Tag: اوورسیز پاکستانی

  • اوورسیز پاکستانی سے 6 کروڑ کا فراڈ کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

    اوورسیز پاکستانی سے 6 کروڑ کا فراڈ کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

    لاہور (29 اگست 2025) بیرون ملک مقیم پاکستانی کو جھانسہ دے کر 6 کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کرنے والے ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی ارسلان کو پلاٹ کی خریداری کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ یورو (6 کروڑ 56 لاکھ 40 ہزار روپے پاکستانی) کا فراڈ کیا۔

    رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ٹک ٹاکر خرم گجر نے اوورسیز پاکستانی ارسلان کو دھمکیاں دیں، جس کے بعد رانا ارسلان تھانہ ڈیفنس پہنچ گیا اور اس کی درخواست پر پولیس نے اس کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خرم گجر نے رانا ارسلان سے کمرشل پلاٹ کی خریداری کی مد میں اتنا بڑا مالی فراڈ کیا۔ اوورسیز پاکستانی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کیا۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا کے فروغ کے بعد دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ٹک ٹاک نشے کی طرح لوگوں بالخصوص نوجوانوں میں سرایت کرتا جا رہا ہے۔

    مختلف تنازعات میں اب تک کئی ٹک ٹاکر قتل ہو چکے ہیں جب کہ مختلف الزامات میں گرفتاریاں بھی ہو چکی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-police-arrest-tik-toker-over-durgs-suppy/

  • بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کےلیے وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کےلیے وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

    وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھیجنے کی سہولت اسکیم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے وزارت خزانہ کو ترجیحی بنیادوں پر ورکرز رمیٹنس انسینٹوو اسکیم (Workers’ Remittances Incentive Scheme) کیلئے فوری طور پر فنڈ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہماری طاقت، پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خون پسینے سے کمائی ترسیلات زر پاکستان کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرتی ہیں جسے مجھ سمیت پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مالی سال 2025 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تاریخ کی بلند ترین 38.3 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیج کر 14 برس میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کے ہدف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کیا۔

    وزیرِاعظم نے کہا کہ ان ترسیلات زر سے نہ صرف بڑھتے ہوئے درآمدی بل کی ادائیگی بلکہ زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں بھی معاونت ملی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم مزدور سے لے کر کاروباری شخصیات تک، سب وطن عزیز ترسیلات زر بھیج کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم محنتی پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاِت زر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور اور اس نظام کو بہتر، مؤثر اور سہل بنا رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/pta-tax-free-mobile-phonee-registration-overseas-pakistani/

  • پیرس میں اوورسیز پاکستانیوں اور سفارت خانے کے عملے کو بڑی مشکل کا سامنا

    پیرس میں اوورسیز پاکستانیوں اور سفارت خانے کے عملے کو بڑی مشکل کا سامنا

    کراچی: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کا بینک اکاؤنٹ نہ ہونے سے ملازمین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کا بینک اکاؤنٹ نہ ہونے سے ملازمین مشکل میں پڑ گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سفارت خانے کی ترسیلات زر اور عملے کی تنخواہیں فرینکفرٹ کے نیشنل بینک آف پاکستان کے ذریعے ان کے ذاتی اکاؤنٹس میں آ رہی ہیں۔

    پیرس میں نیشنل بینک کی برانچ کی بندش سے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کے مطابق اکتوبر 2022 میں پیرس میں نیشنل بینک آف پاکستان کی برانچ کچھ وجوہ پر بند کر دی گئی تھی۔

    اب ذرائع نے امید ظاہر ہے کہ فرانس میں پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے بعد قوی امید ہے کہ پیرس میں نیشنل بینک کی برانچ بھی دوبارہ سے بحال ہو جائے گی۔


    بڑی خبر: برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دیں


    واضح رہے کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، اور پاکستانی ایئر لائنز پر پابندیاں ختم ہو گئی ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کی درخواست دے سکتی ہیں۔

    برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پابندیوں کے خاتمے کا فیصلہ ایوی ایشن سیفٹی میں بہتری پر یو کے ایئر سیفٹی کمیٹی نے کیا ہے، اب ایئر لائنز کو پروازوں کے لیے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔

  • سب سے زیادہ سرمایہ بھجوانے والے اوورسیز پاکستانی کو سول ایوارڈ دیا جائیگا، وزیراعظم

    سب سے زیادہ سرمایہ بھجوانے والے اوورسیز پاکستانی کو سول ایوارڈ دیا جائیگا، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ سرمایہ بھجوانے والے اوورسیز پاکستانی کو سول ایوارڈ دیا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطاببق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اوورسیزپاکستانیوں کے امور پر خصوصی اجلاس ہوا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز کیلئے پاکستان میں انکی مہارت کے مطابق سرمایہ کاری کے مواقع دیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کی وطن کیلئے محبت، قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ سمندرپار پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر کا کردارادا کرتے ہیں، سمندرپار پاکستانیوں کی ملک کےلئے بڑی خدمات ہیں۔

    سمندرپار پاکستانیوں نے دنیا بھر میں محنت کرکے اپنا اور ملک کیلئے نام کمایا، طب، تعلیم، انجینئرنگ اور کنسلٹنسی میں بطور پروفیشنل محنت کی اور رزق حلال کمایا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں بڑا پیکج دیا ہے، اوورسیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کریں گے، انھیں مزید سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہیں۔

    اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں سمندرپار پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کنونشن میں بھرپورشرکت اوورسیز پاکستانیوں کی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

    شہباز شریف کو اوورسیز پاکستانیوں کےلئے اعلان کردہ سہولتوں سے متعلق پیشرفت، حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم، وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

    "اوورسیز کنونشن میں نعرے لگے آرمی چیف قدم بڑھائیں ہم آپ کے ساتھ ہیں”

  • اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بڑے معاون

    اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بڑے معاون

    بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن کی ایک متحرک قوت ہیں جو ترسیلات زر کے ذریعہ ملکی ترقی اور قوم کی خوشحالی کو یقینی بناتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے محکمہ برائے اقتصادی و سماجی امور کے مطابق، دنیا بھر میں تقریباً 272 ملین بیرونِ ملک مقیم افراد میں سے، پاکستان دنیا کا ساتواں بڑا اوور سیز پاکستانیوں کا حامل ملک ہے۔ یہ افراد ملک کی ساکھ، معیشت اور سفارت کاری پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔

    بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کی معیشت اور ترقی کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدن ہیں۔ورلڈ بینک کے مطابق، پاکستان دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ ترسیلات زر وصول کرتے ہیں، جو اس کے جی ڈی پی کا اہم حصہ ہیں۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ ترین اعداد و شمار (2023) کے مطابق، پاکستان کو سب سے زیادہ ترسیلات خلیجی ممالک، امریکہ، برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ سے موصول ہوئیں۔ مالی سال 2022-23 کے دوران، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پاکستان کو 26 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات بھیجیں۔

    ملک کی سطح پر، سعودی عرب ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ رہا، جہاں سے تقریباً 4.4 ارب امریکی ڈالر (کل ترسیلات کا 24 فیصد) پاکستان بھیجے گئے۔ متحدہ عرب امارات اور برطانیہ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے، جن سے جولائی تا فروری مالی سال 2024 کے دوران 3.1 ارب (17٪) اور 2.7 ارب (15٪) ڈالر پاکستان آئے۔

    ترسیلات زر کا سب سے فوری فائدہ غربت میں کمی ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس جیسے پروگراموں کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ، حکومتی بانڈز اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جو ملک میں غیر ملکی سرمایہ لانے میں مدد دے رہا ہے۔

    پیو ریسرچ سینٹر کے ایک سروے کے مطابق، بیرون ملک مقیم 53 فیصد پاکستانیوں کا ماننا ہے کہ ان کی موجودگی میزبان ممالک میں پاکستان کی شبیہہ کو مثبت انداز میں پیش کرتی ہے۔

    اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے میزبان ممالک میں کی جانے والی سیاسی و سفارتی سرگرمیاں پاکستان کی خارجہ پالیسی پر اہم اثر ڈال سکتی ہیں۔

    امریکا میں مقیم پاکستانی امریکی کمیونٹی نے مختلف سطحوں پر امریکی کانگریس سے رابطے کیے، جن میں پاک-امریکا تعلقات، مسئلہ کشمیر، اور انسانی حقوق جیسے موضوعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی ایسے اقدامات کیے، جن سے برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کی گئی۔ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں نے پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع کے حصول کے لیے سرگرم مہمات چلائیں۔

    سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک، جہاں پاکستانی بیرونِ ملک مقیم افراد کی بڑی تعداد موجود ہے، وہاں یہ کمیونٹی دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

  • اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے خوشخبری

    اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے خوشخبری

    پشاور: اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے صحت کارڈ کی سہولت کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر اوورسیز فاؤنڈیشن سے کے پی کے مزدوروں کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک بیان میں کہا کہ صحت کارڈ کی سہولت کے سب سے زیادہ مستحق اوورسیز پاکستانی ہیں، اس سہولت کے تحت لیبر ویزے پر بیرون ملک مقیم پاکستانی علاج کروا کر میڈیکل رپورٹ محکمہ صحت کو بھیجیں گے۔

    علی امین گنڈاپور کے مطابق میڈیکل رپورٹ کی تصدیق ہو جانے کے بعد اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے اہل خانہ کو علاج کے اخراجات ادا کیے جائیں گے۔

    لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے پی میں جرمن تنظیم ’کے ایف ڈبلیو‘ کے تعاون سے صحت کارڈ پلس کے تحت مفت او پی ڈی کی سہولت کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، جو اس حوالے سے پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

    پہلے مرحلے میں یہ اسکیم ضلع مردان میں شروع کی جا رہی ہے، جہاں 50 ہزار مستحق خاندان مستفید ہوں گے، اگلے مرحلے میں چترال، ملاکنڈ اور کوہاٹ میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ او پی ڈی سروس کے تحت مریضوں کو مفت ادویات، میڈیکل ٹیسٹس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کی محنت سے ترسیلاتِ زر میں 30 فیصد اضافہ ہوا، وزیراعظم

    اوورسیز پاکستانیوں کی محنت سے ترسیلاتِ زر میں 30 فیصد اضافہ ہوا، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی محنت سے ترسیلاتِ زر میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ لوگ ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔

    اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت اور قوم اوورسیز پاکستانیوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں، بےشمار اوورسیز پاکستانی ملک کا نام روشن کررہے ہیں، اوورسیز کے بھیجے گئے پیسوں سے قومی خزانے کو فائدہ ہوتا ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی تربیت حاصل کرکے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیتے ہیں، اوورسیز پاکستانی واپس آکر سرماریہ کاری کرتے ہیں جس سے معیشت کو فائدہ ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی واپس آکر پراپرٹی میں سرماریہ کاری کرتے ہیں جس کا فائدہ ہوتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی پراپرٹیز واگزار کرائی گئیں، دیگر مسائل بھی حل کیےگئے، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی زیرِنگرانی اوورسیز کا پنجاب میں ادارہ فعال کردار ادا کر رہا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا میری حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا حق دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اوورسیز پاکستانی ہمارے ملک کے عظیم سفیر ہیں، ان شااللہ ہم گرین چینل کو دوبارہ بحال کریں گے،

    وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ تقریب کے شرکا نے کہا یہ جو محفوظ دھرتی ہے اس کے پیچھے وردی ہے، 2018 تک ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوگیا تھا، 80 ہزارقربانیوں کے بعد دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے چند سال پہلے ایک حکومت نے دہشت گردوں کو دوبارہ آنے دیا، کل میں کوئٹہ سے ہوکر آیا ہوں، آرمی چیف نے بھی دورہ کیا، 23دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، 18 دلیر جوانوں نے شہادت حاصل کی

    یقین دلاتا ہوں عظیم قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردی دوبارہ ختم ہوگی، افسروں و جوانوں کی ملک کے لیے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

  • ویڈیو: اوورسیز پاکستانی کی شادی میں غیر ملکی کرنسی کی نچھاور

    ویڈیو: اوورسیز پاکستانی کی شادی میں غیر ملکی کرنسی کی نچھاور

    سیالکوٹ میں شادیوں میں اوورسیز دلہے کے دوستوں نے ملکی و غیر ملکی نوٹوں اور دیگر تحائف کی برسات کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں سمبڑیال کے رہائشی کی بارات گاؤں بکھڑے والی سے نکلی تو دولہے کے بھائیوں، دوستوں نے نوٹ نچھاور کئے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بارات شادی ہال سمبڑیال پہنچی تو ملکی و غیر ملکی کرنسی نچھاور کی گئی، کرنسی لوٹانے کیلئے شادی ہال میں کنٹینر کا انتظام کیا گیا تھا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس شادی میں پیسے لوٹنے کے لیے دور دراز سے لوگ ٹولیوں کی شکل میں آئے ہوئے تھے، اٹلی سے آنے والے دولہا عمران کے اسپین، کینیڈا سے آئے بھائیوں نے 50 لاکھ سے زائد رقم لوٹائی۔

  • ’’اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں‘‘

    ’’اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں‘‘

    نیویارک: وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، انھوں نے پاکستان کانام روشن کیا۔

    وزیردفاع خواجہ محمد آصف کی امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کےارکان سے ملاقات ہوئی، پاکستانی کمیونٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کو جنرل اسمبلی سے خطاب پر خراج تحسین پیش کیا، خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ثابت کیا پاکستانی قوم ہرمشکل کامقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    وزیردفاع نے امریکی کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ امریکا میں آپ سب نے محنت، لگن سے نیا معاشرہ آباد کیا، پاکستان کا نام روشن کیا، اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپورکردارادا کیا۔

    انھوں نے کہا کہ آپ سب کی یہ کامیابی پاکستان کے لئے ایک روشن مستقبل کی نوید ہے، ملکی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا گراں قدرکردار ہے۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقات میرے لیے باعث مسرت ہے، یہ تقریب صرف ایک اجتماع نہیں بلکہ پاکستانی قوم کی عظمت اور ہم آہنگی کا مظہر ہے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اوورسیز کے مسائل ترجیحی بنیاد پرحل کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے پوری دنیا کے سامنے کشمیر اور فلسطین کامقدمہ پیش کیا، شہباز شریف نے بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب دینے کا پیغام دیکر قوم کی ترجمانی کی۔

  • اوورسیز پاکستانی خاتون ڈاکٹر کا لاکھوں مالیت کا کھویا آئی پیڈ کیسے ملا؟

    اوورسیز پاکستانی خاتون ڈاکٹر کا لاکھوں مالیت کا کھویا آئی پیڈ کیسے ملا؟

    لاہور: موٹر وے پر سفر کرنے والی ایک اوورسیز پاکستانی خاتون ڈاکٹر لاکھوں مالیت کا آئی پیڈ کھو گیا تھا، جس کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس نے حرکت میں آ کر آئی پیڈ ڈھونڈ نکالا۔

    موٹر وے پولیس ایم 2 نے ایمان داری کی مثال قائم کر دی، ترجمان موٹر پولیس نے بتایا کہ اوورسیز خاتون ڈاکٹر ثنا منیر نے موٹر وے ہیلپ لائن پر آئی پیڈ گمشدگی کی اطلاع دی تھی، جس پر پولیس نے ساڑھے 4 لاکھ مالیت کا آئی پیڈ ڈھونڈ کر واپس کر دیا۔

    ترجمان کے مطابق خاتون کا آئی پیڈ سیال موڑ سروس ریسٹورنٹ میں رہ گیا تھا، ڈی ایس پی ملک یوسف اور انسپکٹر رمضان نے سروس ایریا سے ٹیب کو تلاش کیا، بعد ازاں، سیکٹر کمانڈر غلام قادر سندھو کی ہدایات پر ٹیب خاتون کے حوالے کر دیا گیاْ

    اس کارکردگی پر ڈی آئی جی مسرور عالم کلاچی نے پٹرولنگ افسران کی کارکردگی کو سراہا، اوورسیز خاتون ڈاکٹر نے بھی موٹر وے پولیس کی ایمان داری کی تعریف کی۔