Tag: اور یواے ای کی خبریں

  • بچے کو تھپڑ مارنے پر لاکھوں روپے جرمانہ

    بچے کو تھپڑ مارنے پر لاکھوں روپے جرمانہ

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کی مقامی عدالت نے بچے کو تھپڑ مارنے کے جرم میں خلیجی شخص کو لاکھوں روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اماراتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عدالت نے بچے کو تھپڑ رسید کرنے کے جرم میں ایک ماہ معطل قید کی سزا بھی سنائی ہے۔

    فجیرہ پولیس نے بچے کی شکایت پر عدالتی سمن بھیج کر مجرم کو تفتیش کے لیے بلایا اور پبلک پراسیکیوٹر نے اس پر بچے کے ساتھ نامناسب عمل کا الزام عائد کیا۔

    مجرم نے عدالت کو بتایا کہ جب وہ ایک شاپنگ مال کے بیت الخلامیں رفع حاجت میں مصروف تھا کہ اس دوران دروازے پر زور زور سے دستک دی گئی جس پر اسے شرمندگی محسوس ہورہی تھی اور شدید غصہ آرہا تھا۔

    مجرم کا کہنا تھا کہ جیسے ہی وہ بیت الخلا سے باہر آیا تو بچہ زور زور سے ہنسنے لگا، دراصل وہ اپنے دستوں کے ساتھ مل کر مزاق کررہا تھا جس پر وہ آگ بگولہ ہوگیا اور بچے کو سبق سکھانے کے لیے ہلکا سا تھپڑ مارا۔

    مجرم نے کہا کہ بچے کوتھپڑ مارنے کا مقصد اس کی تضحیک کرنا نہیں تھا بلکہ آئندہ ایسی شرارت کرنے سے روکنے کے لیے تھا۔

    عدالت نے جرم ثابت ہونے پر خلیجی شخص کو ایک ماہ معطل قید کی سزا اور 20 ہزار درہم یعنی قریباً ساڑھے آٹھ لاکھ روپے پاکستانی جرمانے کی سزا سنا دی۔

  • پاکستان اور یو اے ای میں 3 ارب ڈالر کے پیکیج پر دستخط ہوگئے

    پاکستان اور یو اے ای میں 3 ارب ڈالر کے پیکیج پر دستخط ہوگئے

    ابوظبی: پاکستان اور برادر اسلامی ملک یواےای میں 3 ارب ڈالرکے قرض کا معاہدہ طے  پا گیا.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور یو اے ای میں 3 ارب ڈالر کے پیکیج پر دستخط ہوگئے ، معاہدہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اورابوظبی فنڈز فارڈیولپمنٹ کے مابین ہوا.

    پاکستان کی جانب سے گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے معاہدے پر دستخط کئے، جب کہ یو اے ای کی طرف سے ابوظبی ڈیولپمنٹ فنڈ کے چیئرمین نے دستخط کئے.

    توقع کی جارہی ہے کہ ایک ارب ڈالر فوری پاکستان کو وصول ہوجائیں گے، جب کہ باقی دو ارب ڈالر معاہدے کے مطابق منتقل کیے جائیں گے.

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے  نومبر 2018 میں یو اے ای کا  دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے اہم شخصیات سے ملاقات کی۔

    یاد رہے کہ ماضی میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد پاکستان معیشت میں واضح استحکام آیا.

    مزید پڑھیں: سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر آنے کے بعد زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ

    خیال رہے کہ اس وقت وزیر اعظم عمران خان قطر کے دور روزہ دورے پر ہیں، جہاں‌ وزیراعظم کی امیرقطر امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ون آن ون ملاقات ہوئی  ہے۔