Tag: انکشاف

  • فاطمہ قتل کیس میں گرفتار 3 ملزمان کو چھوڑنے کی تیاری کا انکشاف

    فاطمہ قتل کیس میں گرفتار 3 ملزمان کو چھوڑنے کی تیاری کا انکشاف

    خیرپور: بڑے افسر کے ایجنٹ کے ذریعے فاطمہ قتل کیس میں گرفتار 3 ملزمان کو چھوڑنے کی تیاری ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیرپور کے علاقے رانی پور میں بااثر پیر کی حویلی میں تشدد سے ہلاک 10 سالہ فاطمہ کے کیس میں گرفتار 3 ملزمان کو رہا کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق  غفلت برتنے  پر گرفتار ڈاکٹر، کمپاؤنڈر، ایم ایس کو ایک بڑے افسر کے ایجنٹ کے ذریعے چھوڑنے کی ڈیل ہو گئی، یہ ڈیل 50 لاکھ روپے میں ہوئی جس میں تمام افراد کو رہا کیا جائے گا۔

    ذرائع پولیس کا کہنا ہے کہ بڑے افسر کے کہنے پر تمام افراد کو بے گناہ ثابت کیا جائےگا،فاطمہ کیس کے مرکزی ملزم اسد شاہ سے تا حال تفتیش نہیں ہوسکی۔

    یاد رہے کہ کمسن فاطمہ کی موت رانی پور میں بااثر پیر کی حویلی میں ہوئی تھی جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی، قتل کیس میں گرفتار اسد شاہ کی اہلیہ حنا شاہ ضمانت قبل از گرفتاری کی مدت ختم ہونے کے باوجود تاحال گرفتار نہیں ہو سکی ہیں۔

  • بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی کے ویڈیوز اور مالی کرپشن تحقیقات میں نیا انکشاف

    بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی کے ویڈیوز اور مالی کرپشن تحقیقات میں نیا انکشاف

    بہاولپور: اسلامیہ یونیورسٹی کے ویڈیوز اور منشیات و مالی کرپشن تحقیقات میں نیا انکشاف سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کیس کی تحقیقات میں یونیورسٹی کے ایفی لیشن کمیٹی کے 5 پروفیسروں پر بھی ہراسگی کا الزام لگ گیا۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ 5  پروفیسروں پر الزامات نجی نرسنگ کالج کی سربراہ کی جانب سے عائد کیے گئے، سی ای او نے گورنر پنجاب چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیٹی کو تحریری درخواست دیدی۔

    درخواست کے نقول چیئرمین ہائرایجوکیشن، ایچ ای سی کمیٹی کنوینئر، صوبائی محتسب فارہراسمنٹ کو ارسال کردی گئیں۔

    واضح رہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ایک شرمناک ڈرگ اسکینڈل سامنے آیا ہے، یونیورسٹی کے گرفتار چیف سیکیورٹی افسر اعجاز شاہ کے موبائل سے ساڑھے پانچ ہزار نازیبا ویڈیوز بھی برآمد ہوئیں۔

    ڈی پی او عباس شاہ نے جامعہ اسلامیہ کے الزامات کو چیلنج کر دیا ہے، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ جامعہ اسلامیہ میں منشیات کے ریکارڈ یافتہ 113 طلبہ کا انکشاف ہوا ہے، انھیں کسی اداے سے تعصب نہیں جیسی چاہیں تحقیقات کروا لیں۔

    اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو بھیجی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سید اعجاز شاہ کے قبضے سے سیکڑوں طالبات کی ویڈیوز اور آٹھ گرام آئس ملی تھی۔

  • نارتھ ناظم آباد میں جعلی لیز جاری کیے جانے کا انکشاف

    نارتھ ناظم آباد میں جعلی لیز جاری کیے جانے کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں جعلی لیز جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک بی کھنڈو گوٹھ کا شہری شکایت لے کر سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا، شہری نے عدالت کو بتایا کہ کے ایم سی نے بلڈر کو جعلی لیز جاری کیں ہیں۔

    درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ کے ایم سی نے بلڈر کو جعلی لیز جاری کیں ہیں جس کے بعد تعمیرات بھی شروع ہوگئی ہے، غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے دو سڑکوں پر آمد و رفت معطل ہوگئی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں سیوریج کی سہولیات بھی متاثر ہوئی ہیں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ زمین کے ڈی اے کی تھی لیکن کے ایم سی نے جعلی لیز جاری کی۔ درخواست گزار کے مطابق اس سلسلے میں کے ڈی اے کا کے ایم سی کو لکھا گیا خط ریکارڈ میں پیش کیا ہے۔

    سندھ ہائیکورٹ اس انکشاف پر کے ایم سی و دیگر کو اگست کے تیسرے ہفتے کیلیے نوٹس جاری کر دیئے۔

  • زندہ بچے کی ماں کو مردہ اور مردہ بچے کی ماں کو زندہ بچہ حوالے کرنے کا انکشاف

    زندہ بچے کی ماں کو مردہ اور مردہ بچے کی ماں کو زندہ بچہ حوالے کرنے کا انکشاف

    لاہور: لاہورگنگارام اسپتال میں ایک ہی نام کی 2 خواتین کے بچے تبدیل ہو گئے، زندہ بچے کی ماں کو مردہ اور مردہ کی ماں کو زندہ بچہ حوالہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گنگارام اسپتال عملے کی غفلت سامنے آئی ہے، والدہ کا نام ایک جیسا ہونے کے  باعث نومولود بچے تبدیل ہوگئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ دونوں خواتین کے ہم نام ہونے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا، سلامت پورہ کی رہائشی مقدس وقاص کے ہاں مردہ بچہ پیدا ہوا جبکہ چائنہ اسکیم کی مقدس اعجاز کے ہاں زندہ بچے کی پیدائش ہوئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ مقدس وقاص کے رشتہ داروں نے مردہ بچے کی تدفین بھی کردی، دونوں بچے بدل جانے کا انکشاف ایک ڈاکٹر نے ہی لواحقین سے کیا۔

    گنگارام اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عامر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بچے بدل جانے کا واقعہ میرے علم میں اب آیا ہے، زندہ بچے کا ڈی این اے کرائیں گے۔

    دوسری جانب گنگا رام اسپتال کی انتظامیہ نے واقعے پر 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر نوید اختر اس کے سربراہ ہوں گے، کمیٹی 24 گھنٹے میں تحقیقات مکمل کرنے کی پابند ہوگی۔

  • سندھ بورڈ آف ریوينيو میں جعلی دستخط کے ذریعے بھرتیوں کا انکشاف

    سندھ بورڈ آف ریوينيو میں جعلی دستخط کے ذریعے بھرتیوں کا انکشاف

    کراچی: سندھ بورڈ آف ریوينيو میں جعلی دستخط کے ذریعے بھرتیوں کے انکشاف ہونے پر اسسٹنٹ سیکریٹری نے تمام متعلقہ محکموں کو خط لکھ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ بورڈ آف ریوينيو میں جعلی دستخط کے ذریعے بھرتیوں کے انکشاف ہونے پر اسسٹنٹ سیکریٹری بورڈ آف ریوینیو نے چیئرمین اینٹی کرپشن سمیت دیگر محکموں کو خط ارسال کردیا۔

    خط میں انکشاف کیا گیا کہ منسٹريل سطح پر روينيو فيلڈ کے جعلی آرڈر نکالے گئے ہیں اور افسران کے جعلی دستخط سے جعلسازی کی گئی ہے، واٹس ايپ گروپس و افسران کو بھیجے گئے تصديقی خطوط سے یہ انکشاف سامنے آیا ہے۔

    خط میں اسسٹنٹ سیکریٹری نے لکھا کہ بورڈ آف ریوينيو نے کسی کو تقرری کا یا آفرلیٹر جاری نہیں کیا، ایسے کسی بھی ملازمت نامے کو قبول نہ کیا جائے اور فوری نشاندہی کرکے فراڈ کنندگان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

    خط کے متن  کے مطابق ایسے آرڈر کی کاپی تصدیق کے لیے بورڈ کو بھیجی جا سکتی ہے اور دستاویز جعلی ہونے پر قواعد کے تحت سخت فوجداری کارروائی کی جا سکتی ہے۔

  • 9 مئی کے ایک اور شرپسند کے بھائی کا حیرت انگیز انکشاف

    9 مئی کے ایک اور شرپسند کے بھائی کا حیرت انگیز انکشاف

    لاہور: 9 مئی کے واقعات میں ملوث ایک اور شرپسند کے بھائی نے حیرت انگیز انکشاف کیا ہے۔

    شرپسند عدنان کے بھائی لقمان حکیم نے 9 مئی کے شدت پسند واقعات میں ملوث ہونے پر ندامت کا اظہار کیا ہے۔

    شرپسند عدنان احمد کے بھائی نے کہا کہ کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر عدنان نے توڑ پھوڑ کی، کوئی بندہ بھی نہیں آیا ہمیں پوچھنے کے  لیے سیاسی لوگ اپنے مقصد کے لیے ہم سب کو استعمال کرتے ہیں۔

    شرپسند عدنان احمدکے بھائی کا کہنا تھا کہ یہ جو بھی اداروں کے خلاف بات کر رہے ہیں وہ غلط ہے، یہ ہمیں اداروں کیخلاف بہکاتے ہیں کہ یہ ادارے ہمارے خیرخواہ نہیں ہیں۔

    شرپسند عدنان کے بھائی نے مزید کہا کہ یہ جو ہم اپنے ملک میں آزادی سے پھر رہے ہیں، یہ اداروں کی وجہ سے ہی ہے، یہ سب پڑھے لکھے جاہل ہیں، ایسے بندے کے پیچھے جارہے ہیں جو کبھی ایک بات نہیں کرتا۔

    شرپسند عدنان کے بھائی کا کہنا تھا کہ میں نوجوانوں کو ایک ہی پیغام دونگا کہ اپنے ذہن کی سنیں کسی شرپسند کی نہیں۔

  • سندھ گورنمنٹ اسپتال نیوکراچی میں مبینہ بدعنوانیوں کا انکشاف

    سندھ گورنمنٹ اسپتال نیوکراچی میں مبینہ بدعنوانیوں کا انکشاف

    کراچی: سندھ گورنمنٹ اسپتال نیوکراچی میں کورونافنڈز میں مبینہ بدعنوانیوں کا انکشاف ہو اہے۔

    تفصیلات کے مطابق مالی سال 2022 سے2023 کے درمیان کورونا فنڈز کی آڈٹ رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں نیو کراچی کے سرکاری اسپتال میں کورونا فنڈز  میں بدعنوانیوں کے انکشافات ہوئے ہیں۔

    کورونا کی روک تھام کیلئے کی جانے والی تقرریوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا، ایک سال میں محکمہ صحت سندھ 89 گھوسٹ ملازمین نے 35 لاکھ 62 ہزار 800 روپے کا چونا لگایا گیا ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ نے ایکشن لیتے ہوئے ڈی ایچ او سینٹرل سے تنخواہوں کے معاملے پر انکوائری کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ نے ڈی ایچ او سینٹرل کو 7 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ عملے کا ماہانہ حاضری سرٹیفکیٹ بھی طلب کیا جائے۔

  • کورونا وبا کے دوران مالیاتی اداروں سے ملنی والی امداد کاروباری افراد میں بانٹنے کا انکشاف

    کورونا وبا کے دوران مالیاتی اداروں سے ملنی والی امداد کاروباری افراد میں بانٹنے کا انکشاف

    اسلام آباد: کورونا وبا کے دوران مالیاتی اداروں سے ملنی والی امداد کو کاروباری افراد میں بانٹنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے انکشاف کیا کہ گزشتہ حکومت نے 620 افراد کو 3 ارب ڈالر 10 سال کیلئے بغیر انٹرسٹ دیئے ہیں، امدادی رقم سے 3 ارب ڈالر ٹی ای آر ایف اسکیم کے تحت صنعتکاروں میں نابٹے گئے۔

    پبلک اکاؤنٹ کمیٹی نے ٹی ای آر ایف اسکیم کے تحت 3 ارب ڈالر کی رقم کا پرفارمنس آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے آڈیٹر جنرل, ایف آئی اے اور نیب کو تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

    پبلک اکاؤنٹ کمیٹی اجلاس میں بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک نے 620 افراد کی لسٹ فراہم نہیں کی جس کے لیے سیکرٹری خزانہ کو کل طلب کر لیا گیا

    کمیٹی اجلاس کے دوران سینیٹر محسن عزیز اور رکن اسمبلی برجیس طاہر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

  • شین وارن کی موت کا سبب کیا تھا؟ حیران کن انکشاف

    شین وارن کی موت کا سبب کیا تھا؟ حیران کن انکشاف

    سڈنی: ایک انتہائی حیران کن رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن کی موت ایک بار پھر سرخیوں میں آگئی ہے۔

    اپنی گھومتی ہوئی گیندوں کی بدولت جادوگر اسپنر کا خطاب پانے والے شین وارن کی اچانک موت نے دنیائے کرکٹ کو صدمے سے دوچار کردیا تھا، شین وارن تھائی لینڈ میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے تھے۔

    ان کی موت کے بعد آسٹویلوی حکام تھائی لینڈ پہنچ کر اس کی تحقیقات کی تھی، جہاں تقتیش کاروں کو شین وارن کے کمرے کے فرش اور نہانے کی تولیہ سے مبینہ طور پر خون کے دھبے ملے تھے۔

    تاہم اب ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا ہے کہ شین وارن کی موت کرونا ویکسین ہوسکتی ہے، رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آنجہانی سابق آسٹریلوی اسپنر شین وارن نے جو کرونا کی ویکسین لگوائی تھی وہ دل سے متعلق امراض بڑھاتی ہے۔

    شین وارن کی موت، تحقیقات میں سنسنی خیز انکشاف

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ شین وارن کو تھائی لینڈ میں دل کا دورہ پڑا تھا، انہوں نے اپنی موت سے تقریباً 9 ماہ قبل کرونا کی ’ ایم آر این‘ ویکسین لگوائی تھی، رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ یہ ویکسین دل سے متعلق امراض میں اضافہ کرتا ہے۔

    آسٹریلوی ڈاکٹر برطانوی ماہر امراض قلب نے کہا ہے کہ شین وارن کی موت کی وجہ کورونا ویکسین ہو سکتی ہے۔

    ماہر امراض قلب ڈاکٹر اسیم ملہوترا اور ڈاکٹر کرس نیل نے کہا کہ کووڈ ایم آر این اے ویکسین کورونری بیماری کے تیزی سے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے خاص طور پر ان لوگوں میں جن کو پہلے ہی دل کی کوئی بیماری ہے۔

    ڈاکٹر ملہوترا نے یہ بھی کہا کہ سابق آسٹریلوی کھلاڑی شین وارن کو 52 سال کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑا تھا، جس کی وجہ سے ان کی موت ہو گئی تھی تاہم سب جانتے ہیں کہ ان کا طرز زندگی زیادہ صحت مند نہیں تھا وہ سگریٹ نوشی کرتے تھے اور ان کا وزن بھی زیادہ تھا۔

  • جب جونیئر آرٹسٹ تھا تو ۔۔۔ نواز الدین صدیقی کا اہم انکشاف

    جب جونیئر آرٹسٹ تھا تو ۔۔۔ نواز الدین صدیقی کا اہم انکشاف

    ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی نے اپنے جونیئر آرٹسٹ کے دنوں کے بارے میں اہم انکشاف کیے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز الدین صدیقی ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ ٹِکو ویڈز شیرو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، گزشتہ دنوں وہ ساتھی اداکارہ اوونیت کور اور فلم پروڈیوسر کنگنا رناوت کے ہمراہ فلم کے ٹریلر لانچ میں دکھائی دیئے۔

    ٹریلر لانچ کی تقریب میں نوازالدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی جب میں میک اپ کروا رہا تھا تو مجھے وہ وقت یاد آگیا جب میں جونیئر آرٹسٹ ہوا کرتا تھا۔

    نواز الدین صدیقی کی فلم ’ٹیکو ویڈز شیرو‘ کا ٹریلر ریلیز

    اداکار نے کہا کہ اس وقت ایک میک اپ مین نے مجھ سمیت دیگر تمام جونیئر آرٹسٹوں کو ایک قطار میں کھڑا کرکے سب کے چہرے پر ٹیلکم پاؤڈر لگا دیا اور کہا کہ میک اپ ہوگیا ہے۔

    یاد رہے کہ بالی وڈ کے معرود اداکار نوازالدین صدیقی کی یہ فلم ’ٹِکو ویڈز شیرو‘ 23 جون کو آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایمزون پرائم پر ریلیز ہوگی۔

    اس فلم میں نواز الدین شیرو کا کردار نبھا رہے ہیں، جو کہ ایک جونیئر آرٹسٹ ہے، اپنی فلم کے حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ یہ کردار میرے دل کے قریب ہے کیونکہ میں خود ایک وقت میں جونیئر آرٹسٹ ہوا کرتا تھا جس کے بڑے بڑے خواب تھے۔