Tag: اوورسیز پاکستانی

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر بے روزگار اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اقدامات شروع

    وزیر اعظم کی ہدایت پر بے روزگار اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اقدامات شروع

    اسلام آباد: کرونا وبا کے باعث بیرون ملک پاکستانی محنت کشوں کے بے روزگار ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ان کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس سلسلے میں معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ثانیہ نشتر، معید یوسف، عثمان ڈار اور اہم اداروں کے حکام نے شرکت کی، اجلاس میں اوورسیز ایمپلائمنٹ اینڈ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے حکام بھی موجود تھے۔

    اجلاس میں ہنرمندوں کو دوبارہ ورک فورس میں شامل کیے جانے کے پلان پر مشاورت کی گئی، اس کے لیے کامیاب جوان، احساس پروگرام اور تکنیکی تربیتی اداروں سے معاونت لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ کرونا وبا کے باعث 2 لاکھ پاکستانی مزدور اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، وطن آنے والے ہنر مند کارکنوں کو روزگار فراہم کرنا ضروری ہے، اجلاس میں مہینوں سے بے روزگار اوورسیز پاکستانیوں کو مالی مدد پہنچانے پر بھی غور کیا گیا۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، ہمیں کٹھن حالات میں ہم وطنوں کی مشکلات کا مکمل احساس ہے، وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ پاکستانی مزدوروں کو سہولتیں دی جائیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا پاکستانی محنت کشوں کو دوبارہ ورک فورس کا حصہ بنایا جائے گا، ان کی محفوظ وطن واپسی کے ساتھ روزگار کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیح ہے۔

  • امیر جماعت اسلامی کا اوورسیز پاکستانیوں کے سلسلے میں وزیر خارجہ کو فون

    امیر جماعت اسلامی کا اوورسیز پاکستانیوں کے سلسلے میں وزیر خارجہ کو فون

    لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے سلسلے میں صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ سے اپیلیں کی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت سراج الحق نے گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کر کے انھیں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور امارات میں لاکھوں پاکستانی پھنسے ہیں اور مدد کے منتظر ہیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی فاقوں کا شکار ہو گئے ہیں، سعودی عرب اور دیگر بڑے ممالک میں سفارت خانے ہیلپ لائن کا اعلان کریں۔

    وزیر خارجہ نے امیر جماعت اسلامی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ سفارت خانوں سے رابطہ کر کے انھیں مزید فعال کریں گے، اوورسیز پاکستانیوں کی واپسی پر انھیں مکمل علاج کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

    قبل ازیں امیر جماعت اسلامی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے بھی اپیلیں کی تھیں، انھوں نے اپیل میں کہا کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی مدد کرے، وہ مشکلات کا شکار ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ سعودی عرب و دیگر ممالک میں پاکستانی اپنے کمروں میں بند ہیں، انھیں کرونا اور کئی دیگر بیماریوں کا بھی سامنا ہے، جو لوگ جاں بحق ہو گئے ہیں ان کی لاشیں سرد خانوں میں پڑی ہیں، ان لوگوں کی سفارت خانوں تک رسائی بھی مشکل ہے، اس لیے ریاض اور دیگر شہروں میں ہیلپ سینٹرز قائم کیے جائیں۔

  • لاہور، اوورسیز پاکستانیوں کا کرونا ٹیسٹ رپورٹس نہ ملنے پر احتجاج

    لاہور، اوورسیز پاکستانیوں کا کرونا ٹیسٹ رپورٹس نہ ملنے پر احتجاج

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں بیرون ملک سے آئے پاکستانیوں نے کرونا ٹیسٹ رپورٹس نہ ملنے پر احتجاج کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے احکامات کی خلاف ورزی پر بیرون ملک سے آئے پاکستانی سراپا احتجاج بن گئے۔

    ذرائع کے مطابق بیرون ممالک سے آئے پاکستانیوں کا ہوٹل انتظامیہ سے جھگڑا ہوا، اوورسیز پاکستانیوں نے کرونا ٹیسٹ رپورٹس نہ ملنے پر احتجاج کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے 48 گھنٹوں میں کرونا ٹیسٹ رپورٹس دینے کی ہدایت کی تھی، وزیراعظم کے ہدایت کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں کو رپورٹس نہیں دی گئیں۔

     وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے کی صورت میں انہیں فوری گھر بھیج دیا جائے۔

    ذرائع کے مطابق محکمہ صحت اور ہوٹل انتظامیہ کی ملی بھگت سے رپورٹس جان بوجھ کر دیر سے بھیجی جاتی ہے تاکہ ہوٹل کے کمروں کا کرایہ زیادہ سے زیادہ وصول کیا جاسکے۔

    دوسری جانب کرونا وائرس ٹیسٹ رپورٹ تاخیر سے ملنے کی ایک وجہ پنجاب حکومت کا سسٹم سست روی کا شکار ہونا بھی بتایا گیا ہے۔

    ہوٹل انتظامیہ سے جھگڑے کی ایک وجہ یہ بھی بتائی گئی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے رشتے داروں سے ملنے  نہیں دیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر کرونا وائرس کے 5 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ٹیسٹ کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ افسران کو ہوٹل پہنچ کر تمام انتظامات دیکھنے کی ہدایت کردی۔

  • وزیر اعظم نے اوورسیز پاکستانیوں سے فنڈز کی اپیل کر دی

    وزیر اعظم نے اوورسیز پاکستانیوں سے فنڈز کی اپیل کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے فنڈز کے لیے اپیل کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں فنڈز کی اپیل کر دی، انھوں نے خصوصی پیغام میں کہا ملک میں غربت بڑھ رہی ہے، اوورسیز پاکستانی پرائم منسٹر ریلیف فنڈ میں پیسا دیں۔

    وزیر اعظم نے کہا ‘بیرون ملک اوورسیز پاکستانیوں کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرونا کا عذاب آیا ہے، لاک ڈاؤن کے باعث پاکستان میں غربت بڑھ رہی ہے، اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل ہے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ میں پیسا دیں۔’

    وزیراعظم کی بیرون ملک پاکستانیوں سے رابطے کی بڑی مہم

    وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں امریکا، جرمنی اور جاپان کے اعداد و شمار بھی پیش کیے، ان کا کہنا تھا کہ 30 کروڑ آبادی والے امریکا نے 2 ہزار 200 ارب ڈالر کا ریلیف دیا ہے، جرمنی اور جاپان کی آبادی پاکستان سے آدھی ہے، لیکن انھوں نے اپنے لوگوں کو 1 ہزار ارب ڈالر کا ریلیف دیا ہے، جب کہ پاکستان نے اب تک صرف 8 ارب ڈالر ریلیف کے لیے جمع کیے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اپیل کی کہ اوورسیز ریلیف فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں، پاکستان کو آپ کی ضرورت ہے، ہم اوورسیز پاکستانیوں اور ٹائیگر فورس کی مدد سے کرونا کے خلاف جہاد میں کامیاب ہوں گے۔

  • وزیراعظم کی بیرون ملک پاکستانیوں سے رابطے کی بڑی مہم

    وزیراعظم کی بیرون ملک پاکستانیوں سے رابطے کی بڑی مہم

    اسلام آباد: کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت کو مزید فنڈز کی ضرورت کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو پھر متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج سے بیرون ملک پاکستانیوں سے رابطے کی بڑی مہم شروع کریں گے، حکومت کو کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں مزید فنڈز کی ضرورت ہے جس کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو ایک بار پھر متحرک کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم نے اس سلسلے میں اپنے معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری سے مشاورت مکمل کر لی ہے، ذرایع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان خود اوورسیز پاکستانیوں سے مخاطب ہوں گے، اور ہم وطنوں سے کرونا ریلیف فنڈز کے لیے عطیات کی اپیل کریں گے۔

    پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 93 ہو گئی

    اس مقصد کے لیے وزارت اوورسیز کے تعاون سے خصوصی ویب سائٹ بھی تیار کر لی گئی ہے، اس ویب سائٹ کے ذریعے اوورسیز پاکستانی بہ آسانی فنڈز دے سکیں گے، اوورسیز پاکستانیوں سے ویب سائٹ http://Covid.ophrd.gov.pk پر عطیات بھیجنے کی اپیل کی جائے گی۔

    بتایا گیا ہے کہ فنڈز دینے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ویب سائٹ پر ان کے نام بھی شائع کیے جائیں گے، ریلیف فنڈ میں ایک خاندان کی مدد کے لیے کم سے کم 35 ڈالر بھیجنے کی اپیل ہوگی، 35 ڈالر یا اس سے زیادہ کی رقم ماہانہ کی بنیاد پر بھی دی جا سکے گی۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کو وِڈ نائنٹین کے مریضوں کی تعداد 5374 ہو گئی ہے، جب کہ اموات 93 تک پہنچ گئیں، اس وقت ملک میں کرونا کے 4111 مریض زیر علاج ہیں، وائرس سے متاثرہ 1095 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروبار پر منفی اثرات کے علاوہ غریب طبقے کا روزگار بھی شدید متاثر ہو چکا ہے جن کی مدد کے لیے حکومت کی جانب سے ریلیف فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کو 10 دن کے اندر واپس لائیں گے، اسد قیصر

    اوورسیز پاکستانیوں کو 10 دن کے اندر واپس لائیں گے، اسد قیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو 10 دن کے اندر واپس لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پیغام میں کہا کہ یقین دلاتاہوں اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کا ادراک ہے،حکومت مشکل گھڑی میں اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر پپر کو اجلاس طلب کیا ہے،سول ایوی ایشن کے وزیر،سیکرٹری اور ایم ڈی پی آئی اے کو بلایا ہے۔

    اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو 10 دن کے اندر واپس لائیں گے۔

    دوسری جانب دفتر خارجہ نے کرونا وائرس کے پیش نظر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے کرائس مینجمنٹ سیل قائم کر دیا ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، دوسری جنگ عظیم کے بعد دنیا نے اتنا بڑا چیلنج نہیں دیکھا جو آج ہم دیکھ رہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان اپنے وسائل سے مطابق بندوبست کر رہا ہے، انفراسٹرکچر بنانے کی کوشش کی ہے۔

  • حکومت کا ملائیشیا کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا معاہدہ

    حکومت کا ملائیشیا کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا معاہدہ

    اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق حکومت کی ایک اور محنت رنگ لے آئی ہے، وزارت اوورسیز پاکستانیز اور سوشل سیکورٹی ملائیشیا میں اہم معاہدہ طے پا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ملائیشیا کی سوشل سیکورٹی کے درمیان اہم معاہدہ طے پا گیا، پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور سی ای او ملائیشین سوشل سیکورٹی نے معاہدے پر دستخط کیے، یہ تقریب سوشل سیکورٹی ملائیشیا کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔

    وزارت اوورسیز کے مطابق پاکستانی محنت کشوں کی ملائشین سوشل سیکورٹی میں رجسٹریشن کا آغاز ہو گیا ہے، اب ملائشین ایمپلائرز پاکستانی محنت کشوں کی معلومات ملائشین سوشل سیکورٹی کو دیں گے، حادثے کی صورت میں پاکستانی محنت کشوں کو مفت طبی و مالی امداد ملے گی جب کہ انتقال کی صورت میں اہل خانہ کو تاحیات ماہانہ وظیفہ ملے گا۔

    وزارت اوورسیز کا کہنا ہے کہ سالانہ 15 ہزار پاکستانی کام کی غرض سے ملائیشیا جاتے ہیں، ملائیشیا میں کام کرنے والے 82000 پاکستانی اس اہم معاہدے سے مستفید ہوں گے۔ سوشل سیکورٹی ملائیشیا کے سی ای او نے کہا کہ پاکستان کی ملائیشیا میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود پر سنجیدگی قابل ستائش ہے۔

    معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے اس معاہدے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا تحفظ اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم کے دورہ ملائیشیا میں اس معاہدے کی یاد دہانی کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے۔

  • سمندرپار پاکستانیوں کی وجہ سے معیشت کو سہارا ملتا ہے، وزیراعظم

    سمندرپار پاکستانیوں کی وجہ سے معیشت کو سہارا ملتا ہے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سمندرپار پاکستانیوں کی وجہ سے معیشت کو سہارا ملتا ہے، ہمیں سمندر پار پاکستانیوں کی بڑی قدر کرنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندرپار پاکستانیوں سے ماضی میں بڑا رابطہ رہا، سمندرپارپاکستانیوں کے مسائل بخوبی جانتا ہوں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ سمندرپار پاکستانی سال میں ایک مرتبہ واپس آتے ہیں، گھر کو چلانے کے لیے سمندرپار پاکستانی بہت محنت کرتے ہیں، سمندرپار پاکستانی پیسوں کے لیے دو، دو نوکریاں کرتے ہیں، سمندرپار پاکستانیوں کی وجہ سے معیشت کو سہارا ملتا ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ہمیں سمندرپار پاکستانیوں کی بڑی قدرکرنی چاہیے، ہمارے سفارت خانے سمندرپار پاکستانیوں کا اچھاخیال نہیں رکھتے تھے، حکومت آئی تو سفارت خانوں کو ہدایت کی اوورسیز پاکستانیوں کا خیال رکھیں، ہمیں چاہیے سمندرپار پاکستانیوں کو سہولت دیں آسانیاں پیدا کریں۔

    انہوں نے کہا کہ سمندرپار پاکستانیوں کو فائدہ دینے کے لیے اسکیم تیار کر رہے ہیں، اوورسیزپاکستانیوں کو پیسہ بھجوانے کی صورت میں فائدہ دیں گے، اوورسیز پاکستانی ہمارا بڑا محنت کش طبقہ ہے ان کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں گے، حکومت کا کام ہوتا ہےعوام کے مسائل حل کرے، جمہوریت عوام کے لیے ہوتی ہے، بدقسمتی سے ہماری حکومتوں نے مائنڈسیٹ تبدیل نہیں کیا۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ انشااللہ 2020 وہ سال ہوگا جس میں پاکستان ترقی کرےگا، آئندہ سال ہوگا نوکریاں پیدا کریں اورغربت کو ختم کریں، احساس پروگرام کو وسعت دیں گےاور غریب طبقے کو اٹھائیں گے۔

  • پی آئی اے کی اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اضافی سامان کی نئی اسکیم متعارف

    پی آئی اے کی اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اضافی سامان کی نئی اسکیم متعارف

    کر اچی : پی آ ئی اے کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے تحفہ کے طور پر اضافی سامان کی نئی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، اضافی سامان کی بکنگ پر پچاس فیصد تک رعایت ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ۤئی اے نے مسافروں کے اضافی سامان کی بکنگ پر نئی اسکیم متعارف کرائی ہے، جس کے تحت مسافروں کو اضافی سامان کی بکنگ پر پچاس فیصد تک رعایت ملے گی۔

    پی آئی اے نے مذکورہ اسکیم اوورسیز پاکستانیوں کے لئے تحفہ کے طور پر متعارف کرائی، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ شیڈول فلائٹ سے چار گھنٹے قبل مسافروں کو اضافی سامان کی بکنگ پر پچاس فیصد تک رعایت ملے گی۔

    اسکیم سے برطانیہ ،کیینڈا ،یورپ سمیت دیگر خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں کو سہولت حاصل ہوگی، ترجمان کے مطابق اضافی سامان کی نئی اسکیم سے اوورسیز پا کستانیوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔

    مزید پڑھیں: کراچی ، پی آئی اے کا مسافروں کو بہترین کھانا مہیا کرنے کا فیصلہ

    اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والے مسا فروں کے لیے بھی سہو لت میسر ہوگی، قومی اییر لائن کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام سے ادارے کو خاطر خواہ ریونیو حاصل ہوگا۔

  • اوورسیزپاکستانیوں کو اب پاکستان آمد پرقطار میں نہیں لگنا پڑےگا

    اوورسیزپاکستانیوں کو اب پاکستان آمد پرقطار میں نہیں لگنا پڑےگا

    کراچی: سمندر پار مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے سول ایوی ایشن نے اچھی خبر سنادی ، اب وطن آمد پر انہیں لمبی قطار میں نہیں لگنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک کے تمام بڑے ایئرپورٹس پر اووسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کردیے ہیں۔

    یہ خصوصی کاؤنٹر ز کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور ایئرپورٹس پر قائم کیے گئے ہیں۔سمندر پار پاکستانی اپنا قومی اوورسیز شناختی کارڈ دکھا کر لمبی قطار میں لگنے کی زحمت سے بچ جائیں گے۔

    بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ کاؤنٹر دو طرفہ سہولت فراہم کریں گے یعنی ملک میں آتے ہوئے اور ملک سے جاتے ہوئے اوور سیز پاکستانی ان کاؤنٹرز کے ذریعے قطار میں لگنے کی زحمت سے بچ سکیں گے۔

    سول ایوی ایشن نے یہ سہولت وزیراعظم عمران کی خصوصی ہدایت پر مہیا کی ہے جس کا مقصد ملک کے لیے زرمبادلہ کمانے والے سپوتوں کو وطن آمد پر سہولت فراہم کرنا ہے۔

    یاد رہے کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر سہولیات کو بہتر بنانے کا سلسلہ جاری ہے ، حال ہی میں سی اے اے نے تین ایئرپورٹس پر جدید ڈیجیٹل ایئرپورٹ ٹرمینل انفارمیشن سسٹم نصب کیے تھے۔

    پہلے مرحلے میں کوئٹہ، سکھر، فیصل آباد ایئرپورٹ پر ڈی اے ٹی آئی ایس سسٹم نصب کئے گئے تھے، مذکورہ جدید سسٹم نصب کرنے سے کپتانوں کو لینڈنگ سے قبل موسم کی صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔