Tag: انگلینڈ

  • انگلینڈ میں بلی جتنے بڑے چوہے، دیکھنے والے خوفزدہ

    انگلینڈ میں بلی جتنے بڑے چوہے، دیکھنے والے خوفزدہ

    یارکشائر : برطانیہ میں بڑی جسامت والے چوہوں نے دہشت پھیلارکھی ہے، ایک بلی جتنے بڑے چوہے کو پکڑے جانے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    انگلینڈ کے علاقے نارتھ یارکشائر میں ایک گھر سے ایسا دیو ہیکل چوہا پکڑا گیا ہے جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

    برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس چوہے کا سائز ایسا تھا کہ اس کی ناک سے دم تک کی لمبائی 22انچ تھی یعنی اس کا سائز ایک چھوٹی بلی جتنا تھا۔

    Cat sized rat

    یہ "جناتی چوہا” ایسن کے ایک گھر سے مقامی پیسٹ کنٹرول ٹیم نے نکالا اور کاؤنسلرز ڈیوڈ ٹیلر اور اسٹیفن مارٹن نے اس کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

    کاؤنسلرز نے لکھا کہ یہ تو بلی کے برابر ہے! اور ساتھ ہی خبردار کیا کہ یہ واقعہ علاقے میں چوہوں کی بڑھتی ہوئی وبا کی نشاندہی کرتا ہے۔

    Pouched Rat

    انہوں نے کہا کہ ہم ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جائے۔ چوہے ختم کرنے کے لیے مکمل سروے، مارنے کیلیے زہر، اضافی فنڈنگ اور مقامی اتھارٹیز، ماہرین اور مکان مالکان کے درمیان تعاون ضروری ہے۔”

    کاؤنسلرز کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کو ختم کرنے کیلیے جتنی دیر کریں گے، مسئلہ اتنا ہی زیادہ بڑھے گا، عوام کو صرف مشورہ نہیں عملی اقدامات درکار ہیں۔

    واضح رہے کہ اگست 1854ء میں لندن میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی تھی جس کے نتیجے میں چند روز کے دوران 600 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی بہت بڑی تعداد نقل مکانی کرگئی تھی۔

    یہ لندن میں ہیضے کی وبا پھوٹنے کا بدترین واقعہ تھا۔ اگرچہ اس کا سبب چوہے نہیں بلکہ آلودہ پانی تھا، مگر عام افراد کے ساتھ ساتھ ماہرین صحت بھی ان خدشات کا اظہار کررہے ہیں چوہوں کی وجہ سے وہ کسی وبا کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔

  • جانا تھا انگلینڈ، پہنچ گیا اٹلی وہ بھی بغیر ٹکٹ! یہ کیسے ہوا؟

    جانا تھا انگلینڈ، پہنچ گیا اٹلی وہ بھی بغیر ٹکٹ! یہ کیسے ہوا؟

    اسپین (5 اگست 2025): اسپین میں سیر وتفریح کے بعد برطانوی لڑکے کو جانا تو تھا انگلینڈ لیکن جا پہنچا اٹلی وہ بھی بغیر ٹکٹ کے۔

    برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق اسپین کے ایئرپورٹ پر 15 سالہ لڑکا اپنے والدین سے بچھڑ گیا اور غلطی سے دوسرے جہاز میں بیٹھ کر اٹلی جا پہنچا۔

    رپورٹ کے مطابق برطانوی جوڑا اپنے 15 سالہ بیٹے کے ساتھ اسپین میں چھٹیاں منانے کے بعد لندن واپس جانے کے لیے ایک مصروف ہسپانوی ایئرپورٹ پہنچے تھے۔ تاہم جہاز میں سوار ہونے سے قبل ہی ان کا بیٹا والدین سے بچھڑ گیا۔

    مذکورہ لڑکا لندن جانے والی پرواز کے بجائے غلطی سے اٹلی جانے والی پرواز میں جا بیٹھا۔ والدین کو جیسے ہی پتہ چلا، انہوں نے ایئرپورٹ پر لگا خطرے کا الارم بجا دیا، تاہم تب تک جہاز میلان (اٹلی) کے لیے اڑان بھر چکا تھا۔

    پولیس نے ایئرپورٹ سے بین الاقوامی روانگی والے علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا تو انہیں معلوم ہوا کہ برطانوی جوڑے کا بیٹا بغیر ٹکٹ میلان مالپینسا جانے والی پرواز میں سوار ہو گیا ہے۔

    دوسری جانب اٹلی جانے والی پرواز کے دوران ایئرلائن کے عملے نے ایک مسافر کو بغیر ٹکٹ سفر کرتے دیکھ کر جب اس سے تفصیلات لیں اور اصل صورتحال کا علم ہوا تو اس لڑکے کی میلان میں عملے اور مقامی حکام سے ملاقات کرائی اور اس نے خاندان کے ایک فرد سے ملاقات کا انتظام کیا۔

    حکام کی جانب سے خاندان کے فرد کی شناخت تو نہیں بتائی گئی تاہم وہ ممکنہ طور پر لڑکے کی والدہ تھیں، جو رپورٹ کے مطابق اسی روز اٹلی جانے والی ایک اور پرواز کے ذریعہ میلان پہنچ گئی تھیں۔

    فضائی کمپنی ایزی جیٹ کے ترجمان نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم ہوائی اڈے اور ماہون میں اپنے گراؤنڈ ہینڈلنگ فراہم کرنے والوں سے تحقیقات کر رہے ہیں کہ کس طرح ایک نوعمر لڑکا میلان جانے والی غلط پرواز میں بغیر ٹکٹ سوار ہوا اور سفر کر کے اٹلی بھی پہنچ گیا۔

    ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ لڑکے سے میلان میں ہماری ٹیم اور مقامی حکام نے ملاقات کی تھی اور ہم نے اس دن خاندان کے ایک فرد سے ملاقات کے لیے سفری انتظامات کیے ہیں۔ ہم اپنا تعاون پیش کرنے کے لیے خاندان کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔

  • انگلینڈ بھارت سے جیتا ہوا ٹیسٹ میچ ہار گیا، سیریز 2، 2 سے برابر

    انگلینڈ بھارت سے جیتا ہوا ٹیسٹ میچ ہار گیا، سیریز 2، 2 سے برابر

    اوول (4 اگست 2025): انگلینڈ نے بھارت کے خلاف جیتا ہوا ٹیسٹ میچ ہار کر سیریز جیتنے کا موقع بھی گنوا دیا پانچ میچوں کی سیریز 2 دو سے برابر ہو گئی۔

    انگلینڈ اور بھارت کے درمیان اوول میں کھیلے جا رہے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم جیت کے لیے درکار 35 رنز بنانے میں ناکام رہی اور بھارت نے چار انگلش بلے بازوں کی وکٹیں لے کر 6 وکٹ سے میچ اپنے نام کیا اور سیریز 2، 2 سے برابر کرنے میں کامیاب رہی۔ ہیری بروک اور جو روٹ کی سنچریاں بھی رائیگاں گئیں۔

    بھارت کی جانب سے پہلی اننگ میں بنائے گئے 224 رنز کے جواب میں انگلش ٹیم نے 247 رنز بنا کر صرف 23 رنز کی معمولی برتری حاصل کی تھی۔

    تاہم مہمان ٹیم نے دوسری اننگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ یشوی جیسوال کی سنچری اننگ (118)، آکاش دیپ، رویندرا جڈیجہ اور واشنگٹن سندر کی نصف سنچریوں سے تقویت پاتے ہوئے 396 رنز بنائے اور میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    میچ کے چوتھے روز انگلینڈ کی ٹیم نے ہیری بروک اور جو روٹ کی سنچریوں کی بدولت مضبوط پوزیشن حاصل کر لی تھی۔ چوتھے روز میچ کے اختتام پر انگلش ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنا لیے تھے۔

    میچ کے آخری روز انگلش ٹیم کو جیت کے لیے صرف 35 رنز درکار تھے جب کہ بھارت کو چار وکٹیں اڑانی تھیں۔ بظاہر انگلش ٹیم کی پوزیشن مضبوط لگ رہی تھی تاہم بھارتی بولرز نے کمال کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے چار بلے بازوں کو 35 رنز نہ بنانے دیے اور آخری چار وکٹیں لے کر 6 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔

    میچ کے ہیرو بھارتی پیسر محمد سراج رہے۔ جنہوں نے پہلی اننگ میں 4 اور دوسری اننگ میں 5 وکٹیں لیں اور میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں لے کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    انگلش بیٹر ہیری بروک کو سیریز میں 481 رنز بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ انگلینڈ نے پانچ وکٹوں سے اپنے نام کر کے سیریز میں فاتحانہ آغاز کیا، لیکن دوسرے میچ میں بھارت نے بدلہ چکاتے ہوئے میچ میں 336 رنز کی بڑی فتح حاصل کی۔

    تیسرے میچ میں پھر انگلینڈ نے بھارت کو 22 رنز سے زیر کیا۔ چوتھا میچ ڈرا ہو گیا۔ پانچواں اور آخری میچ بھارت نے اپنے نام کیا اور سیریز دو، دو سے برابر کرنے میں کامیاب رہا۔

  • انگلینڈ کو اگلے 3 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی میزبانی مل گئی

    انگلینڈ کو اگلے 3 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی میزبانی مل گئی

    سنگاپور (20 جولائی 2025): آئی سی سی نے انگلینڈ کو 2031 تک ہونے والے اگلے تین ورلـڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی میزبانی سونپ دی ہے۔

    اے اسپورٹس میں شائع خبر کے مطابق انٹرنیسنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا سالانہ اجلاس سنگاپور میں ختم ہو گیا۔ اختتامی روز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 2031 تک اگلے تینوں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی انگلینڈ کو سونپ دی گئی۔

    آئی سی سی کے اعلان کے مطابق انگلینڈ 2031 تک ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے تینوں فائنل کی میزبانی کرے گا۔

    آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں کرکٹ گورننگ باڈی نے یہ فیصلہ انگلینڈ کی جانب سے ڈبلیو ٹی سی فائنلز کے پچھلے ایڈیشنز کی کامیاب میزبانی کی روشنی میں کیا ہے۔

    انگلینڈ اس سے قبل 2021 کے افتتاحی ایڈیشن کے ساتھ ساتھ 2023 اور رواں برس 2025 ایڈیشن کی میزبانی کر چکا ہے۔

    سال 2021 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے ایڈیشن کا فائنل دی روز باؤل ساؤتھمپٹن میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا اور چیمپئن کا اعزاز کیویز نے حاصل کیا۔

    سال 2023 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل اوول، لندن میں کھیلا گیا۔ بھارت نے مسلسل دوسری بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، لیکن چیمپئن بننے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔ آسٹریلیا نیا ٹیسٹ چیمپئن بنا۔

    رواں برس 2025 میں لارڈز کے میدان میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو ہرا کر جنوبی افریقہ نے پہلی بار ٹیسٹ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ خود پر سے چوکر کا لیبل بھی ہٹا دیا۔

    ڈبلیو ٹی سی فائنل کے علاوہ، ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 انگلینڈ میں کھیلا جائے گا، جس کا فائنل 5 جولائی کو مشہور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

    اس کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ٹمور اور زیمبیا کو آئی سی سی کی ایسوسی ایٹ رکنیت بھی دی گئی، جس کے بعد آئی سی سی کے ممبران کی تعداد 110 ہو گئی ہے۔

  • بھارت کیخلاف دوسرا ٹیسٹ، جوفرا آرچر انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل

    بھارت کیخلاف دوسرا ٹیسٹ، جوفرا آرچر انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل

    انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو شکست دینے کے بعد دوسرے ٹیسٹ کے لئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

    فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، بین اسٹوکس کی قیادت میں جو روٹ، جوفرا آرچر، زیک کرالی، ہیری بروکس، برائڈن کرس اور بین ڈکٹ شامل ہیں۔

    ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر بیٹر جیم سمتھ، جوش ٹنگ، اولی پاپ، کرس ووکس، سیم کک، جیکب بیتھل، جیم اوورٹن اور شعیب بشیر اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

    دوسرا ٹیسٹ ایجبسٹن برمنگھم میں 2 جولائی سے شروع ہو گا، 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو 1-0 سے برتری حاصل ہے۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    ہیڈنگلے ٹیسٹ میچ کے آخری روز انگلینڈ نے بھارت کی جانب سے دیا جانے والا 371 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بھارت ایک ٹیسٹ میں پانچ سنچریوں کے باوجود ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

    بین ڈکٹ نے شاندار 149 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 21 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، زیک کرولی نے 65 رنز بنائے۔

    ہیروک بروک بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، کپتان بین اسٹوکس نے 33 رنز کی اننگز کھیلی، جو روٹ 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    بھارت کی جانب سے پرادش کرشنا اور شردل ٹھاکر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل بھارت نے دوسری اننگز میں 364 رنز بنائے تھے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 371 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    بھارت کی جانب سے کے ایل راہول نے 137 اور رشبھ پنت نے 118 رنز کی اننگز کھیلی تھی، رویندرا جڈیجا 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

    آئی سی سی نے کرکٹ میں نئے قوانین متعارف کروادیے

    انگلینڈ کی جانب سے بریڈن کارس اور جوش ٹنگ نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

    بھارت نے پہلی اننگز میں 471 بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جبکہ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 464 رنز اسکور کیے تھے۔

  • انگلینڈ ٹیم کی کرائے کی سائیکلوں‌ پر گراؤنڈ پہنچنے کی ویڈیو

    انگلینڈ ٹیم کی کرائے کی سائیکلوں‌ پر گراؤنڈ پہنچنے کی ویڈیو

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن میں ٹریفک جام کی وجہ سے گزشتہ روز انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں میچ سے قبل ٹریفک میں پھنسی رہی تھیں، یہاں تک کہ انگلینڈ کی ٹیم کو کرائے کی سائیکلوں پر گراؤنڈ پہنچنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق اوول کے میدان میں گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے لیے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو بس کی جگہ سائیکلوں پر گراؤنڈ پہنچنا پڑ گیا، کیوں کہ لندن میں شدید ٹریفک جام ہو گیا تھا۔

    انگلینڈ کے کھلاڑی بس سے اُترے اور اپنے خرچے پر سائیکلیں کرائے پر لے کر اوول گراؤنڈ پہنچے، دوسری طرف جب ٹاس کا وقت ہو گیا تھا، تو ویسٹ انڈیز کی ٹیم تب بھی گراؤنڈ نہیں پہنچ سکی تھی، وہ 2 گھنٹے تک ٹریفک میں پھنسی رہی۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث ٹاس 40 منٹ تاخیر کا شکار ہوا۔ کپتان ویسٹ انڈیز نے صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انھیں بھی پتا ہوتا تو وہ پیدل چلے آتے۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین تیسرا ون ڈے گزشتہ روز اوول میں کھیلا گیا تھا، اور انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز سے یہ سیریز 3 سفر سے جیت لی ہے۔

  • انگلینڈ وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان کا اعلان

    انگلینڈ وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان کا اعلان

    انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے جوس بٹلر کی جگہ انگلینڈ وائٹ بال ٹیم کے لیے نئے کپتان کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔

    انگلش کرکٹ بورڈ نے ہیری بروک کو انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔ وہ ون ڈے اور ٹی 20 میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    ہیری بروک جو ایک سال سے انگلش ٹیم کے نائب کپتان تھے، بطور کپتان ان کا پہلا امتحان آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ہوگی۔

    واضح رہےکہ حال ہی میں پاکستان کی میزبانی میں کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد انگلینڈ وائٹ بال ٹیم کے کپتان جوس بٹلر نے قیادت چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/england-jos-buttler-steps-down-as-captain/

  • چیمپئنزٹرافی میں انگلش کھلاڑیوں میں اعتماد کا فقدان دکھائی دیا، برینڈن میک کولم

    چیمپئنزٹرافی میں انگلش کھلاڑیوں میں اعتماد کا فقدان دکھائی دیا، برینڈن میک کولم

    ہیڈ کوچ انگلش کرکٹ ٹیم برینڈن میک کولم نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران انگلش کھلاڑیوں میں اعتماد کا فقدان دکھائی دیا۔

    چیمپئنزٹرافی 2025 انگلش ٹیم کےلیے ڈرائونا خواب ثابت ہوا، اس ایونٹ میں انگلینڈ کی ٹیم ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی، اسے آسٹریلیا اور افغانستان نے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کیا جبکہ آخری میچ میں بھی انگلینڈ کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شرمناک شکست ہوئی۔

    پروٹیز کے ہاتھوں بھی ہزیمت اٹھانے اور چیپئنزٹرافی 2025 میں افسوسناک اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے برینڈن میک کولم نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔

    ہیڈکوچ انگلش ٹیم کا کہنا تھا کہ جوز بٹلر قیادت چھوڑ چکے ہپں جو ایک حقیقت ہے، وطن پہنچنے پر مشاورت ہوگی کہ کون قیادت کیلئے اہل ہے۔

    نیوزی لینڈ کے سابق جارح مزاج بیٹر برینڈن میک کولم نے چیمپئنزٹرافی میں انگلینڈ کی بدترین کارکردگی پر مزید کہا کہ تمام شعبوں میں بہتری کیلئے مزید کام کرنا پڑےگا۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-eng-vs-sa/

  • جوز بٹلر نے افغانستان سے شکست کی وجہ بتادی

    جوز بٹلر نے افغانستان سے شکست کی وجہ بتادی

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کا افغانستان سے شکست کے بعد کہنا تھا کہ ہمیں ایک ٹیم کی حیثیت سے اکٹھے ہونا پڑے گا، وائٹ بال فارمیٹ میں ہمیں جلد واپس آنا ہوگا۔

    افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ یہ ایک اچھا میچ رہا ہے، ہم نے جلد وکٹیں لیں لیکن ابراہیم زدران نے اچھی سنچری کی، آخری اوورز میں ہم نے بہت رنز دیے، ہمیں چانس ملے کوشش بھی کی لیکن ناکام رہے۔

    انگلینڈ کے کپتان نے کہا کہ میں بدقسمتی سے اس طرح پرفارم نہیں کر پا رہا جس کی ٹیم کو ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت اپنے بارے میں جذباتی ہوکر کوئی فیصلہ نہیں کروں گا، ہم وننگ ٹیم رہے ہیں ہمیں پھر سے وننگ ٹیم بننا ہے۔

    واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیے گئے 326 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 317 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

    عظمت اللہ عمر زئی نے آخری اوورز میں 13 رنز نہیں بننے دیے اور افغانستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔جو روٹ نے 111 گیندوں پر 120 رنز کی اننگز بھی رائیگاں گئی، کپتان جوز بٹلر 38 رنز بناسکے، بین ڈکٹ نے بھی 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ہیری بروک 25 رنز بنا کر محمد نبی کا نشانہ بنے، فل سالٹ 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جیمی اوورٹن نے 32 رنز بنائے، جوفرا آرچر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد نبی نے 2 اور راشد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 326 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    ابراہیم زدران نے 177 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 12 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ کپتان حشمت اللہ شاہدی 40، عظمت اللہ 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نبی نے بھی 40 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

    فخر زمان نے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

    رحمان اللہ گرباز 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صادق اللہ اور رحمت شاہ 4، 4 رنز بناسکے۔انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لیام لیونگسٹن نے دو وکٹیں حاصل کیں، جیمی اوورٹن، عادل رشید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

  • چیمپئنز ٹرافی: انگلینڈ یا افغانستان، آج ایک ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی

    چیمپئنز ٹرافی: انگلینڈ یا افغانستان، آج ایک ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی

    چیمپئنز ٹرافی گروپ بی میں آج انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان اہم میچ کھیلا جا رہا ہے ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔

    پاکستان کی میزبانی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جاری ہے۔ آج گروپ بی میں انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ کھیلا جا رہا ہے جو اہمیت کے اعتبار سے ورچوئل ناک آؤٹ میچ بن گیا ہے۔ جو بھی ٹیم یہ میچ ہارے گی وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے۔

    گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، تاہم گروپ بی میں گزشتہ روز آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے اس گروپ میں دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

    آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے اب تک تین تین پوائنٹس ہیں اور ان کا ایک ایک میچ باقی ہے۔ انگلینڈ اور افغانستان ٹیمیں اپنے ابتدائی میچ ہار چکی ہیں اور کوئی پوائنٹ نہیں رکھتیں۔

    انگلش ٹیم ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل بنا کر بھی آسٹریلیا کے خلاف دفاع نہیں کر سکی تھی۔ دوسری جانب افغانستان کو بھی جنوبی افریقہ کیخلاف 107 رنز سے کراری شکست ملی تھی۔۔

    آج کا میچ جیتنے والی دو پوائنٹ کے ساتھ سیمی فائنل میں جانے کے امکانات برقرار رکھے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم خالی ہاتھ وطن واپس لوٹے گی۔

    ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں انگلینڈ آگے ہے۔ اب تک دونوں ٹیموں نے تین میچز کھیلے اور دو میں انگلش ٹیم فتح یاب رہی، تاہم افغانستان نے گزشتہ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں انگلینڈ کو ہرایا تھا۔

    افغانستان کے کپتان افغان کپتان شاہدی ایک بار پھر ورلڈ کپ 2023 کی تاریخ دہرا کر دوبارہ اپ سیٹ کرنے کا عزم رکھتے ہیں جب کہ انگلینڈ سابقہ شکست کا بدلہ لینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-group-b-semi-final-qualification-scenario/