Tag: اوگرا

  • اوگرا نے جنوری کے لیے ایل پی جی سستی کردی

    اوگرا نے جنوری کے لیے ایل پی جی سستی کردی

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جنوری کے لیے ایل پی جی سستی کردی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایل پی جی 11 روپے 59 پیسے فی کلو سستی کردی گئی ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر 136 روپے 86 پیسے سستا ہوگیا۔

    ایل پی جی سلنڈر کی فی کلو قیمت 204 روپے 35 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جنوری کے لیے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2411 روپے 43 پیسے مقرر ہوگئی ہے، واضح رہے کہ دسمبر میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2548 روپے 29 پیسے تھی۔

    واضح رہے کہ دسمبر کیلئے ایل پی جی 11 روپے 79 پیسے فی کلو مہنگی کی گئی تھی جس کے بعد فی کلو ایل پی جی کی نئی قیمت 215 روپے 95 پیسے ہوگئی تھی۔

      ایل پی جی کا 11 اعشاریہ 8 کلو کا گھریلو سلنڈر مجموعی طور پر 139 روپے 13 پیسے ہوگیا تھا جبکہ 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈرکی قیمت 2548 روپے 29 پیسے مقرر کی گئی تھی۔
  • اوگرا نے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

    اوگرا نے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر کے لیے درآمدی آر ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر کے لیے درآمدی آر ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    سوئی ناردرن کے لیے فی یونٹ قیمت ترسیل میں 0.31925 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے، سوئی سدرن سسٹم پر آر ایل این جی کی قیمت ترسیل میں 0.32974 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے۔

    سوئی ناردرن سسٹم پر آر ایل این جی کی نئی قیمت 13.3888 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ قیمت تقسیم 14.4387 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

    سوئی سدرن سسٹم پر آر ایل این جی کی نئی قیمت 13.0157 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ قیمت تقسیم 14.8105 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی

  • آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے ملک میں تیل کی قلت کا خدشہ ظاہر کر دیا، اوگرا کا رد عمل

    آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے ملک میں تیل کی قلت کا خدشہ ظاہر کر دیا، اوگرا کا رد عمل

    اسلام آباد: آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے ملک میں تیل کی قلت کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے، تاہم اوگرا نے ملک میں تیل کی قلت کی خبروں پر ردِ عمل دیتے ہوئے اس خدشے کو مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوگرا کا کہنا ہے کہ ڈیزل کے محدود ذخیرے سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں، ادھر او سی اے سی نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو خط لکھ کر صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    خط میں ایڈوائزری کونسل نے لکھا ہے کہ ملکی ضروریات کے مقابلے میں کم تیل درآمد کیا گیا ہے، ابھی تک تیل کمپنیوں نے تیل منگوانے کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا، اسٹاک کی صورت حال کے پیش نظر ملک کے مختلف حصوں میں تیل کی قلت کا خدشہ ہے۔

    او سی اے سی نے مطالبہ کیا کہ اوگرا تیل کمپنیوں کو امپورٹس پلان پر عمل درآمد کا پابند بنائے۔

    تاہم اوگرا نے او سی اے سی کے خدشات کو رد کر دیا ہے، ترجمان اوگرا نے بیان میں کہا کہ ملک میں ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے، ڈیزل کے محدود ذخیرے سے متعلق اطلاعات درست نہیں ہیں۔

    ترجمان اوگرا نے کہا ملکی ضرورت پوری کرنے کے لیے ڈیزل کا ذخیرہ دستیاب ہے۔

  • اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا

    اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر کے مہینے کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوگرانے ایل پی جی کی قیمت  2 روپے 96 پیسے فی کلومہنگی کردی جس کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 204 روپے 16 پیسے فی کلومقرر کی گئی ہے۔

    اوگرا نےقیمتوں میں اضافےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق نومبر کے مہینے مطلب آج سے ہوگا۔

    اوگرا نے ایل پی جی کے گھریلوسلنڈر کی قیمت میں 34 روپے 91 پیسے مزید مہنگی کی ہے، جس کے بعد ایل پی جی کاکمرشل سلنڈر 134 روپے مزید مہنگا ہوگیا ہے۔

    ایل پی جی کےگھریلوسلنڈر کی قیمت 2ہزار 409 روپے 16پیسےمقرر  کی گئی ہے، اکتوبر کے لئے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 374 روپے 25 پیسے مقرر تھی لیکن اب کمرشل سلنڈرکی نئی قیمت 9 ہزار 269 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

  • سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف

    سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف

    اسلام آباد: ملک بھر میں سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، مذکورہ پمپس اسمگل ہو کر آنے والی پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں ملک میں سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، لیز ختم ہونے سے 206 پیٹرول پمپس نے غیر قانونی طور پر پیٹرول کی فروخت جاری رکھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پمپس اسمگل ہو کر آنے والی پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

    آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپس نے لیز ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی فروخت جاری رکھی، اوگرا نے پیٹرول پمپس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ غیر قانونی فروخت بند کروانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ بھی نہیں کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق کابینہ ڈویژن نے معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھایا، وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

  • ملک میں قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی

    ملک میں قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی

    لاہور: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال 27 فیصد زائد تیل امپورٹ کیا گیا، قدرتی گیس کی پیداوار میں 6 فیصد کمی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سالانہ رپورٹ جاری کردی گئی، اوگرا کا کہنا ہے کہ مالی سال 21-2020 کے دوران 27.82 فیصد زائد تیل درآمد کیا گیا۔

    اوگرا کا کہنا ہے کہ قدرتی گیس کی پیداوار میں 6 فیصد کمی ہوگئی، قدرتی گیس کی پیداوار کم ہو کر 2 ہزار 6 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی۔

    اوگرا کے مطابق مقامی ریفائنریز کی پیداوار میں 14.48 فیصد اضافہ ہوا، ریفائنریز میں تیل کی پیداوار سال 21-2020 میں 9.3 سے بڑھ کر 10.66 ملین ٹن رہی۔ مقامی ریفائنریز سے ایل پی جی کی پیداوار میں 25.32 فیصد اضافہ ہوا۔

    اوگرا رپورٹ میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مانگ میں 12.95 فیصد اضافہ ہوا، پیٹرولیم مصنوعات کی مانگ 17.63 سے بڑھ کر 19.92 ملین ٹن ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق قدرتی گیس سے پنجاب کو 52 فیصد حصہ یعنی 14 سو 26 ملین مکعب کیوبک فٹ گیس ملتی ہے، سندھ کو 39 فیصد حصہ یعنی 1 ہزار 52 ملین مکعب کیوبک فٹ گیس ملتی ہے۔

    رواں مالی سال کے دوران سندھ کو گیس کی سپلائی میں 40 سے 45 فیصد کٹوتی کی گئی، پختونخواہ کو 12 سے 13 فیصد، بلوچستان کو 11 فیصد اور پنجاب کو گیس سپلائی کی صرف 3 فیصد کٹوتی کی گئی۔

  • پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کا امکان

    پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کا امکان

    کراچی: عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ کا آغاز کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق دو تجاویز حکومت کو بھجوائی جائیں گی۔

    گزشتہ ایک ماہ میں عالمی سطح پر خام عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا ہے جس کے بعد اوگرا کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی تجویز دی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔

    واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی حتمی تجاویز کل حکومت کو ارسال کی جائیں گی جس کے بعد وزارت خزانہ وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت سے 31 اگست کو قیمتوں کا اعلان کرے گی۔

  • ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان

    ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان

    اسلام آباد: اوگرا نے اگست کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اگست کے مہینے کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں 2 روپے 51 پیسے فی کلو گرام کمی کا اعلان کیا ہے۔

    اوگرا نے اگست کے لیے نئی قیمت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 51 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 217 روپے 92 پیسے فی کلو مقرر کر دی گئی۔

    پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان

    ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 29 روپے 56 پیسے سستا ہو گیا ہے، گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2571 روپے 41 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ جولائی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 2600 روپے 97 پیسے کا تھا۔

  • پیٹرول اور بجلی قیمتوں میں کمی کے بعد  گیس کی قیمتوں میں اضافہ

    پیٹرول اور بجلی قیمتوں میں کمی کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافہ

    اسلام آباد : اوگرا نے گیس کی اوسط قیمت میں16.37 فیصد تک اضافہ کردیا، گیس قیمت میں اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابقآئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی اوسط قیمت میں 16.37 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی۔

    اس حوالے سے اوگرا نے بتایا کہ سوئی ناردرن کیلئے گیس قیمت میں94روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا اور گیس کی اوسط قیمت 670 روپے37پیسے مقرر کردی گئی ہے۔

    اوگرا کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن کیلئے گیس کی اوسط قیمت میں6.32فیصد اضافے کی منظوری دی ، سوئی سدرن کیلئے اوسط قیمت 50 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کے بعد 829روپے48پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی۔

    ترجمان نے بتایا کہ گیس اوسط قیمت میں اضافےکااطلاق یکم جولائی2022سےنافذالعمل ہو گا تاہم گیس قیمت میں اضافےکا اطلاق وفاقی حکومت سےمنظوری کے بعد کیا جائے گا۔

    یاد رہے دو روز قبل اوگرا نے مارچ کے لیے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 27 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔

    اوگرا کی جانب سے قیمت میں اضافے کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 233روپے78پیسےمقرر کی گئی تھی ، قیمت میں اضافے سے ایل پی جی کا 11.8کلو کا گھریلو سلنڈر 318 روپے 74 پیسے مہنگا ہوگیا اور نئی قیمت 2758 روپے67 پیسے ہوگئی۔

  • اسلام آباد میں زمین سے تیل نکلنے کا معاملہ ، اصل حقیقت سامنے آگئی

    اسلام آباد میں زمین سے تیل نکلنے کا معاملہ ، اصل حقیقت سامنے آگئی

    اسلام آباد : آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں زمین سے نکلنے والا تیل کروڈ آئل نہیں، یہ پانی میں ڈیزل کی آمیزش ہے جو کہیں سے لیک ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں زیر زمین تیل نکلنے کے معاملے پر اوگرا کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہائیڈروکاربن ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ رپورٹ کےمطابق زیر زمین سے نکلنے والا تیل کروڈ آئل نہیں، یہ پانی میں ڈیزل کی آمیزش ہے جوکہیں سےلیک ہورہاہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اوگراکااس سےکوئی تعلق نہیں ہے ، ایچ ٹی آئی پی نےیہ ٹیسٹ کیےہیں متعلقہ اداروں کو اس معاملے کو دیکھنا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے علاقے ایچ 13میں بورنگ کیلئے کھدائی کے دوران تیل دریافت ہوا تھا ، کھدائی کے دوران تیل نکلنے کے بعد عوام نے تیل ڈرموں میں بھرنا شروع کر دیا جبکہ کئی شہری کنویں کھود کر غیر قانونی طور پر تیل نکال کر فروخت کرنے لگے ، جس پر ضلعی انتظامیہ نے سخت ایکشن لیا۔

    انتظامیہ نے اطلاع پر جگہ کو سیل کر کے ’تیل‘ کے نمونے آئل اینڈ گیس ریگلولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو بھیج دئیے تھے ، ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اسسٹنٹ کمشنر عبد اللہ خان کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، اوگرا صورتحال کا جائزہ لےرہا ہے۔