Tag: اورنج جوس

  • فروٹ سلاد اور جوس تیار کرنے کی انوکھی تراکیب!

    فروٹ سلاد اور جوس تیار کرنے کی انوکھی تراکیب!

    مجھے بڑا غصہ آتا تھا جب لوگوں کو یہ کہتے سنتی تھی کہ پڑھی لکھی لڑکیاں گھر کا کام کاج نہیں کرسکتیں۔ چناں چہ میں نے آزمودہ ترکیبیں لکھی ہیں جو ملک کے مشہور زنانہ رسالوں میں چھپیں گی۔ نمونے کے طور پر چند ترکیبیں نقل کرتی ہوں۔

    لذیذ آرنج اسکواش تیار کرنا
    آرنج اسکواش کی بوتل لو۔ یہ دیکھ لو کہ بوتل آرنج اسکواش ہی کی ہے کسی اور چیز کی تو نہیں، ورنہ نتائج خاطر خواہ برآمد نہ ہوں گے۔ دوسری ضروری بات یہ ہے کہ مہمانوں اور گلاسوں کی تعداد ایک ہونی چاہیے۔ گلاسوں کو پہلے صابن سے دھلوا لینا اشد ضروری ہے۔ بعد ازیں اسکواش کو بڑی حفاظت سے گلاس میں انڈیلو اور پانی کی موزوں مقدار کا اضافہ کرو۔ مرکب کو چمچے سے تقریباً نصف منٹ ہلائیں۔ نہایت روح افزا آرنج اسکواش تیار ہو گا۔ موسم کے مطابق برف بھی استعمال کیا جا سکتا ہے (لیکن برف کو صابن سے دھلوا لینا نہایت ضروری ہے)

    مزیدار فروٹ سلاد
    مہمانوں کے یک لخت آ جانے پر ایک ملازم کو جلدی سے بازار بھیج کر کچھ بالائی اور ایک ٹین پھلوں کا منگاؤ۔ اس کے آنے سے قبل ایک بڑی قاب کو صابن سے دھلوا لینا چاہیے۔ بعض اوقات فروٹ سلاد میں اور طرح کی خوش بُو آنے لگتی ہے۔ اب ٹین کھولنے کا اوزار لے کر ٹین کا ڈھکنا کھولنا شروع کرو اور خیال رکھو کہ انگلی نہ کٹنے پائے۔ بہتر ہو گا کہ ٹین اور اوزار نوکر کو دے دو۔ اب پھلوں کو ڈبے سے نکال کر حفاظت سے قاب میں ڈالو اور بالائی کی ہلکی ہلکی تہ جما لو۔ نہایت مزے دار اور مفرح فروٹ سلاد تیار ہے۔ نوش جان کیجیے۔

    (معروف مزاح نگار شفیق الرحمٰن کی کتاب مسکراہٹیں سے ایک نثر پارہ. پکوان کی یہ تراکیب ان کے ایک شگفتہ خط سے لی گئی ہیں جو ایک لڑکی کی جانب سے اپنی ماں کو لکھا گیا)

  • ان 5 غذاؤں کو ملا کر کھانا حیرت انگیز فوائد کا سبب

    ان 5 غذاؤں کو ملا کر کھانا حیرت انگیز فوائد کا سبب

    دنیا میں موجود ویسے تو تمام غذائی اشیا اپنے اندر بے پناہ فوائد رکھتی ہیں اور صرف کسی مخصوص حالت میں ہی نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہیں، لیکن کچھ غذائیں ایسی ہیں جنہیں اگر کسی اور غذا کے ساتھ ملا کر کھایا جائے تو ان کے فوائد دگنے ہوجاتے ہیں۔

    ہوسکتا ہے مختلف اشیا کی یہ آمیزش آپ کے لیے نہایت حیرت انگیز ہو لیکن ان کے فوائد آپ کو دنگ کردیں گے۔

    یہ غذائی اشیا انفرادی طور پر بھی اپنے اندر بے پناہ فوائد و غذائیت رکھتی ہیں لیکن انہیں ملا کر کھانے سے ان کی خاصیت و فوائد میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

    آئیں دیکھتے ہی وہ کون سی غذائیں ہیں۔

    سیب اور چاکلیٹ

    1

    آپ نے اس سے قبل کبھی چاکلیٹ اور سیب کو ایک ساتھ کھانے کے بارے میں نہیں سنا ہوگا۔ چاکلیٹ میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ، اور سیب میں موجود کیچن نامی مادہ دونوں مل کر دماغی کارکردگی میں بے پناہ اضافہ کرسکتے ہیں۔

    یہ دونوں مرکبات دل اور خون کی شریانوں کے لیے بھی مفید ہے اور ان سے کینسر کے امکان میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔

    دلیہ اور اورنج جوس

    2

    دلیہ اور اورنج جوس میں موجود مرکب فینول نظام ہضم کو بہتر بناتا ہے اور جسم سے زہریلے اور مضر اجزا کو خارج کر کے جسم کی صفائی کرتا ہے۔

    سبزیاں اور دہی

    3

    قدرتی دہی کیلشیئم سے بھرپور ہوتا ہے اور یہ معدے اور آنت کے افعال کو بہتر کرتا ہے۔

    سبزیوں خصوصاً گاجر میں موجود ریشہ کیلشیئم کو جذب کرنے اور اسے جسم کے لیے مزید فائدہ مند بنانے میں مدد دیتا ہے۔

    سبز چائے اور لیموں

    4

    سردیوں میں سبز چائے میں لیموں ڈال کر پینا جسم میں نمی اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔

    سبز چائے قوت مدافعت کے لیے بہترین ہوتی ہے اور اس میں وٹامن سی یعنی لیموں کی آمیزش اس کے خواص کو بڑھا دیتی ہے۔

    ٹماٹر اور زیتون کا تیل

    5

    کیا آپ جانتے ہیں اٹلی کے باشندوں میں امراض قلب کی شرح نہایت کم ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ٹماٹر اور زیتون کے تیل کو ملا کر استعمال کرتے ہیں۔

    ٹماٹر میں موجود لائیکو پین دل اور خون کی شریانوں کے افعال میں بہتری لاتا ہے۔ یہ مادہ خاص طور پر شریانوں کو تنگ اور بوسیدہ ہونے سے محفوظ رکھتا ہے جس سے جسم میں خون کی روانی بہتر رہتی ہے۔

    لائیکو پین کو اگر فائدہ مند چکنائی جیسے زیتون کے تیل کے ساتھ استعمال کیا جائے تو اس کی خاصیت بڑھ جاتی ہے۔

  • اورنج جوس کا استعمال امراض قلب سے بچاتا ہے، طبی ماہرین

    اورنج جوس کا استعمال امراض قلب سے بچاتا ہے، طبی ماہرین

    کراچی : بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لئے اورنج جوس کو اپنے معمولات میں شامل کیا جائے،یہ بات طبی ماہرین نے تحقیق کے بعد بتائی۔

     طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ دو گلاس اورنج جوس کا استعمال دل کے امراض سے بچاتا ہے۔ اس کا استعمال جلد کی خوبصورتی، آنکھوں کی نشوونما اور جسم کا مدافعتی نظام مضبوط بناتا ہے تاہم جدید تحقیق کے مطابق اس کے باقاعدہ استعمال سے دماغی صلاحیتوں میں بھی حیرت انگیز اضافہ ہوتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ نارنجی میں فلیووینوئڈز نامی کیمیائی مادہ بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے جو دماغ میں سیکھنے اور معلومات ذخیرہ کرنے والے ایک اہم حصے ہپوکیمپس تک دماغی سگنل کی رسائی بہتر بناتا ہے۔

    اورنج جوس میں قدرتی طور پر ہیسپریڈن نامی کیمیکل شامل ہوتا ہے جو جسم میں داخل ہوکر دل کے امراض سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق اس کے استعمال سے نہ صرف دل کر امراض سے نجات ملتی ہے بلکہ یہ بلڈ پریشر اور کولیسڑول کو بھی کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔