Tag: انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ

  • انگلش فاسٹ بولر ایٹکنسن نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کرلی

    انگلش فاسٹ بولر ایٹکنسن نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کرلی

    ویلنگٹن ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر گس ایٹکنسن نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کرلی۔

    نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سے ویلنگٹن ٹیسٹ بھی نکلنے لگا ہے، دو روز میں انگلینڈ کی دوسرے ٹیسٹ میچ پر بھی گرفت مضبوط ہوگئی ہے۔

    انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف 533 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی ہے۔

    دوسرے روز انگلینڈ نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 378 رنز بنالیے، کیوی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 125 رنز پر ڈھیر ہوئی۔

    فاسٹ بولر ایٹکنسن اور برائیڈن کارس نے چار، چار شکار کیے۔

    تاہم فاسٹ بولر ایٹکنسن نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کی، انہوں نے نیتھن اسمتھ کو 14 رنز پر بولڈ کیا پھر میٹ ہنری اور ٹم ساؤتھی کو کھاتا کھولے بغیر پویلین روانہ کیا۔

    ایٹکنسن ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے 15ویں انگلش بولر بن گئے ہیں اس سے قبل معین علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف 2017 میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔

    انگلش فاسٹ بولر ہیٹ ٹرک اسکور کرکے لیجنڈز اسٹیورٹ براڈ، جسپریت بمراہ اور شین وارن کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف اس سے قبل مارس ایلم اور ریان سائیڈ بوٹم ہیٹ ٹرک کرچکے ہیں۔

  • انگلینڈ پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا ، نیوزی لینڈ کو شکست

    انگلینڈ پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا ، نیوزی لینڈ کو شکست

    لندن: انگلینڈ پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا، نیوزی لینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، سپر اوور میں میچ برابر ہونے پر زائد باؤنڈریز پر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا، بین اسٹوکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، کیوی کپتان ولیم سن پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، سپر اوور میں بھی میچ 15،15 رنز سے برابر ہوا تو انگلش ٹیم کو اننگز میں زائد باؤنڈریز پر فائنل کا فاتح قرار دیا گیا، نیوزی لینڈ کو مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو سپر اوور میں جیت کے لیے 16 رنز کا ہدف دے دیا، نیوزی لینڈ نے سپر اوور میں 15 رنز بنا سکی، آخری ایک بال پر دو رنز درکار تھے جب جمی نیشم اور مارٹن کپٹل نے دو رنز لینے کی کوشش کی اور گپٹل رن آؤٹ ہوئے۔

    اس سے قبل نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا تھا آخری گیند پر انگلش کھلاڑی مارک ووڈ رن آؤٹ ہوئے اور میچ برابر ہوگیا جس کے سبب میچ کا فیصلہ سپر اوور پر کیا گیا۔

    انگلش ٹیم کی جیت میں بین اسٹوکس اور جوز بٹلر نے اہم کردار ادا کیا، بین اسٹوکس نے 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ جوز بٹلر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جیسن رائے 17، جونی بیرسٹو 36 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جو روٹ اور اوئن مورگن نے 7 اور 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    کرس ووکس 2 رنز بنا کر فرگیوسن کا نشانہ بنے، لیام پلنکٹ کو 10 رنز پر جمی نیشم نے آؤٹ کیا، جوفرا آرچر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، عادل رشید اور مارک ووڈ بھی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے۔

    نیوزی لینڈ نے فاسٹ بولر فرگیوسن اور جمی نیشم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، میٹ ہینری اور گرینڈ ہوم ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    قبل ازیں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے تھے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا تھا، لیام پلنکٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کیوی ٹیم کی پہلی وکٹ 29 رنز پر گری جب مارٹن گپٹل 19 رنز بنا کر ووکس کا نشانہ بنے۔

    کیوی کپتان کین ولیم سن 30 رنز بنا کر پلنکٹ کی گیند پر بٹلر کو کیچ دے بیٹھے، ہینری نکولس نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، روس ٹیلر 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    جمی نیشم 19 رنز بنا کر پلنکٹ کا شکار بنے، کولن ڈی گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر ووکس کو وکٹ دے بیٹھے، وکٹ کیپر ٹام لیتھم 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، میٹ ہینری 4 رنز بنا کر آرچر کا نشانہ بنے۔

    انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کرس ووکس نے دو جبکہ جوفرا آرچر اورمارک ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    یاد رہے کہ میگا ایونٹ کے گروپ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 119 رنز سے شکست دی تھی۔

    انگلینڈ کی ٹیم اب تک تین ورلڈ کپ کے فائنل کھیل چکی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا یہ لگاتار دوسرا فائنل تھا۔ لارڈز میں 1979میں انگلینڈ کو فائنل میں ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی جبکہ1992 کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

    چیسٹرلی اسٹریٹ: ورلڈ کپ 2019 کے 41ویں میچ میں انگش ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 119 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، نیوزی لینڈ کے رن ریٹ بہتر ہونے کی وجہ سے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات بڑھ گئے، پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیسٹرلی میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلش ٹیم کی جانب سے دئیے جانے والے 306 رنز ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 45 اوورز میں 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جونی بیرسٹو کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

     ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، کیوی ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں 14 رنز پر گر گئیں، مارٹن گپٹل 8 اور نکولس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    کیوی کپتان کین ولیم سن 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، روس ٹیلر بھی 28 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، ٹام لیتھم کے 57 رنز بھی نیوزی لینڈ کو شکست سے نہ بچاسکے، لیتھم کو پلنکٹ نے آؤٹ کیا۔

    جمی نیشم 19 رنز بنا کر مارک ووڈ کا شکار بنے، کولن ڈی گرینڈ ہوم 3 رنز بنا آؤٹ ہوئے، مچل سینٹنر 12 رنز پر ہمت ہارگئے، ہینری کو 7 رنز پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا، ٹرینٹ بولٹ 4 رنز بناکر اسٹمپڈ ہوئے۔

    انگلینڈ کے مارک ووڈ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کرس ووکس، جوفرا آرچر، پلنکٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل چیسٹرلی میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلش ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کوجیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا تھا، ٹرینٹ بولٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    انگلینڈ کے اوپنرز نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا، انگلش ٹیم کی پہلی وکٹ 123 رنز پر گری جب جیسن رائے 60 رنز بنا کر نیشم کا شکار بنے، جو روٹ 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    جونی بیرسٹو نے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 15 چوکے شامل تھے، بیرسٹو کو ہینری نے بولڈ کیا، جوز بٹلر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    اوئن مورگن 42 رنز بنا کر ہینری کا شکار بنے، بین اسٹوکس 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کرس ووکس 4 رنز بنا کر نیشم کی گیند پر ولیم سن کو کیچ دے بیٹھے۔

    عادل راشد 16 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہوئے، لیام پلنکٹ 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ، ہینری اور جمی نیشم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، مچل سینٹنر اور ٹم ساؤتھی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آسکی۔

    اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج نیوزی لینڈ اور انگلینڈ مدمقابل ہیں۔ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کےخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ کے 41 ویں میچ میں آج نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں چیسٹر لی کے میدان میں مدمقابل ہیں۔

    انگلینڈ کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے اور سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے اسے آج کے میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔

    آج کے میچ میں نیوزی لینڈ کی شکست کی صورت میں انگلینڈ فائنل 4 کی چوتھی ٹیم بن سکتا ہے، دوسری جانب نیوزی لینڈ شکست کے باوجود 11 پوائنٹس پر رہتے ہوئے محفوظ ہوگا۔

    اگر آج نیوزی لینڈ انگلینڈ سے بڑے مارجن سے ہارے اور بعد میں پاکستان بنگلہ دیش سے بھی بڑے مارجن سے جیتے تب نیوزی لینڈ کی پوزیشن کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن کا کہنا تھا کہ پچ دوسری اننگز میں سلو ہو جاتی ہے، کوشش کریں گے بڑا اسکور کریں۔ بھارت کے خلاف میچ سے اعتماد ملا۔

    نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، کم ہدف کے لیے اچھی باؤلنگ کرنا ہوگی۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں آئن مورگن (کپتان)، جیسن رائے، جونی برسٹو، جو روٹ، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، کرس ووکس، لیام پلنکٹ، جوفرا آرچر، عادل رشید اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، ٹم ساؤتھی، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔