Tag: اووربلنگ

  • اووربلنگ کا ذمہ دار میں‌ ہوں گا، لیسکو چیف ایگزیکٹو کا بڑا بیان

    اووربلنگ کا ذمہ دار میں‌ ہوں گا، لیسکو چیف ایگزیکٹو کا بڑا بیان

    لاہور: لیسکو کے چیف ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ اگر لیسکو میں اووربلنگ ہوتی ہے تو اس کی ذمہ داری خود ان پر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق لیسکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ لیسکو میں اگر کہیں بھی اووربلنگ ہوئی تو اس کا ذمہ دار وہ ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد رمضان بٹ نے کہا کہ لیسکو میں قطعاً اووربلنگ نہیں ہوتی، اگر ہوگی تو اس کا میں اور میری ٹیم ذمہ دار ہوں گے، مطلب یہ کہ جو لیسکو ہیڈ کوارٹر میں بیٹھے ہیں اور سی ایس ٹی ذمہ دار ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارے صارفین ہمارے باس ہیں، ان کو ہمیں سروس فراہم کرنی ہے، یہ ان کا حق ہے اور ہماری ڈیوٹی ہے۔

    دوسری طرف انھوں نے کہا حکومتی سرکاری ادارے 23 ارب کے نادہندہ ہیں، جن میں چار سے پانچ ارب روپے اسی سال کے ہیں اور باقی گزشتہ برسوں کے ہیں، ان سے وصولی کا کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔

    انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ انھوں نے لیسکو کو ماں کا درجہ دے دیا ہے، جہاں کرپشن اور بد عنوانی پر زیرو ٹالرنس ہے، جو بھی ذمہ دار ہوا اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔

  • اووربلنگ پر صنعت کاروں کے لیے بڑا اعلان

    اووربلنگ پر صنعت کاروں کے لیے بڑا اعلان

    کراچی: صوبائی وزیر صنعت نے اووربلنگ کی شکایت پر صنعت کاروں کے لیے کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے صوبائی وزیر صنعت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ صنعت کاروں کی جانب سے اوور بلنگ کی شکایات مل رہی ہیں، جس کے لیے ایف پی سی سی آئی کے قائمقام صدر ثاقب فیاض مگوں کے ساتھ مل کر معاملہ حل کرنے کے لیے کمیٹی بنا رہے ہیں۔

    صوبائی وزیر نے کہا اووربلنگ پر کے الیکٹرک حکام سے بات کروں گا، بجلی بلوں کی ادائیگی اب ہر کسی کے لیے مسئلہ بن گئی ہے۔

    جام اکرام اللہ دھاریجو کا کہنا تھا کہ وہ سندھ کے صنعتی مسائل اور منصوبوں میں تاخیر پر اگلے ہفتے اسلام آباد جا رہے ہیں، اور ایف پی سی سی آئی کا بھی ایک نمائندہ ان کے ساتھ جائے گا۔

    سابق نگراں وزیر تجارت نے بجلی بل کم کرنے کی تجاویز پیش کر دیں

    خیال رہے کہ اس وقت تمام صنعت کار، تمام چیمبر آف کامرس اور چھوٹی بڑی صنعتوں کے مالکان یہ دہائی دے رہے ہیں کہ جتنی مہنگی بجلی انھیں دی جا رہی ہے اُس میں وہ پروڈکشن نہیں کر سکتے، کیوں کہ لاگت اتنی زیادہ ہو جاتی ہے کہ عالمی منڈی میں مقابلہ ہی نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری طرف حال ہی میں پاکستان میں انکشاف ہوا ہے کہ آئی پی پیز کو بجلی کی پیداوار نہ کرنے پر بھی حکومت پاکستان سالانہ طور پر اربوں روپے کے کیپسٹی چارجز دے رہی ہے اور یہ سارا بوجھ غریب عوام اور صنعت کاروں پر ڈالا جا رہا ہے۔

  • اووربلنگ سے ایک سال میں  شہریوں سے کتنے ارب روپے وصول کئے گئےِ؟ حیران کن انکشاف

    اووربلنگ سے ایک سال میں شہریوں سے کتنے ارب روپے وصول کئے گئےِ؟ حیران کن انکشاف

    لاہور : لیسکو کی آڈٹ رپورٹ میں ایک سال کے دوران اووربلنگ کی مد میں شہریوں سے اربوں روپے وصولی کا انکشاف ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق لیسکو میں اربوں روپے کی بے ضابطگیاں کی سال 2023سے2024 کی آڈٹ رپورٹ سامنے آگئی۔

    جس میں بتایا گیا کہ اووربلنگ سے شہریوں سے ایک سال میں 1ارب 95 کروڑ وصول کیےگئے۔

    رپورٹ میں مختلف تعمیراتی منصوبوں میں 3 ارب 68 کروڑ کی بےضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی اور بتایا گیا لائن لاسسزمد میں 8 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

    آڈٹ رپورٹ میں کہنا تھا کہ لیسکوایسٹرن سرکل میں غلط ریڈنگ سے13 ارب سے زائد کی ریفنڈنگ کی گئی، بلوں میں ڈیفالٹ کرنے والے صارفین سے 4 ارب سے زائد کی ریکوری نہیں کی گئی۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ نیلم جہلم سر چارجز مد میں 34 کروڑروپے سے زائد غیر قانونی وصولیاں کی گئیں جبکہ سرکاری محکموں کو لیٹ پیمنٹ مدمیں خلاف ضابطہ 66 کروڑ کی چھوٹ دی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔

  • پروٹیکٹڈ صارفین کو اووربلنگ : وفاقی حکومت کا پہلا ایکشن

    پروٹیکٹڈ صارفین کو اووربلنگ : وفاقی حکومت کا پہلا ایکشن

    لاہور : وفاقی حکومت پروٹیکٹڈ صارفین کو اووربلنگ پر ایکشن لیتے ہوئے پاورپلاننگ اینڈمانیٹرنگ کمپنی کے ایم ڈی ظفرعباس کو اوایس ڈی بنادیا۔

    تفصیلات کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین کو اووربلنگ پر وفاقی حکومت کا پہلا ایکشن سامنے آیا، پاورپلاننگ اینڈمانیٹرنگ کمپنی کے ایم ڈی ظفرعباس کو اوایس ڈی بنادیاگیا ۔

    گریڈ 21کے ایڈیشنل سیکرٹری ظفرعباس کواسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    پاورپلاننگ اینڈمانیٹرنگ کمپنی نے ڈسکوز میں پرو ریٹا بلنگ سسٹم شروع کرایا ۔ پروریٹا بلنگ میکنزم کے باعث لاکھوں صارفین پروٹیکٹڈ کیٹیگری سے نکل گئے۔

    ایف آئی اے اس حوالےسے تحقیقات کررہا ہے، ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹس میں پروریٹابلنگ میکنزم کو اووربلنگ کا باعث قرار دیا گیا۔

    پی پی ایم سی میں کام کرنے والے کنسلٹنٹس کے حوالے سے بھی تفتیش کاآغاز کردیا گیا ، پروریٹا سسٹم کس نے شروع کرایا، ادارے کھوج لگانے کیلئے متحرک ہیں۔

  • وزیر اعظم کے احکامات پر نیپرا اور ایف آئی اے نے اووربلنگ انکوائری کا آغاز کر دیا

    وزیر اعظم کے احکامات پر نیپرا اور ایف آئی اے نے اووربلنگ انکوائری کا آغاز کر دیا

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف کے احکامات پر نیپرا اور ایف آئی اے نے اووربلنگ انکوائری کا آغاز کر دیا۔

    ذرائع لیسکو کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین کو کروڑوں روپے اوور بلنگ شکایات پر انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے، یہ انکوائری نیپرا اور ایف آئی اے کر رہی ہے۔

    جن صارفین کو پروریٹا بل ملے وہ واپس ہو جائیں گے، پروریٹا سسٹم کی منظوری کنسلٹنٹ منسٹری ثاقب جمال اور لیسکو انتظامیہ نے دی تھی، اعلیٰ سطح کمیٹی وزارت اور لیسکو مینجمنٹ ذمہ داران کا تعین کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق افسران کے خلاف کارروائی کے لیے وزیر اعظم آفس کو رپورٹ بھجوائی جائے گی، جب کہ کل شام تک اووربلنگ رپورٹ مرتب کر لی جائے گی۔

    خیال رہے کہ پروٹیکٹڈ صارفین کو 3 ہزار کے بجائے 8 ہزار روپے کے بل بھجوائے گئے تھے۔

  • اووربلنگ پر لیسکو حکام نے ایف آئی اے طلبی مسترد کر دی

    اووربلنگ پر لیسکو حکام نے ایف آئی اے طلبی مسترد کر دی

    لاہور: اووربلنگ پر لیسکو حکام نے ایف آئی اے طلبی مسترد کر دی ہے، طلب کیے گئے ایس ایز ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اور لیسکو حکام میں تنازع چل رہا ہے، ایف آئی اے نے آج انکوائری کے لیے 7 ایس ایز کو بلایا تھا تاہم ایک بھی ایس ای ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوا۔

    ذرائع کے مطابق لیسکو افسران کا کہنا ہے کہ وہ عید کے بعد وکلا کے ذریعے جواب دیں گے، صرف نیپرا اووربلنگ کی جانچ پڑتال کر سکتا ہے، ایف آئی اے اووربلنگ معاملے کو نہیں دیکھ سکتا۔

    لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ 2 روز قبل ایک ایکسین کو بلاوجہ گرفتار کیا گیا جس پر انھیں تحفظات ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں اووربلنگ کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔

    ایف آئی نے لیسکو ڈویژن شاہ پور کے ایکسین راؤ کامران کو اربوں روپے کی اووربلنگ کرنے پر گرفتار کیا، شاہ پور ڈویژن میں 4 کروڑ 90 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کی نشان دہی کی گئی تھی جس پر ایف آئی نے تحقیقات کے بعد ایکسین راؤ کامران کو گرفتار کیا۔

  • گیس بحران اور اووربلنگ، وزیراعظم عمران خان  نے  اجلاس طلب کرلیا

    گیس بحران اور اووربلنگ، وزیراعظم عمران خان نے اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران اور اووربلنگ پر آج اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں وزیراعظم کو گیس کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے گا اور اوور بلنگ پر قائم کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گیس بحران اور اووربلنگ پر وزیراعظم عمران خان نے آج اہم اجلاس طلب کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم کو اوور بلنگ کی وجوہات سے بھی آگاہ کیا جائے گا اور اوور بلنگ پر قائم کمیٹی اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

    اجلاس میں وزیراعظم کو گیس طلب اور رسد میں فرق اور گیس کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

      ایل این جی کے 2 جہاز پورٹ قاسم پہنچ گئے


    دوسری جانب ایل این جی کے 2 جہاز پورٹ قاسم پہنچ گئے ہیں ، ایل این جی اووائی ای نامی جہازایل این جی ٹرمینل پرلگ گیا جبکہ دوسراجہاز الکرانا بھی چندگھنٹے بعد ٹرمینل پر لگ جائے گا۔

    چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر انکوائری ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ عوام پرگیس کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنا غیر مناسب ہے۔

    خیال رہے تحریک انصاف کے رہنما اوررکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے یقین دہانی کرائی تھی کہ حکومت گیس بحران پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، سندھ میں گیس کی قلت کا مسئلہ ایک ہفتے کے اندر حل ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا سندھ میں گیس بحران ایک ہفتے میں حل کرنے کا دعویٰ

    یاد رہے سندھ اور بالخصوص کراچی میں گیس کی قلت کے باعث سی این جی اسٹیشنز بند ہیں جبکہ گھروں میں بھی سپلائی فراہم نہیں کی جارہی ہے، گیس کی قلت کے باعث مکین ایل پی جی سلینڈر اور لکڑیوں پر کھانے پکانے پر مجبور ہیں۔

    پنجاب میں گیس بحران ایک مرتبہ پھر بڑھ گیا ہے، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پاور پلانٹس، فرٹیلائزر اور اندسٹری سیکٹر کو گیس کی سپلائی دوسرے روز بھی بند رکھی۔ ترجمان سوئی گیس کا کہنا ہے کہ پورٹ پر آر ایل این جی کا جہاز لنگرانداز نہ ہونے کے باعث گیس کی قلت بڑھی ہے، پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی بند ہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی آ گئی ہے۔

  • وزیراعظم کے حلقے کے عوام کا نعرہ گونوازگو

    وزیراعظم کے حلقے کے عوام کا نعرہ گونوازگو

    لاہور: وزیراعظم نواز شریف کے حلقہ این اے ایک سو بیس لاہورمیں شہری بجلی کی اووربلنگ کے خلاف سڑکوں پر آ گئے،اور حکومت کے خلاف شدید  فضاء ”گو نواز گو ”کے نعروں سے گونجتی رہی۔تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم نوازشریف کے حلقہ این اے 120 میں موہنی روڈ پر شہریوں نے اوور بلنگ کے خلاف احتجاج کیا۔

    جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی، مظاہرین نے ٹائرجلاکرٹریفک بند کر دی اور گو نواز گو کے نعرے لگاتے رہے، اس موقع پر مظاہرین نے بجلی کے بل بھی نذر آتش کئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک پنکھے اور ایک بلب کا بل 10 سے 12 ہزار روپے آ رہا ہے، مہنگائی کے اس دور میں وہ بجلی کے بل ادا کریں یا بچے پالیں، حکمرانوں کی نااہلی سے ان کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔