Tag: انکشاف

  • گھر میں کام کرنیوالی نے بیٹے کو اغوا کرلیا تھا: قیصر نظامانی کا انکشاف

    گھر میں کام کرنیوالی نے بیٹے کو اغوا کرلیا تھا: قیصر نظامانی کا انکشاف

    کراچی: پاکستان کے مایہ ناز اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر قیصر نظامانی نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ گھر میں کام کرنے والی ہیلپر ان کے چھوٹے بیٹے کو اغوا کرکے لے گئی تھی۔

    قیصر نظامانی اداکارہ ثانیہ سعید کے ہمراہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں مہمان بنے جس میں انہوں نے پاکستان شوبز انڈسٹری سمیت اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

    شو کے دروان ایک کالر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے قیصر نظامانی نے بتایا کہ گھر کے کام کاج کے لیے ہمارے پاس کوئی بھی خاتون نہیں ہیں اور ہم اپنے گھر کا سارا کام مل کر خود کرتے ہیں۔

    پاکستان کے سینئر اداکار نے کہا کہ ہم اپنے گھر کی صفائی بھی خود کرتے ہیں، کھانا بھی خود پکاتے ہیں، کپڑے بھی خود ہی دھوتے ہیں لیکن برتن دھونے کے لیے کبھی کبھی ایک ہفتے میں مدد لے لیتے ہیں۔

    قیصر نظامانی نے ہیلپر  نہ رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب ہم کمرشل ایریا میں اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے تو  ایک ہیلپر آتی تھی وہ میرے چھوٹے بیٹے  زورین کو اغوا کرکے لے گئی تھی، اس وقت اس کی عمر 8 ماہ یا ایک سال تھی۔

    ‘میرا بیٹا کافی خوبصورت تھا، اس کی آنکھیں اپنی ماں جیسی بالکل نیلی تھیں تو پھر پڑوسیوں نے ہمیں بتایا کہ آپ کا بچہ نیچے سیڑھیوں کے پاس ہے، آپ اسے وہاں چھوڑ کر آئے ہیں تو ہم نے نہ آؤ دیکھا نہ تاؤ، ہم بھاگتے ہوئے نیچے گئے، ہم نے دیکھا تو بیٹا نیچے پڑا ہوا تھا، بعد میں باہر مکینک وغیرہ تھے انہوں نے جب دیکھا یہ بیٹا قیصر بھائی کا ہے اور عورت لے جارہی ہے تو انہوں نے اس سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد وہ زورین کو وہیں چھوڑ کر چلی گئی’

    انہوں نے کہا کہ وہ دن ہے اور آج کا دن ہے، ہم نے گھر میں کام والی رکھنے کا رسک نہیں لیا، میں نے فضیلہ کو کہا تھا کہ اگر یہ چلا جاتا تو تم ہر سگنل پر اسے تلاش کرتیں۔

    پیسے کمانے کے لیے اداکاری کرنی پڑتی ہے، ثانیہ سعید

     اداکار نے والدین کو پیغام دیا کہ یہ والدین کے لیے لازمی ہے کہ مہربانی کرکے اپنے گھروں میں خود کام کریں یا انہیں اپنے گھروں میں رکھیں جن کے باپ دادا کو آپ جانتے ہوں، یہ نہیں کہ کسی اور علاقے سے کوئی شخص آیا ہے اور آپ ان کی زبان پر بھروسہ کرلیں، اچھے لوگ بھی ہوتے ہیں لیکن احتیاط کرنی چاہیے۔

  • منوج باچپائی کا سوشانت سنگھ اور بالی وڈ سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف

    منوج باچپائی کا سوشانت سنگھ اور بالی وڈ سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف

    بھارتی اداکار منوج باچپائی نے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ اور بالی وڈ سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹر ویو میں اداکار منوج باچپائی نے سوشانت سنگھ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سوشانت سنگھ فلم انڈسٹری کی سیاست کو برداشت نہیں کرسکا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سوشانت کی موت نے مجھے ذاتی طور پر متاثر کیا تھا، ہم 2019 میں ایک فلم کے کام کررہے تھے اسی دروان ہمارے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم ہوا تھا۔

    منوچ باچپائی کا کہنا تھا کہ کام کے دوران مجھے سوشانت نے بالی وڈ انڈسٹری میں آنے والی چیلنجز  کے بارے میں کھل کر بات کی تھی، لیکن مجھے یہ نہیں پتا تھا کہ وہ اس طرح انتہائی اہم قدم اٹھائے گا۔

    سشانت سنگھ راجپوت واپس آگیا! سب حیران

    اداکار نے بتایا کہ سوشانت نے مجھے بتایا تھا کہ بالی وڈ اندسٹری میں ہونے والی سیاست اور جانبداری انہیں کس طرح متاثر کررہی ہے، منوج باچپائی کا کہنا تھا کہ جب آپ کامیابی کی سیڑھی چڑھتے ہیں تو سیاست مزید گندا ہوجاتا ہے۔

    منوچ باچپائی نے کہا کہ یہ ساری چیزیں سوشانت کو بہت زیادہ متاثر کررہی تھیں اس وجہ سے وہ بہت زیادہ فکر مند تھا اس لیے مجھ سے ان چیزوں کے بارے میں بات کی۔

    منوج باچپائی نے بتایا کہ سوشانت سنگھ اسٹار بننا چاہتے تھے، لیکن وہ یہ نہیں جان سکے کہ سسٹم کیسے کام کرتا ہے، اگر وہ صرف سوشانت سنگھ رہ کر کام کرتے تو انہیں کسی قسم کے سیاست کا سامنا نہیں کرنا پڑتا لیکن وہ اسٹار بننا چاہتے تھے۔

    اداکار کا مزید کہنا تھا کہ بالی وڈ انڈسٹری میں اسٹار بننے کے لیے بہت سی چیزوں کا سخت مقابلہ کرنا پڑتا ہے، جو بھی اسٹار بننے کے لیے میدان میں آتا ہے وہ اسٹار بننے کی پوزیشن حاصل کرنے کی پوری کوشش کرتا ہے۔

    انہوں نے آنجہانی سوشانت سنگھ کے بارے میں مزید کہا کہ وہ ایک پاکیزہ روح تھا اور اندر سے بچہ تھا وہ اس انڈسٹری کی ہیرا پھیری کو سمجھ نہیں سکا، اسے سمجھنے کی اس کو ضرورت تھی۔

  • پہلی اولاد میں کیا خاص بات ہوتی ہے، ماہرین کا اہم انکشاف

    پہلی اولاد میں کیا خاص بات ہوتی ہے، ماہرین کا اہم انکشاف

    خاندان میں پیدا ہونے والے پہلے بچے کو ہر ایک سے خوب لاڈ ملتا ہے جبکہ انہیں خاندان میں اک بہت ہی خاص مقام بھی حاصل ہوتا ہے۔

    تاہم اب تحقیقاتی ادارے کی ایک تحقیق کے ذریعے یہ انکشاف ہوا ہے کہ خاندان میں پہلے بچے کا آئی کیو لیول ( ذہانت کا معیار) دیگر بچوں سے ڈیڑھ گنا زیادہ ہوتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس تحقیقات میں 20 ہزار لوگوں نے اپنا حصہ ڈالا جس سے معلوم ہوا ہے پہلے بچے کا آئی کیو دوسرے بچے سے 1.5 گنا زیادہ ہوتا ہے جبکہ دوسرے بچے کا آئی کیو لیول پیدا ہونے والے تیسرے بچے سے زیادہ ہوتا ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہر خاندان کے حوالے سے کہنا مشکل ہے لیکن تحقیق نے اوسطاً نتیجہ اخذ کیا ہے۔

    تحقیق اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ پہلے بچے کا آئی کیو لیول زیادہ ہونے کی وجہ ماں باپ کی زیادہ توجہ ہوتی ہے کیونکہ والدین اپنے پہلے بچے کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت پر زیادہ زور دیتے ہیں۔

  • ملیر گودام میں گندم کی 2 لاکھ بوریاں خراب ہونے کا انکشاف

    ملیر گودام میں گندم کی 2 لاکھ بوریاں خراب ہونے کا انکشاف

    کراچی: شہریوں کو کھانے کیلئے آٹا نہیں اور سرکاری گوداموں میں ہزاروں گندم  کی بوریاں خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ملک کے مختلف شہروں میں حالات کچھ ایسے ہیں کہ مفت سرکاری آٹا لینے کے لیے اب تک کئی شہریوں کی جان چلی گئی اور کئی افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں لیکن حکام کی نااہلی کی وجہ سے ملیر منزل پمپ گودام میں گندم کی 2 لاکھ بوریاں خراب ہوگئی جس کی فوٹیج اے ار وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گنزم کی بوریاں اس قدر خراب ہوگئی ہیں کہ وہ اب جانوروں کے کھانے کے لائق بھی نہیں رہی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نے اس حوالے سے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے گندم خراب ہوئی۔

    ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ اس سے قبل  3 لاکھ بوریاں زبردستی فلارز ملز کو دی گئی تھیں۔

  • خالد رضا کے قتل میں دشمن کے خفیہ ادارے کے ملوث ہونے کا انکشاف

    خالد رضا کے قتل میں دشمن کے خفیہ ادارے کے ملوث ہونے کا انکشاف

    کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ماہرِ تعلیم خالد رضا کے قتل میں ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں دشمن کے خفیہ ادارے کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ماہرِ تعلیم خالد رضا کے قتل کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ تیار کر لی گئی۔

    ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خالد رضا کے قتل میں ممکنہ طور پر دشمن ملک نے مقامی سہولت کاروں کی مدد سے واردات کی، ملزمان تربیت یافتہ تھے، ایک ہی گولی سر پر مار کر ٹارگٹ کیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واردت کے لیے نیا اسلحہ استعما ل کیا گیا ہے، واردت سے ملنے والا تیس بور کا خول پہلے کسی واردت میں استعمال نہیں ہوا، ملزمان جس راستے سے آئے تھے روٹ فوٹیج حاصل کرنےکی کوشش کرہے ہیں۔

    کراچی میں فائرنگ سے پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے عہدیدار جاں بحق

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اس واردت میں دشمن ملک کا ہاتھ ہوسکتا ہے، اسلام آباد میں امتیاز عالم کا قتل، محمود آباد میں ظہور نامی شہری کا قتل بھی اس سلسلے کی کڑی ہوسکتی ہے۔

    تفتیشی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ قتل کی تینوں وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ گلستانِ جوہر کراچی میں بلاک 7 انوار القرآن کے قریب گزشتہ روز نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے معلم اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین جاں بحق ہو گئے۔

  • افغانستان میں ڈیوٹی کے دوران 25 افراد کو ہلاک کیا، شہزادہ ہیری کا انکشاف

    افغانستان میں ڈیوٹی کے دوران 25 افراد کو ہلاک کیا، شہزادہ ہیری کا انکشاف

    برطانوی شہزادے ہیری نے 10جنوری کو شائع ہونے والی سوانح عمری میں افغانستان میں دوران ڈیوٹی کی گئی ہلاکتوں کا انکشاف کیا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادی ہیری نے انکشاف کیا کہ انہوں نے افغانستان میں ڈیوٹی کے دوران 6 فضائی مشن کیے، اسی ڈیوٹی کے دوران 25 افراد کو ہلاک کیا۔

    ہیری نے اپنی کتاب میں اس ہلاکت کے بارے میں لکھا کہ ڈیوٹی کے دوران کی گئی ہلاکتوں پر فخر ہے نہ ہی شرمندہ ، جنگی حالت میں مارے جانے والوں کو شطرنج کے مہرے سمجھ کر بساط سے ہٹایا۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب میں شہزادہ ولیم پر تشدد کے الزامات بھی لگائے ہیں، شہزادہ ہیری نے الزام لگایا ہے کہ شہزادہ ولیم نے 2019 میں گھر میں مجھے مکا مارا اور گھسیٹا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری کی سوانح عمری ’اسپیئر‘ 10 جنوری کو شائع ہوگی۔

  • زمین سے قریب بلیک ہول سسٹم، بلیک ہول ہے بھی یا نہیں؟

    زمین سے قریب بلیک ہول سسٹم، بلیک ہول ہے بھی یا نہیں؟

    سنہ 2020 میں دریافت ہونے والے بلیک ہول کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ کوئی بلیک ہول نہیں ہے۔

    حال ہی میں ہونے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق زمین کے سب سے قریب ترین بلیک ہول سسٹم میں، جس کا فاصلہ زمین سے 1 ہزار نوری سال ہے، میں دراصل کوئی بلیک ہول نہیں ہے۔

    سنہ 2020 میں جب یہ دریافت ہوا تھا تو HR 6819 سسٹم کی غیر معمولی دریافت کے متعلق دو خیالات پیش کیے گئے تھے، ایک کے مطابق یہ سسٹم بلیک ہول کے ساتھ تھا اور دوسرے کے مطابق یہ سسٹم بلیک ہول کے بغیر تھا۔

    1 ہزار نوری سال کے فاصلے پر موجود بلیک ہول کے خیال کو پیش کیا گیا تو اس نے شہ سرخیوں میں خوب جگہ بنائی، جبکہ دوسرے خیال کو اتنی پذیرائی نہیں ملی۔

    تاہم، بیلجیئم کے محقیقن نے ایک نئی تحقیق میں سسٹم کی نئی پیمائشیں لیں تاکہ یہ دیکھ سکیں کہ کس خیال کے سچ ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔

    انہوں نے یورپی سدرن آبزرویٹری ویری لارج ٹیلی اسکوپ اور وی ایل ٹی انٹرفیرومیٹر کا رخ اس اسٹار سسٹم کی جانب کیا۔ کیوں کہ اس آلے میں ایسی صلاحیت تھی کہ ایسا ڈیٹا فراہم کر سکے جو دونوں خیالات کے مابین فرق بتا دے۔

    تمام شواہد نے ایک ویمپائر اسٹار سسٹم کی جانب اشارہ کیا، جس میں 2 ستارے ایک بہت قریبی مدار میں دیکھے گئے ہیں اور ایک ستارہ دوسرے سے مٹیریل کھینچ رہا ہے۔

    سسٹم میں کسی فاصلے پر گردش ستارے کے شواہد نہیں تھے جو بلیک ہول تھیوری کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔

  • انسانی دماغ کی صلاحیت کے بارے میں ایک اور حیران کن انکشاف

    انسانی دماغ کی صلاحیت کے بارے میں ایک اور حیران کن انکشاف

    انسانی دماغ ایک عجوبہ ہے جس کے بارے میں تاحال نئی نئی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے، حال ہی میں دماغ کے بارے میں ایک اور نیا انکشاف ہوا ہے۔

    ہماری آنکھیں مسلسل سامنے آنے والے مناظر کی بہت زیادہ تفصیلات حاصل کرتی رہتی ہیں اور دماغ کے لیے ان کا تجزیہ کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔

    ایک طرف ہماری آنکھوں کے سامنے مسلسل تبدیلیاں ہوتی ہیں جس کی وجہ روشنی اور دیگر عناصر ہوتے ہیں، دوسری جانب ہماری بینائی کے اندر بھی مسلسل تبدیلیاں آتی ہیں جس کی وجہ پلک چھپکنا، آںکھوں اور جسم کا متحرک ہونا ہوتا ہے۔

    اس کا ایک اندازہ لگانے کے لیے ایک فون کو اپنی آنکھوں کے سامنے رکھیں اور چلتے پھرتے اور دیکھتے ہوئے لائیو ویڈیو ریکارڈ کریں۔

    اس کا رزلٹ آپ کو عندیہ دے گا کہ ہمارا دماغ کسی طرح ہماری ہر نظر کے تجربے سے نمٹتا ہے۔

    ایسا اس ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے جس میں سفید سرکل آنکھوں کی حرکات کا عندیہ دیتا ہے جبکہ دھندلا حصہ ہر حرکت کے ساتھ بینائی کے اندرونی افعال کے بارے میں بتاتا ہے۔

    تو دماغ اس کے لیے ایک منفرد میکنزم کو استعمال کرتا ہے جو ہماری بینائی کے استحکام کی وضاحت بھی کرتا ہے۔

    اس میکنزم کا انکشاف ایک نئی تحقیق میں ہوا جس کے مطابق ہمارا دماغ خودکار طور پر ہماری بینائی کو مستحکم رکھتا ہے اور یہ چونکا دینے والا طریقہ ہوتا ہے۔

    درحقیقت ہم جو کچھ بھی دیکھتے ہیں وہ اوسطاً 15 سیکنڈ پہلے کا ہوتا ہے اس طرح دماغ تمام حصوں کو آپس میں جوڑ دیتا ہے تاکہ ہمیں محسوس ہو کہ بینائی ایک مستحکم ماحول میں کام کررہی ہے۔

    ماضی میں رہنے سے یہ وضاحت بھی ہوتی ہے کہ کسی وجہ سے اکثر ہم وقت کے ساتھ اپنے ماحول میں آنے والی تبدیلیوں پر توجہ مرکوز نہیں کرپاتے۔

    آسان الفاظ میں ہمارا دماغ ایک ٹائم مشین کی طرح کام کرتا ہے جو ہمیں چند سیکنڈ پہلے کے وقت میں واپس بھیجتا ہے تاکہ روزمرہ کی سرگرمیاں ہمارے لیے مسائل نہ بن سکیں۔

    اس کے برعکس اگر دماغ ریئل ٹائم میں سب کچھ اپ ڈیٹ کرے تو دنیا ہماری نظروں کے لیے ایک افراتفری کا مقام ہوگی جس میں روشنی، سائے اور حرکت کا مسلسل تحرک ہوگا، جو ہمارے لیے ناقابل برداشت ہوگا۔

    امریکا کی کیلی فورنیا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہمارے دماغ کو ارگرد کے مناظر کے حوالے سے بہت زیادہ کام کرنا پڑتا ہے تو وہ ماضی سے چپکا رہتا ہے کیونکہ وہ حال کا عندیہ دیتا ہے، اس طرح وہ تفصیلات کو ری سائیکل کرتا ہے جو زیادہ برق رفتار، زیادہ بہتر ہوتا ہے اور اسے کم کام کرنا پڑتا ہے۔

  • پی ایس ایکس حملہ: تحقیقات میں سی ٹی ڈی کا اہم انکشاف

    پی ایس ایکس حملہ: تحقیقات میں سی ٹی ڈی کا اہم انکشاف

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے سے متعلق تحقیقات کے دوران سی ٹی ڈی نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد سلیمان کے فوری ہلاک ہونے پر دہشت گردوں کا پلان فیل ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے سے متعلق سی ٹی ڈی نے تحقیقات کے دوران انکشاف کیا ہے کہ لیاری، بلدیہ، مشرف کالونی میں دہشت گردوں کے سلیپر سیلزکی اطلاعات ہیں۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گرد سلیمان نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ریکی کی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے اندر کا راستہ دہشت گرد سلیمان کو معلوم تھا۔

    سی ٹی ڈی حکام نے کہا ہے کہ سلیمان کے ساتھ دیگر 3 دہشت گردوں کو اندر کا راستہ معلوم نہ تھا،سلیمان کے فوری ہلاک ہونے پر دہشت گردوں کا پلان فیل ہوا۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ، چاروں حملہ آور ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی عمارت پر حملے کی کوشش کرنے والے چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور 3 سیکورٹی گارڈ شہید ہوئے تھے۔

  • بھارتی کرکٹ میں کرپشن: ویرات کوہلی کا بڑا انکشاف

    بھارتی کرکٹ میں کرپشن: ویرات کوہلی کا بڑا انکشاف

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے انکشاف کیا کہ اسٹیٹ کرکٹ ٹیم میں سلیکشن کے لیے میرے والد سے پیسے مانگے گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سنیل چھتری کے ساتھ سوشل میڈیا کی ویب سائٹ انسٹا گرام لائیو میں ویرات کوہلی نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ ایک وقت میں اسٹیٹ کرکٹ ٹیم میں سلیکشن کے لیے میرے والد سے پیسے مانگے گئے تھے۔

    بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اسٹیٹ کرکٹ میں ایک بار کوئی آگے آیا اور میرے والد سے کہا کہ سلیکشن کا کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن اس کے لیے انہیں کچھ اور کرنا پڑے گا،یعنیٰ وہ رقم مانگ رہے تھے۔

    ویرات کوہلی نے کہا کہ ان کے والد محنت کر کے وکیل بنے اور محنت کرنے والوں کو یہ سب سمجھ نہیں آتا۔کوہلی کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے کوچ کو صاف کہہ دیا کہ ان کا بیٹا خود ہی کچھ اپنے دم پر کرےگا، مگر اس طرح نہیں کھیلے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس وقت میں بہت رویا لیکن والد نے کہا کہ وہ کرو جو کوئی نہیں کر رہا ہے اور میں یہ بات ہمیشہ گانٹھ باندھ کر رکھی۔ لائیو سیشن کے دوران سنیل چھتری کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ سچن ٹنڈولکر کا پیڈل اسکوپ چوری کرنا چاہتے ہیں۔

    سنیل چھتری نے ویرات کوہلی سے سوال کہا کہ اگر آپ کو آخری گیند پر تین رنز درکار ہیں تو وقار یونیس اور شین وارن میں سے کس باؤلر کا انتخاب کریں گے جس پر انہوں نے وقار یونس کا نام لیتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں ان کی گیند پر ہٹ مار دوں گا۔