Tag: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا جوان شہید

    اوکاڑہ: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا جوان شہید

    اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا ایک جوان شہید ہو گیا، جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ تھانہ صدر کے علاقے کورٹ باری کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا جوان اسد جمیل شہید، جب کہ 2 ڈاکو ایلیٹ فورس اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

    کورٹ باری کے قریب ڈکیتی کی واردات کے بعد ڈاکو فرار ہو رہے تھے کہ پولیس اہل کار پہنچ گئے، ایلیٹ فورس کے جوانوں نے فرار ہوتے ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کر دیا، جس پر ڈاکوؤں نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی، جس سے ایک جوان موقع پر شہید ہو گیا۔

    جوانوں کی جوابی فائرنگ سے فرار ہونے والے دونوں ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

    اوکاڑہ واقعہ: جاں بحق بچوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی

    واضح رہے کہ ان دنوں اوکاڑہ میں دو بچوں کے لرزہ خیز قتل کا معاملہ بھی سرخیوں میں ہے، گزشتہ ہفتے اوکاڑہ کی رحمان کالونی میں دو معصوم بچوں کو پڑوسیوں نے اغوا کرنے کے بعد زیادتی کر کے قتل کر دیا تھا، اور ان کی لاشیں نہر میں پھینک دی تھیں۔

  • بیماری سے ہلاک مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک پکڑا گیا

    بیماری سے ہلاک مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک پکڑا گیا

    اوکاڑہ: پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں بیماری سے ہلاک شدہ مردہ مرغیوں سے بھرا ایک ٹرک پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک پکڑ لیا، مردہ مرغیوں کو تھیلوں میں بھر کر لاہور منتقل کیا جا رہا تھا۔

    پولیس نے ڈرائیور سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس حکام نے بتایا کہ بیماری سے ہلاک مرغیوں کو مقامی پولٹری فارم سے لاہور منتقل کیا جا رہا تھا، جب کہ پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر پولٹری فارم مالک کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔

    ملزمان نے بتایا کہ مردہ مرغیوں کو سستے داموں پولٹری فارم سے خریدا گیا، لاہور میں مردہ مرغیوں کا گوشت سستے داموں فروخت کیا جانا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان میں فروخت ہونے والی مرغیوں میں کرونا سے مماثلت رکھنے والی بیماری کا انکشاف ہوا تھا، جس میں مرغی کرونا جیسی علامات کا شکار ہو کر مرجاتی ہے۔

    مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھنے والی بیماری پھیلنے کا انکشاف

    رپورٹ کے مطابق مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھتی کوریزا نامی بیماری پھیل رہی ہے، اس بیماری سے متاثر ہونے والی مرغیوں کی حالت کرونا کے مریض کی طرح ہوتی ہیں، جس میں انھیں نزلہ، زکام، کمزوری اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ اس بیماری کے انسانوں میں منتقل ہونے سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، کوریزا بیماری پھیلنے کے باعث کراچی کے بیش تر پولٹری فارم مالکان نے فارمز بند کر دیے تھے اور چکن وائرس کے شبہ میں شہر قائد میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں ریکارڈ کمی ہوگئی تھی۔

  • انگوٹھوں کے نشان کی مدد سے لاکھوں بٹورنے والے ملزمان گرفتار

    انگوٹھوں کے نشان کی مدد سے لاکھوں بٹورنے والے ملزمان گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ سے ایسے ڈکیتوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو لوگوں کے انگوٹھے کے نشانات کی مدد سے مختلف اداروں سے لاکھوں روپے بٹور رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ سے ہوشیار چوروں کا ایک گروہ گرفتار کیا گیا ہے جو نہایت جدید طریقے سے ڈکیتی کی وارداتیں انجام دے رہا تھا۔

    مذکورہ ملزمان سادہ لوح اور غریب و نادار افراد سے مختلف حیلوں بہانوں سے سادہ کاغذ پر انگوٹھوں کے نشان لیتے اور ان نشانات کو مختلف قسم کی دھوکے بازیوں میں استعمال کرتے۔

    ان افراد کے انگوٹھوں کے نشان کی مدد سے ملزمان نے کئی فلاحی و سماجی تنظیموں سے ماہانہ خیراتی رقوم لینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا تھا۔

    اوکاڑہ پولیس کی کارروائی کے بعد ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپس، بائیو میٹرک مشینیں، سیلیکون پر چھپے ہوئے فنگر پرنٹس، 350 سم کارڈز اور لاتعداد اے ٹی ایم کارڈز برآمد ہوئے۔

    ایس پی انویسٹی گیشن اوکاڑہ عبداللہ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان سادہ لوح افراد کو جھانسہ دے کر ان کے انگوٹھوں کے نشان لیتے اور اس سے موبائل فون کی سم رجسٹر کرواتے۔

    بعد ازاں ان سمز کی مدد سے مختلف حکومتی پروگرامز جیسے احساس کفالت پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ان افراد کے نام پر رقم بٹوری جاتی۔

    ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق اس گروہ کے ارکان پورے پنجاب میں پھیلے ہوئے ہیں جنہیں پکڑنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔

    علاوہ ازیں اس کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نادرا سے بھی مدد لی جارہی ہے، اگلے مرحلے میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی ہدایت کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے جرائم سے بچا جاسکے۔

  • شرط کے لیے چوراہے پر برہنہ ٹھنڈے پانی سے نہانا مہنگا پڑ گیا

    شرط کے لیے چوراہے پر برہنہ ٹھنڈے پانی سے نہانا مہنگا پڑ گیا

    اوکاڑہ: دیپال پور کے نواحی علاقے بصیر پور میں پانچ سو کی شرط کے لیے چوراہے پر برہنہ ہو کر ٹھنڈے پانی سے نہانا شہری کو مہنگا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں دیپال پور کےنواحی علاقے بصیر پور میں دوستوں سے شرط لگا کر سر بازار برہنہ ہو کر ٹھنڈے پانی سے نہانے والا ملزم عرفان شاہ پکڑا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ٹھنڈے پانی میں نہا کر 500 روپے کی شرط جیتنے والے کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم عرفان شاہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کر دیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق ملزم نے چوراہے کے بیچ پانچ سو روپے کی شرط پر برہنہ ہو کر ٹھنڈے پانی سے نہایا تھا، مقامی افراد نے نہانے کی ویڈیو بھی بنائی، جس پر مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بے ہودگی پھیلانے کے الزام میں عرفان شاہ کو گرفتار کر لیا۔

    شرط ملک ندیم اور عرفان شاہ کے درمیان لگی تھی، سخت سردی میں لوگوں کے سامنے ٹھنڈے پانی سے برہنہ ہو کر نہانے کی یہ شرط عرفان شاہ نے جیت لی، تاہم واقعے کی ویڈیو سامنے آئی تو پولیس متحرک ہو گئی۔

    واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی جا رہی ہے، جس میں ملزم کو کپڑے اتار کر ہینڈ پمپ سے پانی نکال کر نہاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • ڈاکو پکڑنے والی فیملی مشکل میں پڑ گئی، پنجاب پولیس کا رویہ نہیں بدلا

    ڈاکو پکڑنے والی فیملی مشکل میں پڑ گئی، پنجاب پولیس کا رویہ نہیں بدلا

    اوکاڑہ: پنجاب حکومت تو بدل گئی ہے لیکن پولیس کا رویہ نہیں بدلا، اوکاڑہ شہر میں ایک فیملی نے ڈکیتی کے لیے آنے والے ڈاکوؤں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تاہم پولیس کے طرز عمل سے فیملی ہی مشکل میں پڑ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اوکاڑہ کے علاقے صابر ٹاؤن میں 5 ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر لوٹ مار کی، ڈاکو گھر سے 8 تولے سونا، نقدی اور موبائل فونز لوٹ کر فرا ہونے لگے۔

    تاہم گھر والوں کے شور شرابے پر اہل علاقہ نے 3 ڈاکوؤں کو پکڑ لیا، پکڑے گئے ڈاکوؤں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، لوگوں نے ان کی درگت بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    ڈاکوؤں کے پکڑے جانے، اور درگت بننے کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی، ویڈیو میں ڈاکوؤں کے قبضے میں زیورات اور اسلحہ واضح طور پر دیکھا گیا، تاہم متاثرہ فیملی کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے برآمد زیورات پولیس کی جانب سے انھیں واپس نہیں کیےگئے۔

    متاثرہ فیملی کے مطابق ڈاکوؤں کے قبضے سے زیورات پولیس نے برآمد کیے تھے، پولیس کو 5 ڈاکوؤں کے خلاف درخواست دی گئی تھی لیکن صرف 4 کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

    متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس اور اعلیٰ افسران ہماری بات نہیں سن رہے، ڈاکوؤں سے بھی دھمکیاں مل رہی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب سے دخواست ہے کہ معاملے کا نوٹس لیں۔

    ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں فرار دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • اوکاڑہ، زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    اوکاڑہ، زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ایک زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے گھر میں موجود 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ شہر میں نیشنل ہائی وے گیمبر اڈا کے قریب نواحی گاؤں میں ایک مکان کی چھت گر گئی، گھر کے ملبے میں دب کر 5 افراد جاں بحق ہو گئے، واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبی لاشیں نکال لی گئی ہیں جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ مکان زیر تعمیر تھا اور چھت پر ملبہ رکھا ہوا تھا جس کا لوڈ چھت برداشت نہ کر سکی اور چھت ڈھ گئی۔

    ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اوکاڑہ کے نواحی گاؤں میں چھت گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہم دردی اور تعزیت کی ہے۔

    لاہورمیں‌ مکان کی چھت گرگئی، میاں بیوی اور 2 بچے جاں بحق

    وزیر اعلیٰ نے زخمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سے افسوس ناک واقعے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی۔

  • اوکاڑہ:ڈکیتی کے دوران اجتماعی زیادتی کا ایک اور ہولناک واقعہ،  مقدمہ درج

    اوکاڑہ:ڈکیتی کے دوران اجتماعی زیادتی کا ایک اور ہولناک واقعہ، مقدمہ درج

    اوکاڑہ : دیپالپور میں شادی شدہ خاتون کو چار مسلح ڈاکووں نے گھر میں گھس کراجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا اور گھر سے طلائی زیوات نقدی قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں ڈکیتی کے دوران اجتماعی زیادتی کا ایک اور ہولناک واقعہ پیش آیا ،جہاں تھانہ صدر دیپالپورکی حدود میں ڈاکووں نے محنت کش کے گھر میں گھس کر طلائی زیوات نقدی اورقیمتی سامان لوٹا اور گھر کی ایک شادی شدہ خاتون کو اسلحہ کی نوک پر زبردستی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا کر فرارہوگئے۔

    ڈاکووں نے اس کے خاوند اور دیگر گھر والوں کو ایک کمرے میں بند کردیا، خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں 7ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی اوکاڑہ عمرسعید ملک متاثرہ فیملی کے گھر پہنچے، جہاں انہوں متاثرین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

    عمر سعید ملک کا کہنا ہے کہ دیپالپور فارنزک ٹیموں نے ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں ، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

    پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو گھر سے زیورات، نقدی اور قیمتی سامان بھی لے گئے ہیں۔

  • ڈاکٹر آپریشن کے دوران مریضہ کے پیٹ میں تولیہ بھول گئے

    ڈاکٹر آپریشن کے دوران مریضہ کے پیٹ میں تولیہ بھول گئے

    اوکاڑہ: پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں زچگی کے آپریشن کے دوران ڈاکٹر مریضہ کے پیٹ میں تولیہ بھول گئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے ضلع اوکاڑہ چونگی نمبر 6 کے قریب نجی اسپتال میں خاتون کا زچگی کا آپریشن ہوا، دوران آپریشن ایم ایس سوشل سیکیورٹی اسپتال ڈاکٹر جمیل مریضہ کے پیٹ میں تولیہ بھول گئے۔

    ذرائع کے مطابق انعم حسین نامی خاتون کو بچے کی پیدائش کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا چند روز بعد مریضہ کے پیٹ میں درد شروع ہوگیا۔

    مریضہ کے ورثا اسے چیک اپ کروانے کے لیے ساہیوال کے نجی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے مریضہ کا معائنہ کیا تو پیٹ میں تولیے کا انکشاف ہوا۔

    خاتون کا ایک اور آپریشن کرنے کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے پیٹ سے ایک بڑا تولیہ نکال لیا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مریضہ آپریشن کے بعد صحت مند ہیں۔

    خاتون انعم حسین کا کہنا تھا کہ سوشل سیکیورٹی اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر جمیل اور ساتھی ڈاکٹر ثمینہ رانا کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    خاتون کے ورثا کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے عدالت اور ہیلتھ کیئر کمیشن سے بھی رابطہ کریں گے، دوسری جانب واقعے پر ڈاکٹر جمیل نے موقف دینے سے انکار کردیا۔

  • پاکستان کے پہلے خواجہ سرا نے عالمی اعزاز تک رسائی حاصل کر لی

    پاکستان کے پہلے خواجہ سرا نے عالمی اعزاز تک رسائی حاصل کر لی

    اوکاڑہ: پاکستان کے پہلے خواجہ سرا نے عالمی اعزاز تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کا پہلا خواجہ سرا عالمی ایوارڈ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے، خواجہ سرا نایاب علی کو عالمی ایوارڈ دی گالاز 8 فروری کو دیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دی گالاز ایوارڈ کی تقریب آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں آٹھ فروری کو منعقد ہوگی، جس میں خواجہ سرا نایاب علی کو ایوارڈ سونپا جائے گا، نایاب علی پاکستان کے پہلے خواجہ سرا ہیں جنھیں اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس ایوارڈ کے لیے نامزد خواجہ سرا نایاب علی ایک تعلیم یافتہ شہری ہیں اور ماسٹر ڈگری حاصل کر چکے ہیں، میٹرک کا امتحان اے پلس گریڈ کے ساتھ دیا، این ٹی ایس ٹیسٹ میں کام یاب نہ ہونے کے سبب ڈاکٹر بننے کی خواہش پوری نہ ہو سکی، نایاب علی نے مذہبی تعلیم بھی حاصل کی۔

    ایوارڈ کے لیے نامزدگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نایاب علی نے کہا کہ خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے کردار پر انھیں ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے، اس ایوارڈ کے لیے منتخب ہونا ایک بڑا اعزاز ہے۔

    مذکورہ ایوارڈ کے لیے رواں برس پوری دنیا سے چار لوگوں کو نامزد کیا ہے جن کا تعلق برازیل، قازقستان، کرغزستان اور پاکستان سے ہے۔ خیال رہے کہ نایاب علی پر نامعلوم افراد نے تیزاب بھی پھینکا تھا، تاہم اس افسوس ناک واقعے میں ان کا چہرہ بچ گیا تھا، ٹھوڑی اور گردن متاثر ہو گئے تھے۔

  • اوکاڑہ: 70 سالہ خاتون پر بہیمانہ تشدد، ملزمان ویڈیو بھی بناتے رہے

    اوکاڑہ: 70 سالہ خاتون پر بہیمانہ تشدد، ملزمان ویڈیو بھی بناتے رہے

    اوکاڑہ: صوبہ پنجاب کے شہر ضلع اوکاڑہ کے ایک نواحی گاؤں میں 70 سال کی خاتون، ان کی بیٹی اور پوتے پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں شقی القلب ملزمان کو معمر خاتون پر بھی بہیمانہ تشدد سے کوئی چیز نہ روک سکی، بد بخت ملزمان تشدد کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق اوکاڑہ کے نواحی گاؤں 12 ون آر میں ظلم و بر بریت کی انتہا دیکھی گئی، 70 سالہ بوڑھی عورت پر با اثر شخص اکرم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر انسانیت سوز تشدد کیا۔

    رپورٹ کے مطابق معمرعورت کو سابقہ قتل کے مقدمے میں صلح نہ کرنے پر بیٹی اور پوتے سمیت تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اوکاڑہ: بچوں کو لٹکا کر بد ترین تشدد، چچا گرفتار

    آمنہ بی بی زمین پر بری حالت میں بیٹھی، ملزمان کو تشدد نہ کرنے کے لیے منتیں کرتی رہی، ملزمان انھیں بے دردی سے پیٹتے رہے، اور تشدد کی ویڈیو بھی بناتے رہے، بوڑھی عورت پر تشدد کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔ فوٹیج میں بوڑھی عورت پر ہونے والا تشدد واضح دیکھا جا سکتا ہے۔

    واقعے کے خلاف ڈی پی او اوکاڑہ کو درخواست دی گئی ہے تاہم مقدمے کا نہ تو تاحال اندراج کیا گیا نہ ہی ملزمان کو گرفتار کیا جا سکا ہے۔

    دوسری طرف حویلی لکھا میں بھی ایک اور حوّا کی بیٹی سسرالیوں کے ظلم کا شکار ہو گئی ہے، محلہ عید گاہ میں سسرال والوں نے عالیہ بی بی کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا، متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا منہ کالا کیا گیا اورجی نہ بھرا تو سسر غلام نبی نے سر کے بال بھی کاٹ ڈالے اور کمرے میں بند کر دیا۔