Tag: اوئن مورگن

  • اوئن مورگن کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    اوئن مورگن کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    انگلینڈ کے لیے 2019 میں ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان اوئن مورگن نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اوئن مورگن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں کھیل سے الگ ہونے کا یہ بہترین وقت ہے، کرکٹ نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔

    مورگن کا کہنا تھا کہ اگرچہ میں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا ہے لیکن میں  ایک براڈکاسٹر کی حیثیت سے کھیل میں شامل رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کیرئیر میں اچھے اور بُرے دن دیکھیں، لیکن اس دروان میری فیملی اور دوست ہمیشہ میرے ساتھ رہے۔

    واضح رہے کہ 36 سالہ مورگن نے اپنی 16 سالہ کیریئر کے بعد جولائی 2022 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن وہ دنیا بھر میں مختصر فارم کے ٹورنامنٹس میں کھیلتے تھے۔

  • ورلڈ کپ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا، اوئن مورگن

    ورلڈ کپ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا، اوئن مورگن

    لندن: انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ ورلڈ کپ کے فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ چیمپئن بننے کے بعد جب انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن پریس کانفرنس کرنے آئے تو صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فائنل میں‌ اللہ ہمارے ساتھ تھا، لیگ اسپنر عادل رشید سے بات کی تو عادل نے بھی یہی کہا کہ اللہ ہمارے ساتھ ہے اور ہم میچ ضرور جیتیں گے۔

    اوئن مورگن کے مطابق انہوں نے عادل رشید سے کہا کہ ہمیں ’رب آف گرین‘ بھی ملا ہے۔

    کرکٹ میں رب آف گرین ایک اصطلاح ہے جب گیند کسی دوسرے قوت سے ٹکرا کر اپنا رخ موڑ لے تو اسے رب آف گرین کہا جاتا ہے اور ورلڈ کپ فائنل کے آخری اوور میں گیند بین اسٹوکس سے ٹکرا کر باؤنڈری پر چلی گئی تھی جس سے انگلینڈ کو 6 رنز اضافی ملے جس نے ان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

     مزید پڑھیں: ون ڈے رینکنگ، ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کا پہلی پوزیشن پر قبضہ

    انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں ہر رنگ، نسل اور عقیدے کے لوگ شامل ہیں جنہوں نے اپنے عقائد کے مطابق مجھے یہ بات کہی۔

    اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ سپر اوور کے دوران میں نے ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اس مشکل گھڑی سے لطف ندوز ہونے کا مشورہ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ انگلش کپتان اوئن مورگن کا تعلق آئرلینڈ سے ہے، بین اسٹوکس نیوزی لینڈ میں پیدا ہوئے، معین علی اور عادل رشید پاکستانی نژاد ہیں، جوفرا آرچر کا تعلق ویسٹ انڈیز سے ہے۔

  • بانوے کے ورلڈ کپ میں 6 سال کا تھا، اوئن مورگن

    بانوے کے ورلڈ کپ میں 6 سال کا تھا، اوئن مورگن

    برمنگھم: انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ 1992 کے ورلڈ کپ کا فائنل جب ہوا تو میں صرف 6 سال کا تھا، فائنل کی جھلکیاں ہی دیکھی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنا ٹیم کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے، کوشش کریں گے اس بار بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

    اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف کرس ووکس اور عادل رشید نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، جونی بیرسٹو اور جیسن رائے کے جارحانہ کھیل نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    واضح رہے کہ انگلش کپتان اوئن مورگن نے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں 39 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست

    خیال رہے کہ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل میچ 14 جولائی کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم چالیس سال بعد اپنی سرزمین پر ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی، انگلش ٹیم چوتھی بار عالمی کپ کا فائنل کھیلے گی۔

    انیس سو اناسی میں لارڈز میں ویسٹ انڈیز نے انگلش ٹیم کو فائنل میں 92 رنز سے ہرایا تھا، انگلینڈ کو 1987 میں آسٹریلیا نے فائنل میں شکست دی تھی، 1992 میں وہ پاکستان سے ہارے تھے۔

  • ورلڈ کپ، پاکستان کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے، سرفراز احمد

    ورلڈ کپ، پاکستان کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے، سرفراز احمد

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ حالیہ پاک انگلینڈ سیریز سے ٹیم کو بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے، پاکستان ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کپتانوں نے پریس کانفرنس کی، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑی جیت کے لیے پرعزم ہیں، گرین شرٹس میں بہترین بولنگ، بیٹنگ، فیلڈنگ کی صلاحیت ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ 92 کے ورلڈ کپ میں ہمیں مشکلات کے باوجود فتح ملی، حالیہ سیریز کے بعد فیلڈنگ سمیت دیگر کوتاہیوں پر قابو پالیا گیا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے، فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ان کی تجربہ کاری کی وجہ سے ٹیم کا حصہ بنایا۔

     انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ پاکستان کو ون ڈے سیریز ہرا کر ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پرامید ہیں، انگلینڈ کے کپتان نے پاکستان کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔

    پاک بھارت میچ کے سوال پر بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ بڑے میچ کا بہت پریشر ہوتا ہے لیکن میدان میں اتر کر صرف اچھا کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ایونٹ کل 33 دن پر مشتمل ہوگا، 48 میچز کھیلے جائیں گے، اور ٹرافی کے لیے گھمسان کا رن پڑے گا، ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کے بہترین اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے۔

    مبصرین نے آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت اور پاکستان کو ٹائٹل کے لیے فیورٹ قرار دیا ہے، 30 مئی کو انگلینڈ میں شروع ہو نے والی کرکٹ کی اس عالمی جنگ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لندن میں ہوگا۔

    قومی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جبکہ 16 جون کو روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔

  • انگلینڈ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن پر ایک میچ کی پابندی عائد

    انگلینڈ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن پر ایک میچ کی پابندی عائد

    برسٹل: انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن پر سلو اوور ریٹ پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ سے قبل انگلش ٹیم کو دھچکا لگا ہے، آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ کے باعث انگلش کپتان اوئن مورگن کو ایک میچ کے لیے معطل کردیا۔

    آئی سی سی نے مورگن پر میچ کا چالیس فیصد جرمانہ بھی عائد کیا، تیسرے ون ڈے میں مقررہ وقت میں دو اوورز کم کرانے پر ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں پر بیس فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

    دوسری جانب کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر انگلش کھلاڑی جوہنی بیرسٹو کو تنبیہ کردی گئی۔

    مزید پڑھیں: برسٹل : انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو6 وکٹ سے شکست دے دی

    آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے باعث انگلش کپتان پاکستان کے خلاف نوٹنگھم میں ہونے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

    واضح رہے کہ مورگن ایک سال کے دوران دوسری بار آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں۔

    اس سے قبل رواں برس فروری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بارباڈوس میں ہونے والے ایک روزہ میچ میں بھی اوئن مورگن سلو اوور ریٹ کے مرتکب قرار پائے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں انگلش ٹیم نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔

  • انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز اور ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا

    انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز اور ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا

    لندن: انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز اور ورلڈ کپ 2019 کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز اور ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا، اوئن مورگن ٹیم کی قیادت کریں گے، فاسٹ بولر جوفرا آرچر ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

    پاکستان کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کے لیے 17 رکنی جبکہ عالمی کپ کے لیے ابتدائی پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے۔

    پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوینٹی کے لیے سیم بلنگز اور جیمز ونس کو موقع دیا گیا ہے، ون ڈے سیریز کے لیے انگلینڈ کے 17 رکنی اسکواڈ میں جوفرا آرچر اور کرس جورڈن بھی شامل ہیں۔

    ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ کی 15 رکنی ٹیم میں اوئن مورگن، معین علی، جونی بیرسٹو، ٹام کرن، جو ڈینلی، جوز بٹلر، الیکس ہیلز، لیام پلنکٹ، عادل رشید، جو روٹ، جیسن رائے، ڈیوڈ ولی، کرس ووگس، بین اسٹوکس اور مارڈ ووڈ شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ 2019، بنگلہ دیش کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

    فاسٹ بولر جوفرا آرچر اور آل راؤنڈر کرس جورڈن ورلڈ کپ کے پندرہ رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ 30 مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ 2019 کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بھارت اور بنگلہ دیش کی جانب سے ٹیموں کا اعلان کیا جاچکا ہے۔