Tag: انگلینڈ

  • آئی سی سی نے سپر اوور کا قانون بدل دیا

    آئی سی سی نے سپر اوور کا قانون بدل دیا

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سپر اوور کا قانون بدل دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سپر اوور کے قانون میں تبدیلی کردی جس کے بعد زیادہ باؤنڈریز پر ٹیم کو فاتح قرار دینے کا قانون ختم ہوگیا ہے۔

    آئی سی سی رپورٹ کے مطابق سپر اوور میں زیادہ رنز بنانے والی ٹیم اب فاتح ہوگی، سپر اوور میں میچ برابر رہا تو ایک اور سپر اوور کرایا جائے گا۔

    دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمن ایونٹس کی انعامی رقم میں 26 لاکھ ڈالرز کا اضافہ کردیا جس کے مطابق ویمن ورلڈ ٹی ٹوینٹی کی فاتح ٹیم کو 10 لاکھ ڈالرز ملیں گے اور رنر اپ ٹیم کو 5 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

    واضح رہے کہ لارڈز میں کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل کے آخری اوور میں انگلینڈ کو 15 رنز درکار تھے، بین اسٹوکس 14 رنز بناسکے اور میچ برابر ہوگیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ فائنل کا سپر اوور جمی نیشم کے کوچ کی جان لے گیا

    اس کے بعد سپر اوور میں میچ کا فیصلہ ہونا تھا، سپر اوور میں انگلینڈ نے 15 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو 16 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی 15 رنز بناسکی اور میچ برابر ہوگیا، جس کے بعدزیادہ باؤنڈریز پر انگلینڈ کو ورلڈ کپ فائنل کا فاتح قرار دیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ زیادہ باؤنڈریز پر انگلینڈ ٹیم کی جیت کو مداحوں کی جانب سے متنازع قرار دیا جارہا تھا اور آئی سی سی پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ 2019 میں بڑی ٹیموں کو ہرانے کے باوجود رن ریٹ کی بنیاد پر 5ویں نمبر پر آئی تھی اور سیمی فائنل کھیلنے سے محروم رہی تھی۔

  • پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری

    لاہور: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا، 30 جولائی سے 2 ستمبر 2020 تک ہونے والے دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ 30 جولائی سے 2 ستمبر 2020 تک جاری رہے گا۔

    دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے، سیریز میں شامل 3 ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے 3 اگست 2020 تک لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 اگست 2020 تک اولڈ ٹریفورڈ اور تیسرا 20 سے 24 اگست 2020 تک ٹرینٹ برج کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔

    سیریز کا پہلا ٹی 20 مقابلہ 29 اگست 2020 کو لیڈز میں ہوگا، دوسرا ٹی 20، 31 اگست کو کارڈف اور تیسرا 2 ستمبر 2020 کو ساؤتھ ہمپٹن میں منعقد ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سیریز سے قومی کھلاڑیوں کو ٹیسٹ فارمیٹ میں بہتری کا موقع ملے گا، سریز سے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔ 4 سال میں تیسری دو طرفہ سیریز کا انعقاد دوستانہ تعلقات کا عکاس ہے۔

    پاکستان کے دورے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو سال 2022 میں پاکستان کا جوابی دورہ کرنا ہے، جوابی سیریز میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

  • مکی آرتھر ورلڈ چیمپین انگلینڈ کی کوچنگ کی دوڑ میں شامل

    مکی آرتھر ورلڈ چیمپین انگلینڈ کی کوچنگ کی دوڑ میں شامل

    کراچی: پاکستان کرکٹ‌ ٹیم کے ہیڈ‌ کوچ مکی آرتھر نے ورلڈ چیمپین ٹیم کا کوچ بننے کا ارادہ باندھ لیا.

    تفصیلات کے مطابق مکی آرتھر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی دوڑمیں شامل ہوگئے ہیں‌اور چند حلقو ں‌کی جانب سے انھیں فیورٹ تصور کیا جارہا ہے.

    اس وقت آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز کی سیریز جاری ہے، انگلش ٹیم کے موجودہ کوچ ٹریوربیلس کےعہدہ کی مدت ایشزکے بعد ختم ہوجائے گی۔

    برطانوی میڈیاکےمطابق انگلش ٹیم کی کوچنگ کے لئےشارٹ لسٹ کردہ تین امیدواروں میں مکی آرتھر بھی شامل ہیں، باقی دو  ناموں میں اوٹس گبسن اور گیری کرسٹن شامل ہیں۔ 

    مزید پڑھیں: ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے شاداب خان کا نام ٹی ٹوینٹی کپتان کیلئے تجویز کردیا

    خیال رہے کہ مکی آرتھر کو  دو ہزار سولہ میں پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں سونپی گئیں تھی۔ اس سے قبل مکی آرتھر جنوبی افریقا اور آسٹریلوی ٹیم کی کوچنگ کرچکے ہیں۔

    ان کی کوچنگ میں پاکستان نے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی جیتی اور ٹی 20 میں نمبر ون کی پوزیشن حاصل کی، البتہ ٹیسٹ اور ون ڈے میں پاکستان اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ ورلڈ کپ 2019 میں بھی کارکردگی اوسط درجے کی رہی۔

  • بنفشی تتلیوں کی 50 برس بعد واپسی

    بنفشی تتلیوں کی 50 برس بعد واپسی

    انگلینڈ کی کاؤنٹی نورفک میں 50 برس بعد بنفشی رنگ کی تتلیاں واپس لوٹ آئیں، کثرت سے اس علاقے میں پائی جانے والی یہ تتلیاں 70 کی دہائی میں اس علاقے میں معدوم ہوگئی تھیں۔

    بنفشی تتلی برطانیہ میں پائی جانے والی تتلی کی تمام اقسام میں جسامت کے لحاظ سے دوسری بڑی تتلی ہے۔ بنفشی رنگت والے پروں کی حامل اس تتلی کے پروں کا پھیلاؤ 8.4 سیٹی میٹر ہے۔

    اس کے پروں میں بنفشی رنگ کے ساتھ نارنجی رنگ کے دائرے بھی موجود ہوتے ہیں۔

    ان تتلیوں کو آخری بار یہاں 1961 میں دیکھا گیا تھا۔ سنہ 1970 میں یہ اس کاؤنٹی میں مکمل طور پر معدوم ہوگئی تھیں جبکہ پورے برطانیہ میں ان کی آبادی میں 31 فیصد کمی بھی واقع ہوگئی تھی۔ اب 50 برس بعد یہ تتلیاں اس علاقے میں لوٹ آئی ہیں۔

    تتلیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے کی کارکن کری کلارک کہتی ہیں، ’یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہماری تحفظ فطرت کی کوششیں رنگ لارہی ہیں اور ہم وہ ماحول دوبارہ لانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جہاں تتلیاں پروان چڑھتی ہیں‘۔

    بنفشی تتلیوں کی واپسی کے بعد اب صرف نورفک میں تتلیوں کی 37 مختلف اقسام ہوگئی ہیں۔

  • ٹیم فائنل میں ہار جاتی تو دوبارہ کرکٹ کھیلنا میرے لیے مشکل ہوجاتا، جوز بٹلر

    ٹیم فائنل میں ہار جاتی تو دوبارہ کرکٹ کھیلنا میرے لیے مشکل ہوجاتا، جوز بٹلر

    لندن: کرکٹ ورلڈکپ چیمپئن بننے والی انگلش ٹیم کے وکٹ کیپر اور جارح مزاج بیٹسمین جوز بٹلر نے کہا ہے کہ اگر ان کی ٹیم فائنل میں ہار جاتی تو ان کے لیے دوبارہ کرکٹ کھیلنا مشکل ہوجاتا۔

    ایک انٹرویومیں جوز بٹلر نے ورلڈکپ ٹرافی اٹھانے کے بعد پہلی مرتبہ اس شکست کے خوف سے بھی پردہ اٹھادیا جو ان کے چہرے پر میچ کے اختتامی لمحات میں ان کے چہرے پر دکھائی دے رہا تھا۔

    انگلش وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس فائنل سے قبل 8 مرتبہ اپنی ٹیموں کی جانب سے فائنل مقابلوں میں حصہ لیا جس میں 7 مرتبہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ سمرسیٹ کی جانب سے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کی جانب سے 2013 میں چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل اور 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی فائنل ایسے میچز ہیں جس میں ان کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ اپنے سامنے حریف ٹیم کو ٹرافی اٹھاتے ہوئے دیکھنا بہت تکلیف کا باعث ہوتا ہے اور یہ درد میں ایک مرتبہ پھر برداشت نہیں کرسکتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے ڈر لگ رہا تھا کہ اگر ہم گئے تو نہیں جانتا کہ دوبارہ کرکٹ کیسے کھیلوں گا، یہ زندگی میں ایک مرتبہ ملنے والا موقع تھا، ایک ورلڈکپ کا فائنل وہ بھی لارڈز میں۔

    بین اسٹوکس کو انگلینڈ کا اعلیٰ ترین اعزاز نائٹ ہُڈ دیا جائے گا

    انہوں نے کہا کہ یہ ایک قسمت کی طرح محسوس ہوا، میں سوچ رہا تھا کہ اگر ایسا (فائنل میں فتح) نہیں ہوتا، تو میرے پاس کافی عرصے تک دوبارہ کرکٹ بیٹ اٹھانے کی خود اعتمادی نہیں ہوگی۔

    جوز بٹلر نے آخری لمحات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ گراؤنڈ سے باہر بیٹھ کر میچ دیکھنے والوں پر دباؤ ہوتا ہے، تاہم ایسا دباؤ کھلاڑیوں پر نہیں ہوتا، وہ ایسی صورتحال کے لیے ہی تیار ہوتے ہیں۔

  • بھائی کا قتل ہونے کے باوجود آرچر نے ہمت نہ ہاری اور ٹیم کو فاتح بنایا

    بھائی کا قتل ہونے کے باوجود آرچر نے ہمت نہ ہاری اور ٹیم کو فاتح بنایا

    لندن: انگلش ٹیم کے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر نے بھائی کا قتل ہونے کے باوجود ہمت نہ ہاری اور اپنی ٹیم کو عالمی کپ کا چیمپئن بنا ڈالا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جس روز انگلینڈ نے ورلڈکپ 2019 میں اپنا پہلا میچ کھیلا اُسی روز آرچر کے بھائی بلیک مین کو گھر کے باہر نامعلوم افراد گولی مار کرچلے گئے تھے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق 24 سالہ ایشنٹیو بلیک مین کو بارباڈوس میں گھر کے باہر قتل کیا گیا البتہ اہل خانہ نے آرچر کو بھائی کے قتل کی اطلاع میچ کے بعد دی تاکہ اُن کی میچ میں کارکردگی متاثر نہ ہو۔

    آرچر بھائی کے قتل کی خبر سننے کے بعد صدمے میں چلے گئے تھے البتہ اُن کے والد فرینک نے حوصلہ دیا اور کہا کہ یہ موقع انہیں زندگی میں دوبارہ میسر نہیں ہوگا لہذا اپنے دکھ اور کرب کی حالت سے باہر نکل کر ایونٹ پر دھیان دیں۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا، اوئن مورگن

    فرینک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ایشنٹیو اور آرچر ہم عمر تھے اور دونوں ایک دوسرے کے اچھے دوست بھی تھے، جوفرا کو جب اس واقعے کی اطلاع ملی تو وہ ٹوٹ گیا تھا البتہ ٹیم مینیجمنٹ اور ساتھی کھلاڑیوں نے اُس کی ہمت بڑھائی‘‘۔

    والد کے مطابق بلیک مین کو گھر کے باہر 31 مئی کے روز قتل کیا گیا اور اس روز انگلینڈ ورلڈکپ میں اپنا میچ کھیل رہا تھا، حملہ آوروں نے بیٹے کو 8 گولیاں ماریں جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوئے۔

    یاد رہے کہ 14 جولائی کو لندن کے تاریخی گراؤنڈ لارڈز میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل کھیلا گیا، سنسنی خیز میچ میں سپر اوور ہوا جس میں اسکور برابر ہوا البتہ آئی سی سی قانون کے تحت زیادہ باؤنڈریز لگانے پر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا۔

  • بانوے کے ورلڈ کپ میں 6 سال کا تھا، اوئن مورگن

    بانوے کے ورلڈ کپ میں 6 سال کا تھا، اوئن مورگن

    برمنگھم: انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ 1992 کے ورلڈ کپ کا فائنل جب ہوا تو میں صرف 6 سال کا تھا، فائنل کی جھلکیاں ہی دیکھی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنا ٹیم کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے، کوشش کریں گے اس بار بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

    اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف کرس ووکس اور عادل رشید نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، جونی بیرسٹو اور جیسن رائے کے جارحانہ کھیل نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    واضح رہے کہ انگلش کپتان اوئن مورگن نے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں 39 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست

    خیال رہے کہ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل میچ 14 جولائی کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم چالیس سال بعد اپنی سرزمین پر ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی، انگلش ٹیم چوتھی بار عالمی کپ کا فائنل کھیلے گی۔

    انیس سو اناسی میں لارڈز میں ویسٹ انڈیز نے انگلش ٹیم کو فائنل میں 92 رنز سے ہرایا تھا، انگلینڈ کو 1987 میں آسٹریلیا نے فائنل میں شکست دی تھی، 1992 میں وہ پاکستان سے ہارے تھے۔

  • ورلڈ کپ: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست

    ورلڈ کپ: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست

    برمنگھم: ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میزبان انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی، جیسن رائے نے 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کرس ووکس کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میزبان انگلینڈ نے کینگروز کی جانب سے دیا جانے والا 224 رنز کا ہدف 32.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے 14 جولائی کو ہوگا۔

    ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز جیسن رائے اور جونی بیرسٹو کے درمیان 124 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی، جونی بیرسٹو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جیسن رائے نے 65 گیندوں پر 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 بلند و بالا چھکے اور 9 چوکے شامل تھے، جیسن رائے کو پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔

    جو روٹ 49 اور انگلش کپتان اوئن مورگن 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    ورلڈ کپ کے کامیاب بولر مچل اسٹارک 8 اوورز میں 64 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے، پیٹ کمنز نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 49 اوورز میں 223 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 224 رنز کا ہدف دیا تھا، کرس ووکس اور عادل راشد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلیا نے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، کینگروز کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گری جب کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ڈیوڈ وارنر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    اسٹیو اسمتھ 85 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے، ہینڈزکومب 4 رنز بنا کر کرس ووکس کا نشانہ بنے، ایلکس کیری 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    مارکس اسٹونس کو عادل راشد نے صفر پر پویلین بھیج دیا، گلین میکسویل 22 رنز بنا کر جوفرا آرچر کا نشانہ بنے، پیٹ کمنز 6 رنز بناسکے۔

    فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 29 رنز بنائے انہیں کرس ووکس نے آؤٹ کیا، بھیندروف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    انگلینڈ کے کرس ووکس اور عادل راشد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جوفرا آرچر نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارک ووڈ ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل ورلڈکپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    آسٹریلیا کو ورلڈکپ میں انگلینڈ پر واضح برتری حاصل ہے جہاں انہیں دو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلینڈ کو 3 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو سب سے زیادہ 5 ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، اس کے علاوہ سیمی فائنل میں کبھی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور 7 فائنلز میں صرف 2 مرتبہ شکست ہوئی۔

  • کرکٹ ورلڈکپ 2019: انگلینڈ اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے

    کرکٹ ورلڈکپ 2019: انگلینڈ اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے

    برمنگھم: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے 38ویں میچ میں آج انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    انگلینڈ کی ٹیم اب تک سات میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 4 میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبرپر ہے۔ انگلش ٹیم کو تین میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    بھارت کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک چھ میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے انہیں پانچ میچز میں کامیابی ملی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ اس طرح بھارتی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ‌ کو 64 رنز سے شکست، کینگروز کی سیمی فائنل میں‌ رسائی

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ‌ کو 64 رنز سے شکست، کینگروز کی سیمی فائنل میں‌ رسائی

    لندن: ورلڈ کپ 2019 کے 32ویں میچ میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے دی، کپتان ایرون فنچ کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دئیے جانے والے 286 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم 9 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بین اسٹوکس کے 89 رنز بھی انگلینڈ کو شکست سے بچاسکے۔

    ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گر گئیں، جیمز ونس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ جو روٹ کو مچل اسٹارک نے 8 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

    جونی بریسٹو نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان اوئن مورگن صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بٹلر 25 اور معین علی 6 رنز پر ہمت ہار گئے۔

    بین اسٹوکس کی 89 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، کرس ووکس 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عادل رشید 25 رنزبنا کر ناقابل شکست رہے.

    آسٹریلیا کے بھینڈروف نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مچل اسٹارک نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکس اسٹونس کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    اس سے قبل لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 286 رنز کا ہدف دیا تھا، کرس ووکس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلوی اوپنر نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے شاندار آغاز فراہم کیا، کینگروز کی پہلی وکٹ 123 رنز پر گری جب ڈیوڈ وارنر 53 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔

    عثمان خواجہ 23 رنز بنا کر بین اسٹوکس کا شکار بنے، گلین میکسویل آج پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اسٹیو اسمتھ نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

    مارک اسٹونس 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کینگروز کپتان ایرون نچ نے شاندار سنچری اسکور کی، پیٹ کمنز ایک رن بنا کر ووکس کا شکار بنے۔

    وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری 38 اور فاسٹ بولر مچل اسٹارک 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کے کرس ووکس نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جوفرا آرچر، مارک ووڈ، بین اسٹوکس اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 میں آج انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لارڈز کے میدان میں آمنے سامنے ہیں۔ لارڈز میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور میچ بارش کی نذر ہونے کا امکان ہے۔

    اگر میچ بارش کی نذر ہوگیا تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ بارش کے باعث میچ نہ ہونے کی صورت میں انگلینڈ کو اپنے بقیہ دونوں میچز جیتنا ہوں گے ورنہ اس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات معدوم ہوسکتے ہیں۔

    آسٹریلیا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے اور ایک میچ میں شکست کے بعد گینگروز 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ اسکورننگ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہیں۔

    میزبان انگلینڈ نے میگا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور 2 میچز میں شکست کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں آئن مورگن (کپتان)، جونی برسٹو، جیمز ونس، جو روٹ، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، معین علی، کرس ووکس، عادل رشید، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

    آسٹریلوی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، گلین میکس ویل، الکس کرے، جیسن بہرنڈورف، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور نیتھن لیون شامل ہیں۔