Tag: اوورسیز پاکستانی

  • اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ

    اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ

    روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس (آر ڈی اے) کے ذریعہ سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 6.898 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے، اسی طرح آر ڈی اے کے ذریعہ سرمایہ کاری کاحجم 753 ملین ڈالر ہوگیا۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق اکتوبر 2023 میں سمندرپار پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعہ 142 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔

    ستمبر 2020 کے بعد سمندر پار پاکستانیوں نے آر ڈی اے کے ذریعہ مجموعی طور پر 6.998 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے۔

    اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2020کے بعد سے لے کر اب تک سمندر پار پاکستانیوں نے آر ڈی اے کے ذریعہ پاکستان میں مجموعی طور پر 753 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

    اکتوبر 2023 میں سمندرپار پاکستانیوں نے آر ڈی اے کے ذریعہ پاکستان میں 50 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

    اعدادوشمار کے مطابق سمندرپار پاکستانیوں نے ستمبر 2020 کے بعد سے لے کراب تک نیا پاکستان روایتی  سرٹیفیکیٹس میں 316 ملین ڈالر، نیا پاکستان اسلامی سرٹیفیکیٹس میں 412ملین ڈالر اور پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 25 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

  • اوورسیز پاکستانیوں نے یورپی ممالک سے کتنا زرمبادلہ بھیجا؟

    اوورسیز پاکستانیوں نے یورپی ممالک سے کتنا زرمبادلہ بھیجا؟

    اسلام آباد : پاکستان سے یورپی ممالک میں روزگار کیلیے جانے والے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یونین میں شامل ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) تک کی مدت میں جرمنی، فرانس، نیدر لینڈ، اسپین، اٹلی، یونان، سویڈن، ڈنمارک ، آئرلینڈ اور بلیجیم میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1.141 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہے۔

    گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں نے 1.070 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

    اکتوبر میں یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 298 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہے۔

    گزشتہ سال اکتوبر میں یورپی یونین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 232 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

    ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں یورپی یونین سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 10 فیصد کی نمو ہوئی، ستمبر میں یورپی یونین سے ترسیلات زر کا حجم 270 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو اکتوبر میں بڑھ کر 298 ملین ڈالر ہوگیا۔

    واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں اوورسیز پاکستانیوں پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 8.795 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے بنائی گئی ون ونڈو ڈیسک عدم توجہ کا شکار

    اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے بنائی گئی ون ونڈو ڈیسک عدم توجہ کا شکار

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے بنائی گئی ون ونڈو ڈیسک عدم توجہ کا شکار ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے وفاقی محتسب کی ہدایت پر ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کی گئی تھی، جو عدم توجہی کا شکار ہے۔

    مذکورہ ڈیسک میں ایف آئی اے، اے ایس ایف، سی اے اے اور محکمہ پروٹیکٹر کے عملے کو ڈیسک پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم ڈیسک پر عملہ موجود نہیں رہتا، جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    روزگار کے حصول کے لیے بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پروٹیکٹر کی معمولات اور رہنمائی کرنے والا عملہ بھی موجود نہیں ہے۔

  • عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف اوورسیز پاکستانی بھی سراپا احتجاج

    عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف اوورسیز پاکستانی بھی سراپا احتجاج

    لندن : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف اوورسیزپاکستانی بھی سراپا احتجاج ہے، مظاہرین نے عمران خان کی گرفتاری نامنظور کے نعرے لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف برطانیہ کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔

    لندن، مانچسٹر، گلاسگو،برمنگھم،مشرقی لندن سمیت مختلف شہروں میں اووسیز پاکستانیوں نے مظاہرے کیے اور عمران خان کی گرفتاری نامنظور کے نعرے لگائے۔

    لندن کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے سامنے اوورسیز پاکستانیوں نے مظاہرہ کیا اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا عمران خان کا الیکشن میں مقابلہ کرنے کے بجائے ان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حکومت کےاس اقدام کے خلاف ہرجگہ احتجاج کریں گے۔

    مانچسٹر میں بھی اوورسیز پاکستانی سڑکوں پرنکل آئے اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔

    گلاسگو اور مشرقی لندن میں بھی پاکستانیوں نے احتجاج کیا ، مظاہرین نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، اسے پار نہ کیا جائے۔

    پی ٹی آئی برطانیہ کے سربراہ عمران خلیل نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتارکیاگیا تولندن، بریڈ فورڈ، مانچسٹر، برمنگھم اورگلاسگو میں احتجاج ہوگا اور ضرورت پڑی تو پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے بھی بھرپوراحتجاج ریکارڈ کرایا جائےگا۔

  • اوورسیز پاکستانی ترک بھائیوں کی مدد میں پیش پیش

    اوورسیز پاکستانی ترک بھائیوں کی مدد میں پیش پیش

    ہیوسٹن : اوورسیز پاکستانیوں نے ترکی کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان ترک قونصل خانے کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانی ترک بھائیوں کی مدد میں پیش پیش ہے،ہیوسٹن میں ترکی کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان پر مشتمل پہلی کھیپ ترک قونصل خانے کے حوالے کر دی گئی۔

    یہ امدادی سامان پاکستانی کمیونٹی آرگنائزیشنز پر مشتمل الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف کی جانب سےحوالے کیا گیا۔

    اس سے قبل امریکا میں مقیم پاکستانی شہری نے اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر واشنگٹن ڈی سی میں واقع ترکیہ کے سفارت خانے کو ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے تین کروڑ ڈالر کی بڑی رقم عطیہ کی ہے۔ مذکورہ پاکستانی کے اس جذبہ ہمدردی کو دنیا بھر میں سراہا گیا تھا۔

  • پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور مقدمات کے خلاف امریکا میں اوورسیز پاکستانی سراپا احتجاج

    پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور مقدمات کے خلاف امریکا میں اوورسیز پاکستانی سراپا احتجاج

    ٹیکساس: اوورسیز پاکستانیوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور مقدمات کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور کہا ہم تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور مقدمات کے خلاف امریکا میں اوورسیز پاکستانی سراپا احتجاج ہیں۔

    ریاست ٹیکساس کےشہر آسٹن میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومت الیکشن سے فرار چاہتی ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتار ی اور مقدمات کسی صورت قبول نہیں۔

    مقررین کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔

    مقررین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مقدمات اور گرفتاریوں کاسلسلہ بند کیا جائے اورملک میں عام انتخابات کروا کر بےچینی اور عدم استحکام کا خاتمہ کیا جائے۔

  • فیفا ورلڈ کپ: 10 ہزار پاکستانیوں کی ملازمت خطرے میں

    فیفا ورلڈ کپ: 10 ہزار پاکستانیوں کی ملازمت خطرے میں

    کراچی: قطر میں نومبر میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لیے 10 ہزار پاکستانی محنت کشوں کو قطر جانے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ان کی ملازمت خطرے میں پڑ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کے سلسلے میں پاکستانی محنت کشوں کو قطر جانے میں مشکلات کا سامنا پیش آ رہا ہے، پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ نجی کمپنی ویزہ نمبر ملنے کے باوجود میڈیکل کے لیے محنت کشوں کو اپائنمنٹ نہیں دے رہی۔

    پاکستانیوں کے بر وقت قطر نہ پہنچنے سے ملازمتوں کا کوٹہ دوسرے ملکوں کو منتقل ہو رہا ہے، اور کوٹہ نیپال، بھارت اور بنگلہ دیش منتقل ہونا شروع ہو گیا ہے۔

    ایسوسی ایشن کے نائب صدر محمد عدنان پراچہ نے حکومت سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فوری طور پر قطر حکومت سے اس سلسلے میں بات کرے، تاکہ پاکستانیوں کے قطر کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔

    عدنان پراچہ کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کے لیے 10 ہزار سے زائد پاکستانی قطر جانے کے منتظر ہیں، اور نجی کمپنی ویزہ نمبر ملنے کے باوجود میڈیکل کے لیے پاکستانی محنت کشوں کو اپائنمنٹ نہیں دے رہی ہے۔

    کمپنی میڈیکل کے لیے جنوری کا وقت دے رہی ہے، جب کہ فیفا ورلڈ کپ نومبر میں ہے، بر وقت قطر نہ پہنچنے کی وجہ سے پاکستانیوں کی ملازمتوں کا کوٹہ نیپال، بھارت اور بنگلہ دیش منتقل ہونا شروع ہو گیا ہے۔

    عدنان پراچہ کے مطابق پاکستان اور قطر کے منظور شدہ 2 سینٹر کراچی اور اسلام آباد میں ہیں، ویزے کے لیے یومیہ 300 میڈیکل ہو رہے ہیں، جب کہ 700 سے 800 ہونے چاہئیں۔

    انھوں نے بتایا کہ ارجنٹ میڈیکل کی فیس 4850 سے بڑھا کر 7450 روپے کر دی گئی ہے، لیکن اس کے باوجود میڈیکل کا وقت نہیں دیا جا رہا ہے۔

  • ٹیلی تھون، اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے لاکھوں ڈالر جمع

    ٹیلی تھون، اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے لاکھوں ڈالر جمع

    عمران خان کی ٹیلی تھون میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے لاکھوں ڈالر جمع ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سیلاب متاثرین کے لیے انٹرنیشنل ٹیلی تھون میں اوورسیز پاکستانیوں نے دل کھول کر امداد دی ہے۔

    سیلاب متاثرین کے لیے 5 ارب 21 کروڑ روپے جمع ہو گئے، عمران خان نے کہا سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد آبادی متاثر ہوئی ہے، امداد صاف اور شفاف انداز میں تقسیم ہوگی۔

    ٹیلی تھون میں اوورسیز پاکستانیوں نے مصیبت زدہ ہم وطنوں کے لیے فیاضی کے ساتھ عطیات دیے، پاکستانی نژاد امریکی تاجر سید جاوید انور نے سب سے زیادہ 10 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا، گزشتہ ٹیلی تھون میں بھی سید جاوید انور نے ایک ملین ڈالر دیے تھے۔

    عمران خان کی لائیو ٹیلی تھون، اےآروائی نیوز کی نشریات بند ہونا شروع

    ڈیلاس سے پاکستانی کمیونٹی نے مل کر 2 لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا، امریکا سے ہی سعید زمان نے ڈیڑھ لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا، کینیڈا سے اوورسیز پاکستانی کا ایک لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا سے محمود نامی شہری نے سیلاب متاثرین کے لیے 50 ہزار ڈالر امداد کا اعلان کیا، ریاست شکاگو سے راجہ یعقوب نے 25 ہزار ڈالر امداد کا اعلان کیا۔

    ادھر اٹک سے بھی عدنان نے سیلاب متاثرین کے لیے 25 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

    دوسری طرف شہباز حکومت کی طرف سے عمران خان کی ٹیلی تھون دکھانے والے چینلز کی بندش کے حکم پر پیمرا نے ٹیلی تھون کے دوران اے آر وائی نیوز کو کیبل پر بند کر دیا، عمران خان نے کہا بے حس حکومت کو ڈر ہے ٹیلی تھون میں زیادہ پیسہ جمع ہوا تو سیاسی نقصان ہوگا۔

  • اوورسیز پاکستانی نے چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کے لیے ریفرنس دائر کردیا

    اوورسیز پاکستانی نے چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کے لیے ریفرنس دائر کردیا

    اسلام آباد : اوورسیز پاکستانی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے ریفرنس دائر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف ریفرنس بھجوادیا گیا، ریفرنس اوورسیز پاکستانی اسلم ملک نے سپریم جوڈیشل کونسل کو بھجوایا۔

    ریفرس میں درخواست گزار نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ​​کیس کے فیصلے میں بدانتظامی کے الزامات پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور ممبران الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہٹانے کی استدعا کی۔

    ریفرنس میں کہا کہ پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن مس کنڈکٹ کا مرتکب ہوا ، اوورسیز کو غیر ملکی قرار دے کر قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی گئی۔

    ریفرنس میں کہنا تھا کہ اووسیزپاکستانیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے ،چیف الیکشن کمشنر اور ممبران نے اپنے حلف سے روگردانی کی ، ماضی میں الیکشن کمیشن نے ایسے کئی فیصلے کیےجومس کنڈکٹ میں آتے ہیں جبکہ مخصوص نشستوں پر بھی آئین سے ہٹ کر فیصلہ دیا گیا۔

    ریفرنس میں استدعا کی گئی کہ سپریم جوڈیشل کونسل چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کوعہدے سے ہٹانےکاحکم دے۔

    گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) میں دائر کیا گیا ریفرنس واپس لے لیا تھا۔

    پاکستان تحریک انصاف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف دائر کیا گیا ریفرنس مزید قانونی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے واپس لے لیا گیا ہے، پی ٹی آئی ریفرنس میں ممنوعہ فنڈنگ ​​کیس میں ای سی پی کے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ شامل کرے گی۔

  • شہباز گل کی گاڑی کو ٹکر مارنے والا اوورسیز پاکستانی کس ملک میں رہائش پذیر ہے؟

    شہباز گل کی گاڑی کو ٹکر مارنے والا اوورسیز پاکستانی کس ملک میں رہائش پذیر ہے؟

    حافظ آباد: رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر شہباز گل کی گاڑی کو ٹکر مارنے والے ملزم وجاہت سے متعلق خاندانی ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانی ہیں اور پرتگال میں رہائش پذیر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملزم وجاہت کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ پرتگال میں رہائش پذیر ہیں اور چھٹیوں پر پاکستان آئے ہوئے تھے، ملزم وجاہت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر شہباز گل کی گاڑی کو غلطی سے ٹکر لگی۔

    موٹر وے پولیس کی لاگ بک اور ایف آئی آر میں وقت وقوعہ میں تضاد سامنے آ گیا ہے، موٹر وے پولیس کی لاگ بک میں وقت وقوعہ 3 بج کر 30 منٹ درج ہے، جب کہ ایف آئی آر کے مطابق واقعہ ایک بج کر 30 منٹ پر پیش آیا۔

    پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ مدعی مقدمہ اور گواہوں کے 161 کے بیان ریکارڈ نہیں کیے گئے، نیز گرفتار ملزم وجاہت کو تاحال عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے پولیس کے اعلیٰ افسران تفتیش کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ 5 مئی کو لاہور سے اسلام آباد جانے کے دوران موٹر وے پر ان کی گاڑی کو عقب سے دوسری گاڑی نے ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں وہ الٹ گئی تھی۔

    گاڑی کو حادثہ کیسے پیش آیا؟ شہباز گل نے تفصیل بتا دی

    ٹکر مارنے والے ملزم وجاہت علی کو بعد ازاں گرفتار کیا گیا، معلوم ہوا کہ وجاہت علی نے رینٹ پر گاڑی مرید کے سے حاصل کی تھی اور اہل خانہ کے ساتھ اسلام آباد جانے نکلے تھے، انھوں نے کہا کہ یہ محض حادثہ تھا جس کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔