Tag: اونچے درجے کا سیلاب

  • دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب، چیف انجینئرز کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت

    دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب، چیف انجینئرز کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت

    بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، آج سکھر بیراج سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزرے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ آبپاشی سندھ کا کہنا ہے کہ گڈو بیراج پر گزشتہ روز4 لاکھ کیوسک سے زائد پانی داخل ہوا ہے جب کہ آج سکھر بیراج سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزرے گا۔

    محکمہ آبپاشی سندھ نے بتایا کہ محکمہ آبپاشی سندھ نے پانچوں چیف انجینئرز کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے کہ اونچے درجے کے سیلاب کی آمد کے بعد ہنگامی اقدامات کریں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دریائے سندھ کے بندوں کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کریں، خصوصی اقدامات کرتے ہوئے گشت میں اضافہ کیا جائے، مشینری اور آلات تیار رکھے جائیں۔

    مراسلے کے متن کے مطابق رات کی تاریکی میں اہم مقامات پر روشنی کا انتظام کیا جائے، دریائے سندھ کے بندوں پر جا کر عارضی دفتر بنائیں، کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،

    دریائے سندھ میں درمیانے درجے کے سیلاب سے مزید 20 دیہات زیر آب آگئے ہیں جب کہ قادر پور کے کچے میں گاؤں جان محمد واسو سمیت کئی دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

    گاؤں گھنور چاچڑ اور نور لکھن کے مقام پر لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے، متاثرہ علاقوں میں خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں افراد پھنسے ہوئے ہیں، پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے تاحال اقدامات شروع ہی نہ ہوسکے۔

  • سعودی عرب: سیلاب میں بہنے والی لڑکی کی لاش مل گئی

    سعودی عرب: سیلاب میں بہنے والی لڑکی کی لاش مل گئی

    ریاض: سعودی عرب میں گزشتہ روز آنے والے سیلاب میں ایک لڑکی بہہ کر لاپتا ہو گئی تھی، جس کی لاش کافی تلاش کے بعد مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے علاقے وادی العرج میں آنے والے سیلاب میں بہہ جانے والی لڑکی کی لاش جمعے کو مل گئی، لاش کی تلاش کے آپریشن میں شہری دفاع کے اہل کاروں کے ساتھ رضاکاروں نے بھی حصہ لیا۔

    اس مہم میں امدادی انجمن ساعد اور کئی رضاکار ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد کامیابی حاصل کی، سرچ آپریشن کے دوران طائف کے گورنر بھی موجود تھے، انھوں نے شہری دفاع کے اہل کاروں اور رضاکاروں کی کوششوں کو سراہا۔

    واضح رہے کہ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے ٹویٹر پر شدید بارشوں اور سیلاب سے متعلق خبردار کیا گیا تھا، ایک بیان میں بتایا گیا کہ مکہ مکرمہ ریجن اور اس کی کئی کمشنریز میں کہیں بوندا باندی اور کہیں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے، جب کہ کچھ علاقوں میں سیلاب کی رپورٹس بھی آ رہی ہیں۔

    سعودی عرب: سیلاب میں بہنے والی خاتون کی لاش برآمد

    شہری دفاع کا کہنا تھا کہ طائف کی وادی العرج میں بھی سیلاب کی رپورٹ ہے، جہاں ایک لڑکی سیلاب میں بہہ کر لا پتا ہو چکی ہے۔

    یاد رہے کہ جولائی میں عسیر ریجن کی وادی عبلا میں سیلاب میں ایک شخص، بچی اور ایک خاتون بہہ کر لاپتا ہو گئے تھے، ان کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جن کی لاشیں کافی تلاش کے بعد نکال لی گئی تھیں۔

  • دریائے ستلج میں آج اونچے درجے کا سیلاب متوقع

    دریائے ستلج میں آج اونچے درجے کا سیلاب متوقع

    لاہور: دریائے ستلج میں آج اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے ، سیلاب کے باعث قصور، بہاولنگر، پاکپتن، وہاڑی اور بہالپوراضلاع متاثر ہونے کا اندیشہ ہے جبکہ  دریائے راوی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سےپانی چھوڑنےپر پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب کاخدشہ پیدا ہوگیا، دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔

    ایک لاکھ سے زائد کاسیلابی ریلاآج گنڈاسنگھ کے مقام پر پاکستان میں داخل ہوگا ، سیلاب سےقصور، بہاولنگر،پاکپتن،وہاڑی،بہالپوراضلاع متاثر ہونےکااندیشہ ہے جبکہ سیلابی ریلےسےمیلسی حاصل پورکےعلاقوں کےمتاثرہونےکابھی خدشہ ہے۔

    ہیڈ سلیمانکی پرایک لاکھ پچاس ہزارکیوسک پانی کاریلہ آنےکا امکان ہے، جس سےمنڈی احمدآباد،قانون گوئی کےانتیس دیہات متاثر ہو سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : راوی اور ستلج میں سیلابی ریلے کا خدشہ

    دریائے راوی میں 40ہزار کیوسک کا ریلا ہیڈبلوکی سےگزر رہا ہے ، دریائے راوی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے سندھ میں بھی آج تربیلا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔

    دریائےچناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ کیوسک ہے ، ہیڈمرالہ کے مقام پر گزشتہ دوروز سے پانی میں کمی ہورہی ہے۔

    سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لئے قصور،لودھراں،اوکاڑہ ،پاکپتن میں انتظامیہ نےریلیف کیمپ قائم کرکے دریا کی قریبی آبادیوں کو منتقل کیا جارہا ہے جبکہ ہنگامی صورتحال سےنمٹنےکے لئےپاک فوج سے مدد طلب کرلی گئی ہے۔

    بھارت نےلداخ ڈیم کے پانچ میں سے تین اسپل وے بھی کھول دیئے، پانی خرمنگ کےمقام پردریائے سندھ میں شامل ہوگا،کھرمنگ اسکردو، گلگت اوردیامرانتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

    گذشتہ روز پاکستان اور بھارت کے انڈس واٹر کمشنرز کے درمیان پاکستان میں ممکنہ سیلابی صورت حال سے متعلق ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا ، جس میں انڈس واٹر کمشنر کا کہناتھا کہ کہ بھارت نے ٹیلی فون کے ذریعے پانی کا ڈیٹا فراہم کر دیا ہے، ڈیٹا کے مطابق بھارت نے دریائے ستلج پر ابھی تک 24 ہزار کیوسک پانی چھوڑا۔

    ذرایع کا کہنا تھا کہ بھارت کے ہریکے بیراج اور فیروزپور بیراج پر پانی کا بہاؤ ڈیڑھ لاکھ کیوسک ہے، بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں 2 لاکھ کیوسک تک کا ریلا چھوڑا جا سکتا ہے۔

  • جھنگ:تریموں ہیڈورکس پر دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب

    جھنگ:تریموں ہیڈورکس پر دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب

    جھنگ : تریموں ہیڈ ورکس پر دریائے چناب میں اونچےدرجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، بپھرے دریا نے جھنگ کے نواحی علاقوں میں سیکڑوں بستیوں کا نام و نشان مٹا دیا ہے، ہزاروں افراد پانی میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

    پنجاب میں آنے والے سیلابی ریلوں نے سینکڑوں ہستے بستے دیہات صفحہ ہستی سے مٹا دیئے ہیں، موسلادھار بارشیں اور بھارت کی جانب سے اضافی پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب ،راوی اور جہلم ایسے بپھرے کہ پنجاب کے بالائی علاقوں میں تباہی ہی تباہی پھیل گئی۔

    دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر پانی کا بہاؤ سات لاکھ کیوسک تک پہنچ گیا ہے، سیلابی پانی بوانہ شہر میں داخل ہونے سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ شہری چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

    جھنگ کے مقام پر تریموں ہیڈ ورکس پر دریائے چناب میں اونچےدرجے کا سیلاب ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح میں اضافے کے باعث مزید پندرہ دیہات ڈوب گئے، پکے والا کے قریب ریلوے ٹریک سیلابی پانی میں بہہ گیا، جس سے جھنگ سے پنڈی ریلوے سروس معطل ہوگئی ہے۔

    بہاولنگرمیں سیم نالہ ٹوٹنے سے سیلابی پانی نواحی علاقے حسین آباد، سعید پورہ سمیت متعدد بستیوں میں داخل ہوگیا ہے، سینکڑوں ایکٹر زمین زیر آب آگئی ہے، احمد پور سیال میں دریائے راوی میں سیال فقیر کے مقام پر اونچے درجے کے سیلابی ریلے کے باعث پندرہ دیہات زیر آب آگئے ہیں۔

    مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد اب بھی پانی میں محصور ہیں، پاک فوج ، مقامی پولیس اور ریسکیو کے جوان محصور افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔