوج کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا تھا۔

    2010 کی امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل میں براہ راست ملوث ہے، 2010 اور 2015 میں بی بی سی نے کشمیر میں ہونے والے جعلی مقابلوں پر سوال اٹھایا تھا۔