Tag: انگلینڈ بمقابلہ بھارت

  • بین الاقوامی کرکٹ سے کوہلی کی دوری مزید بڑھنے کا امکان

    بین الاقوامی کرکٹ سے کوہلی کی دوری مزید بڑھنے کا امکان

    بھارتی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسٹار بلے باز کوہلی کی خدمات حاصل ہونگی یا نہیں، اس حوالے سے اہم خبر آگئی۔

    بین الاقوامی کرکٹ سے کوہلی کی دوری مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ قوی امکان ہے کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور چوتھے ٹیسٹ میں بھی بھارتی ٹیم سابق کپتان کی خدمات سے محروم رہے گی۔

    کوہلی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر حیدرآباد اور وشاکاپٹنم میں سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔ تاہم اب اطلاعات ہیں کہ وہ راجکوٹ اور رانچی میں بھی نہیں کھیل پائیں گے۔

    کوہلی کی غیر حاضری پر بڑے پیمانے پر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، اس حوالے سے ان کی والدہ کے بیمار ہونے کی خبریں بھی پھیلنا شروع ہو گئی تھیں۔

    تاہم ان افواہوں کو ان کے بھائی وکاس کوہلی نے مسترد کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ان کی والدہ ٹھیک ہیں۔

    تاہم کہانی میں نیا موڑ اس وقت آیا جب سابق جنوبی افریقہ بیٹر اور کوہلی کے قریبی دوست اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے یوٹیوب لائیو سیشن میں انکشاف کیا تھا کہ اسٹار بیٹر دوسری بار باپ بننے جارہے ہیں۔

    تاہم ابھی تک ویرات کوہلی اور ان کی اداکارہ بیوی انوشکا شرما نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اور اس پر تبصرے سے گریز کررہے ہیں۔

  • ’’مجھے لگتا ہے کہ میں شین وارن کی طرح بولنگ کرتا ہوں!‘‘

    ’’مجھے لگتا ہے کہ میں شین وارن کی طرح بولنگ کرتا ہوں!‘‘

    بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران نوجوان اسپنر نے اپنی بولنگ کو لیجنڈ شین وران کی طرح قرار دیا ہے۔

    انگلینڈ کے 19 سالہ نوجوان لیگ اسپنر ریحان احمد نے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس اور ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کی جانب سے ملنے والی غیر متزلزل حمایت کا ذکر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی لوز ڈیلیوری بھی کردیتے ہیں

    ریحان احمد کا کہنا تھا کہ انتظامیہ جب ان کی حمایت کرتی ہیے تو انھیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ آنجہانی آسٹریلوی لیجنڈ اسپنر شین وارن کی طرح بولنگ کر رہے ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ شاید ہر اوور میں ہاف لینتھ پر گیند پھینک دیتا ہوں اور مجھے محسوس نہیں ہوتا کہ میں ایسا کرتا ہوں۔ مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میں شین وارن کی طرح بولنگ کرتا ہوں۔

    انگلش اسپنر نے کہا کہ یہ ہو اعتماد ہے جو مجھے ڈریسنگ روم سے ملتا ہے اور مجھے کپتان اور ہیڈ کوچ کی جانب سے جو سپورٹ ملتی ہے اس سے کافی بہتری آتی ہے۔

    ریحان احمد نے مزید کہا کہ بین اسٹوکس ان کے لیے اور دیگر دو ناتجربہ کار اسپنرز ٹام ہارٹلے اور شعیب بشیر کے لیے ایک شاندار کپتان ثابت ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کی سریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے۔ حیدرآباد ٹیسٹ میں مہمان سائیڈ نے اسپنرز کی عمدہ بولنگ کی وجہ سے فتح حاصل کی تھی جبکہ وشاکاپٹنم ٹیسٹ میں میزبان بھارت نے حساب برابر کردیا تھا۔

  • ان سوئنگ یارکر پر بولڈ! وقار یونس کی تعریف پر بمراہ نے کیا کہا؟

    ان سوئنگ یارکر پر بولڈ! وقار یونس کی تعریف پر بمراہ نے کیا کہا؟

    جسپریت بمراہ کے یارکر کی سابق پاکستانی لیجنڈ وقار یونس نے تعریف کی تھی، اب اس پر پیسر نے اپنا ردعمل دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی پیسر بمراہ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا، ان کی ایک تباہ کن ان سوئنگ یارکر پر پہلے ٹیسٹ کے ہیرو انگلش بیٹر اولی پوپ بالکل بھی سنبھل نہیں پائے تھے اور کلین بولڈ ہوگئے تھے۔

    وقار یونس سے ایک مداح نے سوال کیا تھا بمراہ کے یارکر نے انھیں کس کی یاد دلائی، جس کے جواب میں سابق کرکٹر نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے جسپریت بمراہ کی تعریف کی تھی۔

    یارکر ماسٹر پاکستانی لیجنڈ وقار یونس کا بھارتی پیسر کے یارکر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں کسی اور کے بارے میں ایسا سوچ بھی نہیں سکتا، یہ بمراہ کا ہی جادو تھا!‘

    https://youtu.be/pkjvreaPYVI?si=F4VzO3ZG4Njes3nJ

    پاکستانی عظیم باؤلر کی تعریف سے بمراہ خود بھی آگاہ تھے انھوں نے اس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نمبروں کو نہیں دیکھتا، اگر آپ نمبرز کے بارے میں سوچتے ہیں تو بہت دباؤ آجاتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ ہم نےمیچ جیت لیا اور میں نے اس میں اپنا حصہ ڈالا۔ نوجوانی کے دور میں میں نے ٹینس سے یارکر ڈیلیوری سیکھی تھی۔

    اس وقت مجھے لگتا تھا کہ وکٹیں لینے کا یہی واحد طریقہ ہے۔ میں نے کرکٹ کے لیجنڈز جیسے وقار، وسیم اور ظہیر خان کو بھی دیکھا ہے۔

    واضح رہے کہ اس میچ میں بھارت کے یشسوی جیسوال نے ڈبل سنچری اور شبمن گل نے سنچری اسکور کی تھی۔ تاہم بمراہ کو ان کی تباہ کن بولنگ اور 9 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

  • انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ سے بھی کوہلی کے باہر ہونے کا امکان

    انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ سے بھی کوہلی کے باہر ہونے کا امکان

    مہمان انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ سے بھی بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کے باہر ہونے کا امکان ہے۔

    بھارت اور انگلینڈ اس وقت پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہیں جبکہ دنوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ سیریز کے پہلے دو مقابلوں میں بھارت کو اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔

    تاہم اب بھارتی ذرائع ابلاغ پر خبریں آئی ہیں کہ کوہلی انگلینڈ کے خلاف 15 فروری سے راجکوٹ میں ہونے والا تیسرا میچ بھی نہیں کھیل پائیں گے۔

    بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کو ابھی تک ویرات کوہلی کی دستیابی کے حوالے سے کوئی اندازہ نہیں ہے۔

    بی سی سی آئی کے حکام نے کہا کہ کھیلنے کا فیصلہ مکمل طور پر کوہلی کریں گے بورڈ ان کی ذاتی وجوہات کا احترم کریگا۔ اگر وہ سیریز کھیلنا چاہیں گے تو ان کے دروازے کھلے ہیں اور یہ بنیادی طور پر ان پر منحصر ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔

    بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ویرات نے کپتان روہت شرما، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز سے بات کی ہے اور نجی مصروفیات کی وجہ سے وہ ابتدائی دو ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔

  • روٹ کیچ لیتے ہوئے انگلی زخمی کروا بیٹھے، انگلینڈ کی پریشانی میں اضافے کا خدشہ

    روٹ کیچ لیتے ہوئے انگلی زخمی کروا بیٹھے، انگلینڈ کی پریشانی میں اضافے کا خدشہ

    انگلینڈ کے اہم بیٹر جوئے روٹ دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن اپنی انگلی زخمی کروا بیٹھے جس کے باعث انھیں میدان سے باہر جانا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق وشاکاپٹنم میں بھارت کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلینڈ کے اسٹار بلے باز جو روٹ کو دائیں ہاتھی کی چھوٹی انگلی میں چوٹ لگ گئی۔ پہلے سیشن میں زخمی ہونے کے بعد انھیں میدان چھوڑنا پڑا۔

    بھارتی کے خلاف چوتھی اننگز میں جوئے روٹ کے بیٹنگ نہ کرنے کی صورت میں انگلینڈ کی پریشانی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    انگلش اسپنر ٹام ہارٹلے ایک لینتھ گیند کو شبمن گل نے پوری طاقت کے ساتھ کھیلا، اسی دورا ن سلپ میں موجود روٹ نے کیچ کرنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے ہاتھ سے لگ کر باؤنڈری کی طرف چلی گئی۔

    انگلش ٹیم مینجمنٹ ان کی فٹنس پر اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا کہ جو روٹ نے پہلے سیشن میں سلپ میں کھڑے روٹ نے کیچ لینے کی کوشش جس کی وجہ سے ان کی دائیں چھوٹی انگلی پر چوٹ لگی۔

    انگلینڈ کی میڈیکل ٹیم نے انھیں فی الحال گراؤنڈ سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ ان کی انگلی کا برف کی سیکائی کے ذریعے علاج جاری ہے۔

    ٹیم مینجمنٹ کا ان کی فیلڈ میں واپسی کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ اس مرحلے پر کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ وہ کب میدان میں واپس آئیں گے۔

    واضح رہے کہ وشاکا پٹنم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں میزبان بھارت نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 399 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    انگلش ٹیم نے تیسرے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 67 رنز بنا لیے ہیں جبکہ ہدف حاصل کرنے کے لیے اسے مزید 322 رنز کی ضرورت ہے۔

  • اولی پوپ بھارتی بولرز کے لیے درد سر بن گئے!

    اولی پوپ بھارتی بولرز کے لیے درد سر بن گئے!

    انگلش بیٹر اولی پاپ ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے حیدرآباد ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھارتی بولرز کے لیے درد سر بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 190 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد انگلش ٹیم کے لیے کافی مشکلات کھڑی ہوگئی تھیں۔ آثار نظر آرہے تھے کہ شاید ٹیسٹ تیسرے یا چوتھے روز ہی اختتام پذیر ہوجائے۔

    تاہم ون ڈاؤن بیٹر اولی پاپ نے مرد آہن کا کردار ادا کرتے ہوئے 208 بالز پر 148 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں واپس لے آئے ہیں، ان کی اننگز میں 17 چوکے بھی شامل ہیں۔

    بھارتی بولرز اپنی سرتوڑ کوشش کے باوجود اولی کی وکٹ لینے میں ناکام رہے ہیں اور وہ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ہیں۔ ان کا ساتھ دینے کے لیے کریز پر ریحان احمد 16 رنز بنا کر موجود ہیں۔

    انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنالیے ہیں اور اسے میزبان بھارت کے خلاف 126 رنز کی اہم برتری حاصل ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 246 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں بھارت نے 436 رنز اسکور کیے تھے۔

  • انگلش ’باز بال‘ کرکٹ کے مقابلے کیلئے ہمارے پاس ’ویرات بال‘ ہے، گواسکر

    انگلش ’باز بال‘ کرکٹ کے مقابلے کیلئے ہمارے پاس ’ویرات بال‘ ہے، گواسکر

    بھارت کے لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر نے انگلینڈ کی ’باز بال‘ کرکٹ کا توڑ کرنے کے لیے ’ویرات بال‘ کا حل پیش کردیا ہے۔

    سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ آئندہ ٹیسٹ سیریز میں انگش ٹیم کی ’باز بال‘ کرکٹ کا مقابلہ کرنے کے بھارت کے پاس ’ویرات بال‘ موجود ہے۔ کوہلی کی نصف سنچریوں اور سنچریوں کی تعداد تقریباً یکساں ہے، وہ ففٹی کو سنچری میں بدلنے کا ہنر جانتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت کوہلی جس طرح بیٹنگ کررہے ہیں وہ کافی اچھی فارم میں لگ رہے ہیں۔ اس فارمیٹ میں ہمارے پاس ویرات کوہلی ہے جو انگلینڈ کی ’باز بال‘ کرکٹ کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

    گواسکر کا کہنا تھا کہ پچھلے ایک دو سالوں سے انگلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی طرز کا اپنایا ہے۔ وہ جارحانہ طرز عمل اپناتے ہیں اور ان کے بیٹرز اٹیک کرتے ہیں۔ وہ صورتحال سے قطع نظر اٹیکنگ کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارتی اسٹار بیٹر اس وقت کافی عمدہ فارم میں موجود ہیں، انھوں نے آی سی سی ورلڈکپ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنائے تھے اور مین آفی دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

    اس کے علاوہ 35 سالہ ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی خطرناک پچز پر اچھی بیٹنگ کی تھی جبکہ اکثر بھارتی بیٹر وہاں ناکام رہے تھے۔

  • ’ڈک‘ پر آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی آپے سے باہر ہوگئے، ویڈیو وائرل

    ’ڈک‘ پر آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی آپے سے باہر ہوگئے، ویڈیو وائرل

    انگلینڈ کے خلاف ’ڈک‘ کی ہزیمت سے دوچار ہونے کے بعد بھارتی بیٹر ویرات کوہلی غصے میں آگئے اور ڈریسنگ روم میں جاکر عجیب حرکت کی۔

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں بھارت اور انگلینڈ کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے مگر 9 بالز کھیل کر بھی وہ کوئی رن اسکور نہ کر سکے اور صفر پر آؤٹ ہو کر چلتے بنے.

    ڈیوٹ ویلی کی گیند پر مڈ آف پر بین اسٹوکس نے ان کا کیچ لیا، آؤٹ ہونے کے بعد جب بھارتی بیٹر واپس پویلین آئے تو آپے سے باہر ہوگئے اور سارا غصہ صوفے پر اتار دیا۔

    ویرات کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ڈریسنگ روم میں غصے اور مایوسی سے صوفے کو مکا مار رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ اس سال ون ڈے انٹرنیشلز میں ویرات کوہلی کا پہلا ڈک ہے۔ وہ آئی سی سی ورلڈکپ میں بہترین فارم میں ہیں اور اب تک 6 میچز میں 354 رنز اسکور کرچکے ہیں۔

  • ورلڈ کپ: انگلش بولرز نے بھارتی ٹیم کو 229 رنز تک محدود کردیا

    ورلڈ کپ: انگلش بولرز نے بھارتی ٹیم کو 229 رنز تک محدود کردیا

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 29 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے اب تک کی ناقابل شکست ٹیم بھارت کو 230 رنز کا ہدف دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلش بولرز نے بھارتی بلے بازوں کو قابو کرتے ہوئے انھیں صرف 229 رنز تک محدود رکھا۔ 50 اوورز میں میزبان ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا سکی۔

    کپتان روہت شرما 87 رنز بنا کر نمایا رہے جبکہ مڈل آرڈربیٹر سوریا کمار یادیو 49 اور کے ایل راہول 39 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ ویرات کوہلی کو صفر کی خفت سے دوچار ہونا پڑا۔

    انگلینڈ کی جانب سے ڈیوٹ ویلی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 45 رنز دے کر 3 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ کرس ووئیکس اور عادل رشید بھی کفایت بولنگ کرتے ہوئے دو، دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

    اس سے قبل لکھنو کے اٹل بہاری باجپائی اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کے 29 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے میزبان انڈیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ انگلش کپتان کا یہ فیصلہ بولرز نے ابتدا میں 3 وکٹیں لے کر درست ثابت کر دیا۔

    40 رنز پر تین وکٹیں گر جانے کے بعد کپتان روہت شرما اور کے ایل راہول نے احتیاط کا دامن تھامتے ہوئے اسکور بورڈ کو آہستہ آہستہ متحرک رکھا۔ اس دوران شرما نے میگا ایونٹ میں اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کی۔

    بھارت کا 30 اوور میں اسکور 131 رنز تک پہنچا تھا کہ کے ایل راہول نے ویلے کو اونچا شاٹ مارنے کی ناکام کوشش کی اور باؤنڈری لائن کے قریب جونی برسٹو کا کیچ بن گئے۔ دونوں بیٹرز کے درمیان 91 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔

    اس سے قبل انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ٹورنامنٹ میں اچھا نہیں کھیل سکے ہیں تاہم آج ٹاپ ٹیم کے خلاف اچھا پرفارم کرنا اور اپنا بہترین کھیل دکھانا چاہتے ہیں۔

    بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں ٹاس سے اتنا فرق نہیں پڑتا اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت کی فتوحات لگا تار تو انگلش ٹیم مسلسل شکستوں سے دو چار ہے۔ میگا ایونٹ میں انڈیا اب تک اپنے پانچوں میچ جیت کر نا قابل شکست اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جب کہ انگلینڈ نے پانچ میں سے صرف ایک میچ جیتا ہے اور دو پوائنٹ کے ساتھ سب سے نچلی (دسویں) پوزیشن پر ہے۔

  • سہ ملکی سیریز، انگلینڈ نے بھارت کو 9 وکٹوں سے ہرادیا

    سہ ملکی سیریز، انگلینڈ نے بھارت کو 9 وکٹوں سے ہرادیا

    برسبین: ورلڈ کپ سے قبل ورلڈ چیمپئین بھارتی ٹیم کی تیاریوں کا پول کھل گیا، سہ ملکی سیریز کے میچ میں انگلینڈنے نو وکٹوں سے عبرتناک شکست دے دی۔

    برسبین میں بھارت کا غرور خاک میں مل گیا، انگلینڈ نے ورلڈ چیمپئینز کو دھول چٹادی، بیٹنگ پر بھروسہ کرنے والی بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر بلے بازوں کو آزمایا لیکن کوئی بھی کام نہ آیا۔

     انگلش بولرز نے بھارتی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا، ورلڈ چیمپئینز کا چالیسویں اوور میں ایک سو تریپن پر بوریا بستر گول ہوگیا۔ فن نے پانچ اور اینڈرسن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

     جواب میں انگلینڈ نے ہدف باآسانی ایک وکٹ پر حاصل کرلیا، این بیل نے ناٹ آؤٹ اٹھاسی اور جیمز ٹیلر نے چھپن رنز کی اننگز کھیلی، بھارت کی اس سیریز میں یہ مسلسل دوسری ناکامی ہے۔