Tag: انگلینڈ

  • اسکولوں کے باہر گاڑیوں کی آمد و رفت روکنے پر غور

    اسکولوں کے باہر گاڑیوں کی آمد و رفت روکنے پر غور

    لندن: انگلینڈ میں طبی و ماحولیاتی ماہرین نے اسکولوں کے باہر کاروں کی موجودگی پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دے دی تاکہ اسکول کے قریب فضائی آلودگی میں کمی کی جاسکے۔

    پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ اسکولوں کے قریب گاڑیاں کھڑی کرنے پر پابندی عائد کی جائے اور الیکٹرک کارز کے لیے ترجیحی بنیادوں پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے۔

    اسکولوں کے باہر سے گاڑیوں کو ہٹانے کی تجویز اس لیے دی گئی ہے تاکہ بچے پیدل چلیں، سائیکل پر سفر کریں اور فضائی آلودگی کے خطرناک نقصانات سے کسی حد تک محفوظ رہیں۔

    ادارے کے ڈائریکٹر ہیلتھ پروٹیکشن پروفیسر پال کوسفورڈ کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں ہر سال 35 سے 40 ہزار افراد فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں کے سبب ہلاک ہوجاتے ہیں۔

    ان کے مطابق نہ صرف اسکول بلکہ اسپتالوں اور کیئر ہومز کے باہر بھی کاروں کی آمد و رفت کو کم سے کم کیا جائے۔

    خیال رہے کہ اس وقت برطانیہ میں فضائی آلودگی کو صحت کے لیے بڑا خطرہ سمجھا جاتا ہے اور برطانیہ کے شہری اس سے امراض قلب، فالج، سانس کے امراض اور پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہورہے ہیں۔

    کچھ عرصہ قبل اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فضائی آلودگی سے ہر سال دنیا بھر میں 70 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہورہے ہیں۔

    رپورٹ کےمطابق آلودگی پر قابو نہ پایا گیا تو سنہ 2030 سے 2050 کے درمیان فضائی آلودگی سے مرنے والوں کی سالانہ تعداد 70 لاکھ سے دگنی ہوجائے گی۔

  • ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو7وکٹوں سے ہرادیا پانچ میچوں کی سیریز2-2 سے ڈرا

    ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو7وکٹوں سے ہرادیا پانچ میچوں کی سیریز2-2 سے ڈرا

    سینٹ لوشیا : ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو پانچویں ون ڈے میں سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ڈرا کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹ لوشیا میں ہونے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلش پلئیرز کو دھول چٹادی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم صرف ایک سو تیرہ رنز ہی اسکور کر سکی۔

    اوشین تھامس نے پانچ بلے بازوں کا شکار کیا، ہدف کے تعاقب میں کرس گیل کا انگلش بالرز پر لاٹھی چارج جاری رہا، یونیورس باس نے اپنی اننگز میں نو چھکے اور پانچ چوکے لگائے، کرس گیل شاندار پرفارمنس کی وجہ سے مین آف دی سیریز قرار پائے۔

  • وہیل چیئر پر سجے عروسی لباس نے سب کی توجہ کھینچ لی

    وہیل چیئر پر سجے عروسی لباس نے سب کی توجہ کھینچ لی

    انگلینڈ میں عروسی ملبوسات کی ایک دکان میں وہیل چیئر پر سجے عروسی لباس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔

    انگلینڈ کے قصبے پرٹی شیڈ میں ’دا وائٹ کلیکشن‘ نامی عروسی ملبوسات کے بوتیک نے اپنے ڈسپلے پر وہیل چیئر سجائی جس میں ڈمی نے عروسی لباس پہن رکھا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس اقدام کی نہایت حوصلہ افزائی کی گئی۔

    ایک صارف نے لکھا کہ یہ منظر دیکھنا بہت زیادہ خوشگوار تو نہیں تاہم یہ پہلی بار ہے جب کسی معذوری کو ڈسپلے پر پیش کیا گیا ہے۔

    ٹویٹر پر ایک معذور خاتون نے لکھا کہ وہ خود بھی وہیل چیئر کی محتاج ہیں اور ڈسپلے کو دیکھ کر انہیں یوں لگ رہا ہے کہ پہلی بار ان کی نمائندگی کی جارہی ہے۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں جب بھی کبھی شادی کا موقع آیا تو وہ خریداری کے لیے ایسی ہی جگہ پر جانا چاہیں گی جہاں ان کی معذوری اور وہیل چیئر کو قبول کیا جائے۔

    بوتیک کی مالک کارا ایلن کا کہنا ہے کہ اس ڈسپلے پر انہیں مثبت اور منفی دونوں طرح کے تاثرات موصول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شادی کرنا ہر شخص کا حق ہے، چاہے آپ جیسے بھی دکھائی دیں لیکن یہ آپ کے لیے بہت اہم دن ہوتا ہے۔

    ایلن کا کہنا ہے کہ اس ڈسپلے کو پیش کرتے ہوئے انہیں موصول ہونے والی حوصلہ افزائی کی توقع نہیں تھی اور وہ اس پر بے حد خوش ہیں۔

  • آج سے الیسٹر کک کو "سر” کہا جائے!

    آج سے الیسٹر کک کو "سر” کہا جائے!

    لندن: انگلش ٹیم کے سابق کپتان نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرکے سن 2018 کو اپنے لیے یادگار بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان الیسٹر کک کو ‘سر’ کے خطاب سے نوازا گیا ہے، ریکارڈ ساز بلے باز ‘سر’ کا خطاب حاصل کرنے والے گیارہویں انگلش کرکٹر ہیں۔

    الیسٹر کک نے ستمبر 2018 میں بھارت کے خلاف ہوم سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

    سابق انگلش کپتان کا شمار عہد جدید کے نمایاں کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، انھوں نے160 ٹیسٹ، 92 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی۔

    ٹیسٹ کرکٹ میں انھوں نے 12 ہزار  رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ ون ڈے میں انھوں نے 3 ہزار بنائے۔


    مزید پڑھیں: ہیڈ‌ کوچ مکی آرتھر کے غصے کی وجہ سامنے آگئی


    انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 32 سنچریاں اور 56 نصف سنچریاں اسکور کیں، ایک روزہ کرکٹ میں انھوں نے 5 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں بنائیں۔

    25 دسمبر 1984 کو پیدا ہونے والے بلے باز کو اب حکومت برطانیہ نے سر کا خطاب عطا کیا ہے۔

    انڈیا کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اس بلے باز نے یکم  مارچ  2006 کو  انڈیا ہی کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔

    یہ امر بھی دل چسپ ہے کہ سری لنکا کے خلاف پہلا ون ڈے کھیلنے والا یہ کھلاڑی اسی ایشیائی ٹیم کے خلاف آخری بار ون ڈے کھیلنے کے لیے میدان میں اترا تھا۔

  • زنجیروں میں قید نایاب کتابیں

    زنجیروں میں قید نایاب کتابیں

    کیا آپ جانتے ہیں ایک زمانے میں کتابوں کو زنجیر سے باندھ کر رکھا جاتا تھا تاکہ کوئی انہیں چرا نہ سکے؟

    یہ قصہ ہے سترہویں صدی کا جب نایاب اور قدیم کتابوں کو چوری ہونے سے بچانے کے لیے زنجیروں سے منسلک کردیا جاتا تھا۔

    زنجیروں میں قید کتابوں پر مشتمل ایسی ہی ایک لائبریری اب بھی موجود ہے۔

    انگلینڈ کے علاقے ہرفورڈ کے کلیسا میں موجود یہ لائبریری اپنی نوعیت کی انوکھی لائبریری ہے۔ یہ کتب خانہ سنہ 1611 میں بنایا گیا اور یہاں 15 سو کتابیں موجود ہیں جو تمام نہایت قدیم اور نایاب ہیں۔

    یہی نہیں ان کتابوں کو آج بھی اسی طریقے سے رکھا جاتا ہے جیسے صدیوں قبل رکھا جاتا تھا، یعنی زنجیروں سے باندھ کر۔

    کتب خانے کی منتظم بتاتی ہیں کہ جس ترتیب سے کتاب شیلف میں رکھی جاتی ہے تو کتاب کا نام والا حصہ سامنے ہوتا ہے، اگر وہاں زنجیر باندھی جائے تو زنجیر باآسانی کھینچ کر کتاب پھاڑی جا سکتی ہے۔

    اس کے برعکس کتابوں کے سرورق کے کونے پر زنجیر منسلک کی جاتی ہے۔ اس زنجیر کے ساتھ کتاب کو اگر روایتی طریقے سے رکھا جائے تو زنجیر کھینچنے سے کتاب کے پھٹنے کا خدشہ ہے۔

    چنانچہ ان کتابوں کو شیلف میں الٹا رکھا جاتا ہے یعنی صفحات سامنے کی طرف ہوتے ہیں۔

    کتابوں کی پہچان کے لیے ہر شیلف کے ایک طرف کتابوں کی فہرست بھی موجود ہے تاکہ مطلوبہ کتاب باآسانی ڈھونڈی جاسکے۔

    منتظم کے مطابق گو کہ ان زنجیروں کو کھولنے کے لیے نئی چابیاں بنا لی گئی ہیں تاہم ہمارے پاس قدیم اور اصل چابی اب بھی موجود ہے۔

    کتب خانے میں موجود قدیم کتابیں زیادہ تر سترہویں صدی کی ہیں، تاہم کچھ ایسی بھی ہیں جو بارہویں صدی میں لکھی گئیں اور سترہویں صدی میں ان کی جلد سازی کی گئی۔

    ان کتابوں کا رسم الخط بھی قدیم ہے جو اب تبدیل ہوچکا ہے۔

    بعض کتابوں میں تصاویر بھی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قرون وسطیٰ کی مصوری اور رنگوں کا استعمال کس طرح ہوتا تھا۔

    کیا آپ اس کتب خانے کا دورہ کرنا چاہیں گے؟

  • السٹر کک نے اپنے آخر ٹیسٹ میں‌ کئی ریکارڈز پاش پاش کر دیے

    السٹر کک نے اپنے آخر ٹیسٹ میں‌ کئی ریکارڈز پاش پاش کر دیے

    لندن: السٹر کک نے اپنے آخری ٹیسٹ میچ میں سنیچری داغ کر  کئی ریکارڈ توڑ  ڈالے اور  اپنے کیریر کے اختتام کو یادگار بنا دیا.

    تفصیلات کے مطابق اوول میں‌ انگلینڈ اور بھارت میں‌ جاری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز  میں السٹر کک نے شان دار سنیچری اسکور کی.

    انگلش بیٹسمین نے سری لنکا کے اسٹار کھلاڑی کمار سنگاکارا کو بھی پیچھے چھوڑدیا. انھوں‌ نے بائیں ہاتھ کے کامیاب ترین بلےباز کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

    یاد رہے کہ انگلینڈ کی تاریخ‌ کے کامیاب ترین بلے باز تصور کیے جانے والے السٹر کک نے اپنے ڈیبیو پر بھی سنچری اسکور کی تھی.

    کک کیریر کے پہلے اور اختتامی میچ سنچری بنانےوالے دنیا کے پانچویں بلے باز بن گئے۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل الیسٹر کک نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سریز کے بعد عالمی کرکٹ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا.

    ریٹائرمینٹ کا اعلان کرتے ہوئے 33 سالہ بلے باز نے کہا تھا ’ یہ نئے کھلاڑیوں کو آگے لانے کا بہترین موقع ہے‘۔

    عجیب اتفاق

    السٹر کک کے کیریر کی ابتدا اور اختتام میں‌ حیران کن مماثلت پائی جاتی ہے.

    کک نے پہلے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں‌ ففٹی اور دوسری میں‌سنچری اسکور کی تھی اور کیرئیرکے آخری میچ میں بھی انھوں نے ففٹی اور سنچری اسکور کی۔

  • انگلینڈ کے الیسٹر کک نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    انگلینڈ کے الیسٹر کک نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    لندن : انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز 33 سالہ الیسٹر کک نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سریز کا آخری میچ کھیلنے کے بعد عالمی کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ کے معروف بلے باز الیسٹر کک نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سریز مکمل کرنے کے بعد عالمی کرکٹ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ یہ نئے کھلاڑیوں کو آگے لانے کا بہترین موقع ہے‘۔

    انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز الیسٹر کک نے کہا ہے کہ ’میں گذشتہ چند ماہ سے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا سوچ رہا تھا اور باالاآخر اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ بھارت کے خلاف کھیلے جانے والی ٹیسٹ سریز کے آخری میچ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کروں گا‘۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ’آج کا دن میرے لیے بہت افسوس ناک ہے پھر بھی عالمی کرکٹ سے الگ ہونے کا فیصلہ ہستے ہوئے کررہا ہوں‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 33 سالہ کرکٹر الیسٹر کک نے کہا کہ ’اگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے کئی برسوں تک کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، جتنا میں نے سوچا تھا اس سے کیہں زیادہ حاصل کیا ہے‘۔

    سابق انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ آئندہ عالمی کرکٹ میں انگلینڈ کی نمائندگی نہیں کروں گا لیکن کاؤنٹی میچز ایسیکس کی جانب سے کھیلوں گا۔

    واضح رہے کہ 33 سالہ کھلاڑی الیسٹر کک نے اپنے عالمی کرکٹ کے کریئر کے دوران 160 ٹیسٹ، 92 ایک روزہ جبکہ 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، کک نے ٹیسٹ میچز میں 12 ہزار 254، ون ڈے میں 3 ہزار 204 اور ٹی ٹوئنٹی میں 61 بنائے تھے۔

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے ٹیسٹ میچز میں 32 سنچریاں اور 56 نصف سنچریاں، اور ون ڈے میں 5 سنچریاں جبکہ 19 نصف سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔

  • برمنگھم ٹیسٹ: کوہلی نے شاندار سنچری انوشکا کے نام کردی

    برمنگھم ٹیسٹ: کوہلی نے شاندار سنچری انوشکا کے نام کردی

    برمنگھم: بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے انگلینڈ کی سرزمین پر اپنی پہلی سنچری اہلیہ انوشکا شرما کے نام کردی، ویرات کوہلی نے 149 رنز کی اننگز کھیلی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت اور انگلینڈ کے درمیان برمنگھم میں کھیلے جانے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی سنچری نے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور منفرد انداز میں اس کا جشن بھی منایا۔

    بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے سنچری بنا کر اہلیہ انوشکا شرما کی طرف دیکھ کر شادی کی انگوٹھی اور چین کو چوما اور اہلیہ کی جانب بلا لہر کا جشن بھی منایا۔

    واضح رہے کہ کوہلی کو سنچری میں انگلش فیلڈرز کی ناقص کارکردگی بھی پیش پیش رہی، کوہلی کے دو کیچز ڈراپ ہوئے جس کے سبب انگلش ٹیم پہلی اننگز میں صرف 13 رنز کی برتری حاصل کرسکی۔

    ویرات کوہلی کی ٹیسٹ کرکٹ میں 22 ویں سنچری کے بعد اسٹینڈز میں موجود اداکارہ انوشکا شرما کیمرے کا محور بنی رہیں۔

    بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے کیرئئر کی دوسری بہترین اننگز ہیں، انہوں نے ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف 141 رنز کی اننگز کو اپنی کیریئر کی بہترین ٹیسٹ اننگز قرار دیا۔

    یاد رہے کہ برمنگھم ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا ہے، ہدف کے تعاقب میں بھارت اپنی تین وکٹیں گنوا بیٹھا ہے جب ویرات کوہلی کریز پر موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اٹلی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیفا ورلڈ کپ 2018: انگلینڈ سوئیڈن کو ٹھکانے لگا کر سیمی فائنل میں‌ پہنچ گیا

    فیفا ورلڈ کپ 2018: انگلینڈ سوئیڈن کو ٹھکانے لگا کر سیمی فائنل میں‌ پہنچ گیا

    ماسکو: فیفا ورلڈ کپ 2018 کے کوارٹر فائنل راﺅنڈ میں انگلینڈ نے بڑی فتح اپنے نام کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مقابلے میں سوئیڈن انگلینڈ ایک دوسرے کے مدمقابل آئے.

    یاد رہے کہ سوئیڈن سوئٹرزلینڈ، جب کہ انگلینڈ کولمبیا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل تک پہنچی تھیں۔

    دونوں یورپی ٹیموں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی تھی، میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دwسرے کے گول پوسٹ پر پے درپے حملے کیے۔

    جلد انگلینڈ کی ٹیم نے غلبہ پا لیا۔ 30 ویں منٹ میں ایک خوب صورت پاس کو ہیری میگییور نے نیٹ میں دھکیل دیا۔

    دوسرے ہاف میں سوئیڈن نے مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کی، مگر اس عمل سے اس کی دفاعی لائن میں دراڑ پڑ گئی اورڈیلی نے ہیڈ پر گول داغ کر اسکور دو صفر کر دیا۔

    سوئیڈن نے واپسی کی سرتوڑ کوشش کی، مگر کامیابی نہیں ملی اور یوں سابق چیمپین انگلینڈ نے ایک طویل عرصے بعد سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

    واضح رہے کہ یہ ورلڈ کپ کلی طور پر یورپی ٹیموں کے نام رہا ہے اور دیگر خطوں سے تعلق رکھنے والی تمام ٹیمیں ٹورنامینٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔


    فیفا ورلڈ کپ 2018: آخر عظیم کھلاڑی کیوں‌ ناکام ہوئے؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • قدیم محل کا بھوت اسی کا گارڈ نکلا

    قدیم محل کا بھوت اسی کا گارڈ نکلا

    انگلینڈ کے ایک قصبے میں واقع قدیم محل میں موجود بھوت کا معمہ حل ہوگیا۔ بھوت سمجھا جانے والا ہیولہ محل کا سیکیورٹی گارڈ نکلا۔

    پینٹن نامی قصبے میں واقع اولڈ وے مینشن میں بھوت کی موجودگی اس وقت سامنے آئی جب ایک خاتون نے وہاں کی ایک تصویر اتاری۔

    تصویر ان کے بیٹے کی تھی جو مینشن کے سامنے سائیکل چلا رہا تھا، تاہم اس تصویر میں کوئی اور بھی موجود تھا۔

    تصویر میں محل کے فرسٹ فلور پر موجود بالکونی میں کوئی کھڑا ہوا دکھائی دے رہا تھا جس نے سیاہ کوٹ زیب تن کر رکھا تھا۔

    خاتون یہ تصویر دیکھ کر نہایت خوفزدہ ہوگئیں۔ انہوں نے اس تصویر کو انٹرنیٹ پر اپلوڈ کردیا جس کے بعد پریشان اور خوفزدہ لوگ اس پر کمنٹس کرنے لگے۔

    تھوڑے ہی دن بعد محل میں تعینات سیکیورٹی گارڈ نے یہ بتا کر لوگوں کو حیران کردیا کہ کھڑکی پر کھڑی پراسرار شخصیت کوئی اور نہیں بلکہ وہ خود ہے۔

    گو کہ لوگوں نے اس بات پر یقین نہیں کیا تاہم دیگر سیکیورٹی گارڈز نے بھی اپنے ساتھی کی بات کی تصدیق کی۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی سال سے اس محل کی سیکیورٹی پر معمور ہیں اور اب تک کوئی بھی حیران کن بات سامنے نہیں آئی۔ ’اگر یہاں بھوت ہوتے تو اتنے سال میں ہمارا ان سے ٹکراؤ ضرور ہوتا‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔