Tag: اوٹاہ

  • امریکا میں طیارہ گھر پر جا گرا

    امریکا میں طیارہ گھر پر جا گرا

    امریکا میں ایک چھوٹا طیارہ ایک گھر پر جا گرا، حادثے میں 9 ماہ کی بچی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، قیمتی جانوں کے نقصان کے بعد حادثے کی تحقیقات وسیع پیمانے پر جاری ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست اوٹاہ میں پیش آیا جہاں ایک چھوٹا طیارہ ایک گھر کے بیک یارڈ میں کریش ہوگیا۔ طیارہ گرتے ہی مکان میں آگ بھڑک اٹھی۔

    ویسٹ جورڈن پولیس کے مطابق طیارے میں پائلٹ سمیت 6 افراد سوار تھے جن میں 3 بچے بھی شامل تھے۔ حادثے میں پائلٹ، جہاز میں سوار ایک خاتون اور 9 ماہ کے بچے کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    گھر کی مالکہ حادثے کے وقت گھر میں موجود تھیں جو معمولی زخمی ہوئیں، ان کے علاوہ 3 مزید افراد بھی زخمی ہوئے، جن میں سے ایک 12 سالہ بچے کو معمولی طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا، ایک خاتون کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    حادثے کے بعد جائے حادثہ پر متعدد میڈیکل ہیلی کاپٹرز، آگ بجھانے والی گاڑیاں اور ایمبولینسز پہنچ گئیں جنہوں نے فوری طور پر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

    فی الحال اس کا تعین نہیں ہوسکا کہ طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے کریش ہوا یا پائلٹ کی غفلت کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ طیارے نے ساؤتھ ویلی ریجنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری اور صرف 2 میل کی اڑان کے بعد ہی اس کے ساتھ حادثہ پیش آگیا، حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • بیٹے کے سر پر خون سوار، اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے کے لیے گھر میں گھات لگالی

    بیٹے کے سر پر خون سوار، اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے کے لیے گھر میں گھات لگالی

    امریکی ریاست اوٹاہ میں ایک 16 سالہ لڑکے نے اپنے گھر والوں کا کام سے واپس آنے کا انتظار کیا ور ایک ایک کر کے انہیں قتل کردیا۔

    یہ لرزہ خیرز واقعہ 10 روز پہلے پیش آیا جس کی تفصیلات پولیس نے اب جاری کی ہیں۔ پولیس کے مطابق کولن جیفری نامی لڑکے نے مسلح ہو کر اپنے تمام گھر والوں کا گھر واپس آنے کا انتظار کیا اور ایک ایک کر کے انہیں فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

    واقعے میں لڑکے کے والد زخمی ہوئے اور موت کے منہ میں جانے سے بچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکے کا ارادہ اپنے علاوہ گھر کے تمام افراد کو قتل کرنے کا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 17 جنوری کے روز لڑکے کی ماں اور 12 سالہ بہن 1 بجے اسکول سے گھر آئے تو لڑکے نے ان پر فائر کھول دیا۔ لڑکے نے اپنی ماں اور بہن کے سر پر فائر کیے۔

    ایک گھنٹے بعد 15 سالہ بھائی الیکسس گھر آیا تو جیفری نے اسے بھی اسی طرح سے قتل کیا۔ اس کے بعد اس نے 14 سالہ میتھیو کے گھر آنے کا مزید 3 گھنٹے انتظار کیا اور اسے بھی گولی مار کر قتل کردیا۔

    اس کے بعد 6 بجے جب لڑکے کے والد گھر آئے تو اس نے ان کی ٹانگ پر گولی ماری اور اس سے پہلے کہ وہ مزید فائر کرتا والد نے جھپٹ کر بیٹے کو پکڑ لیا۔ دونوں کے درمیان پستول کے لیے زور آزمائی بھی ہوئی۔

    اسی دوران اتفاقاً ایک پڑوسی ان کے گھر آیا تو والد نے اسے کہا کہ وہ انہیں اسپتال لے چلے، جس پر پڑوسی نے موقع کی سنگینی دیکھتے ہوئے فوراً 911 کو کال کردی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال لڑکے نے اپنے اس گھناؤنے فعل کی کوئی وضاحت نہیں دی، وہ پولیس سے تعاون کرنے کو بھی تیار نہیں اور تمام تفتیش کے دوران خاموش رہا۔

  • پنشن وصول کرنے کے لیے خاتون نے 11 سال شوہر کی لاش فریزر میں چھپائے رکھی

    پنشن وصول کرنے کے لیے خاتون نے 11 سال شوہر کی لاش فریزر میں چھپائے رکھی

    اوٹاہ: امریکا میں 75 سالہ خاتون 11 سال تک اپنے شوہر کی لاش فریزر میں چھپا کر اس کی پنشن وصول کرتی رہی۔

    امریکی ریاست اوٹاہ میں پولیس کو معمول کے ویلفیئر چیک کے دوران، جس میں اکیلے رہنے والے اور بزرگ افراد سے ان کا حال چال دریافت کیا جاتا ہے، ایک گھر سے 75 سالہ خاتون مردہ حالت میں ملیں۔

    پولیس نے لاش کو سرد خانے بھجوا کر جب گھر کی چیکنگ کی تو ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب فریزر سے خاتون کے شوہر کی لاش برآمد ہوئی۔ خاتون نے اپنے شوہر کے بارے میں مشہور کر رکھا تھا کہ وہ ناراض ہو کر انہیں چھوڑ کر کہیں چلا گیا ہے۔

    پولیس اس بارے میں تحقیق کر رہی ہے کہ آیا خاتون نے اپنے شوہر کو قتل کیا یا وہ کسی وجہ سے انتقال کر گیا اور خاتون نے اس کی لاش فریزر میں چھپا دی۔

    پولیس کے مطابق خاتون نے یہ حرکت ممکنہ طور پر اپنے شوہر کی پنشن وصول کرنے کے لیے کی۔ 11 سال کے عرصے کے دوران خاتون نے 1 لاکھ 77 ہزار ڈالرز حاصل کیے۔

    پولیس کو گھر سے ایک خط بھی ملا جو شوہر کی جانب سے لکھا گیا تھا اور اس میں درج تھا کہ ’میری موت میں میری بیوی کا کوئی ہاتھ نہیں‘۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے خاتون نے خود ہی یہ خط لکھ رکھا ہو۔

    پولیس نے مکان کو سیل کر کے کیس کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔