Tag: اوپن مارکیٹ

  • اوپن مارکیٹ میں ڈالر 146 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

    اوپن مارکیٹ میں ڈالر 146 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

    کراچی :اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور ڈالر دو روپے پچیس پیسے اضافے کے ساتھ ایک سو چھیالیس روپے پچیس پیسے ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2.25 روپے مہنگاہوا، جس کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی بلند سطح 146 روپے25 پیسے پر پہنچ گیا۔

    ٹریڈنگ کے آغاز پر انٹربینک میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے میں آیا ، انٹربینک میں ڈالر 141روپے 39 پیسے پر ہی ٹریڈ کرتے ریکارڈ کیا گیا۔

    ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے پاس جانا ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ ہے۔

    ماہرین معاشیات کا کہنا ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور روپے کی قدر میں ہونے والی مسلسل کمی باعث تشویش ہے کیونکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے۔

    یاد رہے 3 روز قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان کا عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدہ طے ہوگیا، آئی ایم ایف تین سال کے لیے پاکستان کو 6 ارب ڈالر دے گا جبکہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی تین ارب ڈالرز کا قرض ملنے کا امکان ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پچھلےسال ایکسپورٹ اورامپورٹ میں 20ارب ڈالر کا فرق تھا، پاکستان آئندہ 2سال میں ریزرو 50فیصد گرے، آئی ایم ایف عالمی ادارہ ہےجواپنےرکن ملکوں کی مشکل میں مدد کرتاہے، آئی ایم ایف کے پاس جانے میں فوائد نظرآرہےہیں، مزیداضافی 2سے 3ارب ڈالر کم شرح سود پر ملے تو سرکلرڈیٹ میں بہتری آئے گی۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت بڑھتی ہے تو 300یونٹ سے کم صارفین پر کوئی اثر نہیں پڑےگا، 75فیصدصارفین 300یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، الیکٹرک پر سبسڈی کیلئے 50ارب روپےاضافی رکھے جارہےہیں جبکہ سوشل سیفٹی نیٹ میں 180ارب روپےاضافی رکھے جارہےہیں، سوشل سیفٹی نیٹ میں حکومت کا احساس پروگرام بھی شامل ہے۔

    گذشتہ روز وفاقی کابینہ نے ایسیٹ ڈیکلیریشن اسکیم کی منظوری دی تھی ، جس کے بعد صدرعارف علوی نے ایسیٹ ڈیکلیریشن اسکیم کے آرڈیئننس پردستخط کردیے ہیں۔

  • کراچی: اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا، گورنر اسٹیٹ بینک کی روپے کی قدر پر  بریفنگ

    کراچی: اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا، گورنر اسٹیٹ بینک کی روپے کی قدر پر بریفنگ

    کراچی: فاریکس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا ہو گیا، جس کے بعد ڈالر 140 روپے کے مساوی ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ڈالر کی بڑھتی قیمتوں اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے حوالے سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس کا اجلاس منعقد ہوا۔

    [bs-quote quote=”برآمدات 24 ارب ڈالر اور درآمدات 60 ارب ڈالر ہیں، امپورٹ پر چلتے رہے تو ڈالر مزید مہنگا ہوگا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”گورنر اسٹیٹ بینک”][/bs-quote]

    اجلاس کی صدرت فاروق حامد نائیک نے کی، جب کہ گورنر اسٹیٹ بینک نے روپے کی قدر پر بریفنگ دی۔

    گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ گزشتہ برس جاری کھاتوں کا خسارہ 19 ارب ڈالر تھا، ہم طلب و رسد کے حساب سے روپے کی قدر کو ایڈجسٹ کرتے ہیں، وقتاً فوقتاً روپے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ لایا جاتا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ برآمدات 24 ارب ڈالر اور درآمدات 60 ارب ڈالر ہیں، امپورٹ پر چلتے رہے تو ڈالر مزید مہنگا ہوگا، جاری کھاتوں کا خسارہ یہی رہا تو پھر روپے کی قدر میں استحکام ممکن نہیں، سعودی پیکج کے بعد مارکیٹ میں بہتری آئی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کی یقین دہانی ، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر سستا ہوگیا


    گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ کرنسی کی قدر پر اِن کیمرہ بریفنگ لی جائے۔ تاہم اِن کیمرا بریفنگ پر اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی عوام کا مسئلہ ہے، عوام سے مہنگائی کی وجہ نہیں چھپانی چاہیے۔

    خیال رہے کہ دس دن قبل وزیرِ اعظم عمران خان کی یقین دہانی نے ڈالر کی بڑھتی قیمتوں کو بریک لگا دیے تھے، انٹر بینک میں روپے کی قدر 3 روپے 5 پیسے بڑھ گئی تھی اور ڈالر 139.05 سے کم ہو کر 137 روپے کا ہو گیا تھا۔

  • اوپن مارکیٹ : گندم کی ایک بوری پر سو روپے کا اضافہ، آٹا مہنگا ہونے کا قوی امکان

    اوپن مارکیٹ : گندم کی ایک بوری پر سو روپے کا اضافہ، آٹا مہنگا ہونے کا قوی امکان

    کراچی : سندھ حکومت کی جانب سے فلور ملز کو گندم نہ ملنے کے باعث آٹے کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے، اوپن مارکیٹ میں گندم کی ایک بوری پر سو روپے کا اضافہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت کو پر لگ گئے، فی بوری گندم کی قیمت میں سو روپے اضافہ کردیا گیا جس کے بعد آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا قوی امکان ہے۔

    اس حوالے سے چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن جاوید یوسف کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت مسلسل رابطے کے باوجود فلور ملز کو گندم فراہم نہیں کررہی، وزیرخوراک اور سیکریٹری سندھ سے ملاقات کے باوجود فلور ملز کو گندم نہیں ملی۔

    جاوید یوسف نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں گندم مہنگا ہونے سے ملوں کو موجودہ نرخ پر آٹا فروخت کرنا مشکل ہے، فلور ملز ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ  لاکھوں ٹن گندم سندھ حکومت کی پاس موجود ہے، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے جلد ملاقات کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

      سیزن کے آغاز میں گندم کی بوری3075 کی تھی جو اب3450روپے تک پہنچ گئی ہے، حکومت نے فوری گندم ریلیز نہ کی تو مسائل مزید بڑھ جائیں گے،۔

    چیئرمین فلور ملزایسوسی ایشن نے بتایا کہ صوبہ پنجاب نے ڈیڑھ ماہ قبل3250روپے کا نرخ مقرر کردیا تھا، سندھ کے علاوہ تینوں صوبے فلور ملز کے لئے ریٹ مقرر کرچکے ہیں۔

  • انٹر بینک کے بعد عوام کیلئے کھلی مارکیٹ میں بھی ڈالر سستا

    انٹر بینک کے بعد عوام کیلئے کھلی مارکیٹ میں بھی ڈالر سستا

    کراچی : انٹر بینک کے بعد عوام کیلئے کھلی مارکیٹ میں بھی ڈالر سستا ہوگیا جبکہ بڑی کمی کے باعث کرنسی مارکیٹس میں ڈالر کے ریٹس غیرمستحکم ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں شفاف الیکشن کے بعد ملکی اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگیا، روپے کی قدر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت فروخت اور خرید میں نمایاں فرق دیکھا جارہا ہے اور قیمت فروخت وخرید میں 2 سے 3 روپے کا فرق آگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں آج بھی کمی دیکھی گئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 121 سے 122 کے درمیان ہے۔

    کرنسی ڈیلرز کے مطابق بڑی ایکس چینج کمپنیاں ڈالر 121روپے میں فروخت کر رہی ہیں جبکہ چھوٹی ایکس چینج کمپنیاں ڈالر 122 روپے میں فروخت کر رہی ہیں۔

    منی چینجرعوام سے ڈالر 118 سے 119 روپے میں خرید رہے ہیں جبکہ 121 سے 122 روپے میں فروخت کررہے ہیں۔

    ڈیلر ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹربینک میں امپورٹرز کو ڈالر 123 سے 124 میں بیچا جارہا ہے اور ایکسپورٹرز سے ڈالرز 121 سے 122 روپے میں خریدا جارہا ہے۔


    مزید پڑھیں :  چار سال بعد ایک ہی دن میں ڈالر کی قدر میں سب سے بڑی کمی


    تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کی قیمت گرنے کی وجہ ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے آنے والے ڈالرز ہیں، ایمنسٹی اسکیم کی مدت31 جولائی کو ختم ہورہی ہے، اسکیم میں کالا دھن سفید کرنے والے اپنے ڈالر فروخت کر رہے ہیں۔

    یاد رہے آج انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 4روپے سے زائد کی کمی دیکھی گئی اور ڈالر 122.50 روپے کی سطح تک نیچے جاتا بھی دیکھا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • اوپن مارکیٹ: ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    اوپن مارکیٹ: ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    کراچی: انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچا جبکہ انٹر بینک میں ڈالرکی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی۔

    ڈالرز کی لین دین کرنے والے تاجروں کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 125روپے سے تجاوزکرگئی اور قیمت خرید 124 روپے 50 پیسے جبکہ فروخت 125 روپے 50 پیسے میں ہوئی۔

    دوسری جانب انٹر بینک میں آج روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 13پیسے کی کمی ریکارڈ ہوئی اور مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 121 روپے 60 پیسے پر بند ہوئی۔

    مزید پڑھیں: عید الفطرکے بعد پہلا کاروباری دن، ڈالرکی اڑان جاری

    یاد رہے کہ رمضان المبارک کے آخری دنوں میں امریکی ڈالر 123 روپے سے تجاوز کرکے پہلے ہی نیا ریکارڈ بنا چکا ہے، کرنسی ڈیلرزکا ماننا  ہے کہ بڑھتے ہوئے تجارتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے سبب روپے کی قدر شدید دباوٴ کا شکار ہے۔

    کرنسی ڈیلرز کا یہ بھی کہنا تھا کہ روپے کی قدر گرانے کا فیصلہ نگراں حکومت اور اسٹیٹ بینک کا تھا جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمتوں کو پر لگے کیونکہ حکومت نے کرنسی مارکیٹ کو فری کردیا تھا۔

    دوسری جانب یاد رہے کہ عید الفطر کی تعطیلا ت سے قبل روپے کی قدر میں کمی کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے جبکہ 10 گرام کی قیمت میں 429 روپے کا اضافہ ہوا  تھا، جس کے بعد 10 گرام کی قیمت 50 ہزار 9سو 26 روپے تک پہنچ گئیں تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈالر کی بڑھتی قیمتوں کے باعث سونے کے بھاؤ میں اضافہ

    عید  سے قبل کرنسی ڈیلروں کا کہنا تھا کہ ڈالرکی قیمت میں اضافہ حکومت کے گلے پڑگیا ہے ،ڈالرکی قیمت میں اضافہ خام تیل کے درآمد اور بل کی ادائیگی کے باعث ہوا اور اسی وجہ سے روپے کی قدر میں چھ فیصد سے زائد کی کمی ہوئی۔

      ترجمان اسٹیٹ بینک نے اس غیرمعمولی اضافے پر وضاحت پیش  کرتے ہوئے کہا تھا  کہ ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ انٹر بینک مارکیٹ میں زرمبادلہ کی طلب و رسد کا فرق ہے۔روپے کی قدر میں ایڈجسٹمنٹ بیرونی توازن ادائیگی کی عکاس ہے، مذکورہ اضافہ بیرونی توازن ادائیگی پر دباؤ بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کے باعث آیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت میں80پیسےکی کمی

    اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت میں80پیسےکی کمی

    کراچی:اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت میں80پیسےکی کمی بعد 118.40 میں خریدا اور 118.70میں بیچا جارہا ہے جبکہ آج سے یومیہ بنیادوں پر ڈالر کا ریٹ دن میں 3 بار مقرر کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں80پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ، جس کے بعد ڈالر118.40روپےمیں خریدا اور 118.70میں بیچاجارہا ہے۔

    دوسری جانب آج سے یومیہ بنیادوں پر ڈالر کا ریٹ مقررکرنے کے فیصلے پرعملدرآمد شروع ہوگیا، ڈالر کا ریٹ دن میں 3بار ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کو دیکھتے ہوئے مقرر ہوگا۔

    ملک بوستان کا کہنا ہے کہ ڈالرکے ریٹ کی مانیٹرنگ ایسوسی ایشن کی خصوصی کمیٹی کرے گی۔


    مزید پڑھیں : ڈالر کو پر لگ گئے، قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر


    گزشتہ روزڈالرکی قیمت119.50روپےکی بلند ترین سطح پرپہنچی تھی، جس کے بعد فاریکس ایسوسی ایشن کے اجلاس میں ڈالرریٹ پر فیصلے کیے گئے تھے۔

    اجلاس مین اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ یومیہ بنیادوں پر طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، ڈالرکا ریٹ صبح دس بجے، دوپہر دو بجے اور پھر شام چار بجے طے ہوگا۔

    فاریکس ایسوسی ایشن نے خبردار کیا فیصلوں کی خلاف ورزی کرنے والےکرنسی ڈیلرزپربھاری جرمانےہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق روپے کی قدر کو مستحکم اور ڈالر کے بھاؤ نیچے لانے کے لیے دبئی کی ایکسچینج کمپنیز سے ڈالرکی بڑی کھیپ پاکستان منگوائی جائے گی اور ان کمپنیوں کو ٹی ٹی کے عوض ڈالر کیش میں ادا کیے جائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • امریکی ڈالرایک سو آٹھ روپے سے تجاوزکرگیا

    امریکی ڈالرایک سو آٹھ روپے سے تجاوزکرگیا

    کراچی : اوپن مارکیٹ میں روپے کی مزید بے قدری سامنے آئی ہے، کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر ایک سو آٹھ روپے سے زائد کا ہوگیا۔ ایک ہی دن میں اس کی قیمت میں 10 پیسے کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈالر نے روپے کی پٹائی شروع کردی۔ ڈالر کی قیمت کو پر لگ گئے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں آج دس پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کرنسی ڈیلرز کے مطابق رواں ماہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں دو روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر ایک سو آٹھ روپے دس پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ڈیلرز کے مطابق مارکیٹ میں ڈالر کی قلت نہیں تاہم ہنڈی حوالہ سے پیسے بھجوائےجانے اور ذخیرہ کئے جانے سے ڈالر مہنگا ہو رہا ہے۔

    دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی اور اس کی قیمت میں استحکام رہا۔ انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 104 روپے 40 پیسے اور قیمت فروخت 104 روپے 60 پیسے پر برقرار رہی ہے۔

    اقتصادی ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر 108 روپے پر پہنچنے کے بعد دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں 14 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

  • زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ کے باوجود ڈالر کی قدرکم نہ ہو سکی

    زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ کے باوجود ڈالر کی قدرکم نہ ہو سکی

    اسلام آباد :تین ماہ کے بعد ایک بار پھر اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر ایک سو دو روپے ہوگئی
    کرنسی مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ بھی روپے کی قدر میں استحکام نہ لاسکا۔

    اس کے علاوہ عالمی مالیاتی فنڈ اور دیگر غیر ملکی ادائیگیاں بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ کاباعث ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر دس پیسے اضافے کے ساتھ ایک سو دو روپے پچیس پیسے میں فروخت ہورہا ہے ۔

    جبکہ انٹر بینک میں ڈالر ایک سو ایک روپے پچانوے پیسے میں فروخت ہورہا ہے۔ معاشی تجریہ کاروں کے مطابق روپے کی قدر میں ہوتی کمی کی وجہ معاشی سست روی ہے۔

  • انٹربینک میں ڈالر103روپےسےبھی تجاوز کرگیا

    انٹربینک میں ڈالر103روپےسےبھی تجاوز کرگیا

    کراچی: امریکی ڈالرپھر روپیےکو آنکھیں دکھانےلگا، اسٹیٹ بینک کی مداخلت بھی کام نہ آسکی، ڈالرایک سو تین روپےسےبھی تجاوز کرگیا۔

    پیرکوانٹربینک مارکیٹ یعنی بینکوں کےمابین لین دین میں امریکی ڈالرایک سوتین روپےکی سطح بھی عبورکرگیا، کرنسی ڈیلرزکے مطابق ہفتےکےآغازپرڈالرکی طلب میں اضافےسے روپےکی قدر مزید گرگئی، جس کا سبب درآمدی ادائیگیوں کیلئےساڑھے پانچ کروڑڈالرسےزائد کی خریداری تھی جس کےدوران ڈالردس پیسے مہنگا ہوکرایک سوتین روپےپانچ پیسےکا ہوگیا۔

    پیرکواوپن کرنسی مارکیٹ میں عوام سےڈالرایک سوتین روپےدس پیسے میں خریدا اورایک سوتین روپےپچاس پیسےمیں اُنہیں فروخت کیاگیا۔

  • اوپن مارکیٹ: ڈالرایک سو تین روپےتک جا پہنچا

    اوپن مارکیٹ: ڈالرایک سو تین روپےتک جا پہنچا

    کراچی: اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔کرنسی مارکیٹ ڈیلز کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر ایک سوتین روپےمیں فروخت ہورہا ہے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید ایک سو تین روپے جبکہ قیمت فروخت ایک سو تین روپے بیس پیسے رہی۔

    برطانوی پاونڈ کی قیمت فروخت ایک سو چھیاسٹ روپے ، کنیڈین ڈالر بانوئے روپے ، یورو ایک سو اکتیس روپے پچاس پیسے،سعودی ریال ستائسروپےپچیس پیسے ، یو اے ای درہم اٹھائیس روپے جبکہ چینی یوان اور جاپانی ین بالترتیب سترہ روپے اور چھیانوئے پیسے میں فروخت ہورہاہے