Tag: انہدام

  • ابو ظہبی: 144 منزلہ عمارت 10 سیکنڈ میں ملبے کا ڈھیر بن گئی، ویڈیو وائرل

    ابو ظہبی: 144 منزلہ عمارت 10 سیکنڈ میں ملبے کا ڈھیر بن گئی، ویڈیو وائرل

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں 144 منزلہ عمارت کو 10 سیکنڈ کے اندر مسمار کردیا گیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ابو ظہبی میں مینا بندرگاہ کے علاقے میں قائم 144 منزلہ مینا پلازہ ٹاور کو منہدم کردیا گیا، کارروائی میں صرف 10 سیکنڈ کا وقت لگا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    اس دوران بندرگاہ کے علاقے میں قائم تمام دکانوں اور مارکیٹس کو شام 4 بجے تک عارضی طور پر بند رکھا گیا۔

    حکام کے مطابق عمارت کا انہدام بندرگاہ کی تعمیر نو و آرائش کے پروجیکٹ کے تحت کیا گیا ہے۔

    تعمیر نو کی ذمہ دار تعمیراتی کمپنی نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ عمارت کو غیر پرائمری دھماکہ خیز مواد سے اڑایا گیا ہے، اور اس سے ہونے والی آلودگی کو کم سے کم کرنے کے لیے تمام اقدامات کیے گئے ہیں۔

    عمارت کو منہدم کرنے کی کارروائی کے دوران مقامی پولیس، ایمرجنسی رسپانس ٹیم، سول ڈیفنس اتھارٹی، ایمبولینسز اور ہنگامی حالات و قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں کی جاسکیں۔

  • حزب اللہ کی سرنگیں دریافت، اسرائیلی فورسز نے انہدام کا کام شروع کردیا

    حزب اللہ کی سرنگیں دریافت، اسرائیلی فورسز نے انہدام کا کام شروع کردیا

    تل ابیب : غاصب اسرائیلی فورسز نے لبنان کی سرحد سے متعصل صیہونی علاقے میں حزب اللہ کی کھودی ہوئی سرنگوں کو منہدم کرنے کےلیے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے صیہونی ریاست کےسرحدی علاقے میں حزب اللہ کی جانب سے مسلح کارروائیاں کرنے کے لیے کھودی گئی سرنگوں کا انکشاف کیا ہے۔

    منگل کے روز اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی افواج نے اسرائیل پر حملوں کے لیے کھودی گئی سرنگوں کو منہدم کرنے کے لیے پیر کی رات کام کا آغاز کردیا تھا۔

    اسرائیلی حکام کا کہنا ہےکہ سرنگوں کی کھدائی کے لیے ایران حزب اللہ کی پشت پناہی اور مالی معاونت کررہا ہےتاکہ لبنان کی مسلح تنظیم اسرائیلی شہریوں کے خلاف کی جانے والے مسلح کارروائیوں کا دائرہ کار وسیع کرسکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ سرنگوں کو منہدم کرنے کی کارروائی کی سربراہی اسرائیلی فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر جنرل یوال اسٹریک کررہے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی حکام جاری بیان میں کہنا ہے کہ مذکورہ مہم میں اسرائیلی فورسز کی بڑی تعداد حصّہ لے رہی ہے۔

    اسرائیل حکام کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے کھودی گئی سرنگیں اسرائیل شہریوں کےلیے شدید خطرے کا باعث ہے۔

    صیہونی ریاست کے حکام نے کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم اس سے قبل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے سنگین خلاف ورزیاں انجام دے چکی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کی سنگین خلاف ورزیوں میں اقوام متحدہ کی قرار داد 1701 نمایاں ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام نے شمالی سرحد کے قریبی علاقوں کو عسکری زون میں تبدیل کرتے ہوئے بند کردیا ہے۔

  • چین: مسجد کے انہدام کے خلاف سینکڑوں مسلمان سراپا احتجاج

    چین: مسجد کے انہدام کے خلاف سینکڑوں مسلمان سراپا احتجاج

    بیجنگ: چین میں قائم ایک قدیم مسجد کو انہدام کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف سینکڑوں مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر وائی ژو میں قائم ایک مسجد کو مسمار کرنے کے مجوزہ حکومتی منصوبے کے خلاف سینکڑوں مسلمان احتجاج کر رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سینکڑوں مسلمانوں نے ایک مسجد کے باہر دھرنا دے رکھا ہے، یہ مسلمان اس مسجد کے انہدام کے حکومتی منصوبے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، جن کا مقصد مسجد کی حفاظت کرنا ہے۔

    چینی حکام کی جانب سے رواں ماہ تین اگست کو مسجد گرانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جبکہ قوی امکان ہے کہ مسجد کو جلد ڈھا دیا جائے گا۔

    حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ مذکورہ مسجد کی تعمیر کے وقت باضابطہ کوئی اجازت نامہ نہیں لیا گیا، جبکہ مسجد کو گرانے سے متعلق مسجد کی کمیٹی کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔


    یہودی شرپسندوں نے مقبوضہ فلسطین میں ایک مسجد شہید کر دی


    دوسری جانب مسجد کے باہر سینکڑوں مظاہرین موجود ہیں جو حکومتی فیصلے کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں، مسلمانوں میں شدید غم وغصہ بھی پایا جاتا ہے۔

    علاوہ ازیں یہ بھی خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ مسجد انتظامیہ اور حکام کے درمیان مذاکرات بھی کیے جارہے ہیں تاکہ مفاہمت کے ذریعے حکومت کو اس فیصلے سے روکا جائے۔

    خیال رہے کہ وائی ژُو شہر کے قریبی دیہات کے مسلمانوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے اور سینکڑوں مسلمان آج جمعہ دس اگست کی صبح سے وائی ژُو میں جمع ہیں۔