Tag: اوکاڑہ

  • دریائے ستلج 8 افراد کی زندگیاں نگل گیا

    دریائے ستلج 8 افراد کی زندگیاں نگل گیا

    اوکاڑہ: دریائے ستلج میں ملہوشیخو کے قریب کشتی ڈوبنے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر اوکاڑہ کے علاقے مہلوشیخو کے قریب دریائے ستلج میں کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق اور کئی لاپتہ ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے آٹھوں افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جبکہ کشتی میں درجن سے زائد افراد سوار تھے جن کی تلا ش جاری ہے، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ڈوبنے والوں کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

    حادثے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آگئی، اور متعلقہ اداروں نے ہرممکن اقدامات شروع کردیے، ریسکیو کا مرکز 50 کلومیٹر دور ہونے سےٹیمیں تاحال نہ پہنچ سکیں، لواحقین جاں بحق ہونے والے 8افراد کی میتیں ساتھ لے گئے۔

    ضلعی انتظامیہ کے افسران جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کشتی میں 30 افراد سوار تھے، کشتی آمدورفت کے لیے استعمال کی جاتی ہے تاہم آج سفر کے دوران اچانک حادثہ پیش آیا، کشتی میں سوار افراد جنازے میں شرکت کے لیے منچن آباد سے آ رہے تھے کہ ملہوشیخو کے مقام پر ان کی کشتی الٹ گئی۔

    دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مریم خان کا کہنا ہے کہ ملہوشیخو پر کشتی الٹنے کے واقعے کے بعد 6لاشیں نکال لی گئیں، 15سال کی لڑکی ارم  کی تلاش جاری ہے، کشتی الٹنے سے ڈوبنے والے 13افراد کو بچالیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خرم جہانگیر وٹو جائے وقوع پہنچ گئے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہا متاثرین کو مالی امداد کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کروں گا۔

    تربیلا ڈیم میں کشتی الٹ گئی، 50 سے زائد افراد ڈوب گئے

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہرمکن اقدامات کرنے کی ہدایت کردی اور واقعے سے متعلق مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے 6 افراد مارے گئے تھے۔ اس سے قبل اپریل میں خیبرپختونخوا میں واقع تربیلا ڈیم میں مسافروں سے بھری کشتی الٹنے سے درجنوں افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

  • بس کنڈیکٹر کا طالب علم کو جان لیوا دھکا، طلبہ کا جی ٹی روڈ پر دھرنا

    بس کنڈیکٹر کا طالب علم کو جان لیوا دھکا، طلبہ کا جی ٹی روڈ پر دھرنا

    اکاڑہ/ منڈی بہاؤالدین: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ایک بس کنڈیکٹر نے طالب علم کو دھکا دے کر بس سے گرا دیا جس کے نتیجے میں طالب علم جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں بائی پاس کے قریب دیپالپور روڈ پر ایک طالب علم بس سے گر کر جاں بحق ہو گیا، طلبہ نے کہا ہے کہ بس کنڈیکٹر نے اسامہ کو دھکا دے کر گرایا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق طالب علم کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    طلبہ کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ بائی پاس پر سکینڈ ائیر کا طالب علم اسامہ اقبال اور دیگر طلبہ بس پر سوار ہو رہے تھے کہ اس دوران بس کنڈیکٹر نے اسامہ اقبال کو دھکا دے دیا، ڈرائیور نے بس دوڑانے کی کوشش کی اور اسامہ ٹائر کے نیچے آکر موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا۔

    واقعے کے بعد بس ڈرائیور اور کنڈیکٹرموقع سے فرار ہو چکے ہیں، طلبہ نے اسامہ کی لاش احتجاجاً جی ٹی روڈ پر رکھ کر دھرنا دے دیا ہے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ جب تک بس عملے کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاتی تب تک احتجاج جاری رہے گا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق اوکاڑہ کی مقامی پولیس کی نفری جی ٹی روڈ پہنچ گئی ہے، جہاں مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں۔

    طلبہ گروہوں میں فائرنگ

    دوسرے واقعے میں پنجاب کے شہر منڈی بہاؤالدین میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے دو طلبہ گروہوں میں جھگڑا ہو گیا، اس دوران ایک دوسرے پر آزادانہ فائرنگ کی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ اور جھگڑے میں 4 طلبہ زخمی ہو گئے ہیں جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے 2 طالب علموں ارحم اور سرخیل کی حالت تشویش ناک ہے، اسپتال میں ان کی جانیں بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

  • اوکاڑہ: کوڑے کے ڈھیر سے 2 نومولود بچوں کی لاشیں برآمد

    اوکاڑہ: کوڑے کے ڈھیر سے 2 نومولود بچوں کی لاشیں برآمد

    اوکاڑہ: پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں کوڑے کے ڈھیر سے دو نومولود بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، نامعلوم شخص بچوں کی لاشیں شاپر میں ڈال کر پھینک گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں کوڑے کے ڈھیر سے دو نومولود کی لاشیں ملی ہیں، نامعلوم شخص بچوں کی لاشیں شاپر میں ڈال کر پھینک گیا، لاشیں پاکپتن روڈ پر پٹرول پمپ کے سامنے سے ملیں۔

    معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ نومولود بچوں کی لاشیں کیوں کوڑے کے ڈھیر پر پھینکی گئی تھیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ ماہ 17 اکتوبر کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں واقع قبرستان سے تین نومولود بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں تھیں، جس کے بعد پولیس نے گورکن کو حراست میں لے لیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نومولود بچے کی میت قبر سے نکال کر بھیک مانگنے والے ملزم گرفتار

    19 اکتوبر کو جیکب آباد کے نجی میڈیکل سینٹرمیں آکسیجن نہ ملنے سے چار نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے، ڈپٹی کمشنر جیکب آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نجی اسپتال کو سیل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا تھا۔

    نومولود بچوں کے حوالے سے بھی عجیب واقعات پیش آتے ہیں، 16 اپریل کو پنجاب پولیس نے بادامی باغ میں نومولود بچے کی میت نکال کر بھیک مانگنے والے نوجوان کو گرفتار کیا تھا۔ معلوم ہوا تھا کہ ملزم الیاس نے بادامی باغ کے مقامی قبرستان کی قبر سے نومولود کی میت نکالی اور اُس کے ہمراہ چوک پر بیٹھ کر بھیک مانگنا شروع کر دیا۔

  • اوکاڑہ: بچوں کو لٹکا کر بد ترین تشدد کرنے والا چچا گرفتار

    اوکاڑہ: بچوں کو لٹکا کر بد ترین تشدد کرنے والا چچا گرفتار

    اوکاڑہ: بچوں کو لٹکا کر بد ترین تشدد کرنے والے بے رحم چچا کو پولیس نے گرفتار کر لیا، پولیس نے کارروائی بچوں پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ماں سے ملنے جانے کی زد کرنے پر چچا یعقوب نے بھتیجوں کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا، ایک بچے کو کپڑے سے باندھ کر لٹکایا اور چپلوں اس کی پٹائی کی۔

    چچا کے بچوں پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آئی تو ڈی پی او جہانزیب نذیر خان نے نوٹس لے کر ملزم کو گرفتار کر لیا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچے روتے رہے لیکن ظالم چچا نے ایک نہ سنی۔ بتایا گیا ہے کہ بچوں کی ماں ناراض ہو کر میکے چلی گئی تھی اور بچوں کو ان کے چچا کے گھر پر چھوڑ دیا تھا۔

    ڈی پی او اوکاڑہ نے میڈیا کو بتایا کہ بچوں پر تشدد کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، بچوں کو ان کے ہمسائے نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، واقعہ چند روز پہلے کا ہے، فوٹیج آج ملی جس پر کارروائی کی گئی۔

    https://www.facebook.com/arynewsasia/videos/1005857239765670/

    ادھر بچوں پر تشدد کا واقعہ سامنے آنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ نے بچوں کے گاؤں جا کر بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی، جہاں ڈپٹی کمشنر نے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں اور بچوں کی دل جوئی کرتے ہوئے ان سے ہم دردی کا اظہار کیا۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بچوں کا طبی معائنہ کرایا جائے گا، بچوں کی تعلیم اور علاج معالجے کے لیے بھی حکومت ہر ممکن مدد کرے گی، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر بچوں کو اوکاڑہ کے اسکول میں بھی داخل کرائیں گے، اور ان کی بیمار والدہ کا علاج بھی کرایا جائے گا، والد کو بھی سرکاری ملازمت دی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تشدد کا ذمہ دار قانون کے تحت سزا سے نہیں بچ پائے گا۔ انھوں نے بچوں کو نئے کپڑے بھی دیے۔

    ملزم کا بیان

    بچوں پر تشدد کرنے والے ملزم نے اعتراف جرم کر لیا، میڈیا کے سامنے بیان دیتے ہوئے ملزم نے کہا کہ وہ اپنے کیے پر شرمندہ ہے، ایک بار معافی مل جائے تو پھر ساری زندگی ایسا دوبارہ نہیں کروں گا، بھتیجوں کو ماں کے پاس جانے کی ضد کرنے پر مارا تھا۔

    پولیس کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ملزم بچوں کا قریبی عزیز ہے، اس کے خلاف مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، ملزم نے پولیس کے سامنے بھی اعتراف جرم کر لیا ہے۔

  • پاکستانی لڑکے کی محبت میں تھائی لینڈ کی لڑکی نے اسلام قبول کرلیا

    پاکستانی لڑکے کی محبت میں تھائی لینڈ کی لڑکی نے اسلام قبول کرلیا

    اوکاڑہ :سوشل میڈیا پر ہونے والی دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی ، پاکستانی لڑکے کی محبت میں تھائی لینڈ کی رہائشی سونگ میونسن پاکستان آ گئی اور اسلام قبول کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں الرحمان ٹاؤن کے رہائشی محمد اعظم سے فیس بک پر دوستی کرنیوالی تھائی لینڈ کی لڑکی سونگ میونسن اوکاڑہ کے بہادر نگر فارم پہنچ گئی اور اسلام قبول کرکے محمد اعظم کیساتھ شادی کرلی۔

    سونگ میونسن نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام فاطمہ رکھا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اس کی بیوی فاطمہ کو شہریت دے کیونکہ اگر وہ تھائی لینڈ واپس گئی تو وہاں اس کی جان کو خطرہ ہے۔

    گذشتہ سال بھی پاکستانی لڑکے کی محبت میں چینی لڑکی لیوچنگ چنگ پاکپتن پہنچ گئی تھی ،لیوچنگ چنگ نے شفیق سے شادی کر کے اسلام قبول کیا اور اپنا نام عائشہ شفیق رکھ لیا تھا۔

    اس سے قبل بھی ایک جاپانی لڑکی ماریہ ایڈلان پاکستانی لڑکے احمد انور کی محبت میں پاکستان پہنچی تھی اور اسکی فرمائش پر اسلام قبول کیا اور اسلامی نام ماریہ احمد رکھ لیا تھا۔

  • لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق لاہور، اوکاڑہ اور ساہیوال میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    مقامی افراد کے مطابق کے زلزلے کے جھٹکوں سے خوف زدہ افراد اپنے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم فوری طور پرکسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹراسکیل پرزلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز لاہور سے 24 کلومیٹر دور تھا۔

    یاد رہے کہ یکم ستمبر کو اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ، شیخوپورہ ، گوجرانوالہ، مریدکے اور پنجاب دیگر شہروں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹراسکیل پرزلزلے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی تھی اور زیرزمین اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز 30 کلومیٹر ننکانہ صاحب کے شمال میں تھا۔

  • گندگی میں جنازے کی تصویر، اوکاڑہ کے ممبران اسمبلی سمیت کونسلز اور چئیرمین اگلی سماعت پر طلب

    گندگی میں جنازے کی تصویر، اوکاڑہ کے ممبران اسمبلی سمیت کونسلز اور چئیرمین اگلی سماعت پر طلب

    اسلام آباد : سوشل میڈیا پر  وائرل گندگی میں جنازے کی تصویر سے متعلق کیس میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اوکاڑہ کےایم پی اے، ایم این اے اور  میونسپل چئیرمین کو اگلی سماعت پر طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سوشل میڈیا پر وائرل گندگی میں جنازے کی تصویر سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی،حجرہ شاہ مقیم تحصیل اوکاڑہ نایاب کاشف کے مقامی کونسلر عدالت میں پیش ہوئے۔

    دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ دیکھیں جنازہ لے کر لوگ ایسی جگہ سے گزر رہے ہے، جہاں لوگوں کے کپڑے ناپاک ہوئے۔

    چیف جسٹس نے اوکاڑہ کےایم پی اے ،ایم این اے اور میونسپل چئیرمین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ تینوں حضرات ذاتی حیثیت میں جمعرات کے روز پیش ہوں۔

    نوٹسز راو اجمل ایم این اے ،صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن ایم پی اے رضا گیلانی اور چئیرمین میونسپل کمیٹی کو جاری کئے گئے۔

    سپریم کورٹ نے جنازہ گاہ ،قبرستان اور ساتھ کی زمین پر ناجائز قبضے کے حوالے سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ 21 مارچ کو چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصویر کا نوٹس  لیا تھا،  جس میں ایک جنازے کو سیوریج کے پانی سے بھری گلی میں سے لے جایا جارہا تھا۔


    مزید پڑھیں : سیوریج کے پانی پر سے گزرتے جنازے پر چیف جسٹس کا نوٹس


    چیف جسٹس نے عدالت میں موجود میڈیا اور دیگر نمائندگان سے کہا تھا کہ اس علاقے کی نشاندہی کریں کہ یہ کون سا علاقہ ہے۔

    جس کے بعد سوشل میڈیا پر  جنازے کی وائرل ہونے والی تصویر صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ہجرہ شاہ مقیم کے محلہ زاہد پورہ کی نکلی تھی اور چیف جسٹس کے نوٹس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں نکاسی آب کا کام شروع کردیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اوکاڑہ: چیف جسٹس کے نوٹس پر نکاسی آب کا کام شروع

    اوکاڑہ: چیف جسٹس کے نوٹس پر نکاسی آب کا کام شروع

    لاہور: سوشل میڈیا پر سیوریج کے پانی پر سے گزرتے جنازے کی وائرل ہونے والی تصویر صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ کی نکلی۔ چیف جسٹس کے نوٹس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں نکاسی آب کا کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر پر نوٹس لیا تھا۔ تصویر میں ایک جنازے کو ایسی گلی سے لے جایا جارہا تھا جو سیوریج کے گندے پانی سے بھری ہوئی تھی۔

    چیف جسٹس نے عدالت میں موجود میڈیا اور دیگر نمائندگان سے کہا تھا کہ اس علاقے کی نشاندہی کریں کہ یہ کون سا علاقہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گندگی اور غلاظت انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ علاقے کی نشاندہی ہونے کے بعد مذکورہ علاقے کے عوامی نمائندوں اور رکن قومی اسمبلی کو طلب کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: ضلعی انتظامیہ کی نااہلی، کونسلر نے احتجاجاً خود صفائی شروع کردی

    بعد ازاں اے آر وائی نیوز نے تصویر کا مقام ڈھونڈ نکالا۔ تصویر اوکاڑہ میں ہجرہ شاہ مقیم کے محلہ زاہد پورہ کی ہے۔

    چیف جسٹس کے از خود نوٹس کے بعد ضلعی انتظامیہ علاقے میں پہنچ گئی اور نکاسی آب کے لیے کام شروع کروا دیا۔ چیف جسٹس کے از خود نوٹس پر مقامی کونسلر موسیٰ غوری نے خراج تحسین پیش کیا۔

    موسیٰ غوری نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس مقامی رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین کو عدالت بلائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ایم این اے اور چیئرمین سے فنڈز کا حساب لیں۔

    کونسلر کے مطابق تصویر میں نظر آنے والا جنازہ محکمہ زراعت کے ملازم کی ہمشیرہ کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش کے باعث علاقے کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اوکاڑہ : طلباء وطالبات کی نازیبا ویڈیوزبنا نے والا اسکول پرنسپل گرفتار

    اوکاڑہ : طلباء وطالبات کی نازیبا ویڈیوزبنا نے والا اسکول پرنسپل گرفتار

    اوکاڑہ : پولیس نے طلباء و طالبات کی نازیبا ویڈیو بنانے والے اسکول پرنسپل کو حراست میں لے لیا، ملزم کے قبضے سے ویڈیوز برآمد کر کے دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا اور قصور ویڈیو اسکینڈل کے بعد اب پنجاب کے ایک اور شہر میں بھی بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، ملزم بچوں کی ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کیا کرتا تھا۔

    اوکاڑہ کے حجرہ شاہ مقیم کے ایک اسکول پرنسپل کی جانب سے طلباء و طالبات کی قابل اعتراض ویڈیوز بنائے جانے کی اطلاع پر پولیس نے اس کے دفترپر چھاپہ مارا۔

    چھاپے کے دوران ملزم یوسف کے قبضے سے طلبا وطالبات کی نازیبا ویڈیوز برآمد کر لی گئیں، پولیس نے ملزم یوسف کو گرفتارکرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، مقدےمیں دہشت گردی ایکٹ سمیت مختلف دفعات شامل کی گئیں ہیں، پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔


    مزید پڑھیں: سرگودھا، بچوں کی نازیبا فلمیں بنانے والا ملزم گرفتار


    واضح رہے کہ اس سے قبل مشہور قصور ویڈیو اسکینڈل کے علاوہ سرگودھا میں بھی معصوم بچوں کی قابل اعتراض ویڈیوز بنا کر انہیں فروخت کیے جانے کی اطلاعات ملتی رہی ہیں۔

    ایف آئی اے نے سرگودھا میں کارروائی کر کے بچوں کی نازیبا فلمیں بنانے اور ان کی ترسیل کا کام کرنے والے ملزم سعادت امین کو گرفتار کیا تھا اور اب اس قسم کا واقعہ اوکاڑہ میں بھی رونما ہوا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • اوکاڑہ : ڈاکوؤں نے دومنٹ میں سُپراسٹورکا صفایا کردیا، باآسانی فرار

    اوکاڑہ : ڈاکوؤں نے دومنٹ میں سُپراسٹورکا صفایا کردیا، باآسانی فرار

    اوکاڑہ : پنجاب میں ڈاکو ہائی اسپیڈ ہی نہیں ہوئے بلکہ ان کی دیدہ دلیری اور بھی بڑھ گئی ہے، اوکاڑہ میں دو ڈاکوؤں نے دو منٹ میں پورا سپر اسٹور لوٹا اور باآسانی فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں ہائی اسپیڈ بائیک پر آنے والے دو ڈاکوؤں نے دو منٹ میں سپراسٹور میں موجود افراد اور کیش لوٹا اور چلتے بنے۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں اوکاڑہ کے سپر اسٹور کے لٹنے کا منظر دیکھا جاسکتا ہے جہاں گاہک خریداری میں مصروف ہیں کہ اچانک دو ڈاکو ہیوی بائیک پر آئے اور بنا جھجک اسٹور میں گھس کرسب پر پستول تان لی۔

    شلوار قمیض اور ہڈ والی جیکٹ پہنے ایک ڈاکو نے پہلے گاہکوں کی جیب خالی کی اور پھر رقم کے حصول کیلئے کاؤنٹر کی جانب بڑھا، ڈاکو نے دکان میں موجود تمام رقم جمع کرنا شروع کردی۔

    اس دوران ایک اور گاہک اسٹور میں داخل ہوا اور وہ بھی لٹ گیا، ڈاکوؤں نے دو منٹ کے اندر لاکھوں روپے لوٹے اور بائیک پر بیٹھ کربا آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، دکان میں کھڑے لٹنے والے لوگ بس ہاتھ ہی ملتے رہ گئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔