لاہور : ندا صالح اورنج لائن میٹرو ٹرین کی پہلی خاتون ڈرائیور بن گئیں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے یو ای ٹی سے پڑھنے والی ندا کو مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین پر پہلی خاتون ڈرائیور کو تعینات کردیا گیا، میٹرو ٹرین کی پہلی خاتون ڈرائیور بننے پر ندا صالح کو وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے مبارکباد دی۔
مریم نواز نے میٹرو ٹرین ڈرائیور ندا کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیاں کسی سے کم نہیں، مساوی مواقع فراہم کرتے رہیں گے ، ندا جیسی بیٹیاں ہم سب کا فخر ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جلد ای ٹیکسی اسکیم میں خواتین ڈائیورز سڑکوں پر نظر آئیں گی۔
ندا صالح یو ای ٹی سے فارغ التحصیل ہیں، ان کے گھر والوں کے لئے بھی ان کے ڈرائیور بننے پر حیرت ہوئی، وہ خواتین کو اعتماد دلانے کے لئے فیلڈ میں آگے آئیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے شبعہ جدت کیساتھ ساتھ ہمت کے سنہرے باب کا بھی آغاز کر رہا ہے۔