Tag: ان ہاؤس تبدیلی

  • پی ڈی ایم میں اختلاف، اِن ہاؤس تبدیلی پر اتفاق نہ ہو سکا

    پی ڈی ایم میں اختلاف، اِن ہاؤس تبدیلی پر اتفاق نہ ہو سکا

    اسلام آباد: گیارہ جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں حکومت کے خلاف اِن ہاؤس تبدیلی پر اتفاق رائے پیدا نہیں ہو سکا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں ان ہاؤس تبدیلی کے سلسلے میں اختلاف برقرار ہے، اپوزیشن کے اتحاد میں حکومت کے خلاف حکمت عملی پر ایک رائے قائم نہیں ہو سکی ہے، پی ڈی ایم کی 4جماعتیں اِن ہاؤس تبدیلی کی مخالف ہیں، جب کہ پیپلز پارٹی اور دیگر چھوٹی جماعتیں اس کی حامی ہیں۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے خلاف سخت گیر مؤقف کی حامی نہیں، بلاول بھٹو، اختر مینگل اور آفتاب احمد خان شیر پاؤ اِن ہاؤس تبدیلی کے حامی ہیں، نیز، پیپلز پارٹی جمہوری عمل کو برقرار رکھنا چاہتی ہے، اور اس کا مؤقف ہے کہ پارلیمنٹ سے باہر کوئی بھی عمل جمہوریت کو ڈی ریل کر سکتا ہے۔

    ن لیگ نے تحریک عدم اعتماد کو دھوکا قرار دے دیا

    تاہم پی ڈی ایم میں شامل بعض جماعتیں اِن ہاؤس تبدیلی نہیں چاہتی، اور یہ جماعتیں حکومت کے خلاف سخت گیر مؤقف کی حمایتی ہیں، مولانا فضل الرحمان، میاں نواز شریف، ساجد میر، اویس نورانی اور بعض دیگر رہنما اِن ہاؤس تبدیلی کے حامی نہیں ہیں۔

    پیپلز پارٹی سے اس بارے میں وضاحت طلب کرنے کی اطلاعات بھی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل متعدد جماعتوں نے صورت حال پر سربراہ اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور وہ حکومت کے خلاف حکمت عملی مؤثر بنانے پر زور دے رہے ہیں۔

  • ان ہاؤس تبدیلی آئینی، قانونی اور پارلیمنٹ کا حق ہے، شہباز شریف

    ان ہاؤس تبدیلی آئینی، قانونی اور پارلیمنٹ کا حق ہے، شہباز شریف

    لندن: اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی آئینی، قانونی اور پارلیمنٹ کا حق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے، ان ہاؤس تبدیلی آئینی، قانونی اور پارلیمنٹ کا حق ہے۔

    آٹے کے بحران سے متعلق اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ آٹا اور گندم قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور ان کا بحران ہے، گندم کے ذخائر کہاں گئے یا اسمگل ہوگئی؟

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تاریخ میں آج سب سے زیادہ قیمت آٹے کی ہے اور مل بھی نہیں رہا، گندم آٹا ہر گھر میں استعمال ہوتا ہے جو عام آدمی کی پہنچ سے باہر بھی ہے، نواز شریف کے دورمیں گندم ریکارڈ پیدا ہوتی تھی، ہم ایکسپورٹ کرتے تھے۔

    قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے، ایسی صورت حال میں ان ہاؤس تبدیلی غیرقانونی ہے اور نہ غیرسیاسی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جتنی جلدی ان ہاؤس تبدیلی لائی جائے اس میں قوم کی بہتری ہے کیونکہ حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا۔