Tag: اوہائیو

  • ضعیف شخص نے جعلی کال پر خاتون ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کردیا

    ضعیف شخص نے جعلی کال پر خاتون ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کردیا

    81 سالہ شخص نے ایک خاتون اوبر ڈرائیور کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب وہ اسے جعلساز سمجھ بیٹھا۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اوہائیو میں پیش آنے والے واقعے میں ضعیف العمر شخص اور اوبر خاتون ڈرائیور دونوں کو نامعلوم شخص نے کال کی اور دونوں کو دھوکے میں رکھا۔

    کلارک کاؤنٹی شیرف کے دفتر کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ ولیم بروک نے 61 سالہ لولیتھا ہال کو اپنے گھر کے باہر متعدد بار گولی مارنے کے بعد 911 پر کال کی۔

    بیان کے مطابق، بروک کو 25 مارچ کو ایک قیدی رشتہ دار کے حوالے سے ایک جعلی (اسکیم) کال موصول ہوئی تھی جس میں دھمکیاں دی گئی تھیں اور پیسوں کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    اس دوران مقتول خاتون ڈرائیو ہال کو اپنی اوبر ایپ کے ذریعے ایک کال موصول ہوئی جس میں اسے فون کرکے بروک کی رہائش گاہ سے ایک پیکج لانے کا کہا گیا۔

    شیرف دفتر نے بتایا کہ دونوں کالیں ایک ہی موضوع سے جڑی ہیں اور وہ اس اسکینڈل کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    بروک کو یقین تھا کہ ہال جعلساز تھی اس لیے گولی چلائی، 81 سالہ شخص نے اوبر ڈرائیور کو دیکھنے کے چند لمحوں بعد کئی بار فائرنگ کرتے ہوئے اسے قتل کر دیا۔

    شیرف دفتر نے بتایا کہ ہال غیر مسلح تھی اس نے مسٹر بروک کو کوئی دھمکی نہیں دی یا حملہ نہیں کیا تھا، سوائے اس پیکج کے بارے میں پوچھنے کے جو اسے اوبر ایپ کے ذریعے کہا گیا تھا اس نے کوئی مطالبہ نہیں کیا تھا۔

    بعدازاں بروک نے ڈسپیچر کو بتایا کہ اس نے کسی ایسی خاتون کو گولی ماری ہے جو اسے لوٹنے کی کوشش کر رہی تھا۔

    لا اینڈ کرائم دفتر نے بتایا کہ اس پر ابتدائی طور پر قتل کا الزام لگایا گیا تھا، لیکن بعد میں ایک عظیم جیوری نے سنگین حملے اور اغوا کے الزامات کا اضافہ کیا۔

    شیرف دفتر نے نوٹ کیا کہ بروک کو کی جانے والی اسکیم کال ایک عام کال کی طرح تھی ہے، بروک نے بظاہر اسے سنجیدگی سے لیتے ہوئے معاملات کو اپنے ہاتھ میں لے کر سنگین اقدام کیا۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

  • اوہائیو میں ہولناک ٹرین حادثے اور فلم ’وائٹ نوائز‘ کے منظر میں حیرت انگیز مماثلت

    اوہائیو میں ہولناک ٹرین حادثے اور فلم ’وائٹ نوائز‘ کے منظر میں حیرت انگیز مماثلت

    اوہائیو: امریکی ریاست اوہائیو میں ٹرین حادثے نے فلم کی ہولناکیاں حقیقتی زندگی میں دکھا دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دس دن قبل امریکی ریاست اوہائیو میں زہریلے مواد لے جانے والی مال بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی تھی، اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا لیکن اس نے علاقے میں لوگوں کی رہائش کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

    ٹرین کی بوگیوں میں ونائل کلورائڈ، بیوٹائل ایکرائلیٹ، ایتھائل ہیکسائل ایکرائلیٹ اور ایتھیلین گلائکول مونو بوٹیل ایتھر جیسا زہریلا مواد موجود تھا۔

    زہریلے کیمیکل کے اخراج کی وجہ سے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ پچھلے ہی برس 2022 میں اسی علاقے میں فلم ’وائٹ نوائز‘ کی عکس بندی میں سب کچھ ایسا دکھایا گیا تھا، فلم میں 50 ٹرین بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں، جن میں سے 20 بوگیوں میں خطرناک مادہ تھا۔

    اوہائیو واقعے میں بیس بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں اور ان میں ہول ناک طور سے آگ لگ گئی تھی، جس کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آ چکی ہیں۔

    حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اوہائیو کے رہائشی 37 سالہ بین رتنر نے فلم وائٹ نوائز میں ایکسٹرا کے طور پر کام کیا تھا، اور اب حقیقی حادثہ بھی ان کے گھر کے قریب پیش آیا ہے۔

    فلم کا منظر

    سڑک پر ٹریفک جام کا منظر ہے، کاروں کی لمبی قطار ہے اور بین رتنر ایک کار میں بیٹھا ہے، ایسے میں مال بردار ٹرین ایک ٹینکر ٹرک سے ٹکرا جاتی ہے، گاڑیاں وہاں سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہیں، کہ ایک دھماکا ہوتا ہے اور ماحول خطرناک زہروں سے بھر جاتا ہے۔ اس کے بعد فلم میں شہر کے لوگوں کو باہر نکالا جاتا ہے۔

    2022 کی یہ فلم اوہائیو کے آس پاس شوٹ کی گئی تھی اور یہ ڈان ڈیلیلو کے ناول پر مبنی ہے، یہ کتاب 1985 میں بھارت کے شہر بھوپال میں ہونے والی کیمیائی تباہی کے فوراً بعد شائع ہوئی تھی جس میں تقریباً 4000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    رتنر اور اس کا خاندان، بیوی لِنڈسے، ان کے بچے سیمون، لزی، للی اور بروڈی اب حقیقت میں وہ افسانہ جی رہے ہیں، جسے انھوں نے اسکرین پر لانے میں مدد کی تھی۔

  • کم عمر چور نے پولیس سے بچنے کے لیے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی

    کم عمر چور نے پولیس سے بچنے کے لیے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی

    امریکا میں ایک کم عمر گاڑی چور نے پولیس سے بچنے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال دی اور چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اوہائیو میں پیش آیا جو پولیس کی گاڑی کے ڈیش کیم میں ریکارڈ ہوگیا۔

    پولیس ایک چرائی ہوئی گاڑی کا پیچھا کر رہی تھی جسے ایک 16 سالہ نوجوان چرا کر لے جارہا تھا۔

    پولیس سے بچنے کے لیے اچانک لڑکے نے چلتی گاڑی کا دروازہ کھولا اور باہر چھلانگ لگا دی، چھلانگ لگانے کے بعد اس نے کئی قلابازیاں کھائیں اور سڑک کی ریلنگ سے بھی ٹکرایا۔

    بعد ازاں اس نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن پولیس کے ہاتھوں پکڑا گیا۔

    پولیس کے مطابق لڑکے کو معمولی چوٹیں آئیں جس کے لیے اسے اسپتال منتقل کیا گیا، لڑکے پر گاڑی چوری کے چارجز عائد کیے گئے ہیں، اسپتال سے فارغ ہونے پر اسے پولیس لاک اپ میں ڈال دیا جائے گا۔

  • ڈیلیوری کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا فریج گر کر چکنا چور

    ڈیلیوری کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا فریج گر کر چکنا چور

    امریکا میں ایک فریج کی ڈیلیوری کے دوران فریج زمین پر گر کر چکنا چور ہوگیا اور خریدنے والے کو ہزاروں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔

    امریکی ریاست اوہائیو کے رہائشی جونز نامی شخص نے اپنے پرانے فریج کی جگہ نیا فریج خریدا، لیکن جب اس کا فریج اسے موصول ہوا تو وہ بری طرح تباہ شدہ تھا۔

    بعد ازاں ڈرائیو وے میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے پتہ چلا کہ کس طرح ڈیلیوری کرنے والے اسے غیر ذمہ دارانہ انداز میں ڈیلیور کر رہے تھے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ڈیلیوری بوائے نہایت غیر محفوظ انداز میں صرف ٹرالی پر فریج کو رکھ کر گھر کی جانب لے کر جارہا ہے، اس دوران اس نے ٹرالی کو سیدھا کیا تو فریج پھسل کر زمین پر گر گیا اور اس کا سامنے کا حصہ چکنا چور ہوگیا۔

    دوسرا ڈیلیوری بوائے گاڑی کے پاس سے بھاگتا ہوا آیا، اس دوران وہ چیختا رہا کہ تم نے میرا انتظار کیوں نہیں کیا، تم کچھ دیر رک نہیں سکتے تھے؟

    بعد ازاں ڈیلیوری کرنے والوں نے اسے اسی طرح مالک تک پہنچایا اور کہا کہ یہ مینو فیکچرر سے اسی طرح ٹوٹا ہوا موصول ہوا، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج نے ان دونوں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    فریج خریدنے والے کا کہنا تھا کہ اس نے نیا فریج 4 ہزار 200 ڈالرز (6 لاکھ 61 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) میں خریدا تھا، شکر ہے کہ ابھی اس کا پرانا فریج موجود ہے اور وہ فریج سے مکمل طور پر محروم نہیں ہوا۔

    جونز کمپنی کو سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج بھجوانے کے بعد اب دوسرے فریج کا انتظار کر رہا ہے۔

  • پیزا فراہم کرنے والی دنیا کی تیسری بڑی کمپنی کو معافی مانگنی پڑ گئی

    پیزا فراہم کرنے والی دنیا کی تیسری بڑی کمپنی کو معافی مانگنی پڑ گئی

    اوہائیو: امریکی ریاست اوہائیو کی ایک فیملی کو پیزا فراہم کرنے کے بعد دنیا کی تیسری بڑی پیزا چَین کو معافی مانگنی پڑ گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اوہائیو کے ایک شہر مڈل برگ ہائیٹس کی ایک فیملی نے جب پیزا کھانے کے لیے ڈبے کو کھولا تو خاتون مسٹی لاسکا نے دیکھا کہ پیزا کاٹا نہیں گیا تھا، تاہم خاتون اور ان کے شوہر نے جب دیکھا کہ پیزا پر پپرونی کے ٹکڑوں سے جرمن نازیوں کا نشان سواستیکا بنایا گیا ہے تو وہ ششدر رہ گئے۔

    جرمن نازیوں کا مشہور نشان سواستیکا دیکھ کر دونوں میاں بیوی کو شدید غصہ آیا، انھوں نے پیزا واپس کرنا چاہا لیکن ان کی کال اٹھائی نہیں گئی، پیزا کی دکان بند ہو چکی تھی، جس کے بعد خاتون نے پیزا کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔

    اگلے دن لٹل سیزرز (Little Caesars) جو دنیا کی تیسری بڑی پیزا کمپنی ہے، نے ان سے رابطہ کیا اور واقعے پر معذرت کر لی، پیزا چَین نے کہا کہ ان کے ملازمین نے اعتراف کر لیا ہے کہ انھوں نے ایسا مذاق میں کیا، اور یہ فروخت کے لیے نہیں تھا، تاہم واقعے کے لیے ذمہ دار دو ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا نے لٹل سیزرز کا ایک بیان بھی چھاپا جس میں نسلی تعصب کی مذمت کی گئی تھی، اور ملازمین کو نکالنے کی بھی تصدیق کی گئی۔

    مسٹی لاسکا کا کہنا تھا کہ پیزا ان کے شوہر جیسن نے جا کر خریدا تھا، اس وقت دکان بند ہونے والی تھی، اور پیزا تیار پڑا ہوا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ملازمین کی برطرفی کوئی تسلی بخش اقدام نہیں تھا، کیوں کہ جو مذاق کیا گیا تھا وہ بھیانک تھا۔ تاہم دونوں میاں بیوی یہ نہیں بتا سکے کہ کیا کرنا چاہیے تھا۔

    لاسکا نے کہا کہ اس قسم کی نفرت بڑی تیزی سے پھیلی ہے، اور اسے سنجیدگی سے نہیں لیا گیا اسی لیے آج دنیا اتنی تقسیم نظر آ رہی ہے، آج کے ماحول میں اس قسم کے اشارے مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ انھیں امید ہے کہ ان دو ملازمین نے اس واقعے سے یہ قیمتی سبق سیکھ لیا ہوگا کہ محبت پھیلانی چاہیے، نفرت نہیں۔

  • وہ سیلون جانے کے لئے گھر سے نکلی اور……

    وہ سیلون جانے کے لئے گھر سے نکلی اور……

    اوہائیو: امریکی ریاست اوہائیو کی ایک کاؤنٹی ہائی لینڈ میں ایک نوجوان لڑکی کی اچانک گم شدگی نے جہاں ایک طرف والدین کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے وہاں دوسری طرف کاؤنٹی کے لوگوں کو حیران بھی کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہائی لینڈ کاؤنٹی کے ایک بڑے گاؤں گرین فیلڈ میں ایک 18 سالہ لڑکی تین دن قبل اچانک غائب ہو گئی، میڈیسن بیل گھر سے 17 مئی صبح دس بجے ٹیننگ سیلون کے لیے نکلی تھی اور پھر واپس نہ آ سکی۔

    پولیس کے مطابق لڑکی کی کار چند گھنٹے کے بعد گرین فیلڈ کے گڈ شیفرڈ چرچ کے پاس سے ملی، چابیاں بھی گاڑی ہی میں تھیں اور لڑکی کا موبائل بھی اندر پڑا ہوا تھا۔ اگلے ہی دن پولیس نے لڑکی کی تلاش میں ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شروع کر دیا لیکن تین دن گزرنے کے باوجود لڑکی کا کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔

    لڑکی کی تلاش میں کھوجی کتوں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں، لڑکی کی ماں میلیسا بیل کا کہنا تھا کہ انھوں نے بیٹی کے کپڑے وغیرہ دیے جن سے اس کی بو مل سکے، لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ میڈی کی تلاش میں انھوں نے ہر طریقہ اپنایا، پھر بھی کوئی نشان نہ مل سکا۔

    پولیس کے ساتھ ساتھ ایک این جی او ریسکیو بھی میدان میں آ گیا ہے، جس نے ہائی لینڈ کاؤنٹی میں رضاکاروں کو لڑکی کی تلاش پر لگا دیا ہے، لڑکی کی گم شدگی کی گونج دوسری امریکی ریاستوں تک بھی پہنچ گئی ہے، ورجینیا سے بھی رضاکاروں نے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔ لوگ حیران ہیں کہ لڑکی کہاں غائب ہو گئی، کہ اتنی تلاش کے باوجود اس کا کچھ پتا نہیں چل رہا ہے۔

    لڑکی کی ماں نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں لوگوں سے اپیل کی، میری بیٹی کی واپسی کے لیے دعا کریں، ہمیں اس کی گم شدگی نے نڈھال کر دیا ہے، میڈی، تم جہاں کہیں بھی ہو، پلیز گھر آجاؤ، ہم تم سے بہت پیار کرتے ہیں۔

  • پولیس کا گھر پر چھاپہ، تہہ خانے سے کیا برآمد ہوا؟

    پولیس کا گھر پر چھاپہ، تہہ خانے سے کیا برآمد ہوا؟

    امریکی ریاست اوہائیو میں پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر تہہ خانے میں رکھے گئے پالتو مگر مچھ کو وہاں سے منتقل کردیا۔

    امریکی ریاست اوہائیو کے علاقے میڈیسن ٹاؤن شپ میں پولیس کو شکایت موصول ہوئی کہ ایک گھر کے تہہ خانے میں غیر قانونی طور پر ایک مگر مچھ کو رکھا گیا ہے۔

    پولیس فوراً موقعے پر پہنچی جہاں انہوں نے ایک پالتو مگر مچھ کو تہہ خانے میں پایا۔ پولیس نے اوہائیو کے محکمہ زراعت سے رابطہ کیا جنہوں نے تصدیق کی کہ گھر کے رہائشی افراد نے اس خطرناک جانور کو پالنے کا کوئی اجازت نامہ نہیں لیا۔

    پولیس نے وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو طلب کیا جنہوں نے احتیاط سے مگر مچھ کو پکڑ کر جانوروں کی پناہ گاہ میں پہنچا دیا۔

    وائلڈ لائف اہلکاروں کے مطابق مگر مچھ کی عمر 25 سال ہے۔ مگر مچھ کو رکھنے والے اہلخانہ نے پولیس کو دیکھ رضا کارانہ طور پر اپنے پالتو جانور سے دستبرداری اختیار کرلی۔

  • گھر میں گھسنے والے نقب زن کو گھر والوں نے گن پوائنٹ پر رکھ لیا

    گھر میں گھسنے والے نقب زن کو گھر والوں نے گن پوائنٹ پر رکھ لیا

    گھر میں چوری کی نیت سے گھسنے والے نقب زن کو گھر والوں نے گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر چور کی جان چھڑائی۔

    پولیس کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو میں چور برف ہٹانے والے کھانچے کے ذریعے گھروں کے تالے توڑ کر ان میں گھستا تھا اور قیمتی سامان اٹھا کر فرار ہوجاتا تھا۔

    تاہم ایک گھر میں نقب زنی کے دوران وہ اہلخانہ کے ہاتھ آگیا، چور نے بھاگ کر قریبی جنگل میں چھپنے کی کوشش کی لیکن گھر والوں نے تعاقب کر کے اسے پکڑا اور گن پوائنٹ پر رکھ لیا۔

    پولیس کے پہنچنے کے بعد اہلخانہ نے چور کی جان چھوڑی اور اسے پولیس کے حوالے کردیا۔ تلاشی لینے پر چور کے پاس سے قریبی گھروں سے چرایا ہوا سامان برآمد ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چور علاقے میں سلسلہ وار چوریاں کر رہا تھا اور وہ کافی عرصے سے اس کی تلاش میں تھے۔

  • 14 سالہ لاپتہ لڑکے کی لاش خالی گھر کی چمنی سے برآمد

    14 سالہ لاپتہ لڑکے کی لاش خالی گھر کی چمنی سے برآمد

    امریکی ریاست اوہائیو میں 25 روز سے لاپتہ 14 سالہ لڑکے کی لاش پڑوسی کے خالی گھر سے مل گئی، لڑکے نے چمنی کے راستے اندر جانے کی کوشش کی تھی۔

    اوہائیو کے اسٹیٹ بیورو آف انویسٹی گیشن نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی کہ وہ لاپتہ 14 سالہ ہارلے ڈلی کی تلاش موقوف کردیں کیونکہ اس کا سراغ مل چکا ہے۔

    14 سالہ لڑکے نے ایک خالی گھر میں چمنی کے ذریعے داخل ہونے کی کوشش کی، وہ گھر سے متصل اینٹینا ٹاور کو درست کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ کئی ہفتوں بعد خالی گھر سے اس کی لاش برآمد ہوئی۔

    مذکورہ گھر ڈلی کے پڑوسیوں کا تھا جو تعطیلات پر شہر سے باہر گئے تھے۔

    ڈلی کے والد نے 21 دسمبر کے روز اپنے بیٹے کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی، اس سے قبل لڑکے کا فون گر کر ٹوٹ چکا تھا یہی وجہ تھی کہ اہلخانہ اس سے رابطہ نہیں کر سکے۔

    والد کا کہنا ہے کہ وہ پہلے بھی گھر میں ہونے والے لڑائی جھگڑوں کے باعث گھر سے چلا جاتا تھا تاہم اگلے دن تک واپس آجاتا تھا۔

    پولیس تعین نہیں کرسکی کہ لڑکے کے ساتھ کیا مسئلہ تھا، آیا اسے اسکول میں ہراساں کیا جاتا تھا اور وہ اس سے مایوس اور پریشان تھا، یا پھر کسی اور پریشانی کا شکار تھا۔

    پولیس گھر والوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے جبکہ لڑکے کی لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کیا جارہا ہے۔

  • نرسنگ ہوم میں ملازمت کرنے والی بلی

    نرسنگ ہوم میں ملازمت کرنے والی بلی

    امریکی ریاست اوہائیو کے ایک نرسنگ ہوم میں پہلی بار آنے والے افراد اس وقت حیران رہ جاتے ہیں جب وہ استقبالیہ پر ایک بلی کو براجمان دیکھتے ہیں۔

    یہ بلی اپنے سامنے ایک رجسٹر رکھے بیٹھتی ہے تاکہ یہاں آنے والے اس میں اپنا اندراج کرسکیں۔

    cat-2

    اوریو نامی یہ بلی دراصل ایک آوارہ بلی تھی جو گھومتی گھامتی کسی طرح اس نرسنگ ہوم تک آ پہنچی۔ اس کے بعد اسے یہ جگہ اتنی پسند آئی کہ اس نے یہیں رہنے کا فیصلہ کرلیا۔

    cat-3

    کچھ عرصہ بعد وہ اس جگہ اور یہاں رہنے والے افراد سے اتنی مانوس ہوگئی کہ اب کبھی وہ استقبالیہ میز پر جا بیٹھتی ہے، تو کبھی یہاں رہائش پذیر بزرگ افراد کے پاس بیٹھ کر انہیں کھیلنے کا سامان فراہم کرتی ہے۔

    مزید پڑھیں: جاپان کی ٹرین میں روز سفر کرنے والی بلی

    cat-3

    cat-4

    نرسنگ ہوم میں کام کرنے اور رہنے والے افراد بھی اس کے بے حد عادی ہوگئے ہیں۔ نرسنگ ہوم کا عملہ کام کے دوران اس سے کھیلتا اور باتیں کرتا دکھائی دیتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔