Tag: انگلینڈ سیریز

  • اے آر وائی نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کر لیے

    اے آر وائی نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کر لیے

    لاہور: اے آر وائی نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کر لیے، بانی اور چیف ایگزیکٹو اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ اے آر وائی کیمونیکشنز نے ایک بار پھر پی سی بی کے ٹینڈر میں سب سے بڑی بولی لگائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کیمونیکشنز نے جون میں کھیلے جانے والے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور ستمبر میں انگلینڈ کے خلاف شیڈول 7 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز کی پاکستان میں لائیو اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔

    اے آر وائی کیمونیکشنز نے یہ حقوق ٹینڈر کے ایک شفاف عمل کے ذریعے حاصل کیے ہیں۔

    چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی فروخت پر بہت خوش ہیں، اس معاہدے کے تحت لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی مد میں ہونے والا اضافہ بحیثیت ایک برانڈ، پاکستان کرکٹ کی مارکیٹ ویلیو کی عکاسی کرتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وہ ٹینڈر کے تحت لائیو اسٹریمنگ رائٹس جیتنے پر اے آر وائی کیمونیکشنز کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، اس تازہ ترین معاہدے سے دونوں فریقوں کی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔

    بانی اور چیف ایگزیکٹو اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ اے آر وائی کیمونیکشنز ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے وائٹ بال میچز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کا آفیشل لائیو اسٹریمنگ پارٹنر بننے پر فخر محسوس کرتا ہے، خوشی ہے کہ اے آر وائی کیمونیکشنز نے ایک بار پھر پی سی بی کے ٹینڈر میں سب سے بڑی بولی لگائی ہے۔

    سلمان اقبال نے کہا کہ براڈ کاسٹ انڈسٹری کے علم بردار کی حیثیت سے انھوں نے فینز کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کو ترجیح دی، ناظرین کو اب اپنے موبائل فون سے خبروں، حالات حاضرہ، تفریح، اور کھیلوں سمیت وسیع مواد کی بہ آسانی رسائی ممکن ہے۔

    انھوں نے کہا وہ پر امید ہیں کہ رواں سال شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم سنسنی خیز کرکٹ کھیلے گی۔

  • سابق آسٹریلوی کرکٹر نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کے حوالے سے خبردار کر دیا

    سابق آسٹریلوی کرکٹر نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کے حوالے سے خبردار کر دیا

    کراچی: سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہوگ نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کی صلاحیت کے حوالے سے خبردار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ نے انگلینڈ کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان اسکواڈ اس کے خلاف اپ سیٹ کر سکتا ہے۔

    کرکٹ کے تمام فارمیٹ کھیلنے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ٹور کے لیے منتخب کیا گیا 29 رکنی پاکستانی اسکواڈ میزبان ٹیم کو اس کے میدان میں ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ

    بریڈ ہوگ دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم میں شامل رہے ہیں، انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے امید ہے گرین شرٹس پوری طرح تیار ہیں اور سیریز بہت دل چسپ رہے گی۔

    انھوں نے پاکستانی اسکواڈ سے امید وابستہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپ سیٹ کر سکتا ہے، اور امید ہے کہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہونے سے قبل اسے معیاری پریکٹس بھی ملے گی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی کا شیڈول تیار

    دریں اثنا، پاکستان انڈر 19 کے بیٹسمین حیدر علی کو بھی انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز سیریز کے لیے 29 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو اگست اور ستمبر میں کھیلی جائیں گی۔

    انگلینڈ ٹیم کے دھواں دار بلے باز اور پشاور زلمی میں حیدر علی کے ساتھی کھلاڑی ٹام بینٹن نے انگلینڈ کے خلاف پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر حیدر علی کو مبارک باد دی ہے۔ ٹام بینٹن نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ انٹرنیشنل کال پر آپ کو شاباش ہے۔

    واضح رہے کہ حیدر علی کا 2019-20 کا سیزن زبردست رہا، جس کی وجہ سے انھیں 2020-21 سیزن کا کنٹریکٹ بھی ملا۔