Tag: اویس شاہ لاپتا

  • چیف جسٹس کے بیٹے کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے، عمران خان

    چیف جسٹس کے بیٹے کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے، عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان کہتے ہیں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کےبیٹے کااغوا قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بڑاسوالیہ نشان ہے۔

    واقعہ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئےتحریک انصاف کےسربراہ عمران خان نے کہا کہ جس صوبےمیں چیف جسٹس کےاہل خانہ تک محفوظ نہیں وہاں شہریوں کےتحفظ کی کیاکیفیت ہوگی۔

    عمران خان نےکہا حکومت سندھ چیف جسٹس کے بیٹے کی بروقت اور بحفاظت بازیابی کویقینی بنائے۔

    چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کی بازیابی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں جاری ہیں۔

    وزیراعلٰی قائم علی شاہ نے اویس شاہ کی بازیابی کو حکومت سندھ اور سیکیورٹی اداروں کے لئے چیلنج قراردے دیا، سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس سجاد علی شاہ سے ملاقات بھی کی سیاسی قائدین نے بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کردیا۔

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیرداخلہ انورسیال سے کہا ہے کہ انہیں لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے، ٹیلیفونک رابطےمیں سابق صدر نے حکومت سندھ کو اویس شاہ کی بحفاظت واپسی یقینی بنانےکی ہدایت کی۔

    ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نےآپریشن کی کامیابی پر سوالات اٹھا دیے، ایم کیوایم کا کہنا ہے جب چیف جسٹس کابیٹا محفوظ نہ ہو تو عام شہریوں کا تحفظ کیسے ہو۔

    اویس شاہ کے اغواکے خلاف وکلا برادری نےبھی سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج کرتےہوئے بحفاظت بازیابی کامطالبہ کیا۔

  • اویس شاہ کی بازیابی کیلئے رینجرز نے انعامی رقم کااعلان کردیا

    اویس شاہ کی بازیابی کیلئے رینجرز نے انعامی رقم کااعلان کردیا

    کراچی: اویس شاہ کی بازیاب کیلئےسندھ رینجرزنےانعامی رقم کااعلان کردیا،پولیس کی تحقیقاتی ٹیم بھی تفتیش میں مصروف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کی بازیابی کیلئےرینجرزنےانعامی رقم کااعلان کردیا، رینجرزنےاویس شاہ کےاغواکاروں کےبارےمیں اطلاع دینےوالے کیلئے پچیس لاکھ روپےانعام کااعلان کردیا۔

    ترجمان رینجرزکے مطابق اطلاع دینےوالے کی معلومات صیغہ رازمیں رکھی جائیں گی،شہری رینجرز ہیلپ لائن،واٹس اپ اورای میل پرانفارمیشن دے سکتےہیں۔

    اویس شاہ کی بازیابی کیلئے ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان خواجہ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم بھی کھوج لگانے میں مصروف ہے، اویس شاہ کی بازیابی کیلئے بنائی گئی۔

    تحقیقاتی ٹیم میں ڈی آئی جی ساوتھ منیر شیخ،ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان،انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمرسمیت ایس ایس پی ساؤتھ ڈاکٹر فاروق،ایس ایس پی سی ٹی ڈی نویدخواجہ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ عدیل چانڈیو اورایس ایچ اوکلفٹن شامل ہیں۔

    ساؤنڈ ایڈیشنل آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ تحقیقاتی ٹیم اویس شاہ کو بازیاب کرانے کے ساتھ ساتھ اغواء کاروں کوبھی گرفتار کرے۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں تابڑ توڑ چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ہائی ویزکے اطراف کچی آبادیوں میں بھی پولیس نے سرچ آپریشن کر کے متعدد افراد کو گرفتار کیا ۔ جن سے تفتیش جاری ہے۔

  • اویس شاہ کا مبینہ اغوا، گورنر اور وزیراعلیٰ کا شہرکی ناکہ بندی کا حکم

    اویس شاہ کا مبینہ اغوا، گورنر اور وزیراعلیٰ کا شہرکی ناکہ بندی کا حکم

    کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کے میبنہ اغوا پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے شہر بھر کی ناکہ بندی کا حکم جاری کردیا،سیکیورٹی اداروں نے شہرکے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی۔

    اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شہر بھر کی ناکہ بندی کا حکم دیا جس کے بعد سیکیورٹی کے تمام ادارے حرکت میں آگئے اور اویس شاہ کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی گئی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ اویس شاہ کی تلاش میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی اویس شاہ کی بازیابی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان کی بازیابی کا حکم دیا ہے۔

    سندھ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر اویس شاہ کو اغوا کیا گیا،نو بج کر دس منٹ پر اویس شاہ کے اغوا کی اطلاع ملی، ان کی گاڑی کا نمبر اے زیڈ ٹی 535 ہے جو سپر اسٹور کے باہر سے کھڑی مل گئی، وزیراعلیٰ نے شہر بھر کی ناکہ بندی کا حکم دے دیا ہے جس کے تحت کراچی میں سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کردی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ شہر سے باہر جانے والی ہر گاڑی کی تلاشی لے جارہی ہے۔

    ایس یس پی رائو انوار کے مطابق سپرہائی وے، نیشنل ہائی وے سمیت شہر سے باہر جانے والی دیگر شاہراہوں کی چیکنگ سخت کردی ہے، ہائی ویز کے اطراف کچی آبادیوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

  • چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے لاپتا، نامعلوم افراد ساتھ لے گئے

    چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے لاپتا، نامعلوم افراد ساتھ لے گئے

    کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ لاپتا ہوگئے، نامعلوم افراد انہیں اپنے ساتھ کار میں بٹھا کر لے گئے، ان کی گاڑی ڈیفنس کے ایک سپر اسٹور کے باہر سے مل گئی۔

    رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ افطار کے بعد کلفٹن گئے جہاں سپر مارکیٹ کے باہر کار سوار چار افراد انہیں اپنے ساتھ زبردستی بٹھا کر لے گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار سوار چاروں افراد نے پولیس کیپ پہن رکھی تھیں۔

    اطلاعات ہیں کہ اویس شاہ کی گاڑی ڈیفنس پنجاب چورنگی پر واقع سپر اسٹور کے باہر سے مل گئی تاہم اویس شاہ کے بارے میں مزیدکوئی اطلاع اب تک موصول نہیں ہوسکی۔

    معلوم ہوا ہے کہ اویس شاہ خود بھی سندھ ہائی کورٹ میں وکالت کے فرائض انجام دے رہے ہیں، انہیں کسی بھی معاملے میں کسی قسم کی دھمکیاں موصول نہیں ہوئیں اس لیے ان کے ساتھ کوئی سیکیورٹی گارڈ بھی نہیں تھا۔

    دریں اثنا اے آر وائی نیوز نے چیف جسٹس کے بیٹے کو لے جانے والی گاڑی کی فوٹیج حاصل کرلی جس کے مطابق ایک سفید رنگ کی کار میں انہیں لے جایا گیا جس پر ایس پی 0586 کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ ایک اور فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اویس شاہ سپر اسٹور میں شاپنگ کررہے ہیں بعدازاں وہ گیٹ سے باہر نکل گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف نوعیت کے اہم ترین مقدمات چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی زیر سماعت ہیں،اویس شاہ کو لے جانے والی گاڑی پر لگی ہوئی نمبر پلیٹس سندھ پولیس کی گاڑیوں پر لگی ہوتی ہیں تاہم تحقیقات کے بعد ہی حتمی معاملہ سامنے آسکے گا۔