Tag: انگلینڈ

  • ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: بارش کے باعث دوسرے دن کا کھیل روک دیا گیا

    ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: بارش کے باعث دوسرے دن کا کھیل روک دیا گیا

    ساؤتھمپٹن: انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل بارش کے باعث روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق میزبان ٹیم انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے رک گیا ہے۔

    انگلینڈ کی ٹیم چار وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنا چکی ہے اور کریز پر زیک کرولی اور جاز بٹلر موجود ہیں دونوں کے درمیان 200 سے زائد زنر کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔

    میزبان ٹیم کے کھلاڑی زیک کرولی ڈبل سنچری جبکہ جاز بٹلر اپنی سنچری کے قریب ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

    خیال رہے کہ زیک کرولی کی شان دار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنا لیے تھے۔

    واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

  • ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری

    ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری

    ساؤتھمپٹن: میزبان ٹیم انگلینڈ کی تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ساؤتھمپٹن میں کھیلے جا رہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں انگلش کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    میزبان ٹیم انگلینڈ کی جانب سے کپتان جو روٹ 6 رنز اور زک کرولی 48 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ ٹیم کا مجموعی اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز ہے۔

    انگلش ٹیم کی جانب سے روری جوزف برنس نے 6 رنز بنائے اور وہ شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ڈام سبلی 22 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پاک انگلینڈ سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ بھی بارش سے شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دی تھی جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، انگلش ٹیم کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

  • عجیب و غریب ساخت کا ’سر رکھنے والا‘ شخص

    عجیب و غریب ساخت کا ’سر رکھنے والا‘ شخص

    کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لوگ مختلف انداز میں اپنے منہ کو ڈھانپ رہے ہیں تاہم انگلینڈ کا ایک شہری اپنے منفرد کور کی وجہ سے لوگوں کا توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

    انگلینڈ کے شہر برسٹل کا رہائشی مائیکل شیڈ ورتھ اب سے نہیں بلکہ طویل عرصے سے یہ منی ایچر گارڈن اسٹرکچر اپنے سر پر پہن رہا ہے۔

    برسٹل کے گلی کوچوں میں وہ اسی شیڈ کے ساتھ گھومتے پھرتے ہیں اور اس کی وجہ سے لوگوں اور مقامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔

    مائیکل کو اس شیڈ کی وجہ سے ایک ملازمت کے لیے بھی مسترد کیا جاچکا ہے۔

    اس شیڈ کی وجہ سے ان کی شناخت اب تک چھپی ہوئی تھی تاہم کچھ عرصہ قبل انہوں نے ایک مقامی چینل کو پہلی بار انٹرویو دیا۔

    اپنے انٹرویو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ شیڈ دراصل ان کا سر ہے، ان کے والدین بھی ایسے ہی تھے۔

    مائیکل کا کہنا تھا کہ میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں اسے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے نہیں پہنتا بلکہ یہ میرے جسم اور میری زندگی کا حصہ ہے، یہ مجھے خدا کی طرف سے ملا ہے۔

    اس شیڈ سے اکثر موسیقی کی آوازیں بھی آتی ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ موسیقی ان کے اندر سے آتی ہیں۔

    مائیکل کا کہنا ہے کہ شاید لوگوں کو اچھا لگتا ہو کہ لوگ ان کے بارے میں باتیں کریں لیکن مجھے یہ بات سخت ناپسند ہے، میں ایک عام زندگی جینا چاہتا ہوں اور لوگوں اور میڈیا کی توجہ سے سخت بیزار ہوں۔

  • سابق آسٹریلوی کرکٹر نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کے حوالے سے خبردار کر دیا

    سابق آسٹریلوی کرکٹر نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کے حوالے سے خبردار کر دیا

    کراچی: سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہوگ نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کی صلاحیت کے حوالے سے خبردار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ نے انگلینڈ کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان اسکواڈ اس کے خلاف اپ سیٹ کر سکتا ہے۔

    کرکٹ کے تمام فارمیٹ کھیلنے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ٹور کے لیے منتخب کیا گیا 29 رکنی پاکستانی اسکواڈ میزبان ٹیم کو اس کے میدان میں ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ

    بریڈ ہوگ دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم میں شامل رہے ہیں، انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے امید ہے گرین شرٹس پوری طرح تیار ہیں اور سیریز بہت دل چسپ رہے گی۔

    انھوں نے پاکستانی اسکواڈ سے امید وابستہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپ سیٹ کر سکتا ہے، اور امید ہے کہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہونے سے قبل اسے معیاری پریکٹس بھی ملے گی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی کا شیڈول تیار

    دریں اثنا، پاکستان انڈر 19 کے بیٹسمین حیدر علی کو بھی انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز سیریز کے لیے 29 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو اگست اور ستمبر میں کھیلی جائیں گی۔

    انگلینڈ ٹیم کے دھواں دار بلے باز اور پشاور زلمی میں حیدر علی کے ساتھی کھلاڑی ٹام بینٹن نے انگلینڈ کے خلاف پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر حیدر علی کو مبارک باد دی ہے۔ ٹام بینٹن نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ انٹرنیشنل کال پر آپ کو شاباش ہے۔

    واضح رہے کہ حیدر علی کا 2019-20 کا سیزن زبردست رہا، جس کی وجہ سے انھیں 2020-21 سیزن کا کنٹریکٹ بھی ملا۔

  • بھارتی ٹیم کی شکست: مشتاق احمد کے بعد عبد الرزاق بھی بول پڑے

    بھارتی ٹیم کی شکست: مشتاق احمد کے بعد عبد الرزاق بھی بول پڑے

    لاہور: مایہ ناز سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ ورلڈکپ 2019 میں بھارتی ٹیم انگلش ٹیم کے خلاف میچ جان بوجھ کر ہاری۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بھارت ورلڈکپ 2019 میں انگلینڈ کے خلاف میچ جان بوجھ کر ہارا تھا.میں نے یہ بات اس وقت بھی کہی تھی۔

    سابق کرکٹر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ ہر کسی کی رائے یہی تھی،ایک شخص جو چھکے چوکے جڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے وہ بال کو بلاک کرتے رہا اور اسی سے ہی سب اندازہ ہو رہا تھا۔

    اس قبل انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے اپنی کتاب آن فائر میں ورلڈکپ 2019 کے گروپ راؤنڈ میں اپنی ٹیم کے خلاف بھارتی حکمت عملی پر سوال اٹھائے تھے۔انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا دارومدار بھارت کی فتح پر تھا لیکن کوہلی الیون کی شکست نے گرین شرٹس کو ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔

    ورلڈکپ 2019 میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے ساتھ بطور اسپین کنسلٹنٹ موجود سابق کرکٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ جیسے ہی بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی جیسن ہولڈر، کرس گیل اور آندرے رسل نے مجھے کہا کہ بھارتی ٹیم پاکستان کو سیمی فائنل میں نہیں دیکھنا چاہتی۔

    مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ انگلش کمنٹیٹرز ناصر حسین اور مائیکل ایتھرٹن نے بھی اس بات کی نشاندہی کی۔

  • کرونا وائرس کے شکار میاں بیوی کا انوکھا اقدام

    کرونا وائرس کے شکار میاں بیوی کا انوکھا اقدام

    انگلینڈ میں ایک جوڑے نے حکام کی جانب سے کرونا وائرس کا ٹیسٹ نہ کیے جانے کے بعد خود کو گھر میں قید کرلیا، جوڑے میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہورہی ہیں۔

    لیور پول کے رہائشی اس جوڑے کا کہنا ہے کہ ان کا ایک دوست چین سے واپس لوٹا تھا اور وہ اس سے ملنے گئے تھے۔

    43 سالہ گرے ویلز اور اس کی 37 سالہ اہلیہ لینی کا کہنا ہے کہ انہیں 10 دن قبل کرونا وائرس جیسی علامات ظاہر ہوئیں جن میں گلے کی سوزش اور سانس لینے میں تکلیف شامل تھی۔

    گرے کا کہنا ہے کہ اس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کر کے حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا، انہیں کہا گیا کہ 72 گھنٹوں کے اندر ان کے گھر پر ہی ان کے ٹیسٹ لے لیے جائیں گے لیکن 3 دن گزرنے کے باجود ابھی تک کوئی ان کے گھر پر نہیں آیا۔

    دونوں کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت انہوں نے خود کو گھر میں قید کرلیا ہے تاکہ وہ دوسروں میں وائرس پھیلانے کا سبب نہ بنیں۔

  • اسکوٹی لے کر بھاگنے والا چور ڈرامائی انداز میں گرفتار، ویڈیو وائرل

    اسکوٹی لے کر بھاگنے والا چور ڈرامائی انداز میں گرفتار، ویڈیو وائرل

    انگلینڈ میں ایک مشتبہ چور اس وقت پکڑا گیا جب فرار ہوتے وقت اس کا پاؤں ایک گھر کے جنگلے میں پھنس گیا۔

    انگلینڈ کے علاقے سنفن میں پیش آنے والے اس مضحکہ خیز واقعے کی ویڈیو ایک پولیس افسر نے بنائی جو غیر محسوس انداز میں چوروں کا پیچھا کر رہا تھا۔

    چوروں نے ایک اسکوٹی چرائی تھی اور وہ اس پر فرار ہورہے تھے۔ پولیس افسر نے اس طرح سے ان کے سامنے اپنی گاڑی روکی کہ جنگلے اور گاڑی کے درمیان بہت معمولی سی جگہ بچی۔

    تیزی سے نکلتی اسکوٹی جنگلے سے ٹکرائی اور ایک چور کا پاؤں اس میں پھنس گیا، وہ اسکوٹی سے نیچے گرا تو دوسرا چور تیزی سے اسکوٹی بھگا لے گیا تاہم بعد میں اسے بھی پکڑ لیا گیا۔

    چور کچھ منٹ تک اپنا پاؤں جنگلے سے چھڑانے کی کوشش کرتا رہا، اسی دوران ایک اور پولیس افسر نے قریب آ کر چور کو ہتھکڑی لگادی۔

    پولیس نے اپنے فیس بک صفحے پر لکھا، شکریہ سر، یہ بتانے کے لیے کہ آپ کا پاؤں پھنس گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق یہ دونوں چور اسکوٹی کو پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے فٹ پاتھ پر سے لے کر جا رہے تھے یہی وجہ ہے کہ وہ جنگلے سے ٹکرائے۔ دونوں چوروں کو گرفتار کر کے حوالات میں منتقل کردیا گیا۔

  • کرونا وائرس: اسپتال میں رکھے ہینڈ سینی ٹائزر چوری ہوگئے

    کرونا وائرس: اسپتال میں رکھے ہینڈ سینی ٹائزر چوری ہوگئے

    انگلینڈ کے علاقے نارتھ ہمپٹن کے ایک اسپتال نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے پیش نظر اسپتال میں داخل مریضوں کے پاس اور استقبالیہ ڈیسک پر رکھے ہینڈ سینی ٹائزر چرانا بند کردیں۔

    انگلینڈ کے اسپتال کو یہ اپیل اس وقت کرنی پڑی جب مذکورہ مقامات پر انتظامہ کی جانب سے رکھی گئی سینی ٹائزر کی بوتلیں تیزی سے غائب ہونا شروع ہوگئیں۔

    اسپتال نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ برائے مہربانی ہماری مدد کریں کہ ہم اپنے مریضوں کو اس جان لیوا وائرس سے بچا سکیں، اور صفائی کے لیے رکھی چیزیں اٹھانا بند کردیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وارڈ مینیجرز کو بھی ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ اسپتال میں رکھی مذکورہ اشیا کی نگرانی کریں۔

    اسپتال انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جس طرح برطانیہ میں کرونا وائرس کا خوف بڑھ رہا ہے اس سے امکان ہے کہ سینی ٹائزر کی قلت نہ پیدا ہوجائے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں اب تک کرونا وائرس کے 206 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    برطانیہ سمیت کرونا وائرس 103 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 6 ہزار 211 ہو گئی ہے۔

    چین کے بعد سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 233 ہو گئی، دنیا بھر میں وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہزار 600 ہوگئی ہے، جبکہ 60 ہزار 190 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس سے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی خوفزدہ

    کرونا وائرس سے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی خوفزدہ

    کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کو خوفزدہ کر رکھا ہے وہیں کھلاڑی بھی اس کے خوف سے محفوظ نہیں، انگلینڈ ٹیم کے کھلاڑی دورہ سری لنکا کے دوران مصافحہ کرنے کے بجائے مکے ٹکرا کر ایک دوسرے سے ملیں گے۔

    انگلینڈ کی ٹیم اس سے قبل دورہ جنوبی افریقہ کے دوران فلو اور گیسٹرو انٹرائٹس کا شکار ہوچکی تھی اب کرونا وائرس کا خدشہ ان کے سر پر منڈلا رہا ہے۔

    انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جوروٹ کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی میڈیکل ٹیم کی جانب سے ہدایات ملی ہیں کہ کم سے کم جسمانی رابطے سے، کرونا سمیت دیگر بیماریوں کے جراثیم سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیم کی ہدایات کے مطابق ہم ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کر رہے، اس کی جگہ مکے ٹکرا کر ایک دوسرے سے ملیں گے۔

    جوروٹ کا کہنا تھا کہ ہم باقاعدگی سے ہاتھ دھو رہے ہیں اور صفائی کا خیال رکھ رہے ہیں، مینجمنٹ کی جانب سے ہمیں دیے گئے امیونٹی پیکٹ میں جراثیم کش جیلز اور وائپس موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم دورہ سری لنکا کے دوران پہلے 2 پریکٹس میچز کھیلے گی، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 19 مارچ سے کولمبو میں پہلا ٹیسٹ میچ، اور 27 مارچ سے دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

    سری لنکا میں چند روز قبل ہی کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی گئی ہے لیکن جوروٹ کو امید ہے کہ ان کا ٹور شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔

  • اسکول کے ساتھ ٹرپ پر جانے والا 6 سالہ بچہ لاپتہ

    اسکول کے ساتھ ٹرپ پر جانے والا 6 سالہ بچہ لاپتہ

    انگلینڈ میں اسکول کے ساتھ ٹرپ پر جانے والا 6 سالہ بچہ لاپتہ ہوگیا، تاہم 9 گھنٹے کی ان تھک تلاش کے بعد پولیس نے بچے کو بحفاظت ڈھونڈ نکالا۔

    یہ واقعہ انگلینڈ کے قصبے ملٹن کینز میں پیش آیا جہاں ایک مقامی اسکول اپنے طالب علموں کو میوزیم آف لندن کی سیر کروانے لے گیا۔ واپسی میں اسکول بس ایک سروس اسٹیشن پر رکی تاکہ طالب علم بیت الخلا استعمال کرسکیں اور یہیں عادل عمیر رحیم نامی 6 سالہ بچہ لاپتہ ہوگیا۔

    لڑکے کی گمشدگی کا علم ہوا تو رضا کاروں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد بچے کو ڈھونڈنے نکل کھڑی ہوئی۔ پولیس نے بھی اپنی کوششیں جاری رکھیں اور اس دوران بچے کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا گیا۔

    9 گھنٹے بعد بچہ ایک سڑک کے کنارے بیٹھا ہوا مل گیا، یہ جگہ سروس اسٹیشن سے کوئی نصف میل دور تھی۔

    بچہ سردی سے اکڑا ہوا بیٹھا تھا، اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹرز نے اسے بالکل تندرست قرار دے دیا۔

    بچے کے مل جانے کے بعد بچے کے اہلخانہ نے سکون کا سانس لیا۔ تلاش کے عمل میں پولیس اہلکاروں اور عام افراد سمیت تقریباً 1 ہزار افراد نے حصہ لیا۔

    بچے کے والد کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچے کے بحفاظت مل جانے پر بے حد خوش ہیں اور خدا کا شکر ادا کرتے ہیں، انہوں نے بچے کو تلاش کرنے والے تمام افراد کا بھی بے حد شکریہ ادا کیا۔