Tag: اوگرا

  • پٹرول کی نئی قیمت کیا ہوگی ؟ عوام کے لئے اہم خبر آگئی

    پٹرول کی نئی قیمت کیا ہوگی ؟ عوام کے لئے اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری آج شام پیٹرولیم ڈویژن بھیجے گا، وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج کیاجائے گا، ذرائع نے کہا ہے کہ قیمتوں سے متعلق حکومتی فیصلہ اوگراسمری کی روشنی میں ہوگا تاہم ممکنہ ردوبدل کتنا ہوگا؟ اوگرا کی ورکنگ کے بعد تخمینہ سامنے آئے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا قیمتوں سے متعلق سمری آج شام کو پیٹرولیم ڈویژن بھیجے گا، اوگراسمری پرنگراں وزیراعظم کوسفارش کی جائے گی اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ2ہفتے میں ڈالر کےمقابلے روپے کی قدر2.27فیصد گرگئی، اسی دوران ایک ڈالر281.47روپےسے بڑھ کر287.87روپےہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ2 ہفتوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت3 فیصد کم ہوئی، اسی دوران خام تیل کی قیمت 85.19 ڈالر سےکم ہوکر82.63 ڈالر ہوگئی۔

    خیال رہے تیل کی عالمی قیمت میں کمی کے بعد پاکستانی عوام کو بھی اس کا ریلیف دینے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، باخبر ذرائع کے مطابق پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 15 نومبر سے آئندہ 15روز کے لیے8 روپے سے10 روپے فی لیٹر تک کی کمی متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ آئل کی قیمت جولائی کے بعد 4 فیصد کم ہو کر کم ترین سطح 78 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔

  • گیس کی قیمتوں میں اضافہ  ،  صارفین کے لیے بڑی خبر آگئی

    گیس کی قیمتوں میں اضافہ ، صارفین کے لیے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : چیئرمین اوگرا کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا، اب قیمتوں میں اضافے سے متعلق پٹرولیم ڈویژن کےجواب کاانتظار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے معاملےپر بریفنگ دی گئی۔

    چیئرمین اوگرا نے بتایا کہ اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا، گیس کی قیمتوں میں اضافےسےمتعلق پٹرولیم ڈویژن کےجواب کاانتظار ہے۔

    یاد رہے نگراں وزیر توانائی محمدعلی کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے ، قیمتوں میں ردوبدل کا جلد اعلان کردیں گے تاہم ، کوشش کررہے ہیں کہ کمزورطبقے پراثر نہ پڑ پڑے۔

    محمدعلی نے کہا تھا کہ کم آمدنی والے صارفین کےلیے گیس قیمت نہیں بڑھائیں گے تاہم ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں، اس لئے گیس قیمت کم نہیں کر سکتے۔

  • اوگرا کی جانب سے 12 ماہ میں 800 پمپس لگانے کی اجازت دینے کا انکشاف

    اوگرا کی جانب سے 12 ماہ میں 800 پمپس لگانے کی اجازت دینے کا انکشاف

    اسلام آباد: چیئرمین اوگر نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف کیا ہے کہ اوگرا نے 12 مہینوں کے دوران 800 پمپس لگانے کی اجازت دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نور عالم خان کی زیرِصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، چیئرمین اوگرا نے بتایا کہ اوگرا کی جانب سے 12 مہینے میں 800 پمپس لگانے کی اجازت دی گئی ہے۔

    اس موقع پر نور عالم خان کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے اوگرا کو پی ایس او پمپس پر سے پابندی ہٹانے کی ہدایت کی تھی، کسی صوبے کو آپ محروم نہیں رکھ سکتے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ اوگرا نے کوئی پابندی نہیں لگائی ہوئی، اس دوران کمیٹی نے پھر پنجاب اور کے پی میں پی ایس او پمپس پر سے پابندی ہٹانے کی ہدایت کی، نور عالم خان نے کہا کہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن اس پر عملدرآمد کرائیں گے۔

    سابقہ دورِ حکومت میں 3 ارب ڈالر کے قرضوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، جس پر نور عالم خان نے بتایا کہ نیب ایف آئی اے کو 3 ارب ڈالر کا معاملہ بھیجا تھا۔

    ڈپٹی چیئرمین نیب نے کہا کہ تینوں اداروں نیب، ایف آئی اے اور آڈیٹر جنرل نے اس پر کام کیا ہے، ابتدائی رپورٹ تیار کی ہے، 17 مارچ 2020 کو اسکیم لانچ کی گئی، اسکیم کے تحت 398 ارب کی تقسیم ہوئی، یہ 30 جون 2023 تک جاری رہی، ٹوٹل 1145 ارب روپے کی تقسیم ہوئی ہے۔

    نور عالم خان نے کہا کہ اسکیم ایک سال کے لیے تھی لیکن اس کو توسیع دی گئی، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے کس شرح پر قرضہ لیا؟ کیا پیسے کا استعمال صحیح ہوا ہے؟ چند لوگوں نے اربوں کا قرضہ لیا، مشاہد حسین سید نے کہا کہ ہم اس میں کوئی گھپلا نہیں دیکھ رہے۔

    پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ جو ابھی اسٹیٹ بینک کا گورنر ہے یہ اس وقت ڈپٹی گورنر تھا، نیب، ایف آئی اے اور آڈیٹر جنرل تینوں آئینی ادارے ہیں، یہ مشترکہ تحقیقات ہے، جس کی سربراہی نیب کر رہا ہے۔

    برجیس طاہر کا کہنا تھا کہ تین ماہ سے یہ سننے میں آرہا تھا کہ 640 افراد کو حکومت نے 3 ارب ڈالر 5 فیصد پر دیے، 3 ماہ سے یہ سلسلہ کیوں چھپایا گیا، 628 لوگوں کی فہرست دے دیں۔

    سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ اپہلے تو ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کے خلاف ایکشن لیں، اس کے بعد جو بھی اس میں ملوث ہے اس پر ایکشن لیں، پہلے گورنر اسٹیٹ بینک کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

    نور عالم خان نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین نیب کہہ رہے ہیں جون 2023 تک یہ اسکیم چلی ہے، نیب اپنی جگہ پر تحقیقات کرے، ہم اسی لیے کہتے ہیں دہرا چارج کسی کے پاس نہیں ہونا چاہیے۔

    کمیٹی کی جانب سے چیئرمین نادرا کی عدم موجودگی پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا جب کہ کمیٹی نے آڈیٹر جنرل کو اسٹیٹ بینک کا آڈٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

  • چیئرمین اوگرا نے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کی ہڑتال کا نوٹس لے لیا

    چیئرمین اوگرا نے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کی ہڑتال کا نوٹس لے لیا

    لاہور: ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے معاملے پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین مسرور خان نے ہڑتال کا نوٹس لے لیا ہے۔

     تفصیلات کے مطابق اوگرا حکام نے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی یشن کے عہدے داروں کو آج مذاکرات کے لیے بلا لیا ہے۔

    چیئرمین اوگرا کی ڈائریکٹر ان فورسمنٹ کو عرفان کھوکھر سے مذاکرات کی ہدایت جاری کردی تاہم ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن اور اوگرا میں مذاکرات آج لاہور میں ہونگے۔

    واضح رہے کہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے 5 اور 6 اگست کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

    چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھرکا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ایل پی جی کمپنیاں حکومتی نرخوں پر ڈسٹری بیوٹرز کو گیس فراہم نہیں کر رہی ہیں۔

  • اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

    اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

    اسلام آباد: اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر ہی منافع خوروں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانی اضافہ کر دیا ہے۔

    چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانی اضافہ کر دیا ہے۔

    چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہےکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 177 روپے کلو مقرر کی ہے لیکن ایل پی جی 220 سے 240 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔

    چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے بتایا کہ دور دراز علاقوں میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 310 روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔

    عرفان کھوکھر نے کہا کہ ملک میں کسی جگہ سرکاری قیمت پر گیس دستیاب نہیں، اوگرا سرکاری قیمت پر گیس فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہے۔

    چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے کا نوٹس لیں۔

  • اوگرا نے ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

    اوگرا نے ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

    اسلام آباد:  آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اپریل کے لیے درآمدی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے۔

    اوگرا نے اپریل کے لئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی نادرن سسٹم پر ایل این جی 0.06 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور  سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی 0.03 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو سستی کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 13.23 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے اور سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 13.48 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

    مارچ میں سوئی ناردرن کیلئے ایل این جی کی قیمت 13.29 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو تھی جب کہ سوئی سدرن کے لیے قیمت 13.51 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر تھی۔

  • آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا اوگرا سے مطالبہ

    آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا اوگرا سے مطالبہ

    لاہور: آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا سے فارن ایکسچینج نقصانات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر مستحق کمپنیوں کو دی گئی رقوم واپس لے۔

    تفصیلات کے مطابق آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق وزیر علی نے اوگرا کو خط لکھ کر کہا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ذمہ دار چیئرمین اوگرا ہے۔

    چیئرمین اومیپ نے خط میں کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں نامناسب معاشی حالات کے باعث پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، غیر ملکی کرنسی کے فرق سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے پالیسی بنائی جائے۔

    چیئرمین نے کہا اوگرا نے ایسی کمپنیوں کا بھی ازالہ کیا ہے جو تیل درآمد تک نہیں کرتیں، غیر مستحق کمپنیوں کو دی گئی رقوم واپس جائیں، اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو برابر کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

  • ملک میں پیٹرول کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

    ملک میں پیٹرول کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

    اسلام آباد : اوگرا نے ملک کے کئی علاقوں میں پیٹرول اور ڈیزل کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں پیٹرول اور ڈیزل کا مصنوعی بحران ہے ، اس سلسلے میں اوگرا نے چیف سیکرٹری پنجاب کو فوری کارروائی کیلئے مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

    جس میں اوگرا کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کی فہرست فراہم کر دی ہے ، مصنوعی بحران میں مارکیٹ انٹیلی جنس کے ذریعے فہرستیں مرتب کی گئیں۔

    مراسلے میں پنجاب میں واقع غیر قانونی اسٹوریج، گوداموں پر چھاپوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

    ترجمان اوگرا کا کہنا تھا کہ اوگرا نے اسٹوریجز کو چیک کرنے کیلئے انفورسمنٹ ٹیمیں بھی تشکیل دے دیں ہیں۔

    خیال رہے پنجاب کےکئی شہروں میں پمپس پرپٹرول کی قلت سامنا ہے ، جس کے باعث گوجرانوالہ،ڈسکہ اور پتوکی میں پمپس پرگاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ پمپ مالکان پٹرول فروخت نہیں کر رہے، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکےعوام پر ظلم کیا ہے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ، عوام کے لئے اہم خبر آگئی

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ، عوام کے لئے اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    اوگرا کی جانب سے کہا گیا کہ گزشتہ شام سے قیمتوں میں اضافے سے متعلق افواہیں پھیلائی جارہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

    خیال رہے پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی اطلاعات پر پنجاب کےمختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر عوام کا جم غفیر جمع ہوگیا۔

    شہریوں کےرش کے باعث پیٹرول پمپس پرفیول کی قلت ہوگئی ، جس کے بعد پمپ مالکان نے شہریوں کی ڈیمانڈ سے کم ایندھن دینا شروع کر دیا ہے۔

    واضح رہے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

  • ملک میں پیٹرول کی قلت کی خبروں پر اوگرا کا ردعمل

    ملک میں پیٹرول کی قلت کی خبروں پر اوگرا کا ردعمل

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ترجمان عمران غزنوی نے پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر اسٹاک موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ترجمان عمران غزنوی کا کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر اسٹاک موجود ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اوگرا پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کی خبروں کی سختی سے تردید کرتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 80 ہزار ایم ٹی پیٹرول اور 90 ہزار ایم ٹی ڈیزل لے جانے والے جہاز موجود ہیں، مقامی ریفائنریز بھی پیٹرولیم مصنوعات کی طلب پورا کرنے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔