Tag: اوورسیز پاکستانی

  • اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کرونا سے متعلقہ سفری شرائط میں نرمی کا اعلان

    اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کرونا سے متعلقہ سفری شرائط میں نرمی کا اعلان

    مانچسٹر: اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کرونا سے متعلقہ سفری شرائط میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں قونصلیٹ جنرل نے کہا ہے کہ پاکستان جانے والے اوورسیز شہریوں کے لیے حکومت پاکستان نے کرونا ایس او پیز میں نرمی کر دی ہے۔

    قونصل خانے سے جاری خبر کے مطابق حکومت پاکستان نے تارکین وطن کو سہولت کی فراہمی کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے کہ 12 سے 18 سال کے درمیان مسافر ویکسین کی لازمی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    یہ سہولت صرف 30 اپریل 2022 تک پاکستان جانے والے مسافروں کو حاصل ہوگی، تاہم 12 سال سے زائد عمر کے وہ تمام مسافر، جن کی ویکسینیشن نہیں ہوئی، اپنے ساتھ منفی پی سی آر ٹیسٹ لازمی لائیں گے۔

    مسافروں کو پاکستان روانگی سے 72 گھنٹے قبل اپنا پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

  • نسلہ ٹاور: عمارت میں‌ اوورسیز پاکستانی بھی مقیم

    نسلہ ٹاور: عمارت میں‌ اوورسیز پاکستانی بھی مقیم

    کراچی: سپریم کورٹ کے حکم پر شہر قائد میں واقع نسلہ ٹاور کے انہدام کے لیے اسے خالی کرانے کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے، کرائے داروں سمیت فلیٹ مالکان نسلہ ٹاور سے سامان منتقل کر رہے ہیں، تاہم کمشنر کراچی نے عمارت خالی کرنے کے لیے اتوار تک کی مزید مہلت دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نسلہ ٹاور کے مکینوں سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ اس میں‌ اوورسیز پاکستانی بھی مقیم ہیں۔

    بلڈرز کے نمائندے مزمل امین نے بتایا کہ ہمیں عمارت خالی کرنے کے لیے اتوار تک کی مہلت دے دی گئی ہے، کل سے اب تک تقریباً 22 فلیٹ خالی ہوگئے ہیں، لیکن کچھ فلیٹس کے مکینوں کو کرائے پر جگہ نہیں مل سکی ہے، اس لیے وہ تاحال موجود ہیں۔

    سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور ایک ہفتے کے اندر گرانے کا حکم

    نمائندہ بلڈرز کا کہنا ہے کہ عمارت میں کچھ اوورسیز پاکستانی بھی مقیم تھے، جو اس وقت یہاں موجود نہیں ہیں، اور ان سے رابطہ بھی نہیں ہو پا رہا ہے۔

    مزمل امین نے کمشنر کراچی سے درخواست کی ہے کہ چند گھنٹوں کے لیے نسلہ ٹاور کی بجلی بحال کی جائے تاکہ سامان لفٹ کے ذریعے بہ آسانی منتقل کیا جا سکے، جنریٹر پر کب تک کام چلے گا، لفٹیں بند ہونے سے سامان شفٹنگ میں مسئلہ ہو رہا ہے۔

    نسلہ ٹاور کو دھماکے سے گرانے کیلئے کمپنیوں کی تلاش ، اخبارات میں اشتہار جاری

    نسلہ ٹاور کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ہم سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرنے کے پابند ہیں، سامان نکال رہے ہیں، لیکن اب تک ہمیں رقم کی واپسی کے حوالے سے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی ہے۔

    رہائشیوں نے بتایا کہ ان کے پاس یہاں سے جانے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے، نہ ہی ان کے پاس رقم واپسی کے حوالے عدالت سے رجوع کرنے تک کا وقت ہے۔

  • سعودی عرب میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت، وزیر اعظم کی ہدایت پر اہم کارروائی

    سعودی عرب میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت، وزیر اعظم کی ہدایت پر اہم کارروائی

    اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت پر سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے 3 سینئر افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں بدنظمی کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کے نوٹس پر شروع کی گئی تحقیقات مکمل ہو گئیں، رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی گئی، جس میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

    یہ انکوائری رپورٹ وزیر اعظم انسپیکشن کمیٹی کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کا بھی جائزہ لیا، اور سفارت خانے کے 3 سینئر افسران مجرمانہ غفلت کے مرتکب پائے گئے۔

    انکوائری رپورٹ میں جن تین افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ان میں سابق سفیر راجہ اعجاز علی، ڈپٹی ہیڈ آف مشن راجہ ذیشان، اور قونصلر سیکرٹیریٹ گروپ محمد اورنگزیب شامل ہیں۔

    وفاقی کابینہ نے کارروائی کی منظوری دے دی، 2 عہدے داران کو فوری وطن واپس پہنچنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    اس تحقیقاتی رپورٹ میں سعودی عرب میں قائم سفارت خانے کی سروسز بہتر بنانے سے متعلق 11 تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

  • کویت: تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کا منصوبہ

    کویت: تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کا منصوبہ

    کویت سٹی: کویت نے آئندہ 5 سال کے اندر 70 فی صد تارکین وطن کو ان کے ملک واپس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت نے تارکین وطن کے حوالے سے ایک نیا منصوبہ بنا لیا ہے جس کے تحت پانچ سال کے اندر ستر فی صد غیر ملکیوں کو ان کے ملک واپس بھیجا جائے گا۔

    یہ فیصلہ کویت میں آبادیاتی عدم توازن کے ٹھوس حل کے لیے کیا گیا ہے، اس سلسلے میں کویتی قومی اسمبلی کو حکومتی ارادے کی یقین دہانی بھی حاصل ہو گئی ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ستر فی صد تارکین وطن کی ملک بدری کے لیے ڈیموگرافک قانون کے آرٹیکل 5 کو ختم کیا جائے گا، اس میں ایسی شقیں شامل ہیں جن کے تحت مجموعی طور پر 10 لاکھ سے زائد تارکین وطن کو استثنیٰ حاصل ہے۔

    قانون کے تحت جن تارکین وطن کو استثنیٰ حاصل ہے ان میں گھریلو ملازمین سمیت طبی اور تعلیمی شعبہ جات کی ملازمتیں شامل ہیں۔

    اس منصوبے کے اگلے مرحلے پر کارکنوں کی اسمارٹ بھرتیوں کی اہمیت کو بھی واضح کیا گیا ہے، تاہم اس سے قبل غیر ہنر مند اور ناخواندہ کارکنوں کو ملک بدر کیا جائے گا جب کہ 1 لاکھ 60 ہزار نئی اسمارٹ بھرتیاں کی جائیں گی۔

    اس سلسلے میں ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کمیٹی نے قانون میں ترمیم کے مسودے اور اس کے حوالے سے قومی اسمبلی کے فیصلے کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس بھی منعقد کیا، مسودے کے مطابق حکومت قومی اسمبلی میں سالانہ رپورٹ پیش کرنے کی پابند رہے گی، یہ مسودہ فی الوقت قانون ساز کمیٹی کے پاس ہے۔

    کمیٹی کے چیئرمین خلیل الصالح کا کہنا تھا کہ اس قانون کا مقصد یہ ہے کہ حکومت کویت میں غیر ملکی کارکنوں کے لیے ایک حد مقرر کرنے کا طریقہ کار وضع کرے، کرونا کی وبا نے کویت میں آبادیاتی امور کے مسئلے کو اجاگر کیا، نئی قانون سازی کا مقصد بھی یہ ہے کہ آئندہ ایسے مسائل پیدا نہ ہوں، انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس قانون کے متعدد فوائد ہیں جن میں غیر ملکی ملازمین کو کنٹرول کرنا سرفہرست ہے۔

    انھوں نے کہا یہ قانون کویت میں غیر ملکی کارکنوں کی کارکردگی کی ضمانت فراہم کرے گا، سیکورٹی کی صورت حال بہتر بنائے گا، کارکنوں کی وجہ سے پیش آنے والی پریشانیوں کو کم کرے گا، اور خود کشیوں، قتل اور دھوکا دہی کے واقعات میں کمی آئے گی۔

    الصالح کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اس قانون کا نفاذ حقیقی طور پر کیا جائے گا اور بات صرف کاغذات تک محدود نہیں رہے گی۔

  • زلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوش خبری سنا دی

    زلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوش خبری سنا دی

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اوورسیز فاسٹ ٹریک عدالتوں کا قیام آخری مراحل میں ہے، سمری وزارت قانون کو ارسال کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج سٹیزن پورٹل پر اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت زلفی بخاری نے کی، اجلاس میں تمام صوبوں کے آئی جیز اور سیکریٹری لیبر نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی شرکت کی۔

    اجلاس میں انھیں پی ایم ڈی یو نے بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات پر بریفنگ دی، آئی جی سندھ اور خیبر پختون خوا کا کہنا تھا کہ سیٹزن پورٹل پر عدالتوں میں زیر التوا مقدمات سے متعلق شکایات سب سے زیادہ ہیں، ہم عدالتی کیسز میں مداخلت کے مجاز نہیں۔

    وزیر اعظم کا پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق نیا فیصلہ

    معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ اوورسیز فاسٹ ٹریک عدالتوں کا قیام آخری مراحل میں ہے، سمری وزارت قانون کو ارسال کر دی گئی ہے، وزارت قانون سے منظوری کے بعد اوورسیز کے لیے عدالتیں قائم کی جائیں گی۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا بیرون ملک مقیم پاکستانی کثیر تعداد میں زر مبادلہ بھیجتے ہیں، ان کی شکایات کے فوری حل کو یقینی بنائیں گے، اس سلسلے میں پنجاب اوورسیز کمیشن ایک کامیاب ماڈل ہے، بلوچستان اور خیبر پختون خوا بھی اس طرز پر ایک کمیشن بنائیں۔

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل تک عوامی رسائی بڑھانے کا حکم دے دیا ہے، ان کی ہدایت پر پاکستان سٹیزن پورٹل ویب سروس تیار کر لی گئی ہے، معاون خصوصی زلفی بخاری نے سٹیزن پورٹل ویب سروس کا افتتاح کیا۔

    وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ سٹیزن پورٹل کی توسیع سے مزید 8 کروڑ پاکستانی مستفید ہوں گے، اس سے قبل یہ سہولت 3 کروڑ 50 لاکھ پاکستانیوں کو میسر تھی، اس ویب سروس سے عوام کی 8600 اداروں تک شکایات کے اندراج کے لیے رسائی ممکن ہوگی۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوش خبری

    اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کیا ہوا وعدہ پورا ہو گیا، انھیں بھی الیکشن لڑنے کا حق مل گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے کیا وعدہ پورا کر دیا، اوورسیز پاکستانیوں کے الیکشن لڑنے کے سلسلے میں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم کے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کا وعدہ کیا لیکن یہ معاملہ وعدوں سے آگے تکمیل تک نہیں پہنچایا جا سکا تھا۔

    پاکستانی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی سہولت فراہم کردی

    بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے کیا وعدہ پورا کر دیا، اس سلسلے میں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے معاملہ پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے، اس نئی ترمیم کے تحت دہری شہریت کا حامل شخص الیکشن لڑنے کا اہل ہوگا۔

    مشیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ الیکشن ہارنے کی صورت میں دہری شہریت چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم الیکشن جیتنے کی صورت میں عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل شہریت چھوڑنا ہوگی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ دوہری شہریت والوں سے متعلق کابینہ کمیٹی برائے قانونی کیسز کا فیصلہ مسترد کر دیا گیا ہے، کابینہ نے آرٹیکل 63 ون سی تبدیل کرنے کے لیے ترمیمی بل کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ترمیمی بل وزارتِ پارلیمانی امور کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ کمیٹی قانونی کیسز نے دوہری شہریت والوں کے لیے الیکشن لڑنے پر پابندی برقرار رکھی تھی، تاہم وزرا کے مطالبے پر وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی کا فیصلہ تبدیل کر دیا۔

  • کویت کے ساتھ لیبر سے متعلق معاہدوں کی خوش خبری

    کویت کے ساتھ لیبر سے متعلق معاہدوں کی خوش خبری

    اسلام آباد: بیرون ملک نوکریاں تلاش کرنے والوں کے لیے خوش خبری کے طور پر معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ کویت کے ساتھ لیبر معاہدے کیے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں بات چیت کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے کوئی پاکستانی بطور لیبر کویت نہیں گیا، اب کویت کے ساتھ بھی لیبر سے متعلق معاہدے ہو رہے ہیں، لیبر کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ بھی پاکستان کے معاہدے ہو رہے ہیں۔

    انھوں نے ایک اور خوش خبری دی کہ جو لوگ یو اے ای سے واپس آئے ہیں، انھیں بھی اب آہستہ آہستہ یو اے ای واپس بلا لیا جائے گا، یو اے ای حکام کی کوشش ہے کہ لوگوں کو آہستہ آہستہ واپس بلایا جائے، اس سلسلے میں کرونا میں کمی کے بعد یو اے ای حکام نے سب سے پہلے مجھے طلب کیا۔

    زلفی بخاری نے کہا کرونا وبا کے دوران بیرون ملک سے 4 لاکھ پاکستانی واپس آئے ہیں، ان میں سے 2 لاکھ تو طلبہ تھے، 50 ہزار بیرون ملک سے ایسے پاکستانی آئے جن کو چھٹیاں دی گئیں، اب کوشش ہے کہ جن پاکستانیوں کو چھٹیاں دی گئیں انھیں واپس بلایا جائے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بھی معاہدے کیے جا رہے ہیں، سرمایہ کاری میں درپیش مسائل ختم کیے جا رہے ہیں، ایف بی آر کی جانب سے جو مسائل تھے انھیں بھی دور کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا ہم اوورسیز کے بینک اکاؤنٹس کھولنا چاہتے ہیں جو بڑی کامیابی ہوگی، اس سلسلے میں ڈیجیٹل اوورسیز بینکنگ کا آئندہ ماہ افتتاح ہوگا، جس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں، بلز دے سکتے ہیں، سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

    زلفی بخاری نے بتایا کہ پنشن 5 ہزار 200 روپے سے بڑھا کر ساڑھے 8 ہزار کر دی گئی ہے، ان شاء اللہ پنشن کو 15 ہزار روپے تک لے کر جائیں گے، یہ کوشش بھی کر رہے ہیں کہ تمام پنشنرز کو قانونی دائرہ کار میں لے آئیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا ترسیلات زر میں اضافے پر اطمینان کا اظہار

    وزیر اعظم عمران خان کا ترسیلات زر میں اضافے پر اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ترسیلات زر میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ترسیلات زر اور ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے پر غور کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے ترسیلات زر میں اضافے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔

    اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر، سیکریٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، شہزاد اکبر، عشرت حسین اور دیگر حکام بھی شریک ہوئے، اجلاس میں زر مبادلہ میں مزید اضافے کے لیے مجوزہ تجاویز و اقدامات پر بھی غور کیا گیا، جب کہ ترسیلات زر میں مزید اضافے کے لیے وزارتِ خزانہ، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کو ٹاسک دیا گیا۔

    ایک ماہ میں ملکی تاریخ کی بلند ترین ترسیلات زر موصول

    وزیر اعظم نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ترسیلات زر اور زر مبادلہ میں اضافے کے لیے مزید اقدامات تجویز کیے جائیں، تاکہ اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی ہو اور اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کے استحکام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔

    واضح رہے کہ آج اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جولائی کے مہینے میں ملکی تاریخ کی بلند ترین ترسیلات زر 2 ارب 76 کروڑ ڈالر موصول ہوئیں، یہ جون 2020 کی نسبت 12.2 فی صد جب کہ جولائی 2019 کی نسبت 36.5 فی صد زیادہ ہیں۔

  • وزیر اعظم کی جانب سے اوورسیز ورکرز کے لیے بڑی خوش خبری

    وزیر اعظم کی جانب سے اوورسیز ورکرز کے لیے بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: عالمی پروازوں کے سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اوورسیز ورکرز کے لیے بڑی خوش خبری دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج اپنے ٹوئٹ میں اوورسیز ورکرز کو خوش خبری دیتے ہوئے لکھا کہ کل فضائی حدود عالمی پروازوں کے لیے جزوی طور پر کھولی جائے گی۔

    وزیر اعظم نے لکھا کہ یہ اقدام ہمارے اوورسیز ورکرز کے لیے اٹھایا جا رہا ہے، اوورسیز ورکرز کی ہمت کا مظاہرہ ہمارے لیے قابل فخر ہے، ہم آپ کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

    وزیر اعظم کی جانب سے اوورسیز ورکرز کو ہر ممکن مدد کی بھی یقین دہانی کی گئی ہے، انھوں نے لکھا کہ ہماری حکومت آپ کی ہر ممکن مدد کرے گی، پاکستانی کمیونٹی نے بہنوں بھائیوں کی مدد کے لیے انسان دوستی کا کردار ادا کیا۔

    حکومت کا بڑا فیصلہ، بین الاقوامی پروازیں بحال ہو گئیں

    ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے مزید لکھا کہ میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتا ہوں، ایسی مثالیں ہیں جب پاکستانی کمیونٹی نے ضرورت مندوں کی متاثر کن انداز میں مدد کی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے ملک میں بین الاقوامی پروازیں بحال کر دی ہیں، اس سلسلے میں سِول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نوٹم بھی جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ تمام غیر ملکی مسافر اور چارٹر پروازوں کو پاکستان میں دوبارہ آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، نیز، پروازوں کو پاکستان میں آپریٹ کرنے کے لیے سی اے اے خصوصی اوقات کار جاری کرے گا۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے کو جلد پورا کرنے جا رہے ہیں: بابر اعوان

    اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے کو جلد پورا کرنے جا رہے ہیں: بابر اعوان

    اسلام آباد: صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی اور مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں بابر اعوان نے صدر مملکت کو بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ جلد پورا ہونے والا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کو ٹیلی فون کر کے بجٹ اجلاس کے لیے پارلیمانی معاملات بہترین انداز میں چلانے پر مبارک باد دی۔

    دونوں رہنماؤں نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ رائٹ کے لیے قانون سازی پر بھی گفتگو کی، اور دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی شفاف ووٹنگ سسٹم پر اتفاق رائے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں، فیصلہ سازی میں انھیں شامل کرنا چاہیے۔

    ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے کو جلد پورا کرنے جا رہے ہیں، متعلقہ وزارت اور اداروں کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی ہے، بہت جلد قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ میں تجاویز پیش کریں گے۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر بے روزگار اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اقدامات شروع

    بابر اعوان نے صدر مملکت سے کہا آپ نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کے کاز کے لیے جدوجہد کی، بحیثیت صدر آپ پارلیمنٹ کا حصہ ہیں، اس معاملے پر رہنمائی کریں۔

    ٹیلی فونک گفتگو میں پارلیمنٹ کے سیشن سے صدر کے خطاب پر اظہار تشکر کی قرارداد پر بھی گفتگو کی گئی، صدر مملکت نے پارلیمانی معاملات شفاف انداز میں چلانے کے عمل کو سراہا۔