Tag: اورکزئی

  • اورکزئی: کباڑ میں گھر لایا گیا مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق

    اورکزئی: کباڑ میں گھر لایا گیا مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق

    اورکزئی: خیبر پختون خوا کے ضلع اورکزئی میں کباڑ میں گھر لایا گیا ایک مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ ڈویژن کے علاقے اپر اورکزئی میں اغل میں مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص اور زخمی دونوں بھائی ہیں، جو اغل کے پہاڑوں سے کباڑ جمع کر کے گھر لے کر آئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق گھر لائے گئے کباڑ میں ایک مارٹر گولہ بھی تھا جو غلط طور پر ہینڈل کیے جانے کی وجہ سے اچانک پھٹ کر افسوس ناک حادثے کا سبب بن گیا۔

    زخمی کو علاج کے لیے ڈبوری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • اورکزئی میں گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد، 20 ہزار جرمانہ عائد

    اورکزئی میں گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد، 20 ہزار جرمانہ عائد

    کوہاٹ: خیبر پختون خوا کے ضلع اورکزئی میں ایک گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد ہو گئے ہیں، اس سلسلے میں محکمہ جنگلی حیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملوث افراد پر 20 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈویژنل آفیسر محکمہ جنگلی حیات کوہاٹ نے کہا ہے کہ ضلع اورکزئی کے علاقے کلایہ میں ایک گھر سے گزشتہ روز چیتے کے 2 بچے برآمد ہوئے ہیں، خبر ملنے پر اورکزئی انتظامیہ اور محکمہ جنگلی حیات نے مشترکہ کارروائی کی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کلایہ میں ایک شخص نے بیچنے کی غرض سے گھر میں چیتے کے دو بچے رکھے تھے، جن کی عمریں تقریباً 2 ماہ ہیں، کارروائی کے دوران چیتے کے دونوں بچے برآمد کیے گئے، جب کہ محکمے نے اس میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    محکمہ جنگلی حیات کے مطابق کلایہ کے دور افتادہ گاوں لی ساڑئی میں چیتے کے بچے بیچنے کی غرض سے ایک شخص نے گھر میں رکھے ہوئے تھے، ولی اللہ نامی شخص نے چیتے کے بچوں کو فروخت کرنے میں معاونت کی، جس کی کی نشان دہی پر گھر کو ٹریس کر کے چیتے کے بچے برآمد کیے گئے۔

    دونوں افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر کے جرمانہ بھی کیا گیا ہے، ڈویژنل آفیسر کا کہنا تھا کہ تینوں افراد کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

    محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ چیتے کے دونوں بچوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے وائلڈ لائف پارک منتقل کیا جائے گا۔

  • لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر انہیں بھڑکانا درست نہیں: وزیر اعظم

    لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر انہیں بھڑکانا درست نہیں: وزیر اعظم

    پشاور: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی، اس کی تکلیف جانتا ہوں۔ لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر بھڑکانا درست نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع اورکزئی پہنچے جہاں انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ جلسہ عام اورکزئی کے علاقے کلایہ کے اسپورٹس گراؤنڈ میں منعقد کیا گیا جہاں 10 ہزار کرسیاں لگائی گئیں۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ 27 سال پہلے میں اس علاقے میں آیا تھا، قبائلی علاقوں میں گھوما اور ایک کتاب بھی لکھی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ چلی تو ان علاقوں کو جانتا تھا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے اس لیے کہا کیونکہ قبائلی علاقوں کے لوگ ہماری فوج ہیں، بدقسمتی سے اس وقت جو وزیر اعظم تھا اسے قبائلی علاقوں کا نہیں پتہ تھا۔ لوگوں کو نہیں پتہ چلا ہمارے قبائلی علاقوں میں کیسی تباہی پھیلی۔

    انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی، اس کی تکلیف جانتا ہوں۔ کوئی وزیر اعظم قبائلی علاقوں میں اتنا نہیں گھوما جتنا میں جا رہا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں جو مشکلات رہیں ان قربانیوں کو نہیں بھولیں گے، پی ٹی ایم لوگوں کی مشکلات کی صحیح بات کرتی ہے لیکن ان کا لہجہ ہمارے ملک کے لیے ٹھیک نہیں، جو لوگ تکلیف سے گزرے ان کو اکسانا ٹھیک نہیں، لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر بھڑکانا درست نہیں، لوگوں کو بھڑکایا جاتا ہے لیکن کوئی حل نہیں دیا جاتا، پی ٹی ایم بھڑکانے کے بجائے ان لوگوں کی مدد کرے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کو کہا ہے ان لوگوں کی مدد کریں، ہماری کوشش ہے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیں۔ سیاحت سے کاروبار چلتا ہے، لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔ ملیشیا 22 ارب ڈالر اور ترکی 40 ارب ڈالر سیاحت سے فائدہ اٹھاتا ہے۔ پاکستان میں وہ خوبصورتی ہے جو شاید ہی کسی ملک میں ہو۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے قبائلی علاقوں کے بچوں کو تعلیم دینی ہے۔ ہماری حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ہے نوجوانوں کو نوکریاں دینی ہیں۔ نوجوانوں کو سود کے بغیر قرضے دیں گے تاکہ روزگار چلا سکیں۔ ہماری طاقت ہے 60 فیصد پاکستانیوں کی عمر 30 سال سے کم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر دیں تو یہ ملک کو کہاں سے کہاں لے جائیں، قبائلی علاقوں کو اپنے مستقبل کی ترقی کے لیے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ کوئی یہاں سرمایہ کاری کے لیے نہیں آتا تھا ہم سرمایہ کاری لائیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کر رہے ہیں، ماضی میں کسی حکومت نے مدرسے کے بچوں کی فکر نہیں کی، مدرسوں کے بچے میرے بچے ہیں مجھے ان کی فکر ہے۔ مدرسوں میں 26 لاکھ بچے پڑھتے ہیں۔ چاہتے ہیں مدرسوں کے بچے دنیاوی اور سائنسی تعلیم بھی پڑھیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2008 میں پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب تھا، گزشتہ 10 سال میں حکمران قرضہ 30 ہزار ارب پر لے گئے۔ 3 گھرانوں نے چوری کرنا شروع کی۔ مشرف نے این آر او کیا، نواز شریف کو سعودی عرب جانے دیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیٹے لندن میں بیٹھے بیٹھے ارب پتی بن گئے، 3 مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے کے بچے کہتےہیں ہم تو پاکستانی ہی نہیں۔ شہباز شریف کہتے ہیں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوئی تو نام بدل دینا، آج شہباز شریف اور بچوں کی منی لانڈرنگ بھی سامنے آگئی۔ معلوم نہیں کہاں کہاں سے اور کون کون پیسے بھیج رہے تھے، تینوں خاندانوں کے کھیل اب ختم ہوگئے ہیں۔ ان کو ڈر ہے عمران خان 2 سال بھی رہا تو یہ جیلوں میں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آج اورکزئی میں آ کر بڑے بڑے اعلانات کر سکتا تھا، بدقسمتی سے ہمارے خزانے میں اتنے پیسے نہیں ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے نچلے طبقے کو اوپر اٹھانا ہے۔ جنوبی پنجاب اور قبائلی علاقے پیچھے رہ گئے انہیں اوپر لانا ہے۔ ہمارے پاس پیسے ہوتے تو ان علاقوں پر خرچ کرتے۔

    کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایک اچھا کپتان مسلسل اپنی ٹیم کی طرف دیکھ رہا ہے، کئی مرتبہ کپتان پرانے کھلاڑی کی جگہ نیا کھلاڑی لاتا ہے، کپتان کا صرف ایک مقصد ہوتا ہے اپنی ٹیم کو جتوائے۔ میں نے اپنی ٹیم میں بیٹنگ آرڈر بدلا ہے آئندہ بھی بدلوں گا۔ سارے وزیروں کو کہتا ہوں انہیں سامنے لاؤں گا جو فائدہ مند ہوں، وزیر اعلیٰ محمود خان کو کہتا ہوں اپنی ٹیم پر خصوصی نظر رکھیں۔

    خیال رہے کہ ضلع اورکزئی میں کسی وزیر اعظم کا 25 سال بعد یہ تیسرا دورہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان اس سے قبل شوکت خانم اسپتال حیات آباد پہنچے تھے جہاں انہوں نے اینکالوجی ریڈی ایشن سروسز کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم کے ساتھ گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ بھی موجود تھے۔

    وزیر اعظم کو قبائلی علاقوں کے انضمام سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ وزیر اعظم امن و امان کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

  • مشیر تعلیم کے پی کا دورہ اورکزئی، کالج اور تین اسکولوں کا افتتاح، کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان

    مشیر تعلیم کے پی کا دورہ اورکزئی، کالج اور تین اسکولوں کا افتتاح، کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان

    پشاور: مشیرِ تعلیم خیبر پختون خوا ضیاء اللہ خان بنگش نے قبائلی ضلع اورکزئی میں ایک ہی دن میں کالج اور تین اسکولوں کا افتتاح اور کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قبائلی اضلاع میں تعلیم کی بہتری کے لیے مشیرِ تعلیم کے پی ضیاء اللہ بنگش کے نئے ضم ہونے والے اضلاع کے دوروں میں تیزی آ گئی ہے۔

    [bs-quote quote=”مشیرِ تعلیم نے علاقے میں امن قائم کرنے پر پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا اور شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    مشیرِ تعلیم نے ضلع اورکزئی کا مقامی مشران کے ہم راہ تفصیلی دورہ کیا، جہاں انھوں نے تعلیمی سہولیات اور اسکولوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو اہم ہدایات جاری کیں۔

    ضلع اورکزئی کے ایک روزہ دورے میں ضیا بنگش نے جرگہ عمائدین کے ساتھ ملاقات بھی کی، عمائدین نے علاقے کے مسائل کے حوالے سے مشیر تعلیم کو آگاہ کیا۔

    مشیرِ تعلیم نے علاقے میں امن قائم کرنے پر پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا اور شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔

    ضیاء اللہ بنگش نے دورے کے دوران گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول سما بازار اورکزئی، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول اورکزئی، گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز غلجو اور پولیٹکل ایجنٹ پبلک اسکول اورکزئی کا افتتاح کیا۔

    دورے کے دوران مشیرِ تعلیم نے اورکزئی میں کیڈٹ کالج قائم کرنے کا اعلان کیا، اساتذہ کی حاضری کی بہتری کے لیے آزاد مانیٹرنگ یونٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کے پی: مذہبی کتابوں کی پڑھائی مکمل کرنے پر قیدیوں کی سزا میں کمی کا نیا قانون

    ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ ضلع اورکزئی میں ترجیحی بنیادوں پر میرٹ پر اساتذہ بھرتی کر رہے ہیں جس کے لیے اشتہار بھی جاری ہو چکا، تمام اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ عنقریب اورکزئی عوام تعلیمی شعبے میں بڑی تبدیلی دیکھیں گے، وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق قبائلی اضلاع پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔

  • حملےان عناصرکی جانب سے کیے گئے جو نہیں چاہتے پاکستان ترقی کرے، وزیراعظم

    حملےان عناصرکی جانب سے کیے گئے جو نہیں چاہتے پاکستان ترقی کرے، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ حملے ان عناصرکی جانب سے کیے گئے جو نہیں چاہتے پاکستان ترقی کرے، کسی کوشبہ نہیں ہوناچاہیے ہم دہشت گردوں کومکمل طورپرختم کریں گے، دہشت گردکسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چینی قونصلیٹ اوراورکزئی میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ہدایت کی زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری دعائیں غمزدہ خاندانوں کےساتھ ہیں، بہادرسیکیورٹی اورپولیس اہلکاروں کوسلیوٹ کرتا ہوں، اہلکاروں نےجان قربان کرکےچینی قونصلیٹ پرحملہ ناکام بنایا۔

    عمران خان نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ یقین ہےدونوں حملےمنصوبہ بندی کے تحت بدامنی پھیلانے کے لئے کئے گئے، یہ حملے ان عناصر کی جانب سے کیے گئے جو نہیں چاہتے پاکستان ترقی کرے، کسی کو شبہ نہیں ہونا چاہیے ہم دہشت گردوں کو مکمل طور پر ختم کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حملہ ہمارے چین کے دورے میں غیرمعمولی تجارتی معاہدوں کا ردعمل ہے اور اس کا مقصد چینی سرمایہ کاروں کو خوفزدہ اور سی پیک کونقصان پہنچانا تھا، دہشت گرد کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔

    ایسی مذموم کوششیں پاک چین دوستی کومتاثرنہیں کرسکتیں، صدر


    دوسری جانب صدرعارف علوی نے کراچی میں چینی قونصلیٹ پردہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملےمیں شہیدہونےوالوں کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

    عارف علوی نے سیکیورٹی اداروں کی بہادری اورشجاعت کوسلام پیش کرتے ہوئے کہا ایسی مذموم کوششیں پاک چین دوستی کومتاثرنہیں کرسکتیں۔

    واضح رہے دہشت گردوں نے آج صبح سوا نو بجے کے قریب کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، جسے پولیس اور رینجرز نے ناکام بنادیا تھا، کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 اہلکار شہید ہوئے تھے۔

    جس کے بعد صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع اورکزئیکے علاقے کلایا بازار میں بم دھماکے ہوا، جس کے نتیجے میں 30 افراد کے جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • اورکزئی : زیرِ تعمیرکالج میں بارودی مواد کا دھماکہ،عمارت متاثر

    اورکزئی : زیرِ تعمیرکالج میں بارودی مواد کا دھماکہ،عمارت متاثر

    اورکزئی : ہنگو کے علاقے اورکزئی میں زیرِ تعمیر کالج میں بارودی مواد کا دھماکہ ہوا، دھماکے سے عمارت کو نقصان پہنچا۔

    اورکزئی کے علاقے کلایا میں زیرِ تعمیر ڈگری کالج میں بارودی مواد کا دھماکہ ہوا، پولیٹیکل ذرائع کے مطابق دھماکے سے عمارت کے چار کمروں کو نقصان پہنچا جبکہ  تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    آس پاس کے میکنوں کا کہنا ہے کہ یہاں آئے دن ایسے دھماکے ہونا معمول کی بات ہے لیکن اب کی بار ڈگری کالج کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    پشاور میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد ایک طرف دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں مزید تیزی آگئی ہے تو دوسری جانب شدت پسندوں کی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • ہنگو، اورکزئی، خیبرایجنسی میں کارروائیاں،39دہشتگرد ہلاک

    ہنگو، اورکزئی، خیبرایجنسی میں کارروائیاں،39دہشتگرد ہلاک

    ہنگو: اورکزئی اور خیبرایجنسی سمیت ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں انتالیس شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

    دہشت گردوں کے خاتمے کےلئے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق آج اورکزئی اور خیبرایجنسی میں سیکیورٹی فورسزکی کارروائیوں نے انیس دہشت گردوں کو موت کی نیند سلا دیا جبکہ بیس دہشت گرد زخمی ہوئے۔

    سکیورٹی فورسز اوردہشت گردوں کے درمیان اورکزئی اورخیبرایجنسیوں کے بارڈر پر خزانہ کنڈاؤ اور شیریں درہ کے مقامات پرجھڑپیں ہوئیں، دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کے بعد پسپائی اختیار کرلی اور نوساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    سیکیورٹی فورسز نے دو دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے، اس کارروائی میں چار سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

    اس سے قبل ہنگو خزینہ چوک کی چیک پوسٹ پرشدت پسند بھاری ہتھیاروں کے ساتھ حملہ آورہوئے تاہم سیکیورٹی فورسزنے شدت پسندوں بھرپورجوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ پسپا کردیا تھا، سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی میں بیس شدت پسند مارے گئے تھے۔