Tag: اوور سیز پاکستانی

  • وزیر اعظم آفس نے اوور سیز پاکستانی کو لٹنے سے بچا لیا

    وزیر اعظم آفس نے اوور سیز پاکستانی کو لٹنے سے بچا لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم آفس نے اوور سیز پاکستانی کو لٹنے سے بچا لیا، شہری محمد عثمان کی 8 کروڑ 80 لاکھ روپے کی جائیداد انہیں واپس مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس نے اوور سیز پاکستانی کو لٹنے سے بچا لیا، سٹیزن پورٹل پر اوور سیز پاکستانی کی شکایت پر فوری جوابی کارروائی کی گئی۔

    مذکورہ شہری محمد عثمان کی 8 کروڑ 80 لاکھ روپے کی جائیداد واپس مل گئی اور ان سے فراڈ کی کوشش ناکام ہوگئی۔

    قبضہ مافیا نے محمد عثمان کو اغوا کر کے جائیداد منتقلی کی دستاویز پر سائن کروایا تھا جس کے بعد محمد عثمان کے بچوں نے برطانیہ سے سٹیزن پورٹل پر شکایت کی تھی۔

    یاد رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی اندراج شدہ تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے، وزیر اعظم آفس ڈیلیوری یونٹ کے مطابق پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 37 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق شہریوں نے سٹیزن پورٹل پر 44 لاکھ شکایات درج کیں، پاکستان سے 42 لاکھ اور اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے 2 لاکھ 15 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔

    پاکستان سٹیزن پورٹل پر اب تک 40 لاکھ شکایات نمٹائی جا چکی ہیں۔

  • اوور سیز پاکستانیوں کی ووٹنگ: وزیر اعظم نے مشاورت تیز کر دی

    اوور سیز پاکستانیوں کی ووٹنگ: وزیر اعظم نے مشاورت تیز کر دی

    اسلام آباد: اوور سیز پاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کے عمل میں سہولت کے لیے وزیر اعظم سے امریکی ڈیمو کریٹ رہنما طاہر جاوید کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر اعظم کو میل بیلٹنگ کی تجویز بھی دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کا حق یقینی بنانے کے لیے مشاورت تیز کر دی، اس سلسلے میں وزیر اعظم سے امریکی ڈیمو کریٹ رہنما طاہر جاوید کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں اوور سیز پاکستانیوں کے لیے نئی مراعات اور آن لائن ووٹنگ کے طریقہ کار پر گفتگو ہوئی، وزیر اعظم کو میل بیلٹنگ کی تجویز بھی دی گئی۔

    وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد طاہر جاوید نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے اوور سیز پاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کا عمل آسان بنانے پر مشاورت کی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے مطابق نئے نظام کے تحت انتخابات بہت اہم ہیں، وزیر اعظم سے اوور سیز افراد کے لیے پراپرٹی شعبے میں مراعات پر بھی گفتگو ہوئی۔

    طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے پاک امریکا تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی، خطے میں پاکستان اور دنیا میں امریکا کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ دونوں ملکوں کے سربراہان پاک امریکا تعلقات کو ہلکا نہیں لے سکتے، نئے سال میں دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوتا دیکھ رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے تعلقات کو افغانستان کے تناظر میں دیکھا گیا ہے، امریکا افغانستان کے معاملے پر 4 یا 5 اہم چیزیں چاہتا ہے، ابھی بیک ڈور رابطے اور بات چیت جاری ہے۔

    طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ 3 سے 4 ممالک کی افغانستان کے معاملے پر گفتگو مسلسل جاری ہے۔

  • اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایت

    اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا، وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کی ہدایت دے دی۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ 39 وفاقی ڈویژنز میں اوور سیز پاکستانیوں کے لیے سہولت کار افسر مقرر کیا جائے، انہوں نے 13 وزارتوں کے 34 ذیلی اداروں میں خصوصی سیکشن اور ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سہولت کار افسران گریڈ 19 سے کم نہیں ہوں گے، وزارتیں سہولت کار افسران کی تعیناتی کو نوٹیفائی کریں۔ مخصوص سیکشن اور ڈیسک کے قیام کا بھی نوٹی فکیشن جاری کیا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ اقدام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو دفاتر میں مسائل کا ازالہ کرنا ہے۔

  • زلفی بخاری نے اوور سیز پاکستانیوں سے کیا ایک اور وعدہ پورا کردیا

    زلفی بخاری نے اوور سیز پاکستانیوں سے کیا ایک اور وعدہ پورا کردیا

    اسلام آباد: وزارت اوور سیز اور معاون خصوصی زلفی بخاری نے ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے ہاؤسنگ پلاٹس پر قابض مافیا کو شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کا 30 سال پرانا منصوبہ بحال کر دیا جس سے اوور سیز پاکستانیوں کی کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری ہمیشہ کے لیے محفوظ ہوگئی۔

    30 سال تک کھٹائی میں پڑنے والا منصوبہ 90 کی دہائی میں شروع کیا گیا تھا، اوور سیز پاکستانیوں کو بھاری سرمایہ کاری کے باوجود پلاٹس الاٹ نہیں کیے گئے تھے۔ قبضہ مافیا کی ہٹ دھرمی اور ماضی میں حکومتی بد انتظامی سے سرمایہ کاری خطرے میں تھی۔

    تاہم اب حکومت نے ایف ڈبلیو او کے تعاون سے قبضہ مافیا کے خلاف کامیاب آپریشن مکمل کر لیا، 2 سال میں بجلی، پانی اور گیس سمیت نئے راستوں کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی۔

    او پی ایف میں تعمیراتی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اوور سیز پاکستانیوں کے لیے او پی ایف ہوم اور اپارٹمنٹس کی تعمیر جلد شروع کردی جائے گی۔

    او پی ایف ہاؤسنگ اسکیم کے پلاٹس 3 دہائیوں بعد آج مالکان کے حوالے کیے جائیں گے۔

  • اوور سیز پاکستانیوں کا اہم مطالبہ حکومت نے پورا کردیا

    اوور سیز پاکستانیوں کا اہم مطالبہ حکومت نے پورا کردیا

    اسلام آباد: اوور سیز پاکستانیوں کے لیے زبردست خوشخبری ہے کہ بیرون ملک سے جاری شدہ ڈرائیونگ لائسنس پاکستان میں تسلیم کیے جائیں گے۔

    سمند پار پاکستانیوں کی مشکلات کم کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن رہتے ہوئے حکومت نے ایک اور اہم اقدام اٹھایا ہے۔

    بیرون ملک سے جاری شدہ ڈرائیونگ لائسنس کو پاکستان میں تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بیرون ملک سے جاری ہوئے مؤثر لائسنس اسلام آباد میں استعمال ہوسکیں گے۔

    اس حوالے سے ٹریفک اہلکاروں کو ہدایات کے ساتھ سرکلر جاری کر دیا گیا ہے جس میں غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس کے حامل شخص کو گاڑی چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری سے آن لائن سیشن میں کئی بار غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے سوالات کیے گئے تھے اور بار بار اس معاملے کو اٹھایا گیا تھا۔

    اوورز سیز پاکستانیوں نے سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے اب حکومت نے پورا کر دیا ہے۔

  • اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے: زلفی بخاری

    اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے: زلفی بخاری

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ امریکیوں اور اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے، انسانیت پر یقین رکھنے والے مودی کے خلاف آواز میں آواز ملائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری نے نیویارک میں ’اوور سیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔

    اس موقع پر زلفی بخاری نے پاکستانی اور سکھ کمیونٹی کے مقامی قائدین و ارکان سے ملاقات کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ امریکیوں اور اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے، انسانیت پر یقین رکھنے والے مودی کے خلاف آواز میں آواز ملائیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ دنیا کو دکھائیں کہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے جس پر متحد ہیں، کرتار پور کے بعد بدھ مت کے مقدس مقامات کو بھی کھولیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، اسلام آباد میں پہلی فاسٹ ٹریک کورٹ 2 ماہ میں کیس نمٹائے گئی۔ اوور سیز پاکستانیوں کے الیکشن کے حق کے لیے سمری بھجوائی ہے۔

    تقریب کے دوران سکھ کمیونٹی نے کرتار پور راہداری پر وزیر اعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • ضمنی انتخابات 2018: 5 ہزار سے زائد اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کردیے

    ضمنی انتخابات 2018: 5 ہزار سے زائد اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کردیے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی تاریخ میں پہلی بار بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیتے ہوئے آن لائن ووٹنگ سسٹم رائج کیا ہے، اوور سیز پاکستانی گرم جوشی سے ووٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں، اب تک 5161 لوگوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک سے باہر رہنے والے پاکستانی شہریوں میں سے 7،410 افراد نے اپنے ووٹ کی آن لائن رجسٹریشن کرائی تھی ، جن میں سے اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق 5161 سے زائد ووٹر اپنا ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سمندر پارپاکستانیوں کاآئی ووٹنگ کےذریعےووٹ کاسٹ کرنےکاسلسلہ جاری ہے ،  اب تک  5161سمندرپارپاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

    اعداد و شمار کے مطابق  4221 پاکستانیوں نے قومی جبکہ 940 نے صوبائی اسمبلی کی نشتوں پر ووٹ کاسٹ کیا۔ ضمنی انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے الیکشن کمیشن نے شکایتی مرکز قائم کیا جہاں اب تک 23 شکایات موصول ہوئیں۔

    ضمنی انتخابات میں اوورسیز شہریوں کے ووٹ یقینی بنانے کے لیے ان کی رجسٹریشن کی گئی تھی اور انہیں بذریعہ ای میل پاس کوڈ جاری کیے گئے تھے ، جس کی مدد سے وہ لوگ ووٹ کاسٹ کررہے ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق بغیر پاس کوڈ کے کوئی بھی بیرونِ ملک مقیم شہری اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرے گا۔

    آن لائن ووٹنگ کی سہولت سے استفادہ حاصل کرنے والے پاکستانی آج 14 اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے شام 5 بجے تک اپناحق ِ رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

    ٹائم زون کا فرق


     برطانیہ اورپاکستان کے وقت میں چارگھنٹے کا فرق ہے اور وہاں کے مقامی وقت کے مطابق پاکستانی شہری دوپہر ایک بجے تک اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

    امریکا اور پاکستان کے وقت میں نوگھنٹے کا فرق ہے، یہاں موجود پاکستانی شہری واشنگٹن کے مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے تک ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

    خلیجی ممالک اور پاکستان کے ٹائم زون میں ایک گھنٹے کا فرق ہے،اس حساب سے وہاں آباد پاکستانی اپنے مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے تک ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔

    کینیڈا اورپاکستان کے وقت میں بھی فرق کل نو گھنٹے کا ہے یعنی وہاں سے رجسٹرڈ ووٹ بھی اپنے مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے تک ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

    آسٹریلیا اورپاکستان کے درمیان وقت کا فرق چھ گھنٹے کا ہے ، یعنی وہاں کے پاکستانی مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے تک ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔

    چین کا وقت پاکستان سے تین گھنٹے آگے ہے ، لہذا چین میں رہائش پذیر پاکستانی اپنے مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے تک پولنگ میں حصہ لے سکتے ہیں۔


    یاد رہے کہ اس وقت بیرونِ ملک مقیم پاکستانی شہریوں کی تعداد لاکھوں میں ہے ۔ سب سے زیادہ پاکستانی عرب ممالک میں مقیم ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر برطانیہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت 60 لاکھ سے زائد پاکستانی شہری ملک سے باہر ہیں۔

    دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ ووٹ رجسٹر کرانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ، نہ ہی آج اس حوالے کسی بھی ملک میں اقدامات کیے گئے ۔

  • ضمنی انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ

    ضمنی انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکش کمیشن کا کہنا ہے کہ آئندہ ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانی ووٹ ڈال سکیں گے۔

    چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم تا 15 ستمبر سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ نائیکوپ یا ایم آر پی رکھنے والے پاکستانیوں کو بطور ووٹر رجسٹر کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ، نادرا اور سفارت خانوں کی مدد سے آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زیادہ سے زیادہ ووٹرز رجسٹرڈ کروائے جائیں گے۔

    اجلاس میں سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔

    کئی سماعتوں کے بعد سپریم کورٹ نے ضمنی انتخابات میں اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے تھے کہ تجرباتی نفاذ کا مقصد یہ نہیں کہ اس کے نتائج کو نظر انداز کر دیا جائے، ضمنی انتخابات میں اوور سیز پاکستانیوں کے نتائج کو پارلیمنٹ میں بھی پیش کیا جائے۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کی 14 اکتوبر تاریخ مقرر کردی ہے۔

    ضمنی انتخاب کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ قومی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں انتخابات ہوں گے۔

  • اوورسیز پاکستانیوں سےزائد فیس کی وصولی کا کیس‘ سماعت پیرتک ملتوی

    اوورسیز پاکستانیوں سےزائد فیس کی وصولی کا کیس‘ سماعت پیرتک ملتوی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کے شناختی کارڈ اجرا کی فیس سے متعلق کیس کی سماعت پیرتک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے اوورسیز پاکستانیوں کے شناختی کارڈ اجرا کی فیس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

    چیف جسٹس نے دوران سماعت احسن اقبال اور سیکرٹری داخلہ کو طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ حکومت نے کس بنیاد پرفیس سے متعلق سمری واپس بھیجی؟ شناختی کارڈ فیس میں ردوبدل کی سمری واپس بھجوانے کی وجہ کیا ہے؟۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ وزیرداخلہ احسن اقبال اورسیکرٹری داخلہ ہمیں آکر وضاحت دیں۔

    چیئرمین نادار نے سپریم کورٹ کوبتایا کہ وزیرداخلہ احسن اقبال دو روزہ دورے پر گوادر گئے ہیں، وزیرداخلہ ساڑھے گیارہ بجے تک پیش نہیں ہوسکتے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نادرا کی سمری منظور کیوں نہیں ہوئی وزیرداخلہ پیر کو آکر بتائیں، کیوں نہ ہم کمیشن بنا کرفیسوں کا جائزہ لیں، بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

    اوورسیز پاکستانیوں سے زائد فیس کی وصولی کا کیس‘ سماعت پیر تک ملتوی


    اوورسیز پاکستانیوں سے زائد فیس کی وصولی،چیف جسٹس کا نوٹس


    خیال رہے کہ 13 فروری کو چیف جسٹس سپریم کورٹ نے اوور سیز پاکستانیوں سے شناختی کارڈ (پی او سی) کی مد میں زائد فیس کی وصولی کا نوٹس لیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں