Tag: اوور سیز

  • وزیر اعظم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اپنا گھر اسکیم کا آغاز کریں گے

    وزیر اعظم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اپنا گھر اسکیم کا آغاز کریں گے

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آج بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اپنا گھر اسکیم کا آغاز کریں گے جس سے اوور سیز پاکستانیوں کو گھر اور اراضی کی خریداری میں سہولت ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آج بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے روشن اپنا گھر اسکیم کا آغاز کریں گے۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بیرون ملک پاکستانی اعتماد کے ساتھ ڈیجیٹل پراسیس کے ذریعے پاکستان میں ہاؤسنگ میں سرمایہ کاری اور گھر کے لیے بینکوں سے آسان فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد یہ اسکیم تیار کی ہے۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ روشن اپنا گھر اسکیم میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ رکھنے والے اوور سیز پاکستانی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، روشن اپنا گھر اسکیم میں گھر خریدنے والے کسی بھی وقت اپنا گھر فروخت بھی کرسکیں گے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ روشن اپنا گھر اسکیم کے لیے پہلے سے منظور شدہ منصوبوں کی فہرست مرتب کی گئی ہے، وقت کے ساتھ ساتھ منصوبہ جات میں اضافہ ہوتا رہے گا۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بسنے والے اوور سیز پاکستانیوں کو گھر اور اراضی کی خریداری میں بہت سی مشکلات کا سامنا تھا جو کہ اس اسکیم کے بعد آسانی میں بدل جائے گا۔

  • پاکستانیوں کیلیے ایئرپورٹ پر نئی سہولت

    پاکستانیوں کیلیے ایئرپورٹ پر نئی سہولت

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سفری سہولیات میں اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر رش کے باعث اوور سیز پاکستانیوں اور دیگر مسافروں کو سہولیات دینے کے لیے امیگریشن کاونٹرز کی تعداد بڑھا کر 10 کردی گئی۔

    ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں، ملکی ترقی کیلئے زرمبادلہ بھیجنے والوں، بزرگ شہریوں، معذور افراد، تنہا خواتین اور بچوں کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔

    اسی طرح غیر ملکی پاسپورٹ، سفارتکاروں، بزنس کلاس پسنجرز اور مجاز سرکاری حکام کیلئے بھی علیحدہ امیگریشن کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔

    ڈی ایٹ ممالک کے شہریوں کے لیے امیگریشن معلومات اور عملے کے لئے بھی کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔ کاونٹرز کی تعداد میں اضافے سے پروازوں کی تاخیر میں کمی اور مسافروں کو سہولت ہو گی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر کے ایئرپورٹس پر غیر ملکی مسافروں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے 7 سال میں 120 ارب ڈالر وطن بھیجے

    دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے 7 سال میں 120 ارب ڈالر وطن بھیجے

    اسلام آباد: بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 80 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ گزشتہ 7 سالوں میں دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے 120 ارب ڈالر پاکستان بھیجے۔

    حال ہی میں جاری کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے اپنے ملک پیسہ بھیجنے والے ٹاپ ٹین ممالک کی فہرست میں پاکستان کا ساتواں نمبرہے۔

    رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ (جولائی تا فروری) میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے 14 ارب 35 کروڑ ڈالر وطن بھجوائے جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12 ارب 83 کروڑ ڈالر یعنی 11.8 فیصد زائد ہیں۔

    گزشتہ 7 سالوں میں پاکستانیوں نے دنیا بھر سے 120 ارب ڈالر پاکستان بھیجے جن میں سعودی عرب سے 34.4، عرب امارات سے 26، امریکہ سے 17.4 جبکہ دیگر خلیجی ممالک سے 14 ارب ڈالر ملک میں آئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر پاکستانی جی ڈی پی کا 6.9 فیصد ہیں۔ بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں میں ایک بڑی تعداد عرب ممالک میں کام کرنے والوں کی ہے جن کی تعداد 80 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

    صرف خلیجی ممالک میں 60 ہزار انجینئرز، 18 ہزار ڈاکٹرز، 7 ہزار نرسز، 30 ہزار اکاﺅنٹنٹ اور 6 لاکھ لیبر کام کر رہی ہے۔