Tag: انگلش چینل

  • انگلش چینل میں ڈوبنے والی خاتون کون تھی؟

    انگلش چینل میں ڈوبنے والی خاتون کون تھی؟

    لندن: فرانسیسی ساحل سے برطانیہ جانے کی کوشش کے دوران ڈوبنے والی بدقسمت عراقی خاتون کی شناخت ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے انگلش چینل میں بڑی تعداد میں ڈوبنے والے پناہ گزینوں میں سے پہلے شخص کی شناخت ہوگئی ہے، جو شمالی عراق سے تعلق رکھنے والی کرد خاتون ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدھ کو 24 سالہ مریم نوری محمد امین برطانیہ میں مقیم اپنے منگیتر کو اس وقت میسج کر رہی تھیں، جب ان کی کشتی ڈوبنے لگ گئی۔

    مریم کا تعلق شمال مشرقی عراق میں کردستان کے قصبے صوران سے تھا، وہ ان 27 افراد میں سے ایک تھیں جو فرانس کے ساحل سے برطانیہ تک خطرناک سفر کی کوشش کے دوران ہلاک ہوئے، یہ خطرناک سفر رواں سال درجنوں جانیں لے چکا ہے، خاتون کے منگیتر کا کہنا تھا کہ انھیں مریم نوری کو بچانے کا یقین دلایا گیا تھا لیکن وہ دیگر چھبیس افراد کے ساتھ ہلاک ہو گئیں۔

    واضح رہے کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 17 مرد، 6 خواتین (جن میں سے ایک حاملہ تھی) اور 3 بچے شامل ہیں، حادثے میں صرف 2 مسافر زندہ بچے۔

    رپورٹس کے مطابق مریم نوری ایک خاتون رشتہ دار کے ساتھ سفر کر رہی تھیں، دونوں برطانیہ میں اپنے خاندان سے ملنے کی امید میں یہ خطرناک سفر کر رہی تھیں، کشتی الٹنے سے کچھ دیر قبل مریم نے اپنے منگیتر کو سنیپ چیٹ پر میسج کیا تھا۔

  • کینسر کو شکست دینے والی خاتون نے تیراکی کا حیرت انگیز ریکارڈ قایم کر لیا

    کینسر کو شکست دینے والی خاتون نے تیراکی کا حیرت انگیز ریکارڈ قایم کر لیا

    لندن: حال ہی میں کینسر جیسے مہلک مرض کو شکست دینے والی خاتون نے تیراکی کا حیرت انگیز ریکارڈ قایم کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کولراڈو، امریکا سے تعلق رکھنے والی 37 سالہ سارا تھامس نے بغیر رکے 4 مرتبہ آبنائے انگلش عبور کر کے پہلی خاتون بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

    سارا تھامس نے برطانیہ اور فرانس کو جدا کرنے والی آبنائے انگلش (دریائی گزرگاہ) کو عبور کرنے کے لیے تیرنے کا آغاز اتوار کی صبح کو کیا اور 54 گھنٹے تک مسلسل تیرنے کے بعد انگلش چینل کو چار مرتبہ عبور کیا۔

    امریکی خاتون تیراک نے ایک سال قبل 2018 میں چھاتی کے کینسر کا علاج مکمل کیا ہے، انھوں نے اپنے ریکارڈ کو کینسر کو شکست دینے والوں کے نام کرتے ہوئے کہا، میرا جسم سن ہو گیا ہے، مجھے یقین نہیں آ رہا کہ میں نے ریکارڈ قایم کر لیا ہے، ساحل پر موجود بہت سارے لوگوں نے میرے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    انگلش چینل میں تیراکی کا ٹوٹل فاصلہ 80 میل تھا لیکن آبنائے میں طاقت ور لہروں کے باعث سارا تھامس کے لیے یہ سفر 130 میل بن گیا تھا۔

    پانی میں تیرنے کے دوران سارا تھامس کو آرام کرنے کی اجازت نہیں تھی، تاہم ہر 30 منٹ بعد ان کا امدادی عملہ ان کو پروٹین بحال کرنے کے لیے مشروب کی بوتل پھینکتا تھا جو الیکٹرولائٹس سے بھرپور تھا۔

    ریکارڈ قایم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس نے کہا کہ میں بہت زیادہ تھک چکی ہوں اور اب میں سارا دن صرف سونا چاہتی ہوں۔

    سارا تھامس کی والدہ نے کہا کہ ان کی بیٹی جنونی طبیعت رکھتی ہے، تیراکی کے ذریعے وہ کینسر کے علاج سے مرتب ہونے والے اثرات کو دور کرتی ہے۔

  • تارکین وطن کا انگلش چینل عبور کرنا بڑھ گیا، برطانیہ کی تشویش

    تارکین وطن کا انگلش چینل عبور کرنا بڑھ گیا، برطانیہ کی تشویش

    لندن: تارکین وطن کی جانب سے غیرقانونی طور پر انگلش چینل کو عبور کرنے کے واقعات میں اضافے پر برطانوی حکومت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر کیرولین نوکس نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں انگلش چینل کو غیرقانونی طریقے سے عبور کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس پر برطانیہ کو تشویش ہے۔

    برطانوی وزیر کے مطابق تارکین وطن میں سے کچھ تو واضح طور پر منظم جرائم پیشہ گروہوں کے ذریعے پلان کیے جاتے ہیں جبکہ کچھ انفرادی طور پر موقع دیکھتے ہوئے سمندر پار کرکے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    کیرولین نوکس نے کہا کہ اس تناظر میں سب سے پہلے جمعرات کے روز کینٹ قصبے میں ایک ساحل سے ملنے والے گیارہ ایرانی تارکین وطن تھے جو شمالی فرانس سے کشتی پر یہاں تک پہنچے تھے۔

    برطانوی وزارت داخلہ کے مطابق تارکین وطن کو طبی امداد دی جاچکی ہے جبکہ تمام بالغ تارکین وطن کو امیگریشن حکام کے حوالے کردیا گیا ہے، ان کے ہمراہ آنے والے بچوں کو سوشل سروس مہیا کرنے والے اداروں کو منتقل کردیا گیا ہے۔

    برطانوی وزارت داخلہ کے مطابق ڈوور کی بندرگاہ کے قریب دو اور کشتیاں ملی ہیں جن میں 14 تارکین وطن سوار تھے۔

    مزید پڑھیں: غیر قانونی طور پر کشتی میں برطانیہ اور فرانس جانے والے چالیس تارکین وطن گرفتار

    واضح رہے کہ انگلش چینل میں برطانوی اور فرانسیسی کوسٹ گارڈز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کئی کشتیوں پر سوار چالیس غیرملکی تارکین کو بچا کر اپنی تحویل میں لیا تھا۔

    برطانیہ اور فرانس کے کوسٹ گارڈز نے یہ کارروائی کرسمس کے دن کی تھی، برطانوی حکام کے مطابق مختلف کشتیوں پر سوار تارکین وطن کا تعلق عراق، ایران اور افغانستان سے ہے۔

  • غیر قانونی طور پر کشتی میں برطانیہ اور فرانس جانے والے چالیس تارکین وطن گرفتار

    غیر قانونی طور پر کشتی میں برطانیہ اور فرانس جانے والے چالیس تارکین وطن گرفتار

    لندن : برطانیہ کی سرزمین پر پہنچنے کی کوشش کرنے والے چالیس مہاجرین کو سمندری گزرگاہ انگلش چینل میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا، بحریہ کے عملے نے غیرملکی تارکین وطن کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابقبرطانوی اور فرانسیسی سمندری نگرانی کے محکموں کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سمندری گزرگاہ انگلش چینل میں چند کشتیوں میں غیر قانونی سفر کرنے والےچالیس غیرملکی تارکین وطن کو اپنی حراست میں لے لیا۔

    ان میں کچھ بچے بھی شامل ہیں، مذکورہ تارکین وطن کا تعلق عراق، ایران اور افغانستان سے ہے جو انگلش چینل عبور کر کے عبور کر کے برطانوی سرزمین پر پہنچنا چاہتے تھے۔

    دونوں ممالک کے کوسٹ گارڈز عملے نے یہ کارروائی منگل کو کی اور چند کشتیوں کو اپنی تحویل میں بھی لے لیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں میں ہزاروں تارکین وطن مختلف خطرناک سمندری راستوں سے گزرتے ہوئے فرانس اور برطانیہ پہنچ چکے ہیں۔

    اس کے علاوہ کچھ تارکین وطن سمندری موجوں کی تاب نہ لاتے ہوئے ڈوب کر مر بھی جاتے ہیں۔