اسلام آباد : انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا فارم اردو زبان میں آن لائن دستیاب کر دیا گیا ، جس سے تقریبا 84 ٪ فائلرز مستفید ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا فارم اردو زبان میں آن لائن دستیاب کر دیا ہے، آن لائن فارم کو آسان فہم کرنے اور اردو زبان میں لاگو کرنے سے تقریبا 84 ٪ فائلرز مستفید ہوں گی
انکم ٹیکس ایک ایسا براہ راست ٹیکس ہے جو افراد، کاروباروں یا دیگر اداروں کی سالانہ آمدن پر عائد ہوتا ہے۔ پاکستان میں ہر شہری، جس کی آمدن مقررہ حد سے تجاوز کرے، پر انکم ٹیکس ادا کرنا قانونی طور پر لازم ہے۔ یہ ٹیکس قومی خزانے کے لیے ایک بنیادی آمدنی کا ذریعہ ہوتا ہے۔
یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں مجوزہ اصلاحات پر ہونے والے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "وفاقی حکومت کی جانب سے ایف بی آر میں کی جانے والی اصلاحات کے نتیجے میں جی ڈی پی کے مقابلے میں ٹیکس کلیکشن میں اضافہ حکومت کے لیے باعث اطمینان ہے”۔
مزید پڑھیں : انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کیلیے مطلوبہ دستاویزات کون سی ہیں؟
وزیراعظم نے حکام کو ہدایت دی کہ اصلاحاتی اقدامات میں ادارہ جاتی رکاوٹوں اور سرخ فیتے کو ختم کر کے ان کا تسلسل یقینی بنایا جائے، کسٹم کلیئرنس کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کارروائی کے وقت میں کمی کی جائے اور اس کے ملک گیر نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاق اور صوبے باہمی ہم آہنگی سے کام کریں تاکہ آئندہ مالی سال میں بھی ٹیکس اصلاحات کے ثمرات برقرار رہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پہلے سے عائد کردہ ٹیکسز کے موثر نفاذ سے ٹیکس وصولی میں مزید بہتری آئے گی۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا ایف بی ار نے نئی مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں اپنا ٹیکس وصولی کا ہدف پورا کیا ہے اور آئندہ مہینوں میں بھی مکمل ہدف حاصل کرنے کی توقع ہے۔
ملک بھر میں کسٹم کلیرنس کے لیے ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشنز کا قیام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے، کسٹم کلیرنس میں سینٹرلائزڈ اسیسمنٹ یونٹ اور فیس لیس کسٹم سسٹم کے مکمل نفاذ سے کسٹم کلیئرنس کے نظام کو مستعد اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور کسٹم کلیرنس میں اصلاحات کے نفاذ کے لیے پالیسی فریم ورک،حکمت عملی میں تبدیلی اور مختلف شعبوں میں اقدامات مقررکردہ ٹارگٹ کے مطابق جا ری ہیں.