Tag: اوورسیز

  • وزیر اعظم کا وژن: بیرون ملک مقیم ہزاروں پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوا لیے

    وزیر اعظم کا وژن: بیرون ملک مقیم ہزاروں پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوا لیے

    کراچی: بیرون ملک مقیم ہزاروں پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ 97 ممالک میں مقیم 86 ہزار پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوائے ہیں۔

    گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق اب تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 48 کروڑ ڈالر آ چکے ہیں۔

    کراچی میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب میں رضا باقر نے کہا وزیر اعظم کا وژن ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بینکاری آسان ہو جائے، اس ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سمندر پار پاکستانی آسانی سے بینکاری کر سکیں گے۔

    تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم کے مشیر برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسٹیٹ بینک اور حکومت پاکستان کی مشترکہ کاوش ہے، اب شہری گھر بیٹھے بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔

    ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا پاکستانی بیرون ملک سے بھی جائیداد اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ فروری میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام کے تحت میسر آنے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں بتایا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر 600 سے700 اکاؤنٹس کھل رہے ہیں، اور روزانہ 6 سے 7 ملین ڈالرز کی ترسیلات اور ادائیگیاں ہو رہی ہیں۔

  • سابق برطانوی وزیر اعظم کو قتل کی دھمکیاں، واجد شاہ کو قید کی سزا

    سابق برطانوی وزیر اعظم کو قتل کی دھمکیاں، واجد شاہ کو قید کی سزا

    لندن: برطانیہ میں مقیم تارک وطن واجد شاہ کو امیگریشن ٹیسٹ میں ماں کی ناکامی کے ڈر کی وجہ سے سابق برطانوی وزیر اعظم کو قتل کی دھمکیاں دینے کے جرم میں قید کی سزا سنا دی گئی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق سلاؤ کے 27 سالہ شخص واجد شاہ کو، جس نے سابق وزیر اعظم تھریسا مے سمیت دیگر سیاست دانوں کو ای میل کے ذریعے موت کی دھمکیاں بھیجیں کیوں کہ اسے خدشہ تھا کہ اس کی والدہ برطانیہ امیگریشن ٹیسٹ میں ناکام ہو جائیں گی، 2 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق واجد شاہ نے سابق وزیر اعظم تھریسامے سمیت کئی ممبران پارلیمنٹ کو ای میلز کے ذریعے قتل کی دھمکی دی تھی، واجد شاہ کو خوف تھا کہ اس کی والدہ نورین انگلش امیگریشن امتحان پاس نہیں کر سکے گی۔

    عدالت میں جج بارٹل کا کہنا تھا کہ واجد شاہ نے ایسے ہی میسجز موجودہ وزیر اعظم بورس جانسن اور دیگر اہم افراد کو بھیجے ہیں لیکن انھوں نے یہ وصول ہی نہیں کیے۔

    جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ واجد شاہ کو بولنے کے شدید مسائل کا سامنا ہے تاہم وہ کسی ذہنی بیماری میں مبتلا نہیں ہے، اور رپورٹ کہتی ہے کہ اس کا آئی کیو لیول 58 ہے جو بہت ہی کم سطح پر ہے، جج نے نوٹ کیا کہ واجد شاہ کو سیکھنے کے مسائل کا سامنا ہونے کے باوجود اس نے امیگریشن اور جغرافیائی شعبوں سے وابستہ اراکین پارلیمان کو ہدف بنایا۔

    واجد شاہ نے دھمکیوں پر مشتمل ای میلز میں یا تو اپنے والد عظمت شاہ کا نام لکھا یا پھر ایک سکھ خاتون جسمندر بدیال کا نام لکھا۔عدالت کو بتایا گیا کہ واجد شاہ کی فیملی گھر کے اندر بھی تقسیم ہو چکی ہے، بڑ ا بھائی واجد، چھوٹے بھائی عابد کے ساتھ اپنی ماں نورین کے ساتھ ایک ہی کمرے میں سوتے جاگتے، کھانا پکاتے ہیں، جب کہ والد ایک اور بیٹے کے ساتھ دوسرے کمرے میں رہتے ہیں۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ واجد شاہ کے والدین علیحدہ ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے بچے بھی تقسیم ہو گئے، جب کہ واجد اور اس کا بھائی عابد اپنی والدہ پر انحصار کرتے ہیں۔

  • کویت: تنخواہوں سے قرض کی قسطوں کی کٹوتی کب ہوگی؟

    کویت: تنخواہوں سے قرض کی قسطوں کی کٹوتی کب ہوگی؟

    کویت سٹی: کویت کے بینکوں نے رواں ماہ ہی سے تنخواہوں سے قرض کی قسطوں کی کٹوتی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں بینکوں کی اقساط میں کٹوتی اسی ماہ اکتوبر سے شروع ہوگی، قرضوں کی اقساط کی ادائیگی کی مدت میں توسیع کے سلسلے میں مرکزی یا دوسرے بینکوں کی جانب سے تاحال کوئی ہدایت نامہ جاری نہیں ہوا۔

    یہ کہا جا رہا ہے کہ اگر قرضوں کی قسطوں کی ادائیگی میں اس طرح کی کوئی توسیع کی گئی تو اس سے بینکوں کا خسارہ دگنا ہو کر 750 ملین کویتی دینار ہو جائے گا، جس سے بینکوں کے بجٹ پر ناقابل برداشت بوجھ پڑ جائے گا۔

    بینکوں کو پہلے ہی اس حوالے سے بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے کہ حکومت کی جانب سے کرونا وبا کے پیش نظر کاروبار بند کیے گئے تھے۔

    بینک اس صورت میں قرض کی قسطوں کو ملتوی کر سکتے ہیں اگر حکومت اس کی قیمت برداشت کرے، تاہم اس امر کا امکان اس لیے نہیں ہے کیوں کہ اس کی لاگت بہت زیادہ ہے، گزشتہ ماہ ختم ہونے والی 6 ماہ کی مدت کے دوران یہ لاگت تقریباً 380 ملین کویتی دینار تھی۔

    ادھر کویتی حکومت فی الوقت اس اضافی اخراجات کو اس لیے برداشت کرنے سے قاصر ہے کہ اسے عوامی اخراجات کے لیے دستیاب کیش لیکویڈیٹی میں شدید کمی کا سامنا ہے، دوسری طرف خسارہ بھی تاریخی سطح پر بڑھ چکا ہے۔

    یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بینکوں کی جانب سے تنخواہوں میں قسطوں کی کٹوتی کو ملتوی کرنے کی خبریں محض افواہیں ہیں۔

  • بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر

    بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر

    کراچی: بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر آ گئی ہے، کرونا وائرس کے پیش نظر پی آئی اے کی ریلیف فلائٹس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عالمی پروازوں کی بندش کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانی محصور ہو کر رہ گئے ہیں، ان کی وطن واپسی کے لیے پی آئی اے ہفتے سے 13 اپریل تک 6 خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    پی آئی اے اپنے ہم وطنوں کو پاکستان پہنچانے کے لیے بوئنگ 777 طیاروں کا استعمال کرے گی جس سے 500 کے قریب ہم وطنوں کو واپس وطن پہنچایا جائے گا، اس سلسلے میں پی آئی اے نے ریلیف فلائٹ سے متعلق شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق 10 اپریل کو روانہ ہونے والا پی آئی اے کا طیارہ ڈنمارک سے سفارتی عملے سمیت پاکستانی شہریوں کو واپس لائے گا، 11 اپریل کو آذربائجان کے شہر باکو روانہ ہونے والی خصوصی پرواز 125 پاکستانیوں کو واپس لائے گی۔ 11 اپریل ہی کو روانہ ہونے والی پرواز کوالالمپور سے 16 دن سے پھنسے 175 پاکستانی واپس لائے گی، کوالالمپور کی پرواز جاتے ہوئے ملائیشیا اور سنگاپور کے سفارتی عملے اور شہریوں کو بھی لے کر جائے گی۔

    پی آئی اے کی کراچی سےخصوصی چارٹرپروازیں چلانے کی تیاریاں شروع

    11 اپریل کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز پاکستان سے فرانسیسی شہریوں کو لے کر جائے گی، 12 اپریل کو ریلیف پرواز جاپانی شہری اور ضروری سامان لے کر ٹوکیو روانہ ہوگی، 13 اپریل کو روانہ ہونے والی پرواز تھائی لینڈ میں پھنسے 200 پاکستانیوں کو واپس لائے گی جن میں اداکار و فن کار بھی شامل ہیں جو ایک پاکستانی فلم کی شوٹنگ کے لیے سلسلے میں بنکاک گئے تھے۔

    پی آئی اے ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے افراد جو ان پروازوں پر جانے کے خواہش مند ہوں اور ابھی تک متعلقہ سفارت خانوں سے رابطہ نہ کیا گیا ہو، وہ فوری طور پر پی آئی اے سے رجوع کریں، اور اگلی پروازوں کا انتظار نہ کریں، اس سلسلے میں پی آئی اے کے کال سینٹر یا دفاتر سے رابطہ کیا جائے۔

  • عراق میں پھنسے پاکستانی وطن پہنچ گئے، ایک مسافر پمز منتقل

    عراق میں پھنسے پاکستانی وطن پہنچ گئے، ایک مسافر پمز منتقل

    بغداد: عراق میں کرونا وبا کی وجہ سے پھنسے 136 پاکستانیوں کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے وطن پہنچا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں پھنسے ایک سو چھتیس پاکستانیوں کو لے کر خصوصی طیارہ پاکستان پہنچ گیا، پرواز پی کے 9814 سے مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے،ایئرپورٹ ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم نے مسافروں کا طبی معائنہ اور اسکریننگ کی، ایک مسافر کو درجہ حرارت زیادہ ہونے پر پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا، 135 مسافروں اور 11 کریو ممبر کو ہوٹلوں کے قرنطینہ منتقل کر دیا گیا۔

    مسافروں اور پی آئی اے کریو کے خون کے نمونے لیے جائیں گے، کرنا وائرس ٹیسٹ نیگیٹو آنے پر مسافروں کو گھر جانے کی اجازت ہوگی۔ قبل ازیں، عراق میں پاکستانی سفیر ساجد بلال اور دیگر عملے نے بغداد ایئر پورٹ سے مسافروں کو رخصت کیا۔ وطن کے لیے روانہ ہونے والے مسافروں میں معذور افراد سمیت خواتین، بوڑھے اور بچے بھی شامل ہیں۔ بغداد کا ہوائی اڈا اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے نعروں سےگونج اٹھا، مسافروں نے تہ دل سے پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لیے دعا کی۔

    پاکستانی سفیر ساجد بلال نے جہاز کے عملے سے بھی ملاقات کی اور کرونا وائرس کی وبا کے دوران ان کی خدمات کو سراہا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پالپا پائلٹس کے احتجاج کے باعث پاکستانیوں کی وطن واپسی کی صورت حال خاصی گھمبیر ہو گئی تھی، تاہم پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بحران سے نکالنے کے لیے پی آئی اے کو خصوصی طیارہ فراہم کیا۔

    پی آئی اے، پالپا کےمذاکرات کامیاب، قومی ایئر لائن کا آپریشن بحال

    ادھر پی آئی اے نے کراچی سے خصوصی چارٹر پرواز یں آپریٹ کر نے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، اس ضمن میں پی آئی اے نے کراچی سے لندن، مسقط اور دبئی کی پروازیں شیڈول کرلی ہیں، 7 تا 13 اپریل کا کراچی سے پی آئی اے کی پروازوں کا شیڈول تیار کیا گیا ہے، 8 اپریل کو ایک پرواز لندن سے پی کے 9788 پہنچے گی، 12 اپریل کو کراچی لندن اور مسقط کی 3 پروازیں شیڈول کی گئیں، ذرایع کے مطابق 13 اپریل کو کراچی سے لندن دبئی کی پروازیں بھی شیڈول کردی گئی ہیں۔

  • اوورسیز اور پاکستانیوں کیلیے زبردست خوشخبریاں

    اوورسیز اور پاکستانیوں کیلیے زبردست خوشخبریاں

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز سید ذوالفقار بخاری نے پاکستانیوں اور سمندر پار ہم وطنوں کو زبردست خوشخبریاں سنا دیں۔

    سوشل میڈیا پر لائیو ویڈیو کے دوران حکومتی پالیسیوں اور اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کویت اور بحرین کے ویزوں کے مسائل حل کر لیے گئے ہیں، دونوں ممالک کے ویزوں میں تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں اور وزیراعظم جلد ہی کویت کا دورہ کریں گے۔

    اسکلز ورکرز

    انہوں نے کہا کہ جاپا ن، رومینیا اور جرمنی کے ساتھ رابطے ہیں، 300 سے زائد پاکستانی رومینیا جا چکے ہیں اور جرمنی کے سینٹرز پاکستان میں کھل جائیں گے جہاں سے افراد کو تیار کر کے باہر بھیجا جائے گا، قطر میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھیج رہے ہیں اور ساتھ ہی فیفا ورلڈکپ کے حوالے سے محنت کررہے ہیں، نیشنل ہیلتھ سروس( این ایچ ایس) کے ساتھ ہمارا ایک معاہدہ ہے جس کے تحت 500 میل اور فی میل نرسز ان کے معیار پر اتریں گی۔

    ای او بی آئی

    معاون خصوصی نے بتایا کہ ای او بی آئی کو ایک ایسا ادارہ بنائیں گے جس میں گھریلو ملازمین ، محنت کشوں ، ریڑھی بانوں اور خصوصاً اوورسیز پاکستانیوں کو پنشن کا حق دیں گے، آئندہ سال اس حوالے سے پوری آگاہی مہم چلائی جائے گی جس کے بعد نئی سروسز کو متعارف کروایا جائے گا۔

    برانڈ پاکستان

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آئندہ چند دنوں میں سیاحت کے حوالے سے برانڈ پاکستان کا افتتاح کریں گے،ایک نام ایک برانڈ دنیا بھر میں جائے گا، یہ سیاحت کے فروغ کے لیے بڑا قدم ہے۔

    ڈی ایچ اے

    ذولفی بخاری نے وعدہ کرتے ہوئے اوورز پاکستانیوں کو یقین دلایا کہ وہ ڈی ایچ اے کے پرانے سروس چارجز ہی ادا کریں گے،اس مد میں اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی، جو یہاں موجود پاکستانی چارجز دیتے ہیں وہی اوورسیز پاکستانی ادا کریں گے۔

    ای ویزہ، ایئرپورٹ سروس

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ای ویزہ اور ایئرپورٹ سروس کے حوالے سے مفصل رپورٹ تیار کر لی ہے جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات اور درپیش مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے تجربات اور شکایات پرخصوصی طور پر توجہ دی ہے، یہ رپورٹ جلد وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔
    ای ویزہ کی سروس میں مزید بہتری لائی جائے گی، ای ویزہ کو عالمی معیار کا بنایا جائے گا، ایئرپورٹ اور ای ویزہ کے حوالے سے ایک اجلاس ہے جس کے بعد آئندہ چند ہفتوں میں مسائل کم ہو جائیں گے۔

    صحت انصاف کارڈ

    ذولفی بخاری نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے صحت انصاف کارڈ منظور ہوچکا ہے اور وزیراعظم نے قواعد و ضوابط پر دستخط کر دیے ہیں تاہم ادائیگیوں کے نظام بنانے جارہے ہیں اور اس حوالے سے منگل کو کابینہ اجلاس سے قبل اہم میٹنگ ہے جس میں اسدعمر، وزارت صحت اور اوورسیز کے حکام ادائیگیوں کا نظام تیار کریں گے۔

    کسٹم فری گاڑیاں لانے کی اجازت

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سخت ہدایات دی ہیں کہ ترسیلات زر کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں، اس میں سے ایک کسٹم فری گاڑی کا معاملہ بھی ہےجس پر کام جاری ہے، وزیراعظم کی جانب سے اوورسیز کو خصوصی طورپر ملنے والے مراعات پر ایک ہینڈ بک تیار کررہے ہیں جس میں پی آئی اے پرملنے والے الاؤنس، بینکوں کے پوائنٹس سسٹم کارڈ، ہوٹلوں کی رعایت، وی آئی پی ایئرپورٹ لاؤنج سمیت دیگر الاؤنسسز کی تفصیلات درج ہوں گی، آئندہ ہفتے فائنل میٹنگ کرکے آپ کے سامنے تفصیلات پیش کریں گے۔

    جاپان میں آئی ٹی کے مواقع

    ذوالفقار بخاری نے پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیر کے روز جاپان کے ساتھ ایک معاہدہ طے پانے والا ہے جس کے تحت آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ نوجوانوں کو جاپان میں کام کے مواقع مل سکیں گے، جاپان کو لیبر اور مین پاور درکار ہے اور وہ پاکستانیوں کو مواقع دینے کے لیے تیار ہیں۔

    ڈرائیونگ لائسنس

    پاکستانی انٹرنیشنل لائسنس باہر ملک ایک سال کے لیے قابل استعمال ہے جب کہ باہر کا لائسنس بھی پاکستان میں استعمال کیا جاسکتا ہے، البتہ کوشش کررہے ہیں کہ جو پاکستانی باہر کام کے لیے جاتے ہیں انہیں پاکستان میں ڈرائیونگ لائسنس کے ٹیسٹ کی سہولت دی جائے تاکہ ان کے لیے آسانی ہے۔

  • ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری، مائیکرو سافٹ سے بات چیت چل رہی ہے: زلفی بخاری

    ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری، مائیکرو سافٹ سے بات چیت چل رہی ہے: زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے سلسلے میں مائیکرو سافٹ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ بہت جلد ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری پاکستان آ رہی ہے، اس سلسلے میں مائیکرو سافٹ کے ساتھ بھی بات چیت چل رہی ہے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی جگہ ہے جہاں بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے، سابق دور میں انفرا اسٹرکچر پر توجہ دی گئی لیکن بے روزگاری ختم نہ ہوئی۔

    وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ وہ انفرا اسٹرکچر کے خلاف نہیں ہیں تاہم صرف پل بنانے سے بہتر ہے کہ ہیومن ڈویلپمنٹ پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بل گیٹس کا وزیر اعظم کو خط، پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

    انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں بہت سے ممالک کے اہم سربراہان نے پاکستان کا دورہ کیا ہے، پاکستان سیاحت کے لحاظ سے مالا مال ملک ہے، یہاں سیاحت کے بہترین مواقع فراہم ہو سکتے ہیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ایسے ممالک بھی ہیں جو جی ڈی پی کا 10 فی صد سیاحت سے کماتے ہیں، یہ ایک اہم شعبہ ہے، ہم نے بھی سیاحت کو فروغ دینا ہے، ہم سول سروس ریفارم پر بھی کام کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے شروع میں دنیا کے امیر ترین شخص تصور کیے جانے والے مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خط لکھ کر پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔