Tag: او آئی سی

  • او آئی سی وفد پاکستان اور آزاد کشمیر کا دورہ کرے گا

    او آئی سی وفد پاکستان اور آزاد کشمیر کا دورہ کرے گا

    اسلام آباد: او آئی سی سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر وفد کے ہمراہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ او آئی سی سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبیے 6 مارچ تک پاکستان اور آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق او آئی سی وفد کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی، او آئی سی وفد لائن آف کنٹرول کا دورہ بھی کرے گا جہاں وہ بھارتی فائرنگ سے شہری آبادی کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لے گا۔

    بھارت میں مسلمانوں کے مقدس مقامات کا تحفظ کیا جائے، او آئی سی اعلامیہ

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی وفد کا دورہ 5 اگست کے بھارتی یک طرفہ اقدامات کے تناظر میں ہے، او آئی سی نے کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کی مکمل حمایت کی، او آئی سی نے 1994 میں اس سلسلے میں ایک کنٹیکٹ گروپ بھی قائم کیا، انڈیپنڈنٹ ہیومن رائٹس کمیشن نے مظالم کی مذمت میں کئی بیانات جاری کیے، 5 اگست کے بعد اوآئی سی کنٹیکٹ گروپ کے 2 اجلاس بھی ہو چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا خصوصی وفد بھی دورہ پاکستان پر آ رہا ہے، ذرایع کا کہنا تھا کہ وفد کشمیر کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر دورہ کر رہا ہے، وفد وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ سے ملاقات کرے گا، ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آئے گا۔

  • او آئی سی کو زیادتی کا شکار مسلمانوں کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنا ہے: فردوس عاشق اعوان

    او آئی سی کو زیادتی کا شکار مسلمانوں کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنا ہے: فردوس عاشق اعوان

    جدہ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی گولڈن جوبلی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی میرے لیے باعث اعزاز ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ او آئی سی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین کو اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خصوصی پیغام کے ساتھ دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔ اسلامی سربراہ ممالک کا یہ فورم مسلم امہ کے رشتے کو مضبوط بنانے اور جوڑنے کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسے دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امہ کو درپیش مسائل اور اسلامو فوبیا جیسے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے یکساں مؤقف اور جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ناروے جیسے افسوسناک واقعات روکنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کی مقدس شخصیات اور کتب کے احترام کے حوالے سے عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے۔ ایسے واقعات کو جرم قرار دیا جائے اور مرتکب عناصر کو سزا ملنی چاہیئے۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر سیکریٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس فورم سے کشمیریوں کے جمہوری بنیادی حق اور وادی میں سنگین صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے مزید آواز بلند کرنا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت پر زور دیا جائے کہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالیوں اور غیر انسانی پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔ بابری مسجد کے فیصلے نے بھارت کا سیکولر چہرہ بے نقاب کر دیا، مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں سے ان کے سلوک کا پول کھل گیا ہے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کا بانی رکن ہونے کے ناطے پاکستان چاہتا ہے کہ مسلم ممالک کے مابین معاشی تعلقات فروغ پائیں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کو مزید تقویت ملے۔

    خیال رہے کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان او آئی سی کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔

    معاون خصوصی گولڈن جوبلی کی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ فردوس عاشق اعوان تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور سعودی وزیر خارجہ کی دعوت پر شرکت کر رہی ہیں۔

  • فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں

    فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں، معاون خصوصی جدہ میں تنظیم اسلام تعاون (او آئی سی) کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گی اور مختلف تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

    روانگی سے قبل انھوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے ساتھ جڑا بیانیہ دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے، تمام اسلامی ممالک کو جامع مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔

    فردوس عاشق تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور سعودی وزیر خارجہ کی دعوت پر شرکت کر رہی ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بطور بانی رکن پاکستان نے او آئی سی میں ہمیشہ فعال اور متحرک کردار ادا کیا۔ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی افسوسناک واقعہ ہے۔ اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی، مقبوضہ کشمیر اور بابری مسجد کے فیصلے پر آواز اٹھاؤں گی۔

    انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے ساتھ جڑا بیانیہ دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ تمام اسلامی ممالک کو جامع مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔ اسلام کا حقیقی اور روشن چہرہ دنیا بھر میں روشناس کروانا ہے۔

  • مسلمانوں کے حقوق کی بات پر دنیا اسلامی دہشت گردی کا نام لے کر جان چھڑاتی ہے: وزیر اعظم

    مسلمانوں کے حقوق کی بات پر دنیا اسلامی دہشت گردی کا نام لے کر جان چھڑاتی ہے: وزیر اعظم

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے حقوق کی بات پر دنیا اسلامی دہشت گردی کا نام لے کر جان چھڑاتی ہے، کشمیر کے 80 لاکھ افراد کی جگہ 80 لاکھ یورپی، عیسائی یا یہودی ہوتے تو عالمی برادری کا رد عمل کیا ایسا ہی ہوتا؟

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں وزیر اعظم عمران خان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ برائے کشمیر کے وفد کے سربراہان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

    وزیر اعظم نے عشائیے سے خطاب بھی کیا، اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کے لیے اہم وقت ہے، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ 80 لاکھ لوگ غیر قانونی طور پر قید کر دیے گئے، بھارت نے غیر آئینی طور پر 51 دن سے مقبوضہ وادی میں کرفیو لگا رکھا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن صرف اس لیے ہے کہ وہاں مسلمان ہیں، مقبوضہ وادی میں ہندو کشمیریوں کو لاک ڈاؤن کا سامنا نہیں۔ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری سے جیسی توقعات تھیں ویسا ردعمل نہیں آیا۔ یہ 80 لاکھ یورپی، عیسائی یا یہودی ہوتے تو عالمی برادری کا رد عمل ایسا ہوتا؟

    انہوں نے کہا کہ بھارت جو مقبوضہ وادی میں کر رہا ہے 21 صدی میں ایسی بکواس کہیں نہیں، مسلمانوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر دنیا خاموش رہتی ہے۔ مسلمانوں کے حقوق کی بات پر دنیا اسلامی دہشت گردی کا نام لے کر جان چھڑاتی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ آج کی ملاقات کا مقصد مسئلہ کشمیر پر مسلم ممالک کے مشترکہ پلان کی تشکیل ہے، 80 لاکھ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانا ہوگی۔ عالمی برادری کو کشمیریوں کو درپیش مصائب سے متعلق سمجھانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کو 51 روز گزر گئے، دنیا کو بتانا ہے کشمیر میں جانور نہیں انسان بستے ہیں، مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی کا تخلیق کار مودی ہے۔ مودی ایسے گھوم رہا ہے جیسے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا سربراہ ہو، مودی کی یہ کیسی بکواس جمہوریت ہے جہاں انسانوں سے ایسا سلوک ہوتا ہو۔

  • کشمیر و فلسطین کی جدوجہد آزادی اور مظالم میں مماثلت ہے، او آئی سی اقدامات کرے، شفقت محمود

    کشمیر و فلسطین کی جدوجہد آزادی اور مظالم میں مماثلت ہے، او آئی سی اقدامات کرے، شفقت محمود

    اسلام آباد : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کشمیراور فلسطین کی جدوجہد آزادی اور وہاں ہونے والے مظالم میں مماثلت ہے، امید ہے او آئی سی اسرائیل کو غیر قانونی اقدامات سے روکے گی۔

    یہ بات انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کونسل کے16ویں غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کونسل کے16ویں غیر معمولی اجلاس میں پاکستان کی جانب سے شفقت محمود نے اجلاس میں نمائندگی کی۔

    وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر بلایا گیا تھا، پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اجلاس میں نمائندگی کی۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مذکورہ اجلاس اسرائیلی وزیراعظم کے مغربی کنارے پر قبضے کے بیان پر بلایا گیا، اس حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    اجلاس سے خطاب میں شفقت محمود نے فلسطین کو پاکستان کی جانب سے ہرحمایت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ امید ہے او آئی سی اسرائیل کو غیر قانونی اقدامات سے روکے گی۔

    وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ کشمیراور فلسطین کی جدوجہد آزادی اور وہاں ہونے والے مظالم میں مماثلت ہے، بھارت نے غیرقانونی اقدام سے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنادیا ہے۔

    وادی میں مکمل لاک ڈاؤن، ذرائع ابلاغ بند اور دواؤں کی قلت ہے، کاروبار، اسکول اور کالجز بھی بند ہیں، اس کے علاوہ عالمی میڈیا معمولات زندگی بحال ہونے کے بھارتی دعووں کی نفی کررہا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اس موقع پر شفقت محمود نے اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل و دیگر رکن ممالک کے وزراء سے ملاقات کی اور انہیں کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

  • وزیر خارجہ کی او آئی سی گروپ کے سفرا سے ملاقات

    وزیر خارجہ کی او آئی سی گروپ کے سفرا سے ملاقات

    جنیوا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) گروپ کے سفرا سے ملاقات کے دوران کہا کہ بھارت نے اب تک نہتے کشمیریوں کو کرفیو لگا کر محصور کر رکھا ہے۔ بھارت کا غیر آئینی اقدام اقوام متحدہ قراردادوں کے صریحاً منافی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) گروپ کے سفرا سے ملاقات کی۔ ملاقات انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے قبل ہوئی۔

    ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدامات اور اس کے مضمرات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے اب تک نہتے کشمیریوں کو کرفیو لگا کر محصور کر رکھا ہے۔ بھارت کا غیر آئینی اقدام اقوام متحدہ قراردادوں کے صریحاً منافی ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔

    وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر او آئی سی کے بیان کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تحقیقات کامطالبہ کیا اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ قراردادوں کی روشنی میں حل کروانے کا مطالبہ کیا۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں اشیائے خور و نوش اور دواؤں کی شدید قلت ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے 6 ہفتوں سے کشمیری حریت قیادت کو نظر بند کر رکھا ہے، بی بی سی رپورٹ میں کشمیری نے کہا کہ مجھ پر تشدد نہ کریں، گولی ماردیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کی جانب سے ظلم و بربریت 21 ویں صدی میں کیا جا رہا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

  • او آئی سی مسئلہ کشمیر کو محض تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، سینیٹر سراج الحق

    او آئی سی مسئلہ کشمیر کو محض تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، سینیٹر سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ او آئی سی مسئلہ کشمیر کے ماحول کو ایک تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، بھارت کے عزائم نہ صرف کشمیر بلکہ پاکستان کیلئے بھی خطرناک ہیں۔ ا

    ن خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اب کشمیر کے لوگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

    سید علی گیلانی نے بھی کہا ہے کہ بھارت ہمارے لئے قتل گاہ تیار کررہا ہے، ہمارا تعلق کشمیریوں کے ساتھ ایک جان کا ہے۔ ہماری شہ رگ ان کے ہاتھ میں ہے جو کٹ رہی ہے۔ ہمارے سامنے مائیں اور بیٹیاں دم توڑ رہی ہیں، ہم اُن کے ساتھ عملی تعاون کریں۔

    سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بستیاں ویران اور قبرستان آباد ہوچکے ہیں، او آئی سی بھی اس سارے معاملے کو ایک تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، سلامتی کونسل نے بحث کی لیکن اس کا بیانیہ سامنے نہیں آیا۔

    یہ امتحان ہماری صلاحیت کا ہے کہ ہم صرف تماشا کریں گے یا عملی اقدام بھی کریں گے۔امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت میں اقلیت سکھ اور ہندو دلت برادری بھی خطرہ میں ہے، برہمن ٹولے نے نہ صرف کشمیر بلکہ پورے بھارت پر قبضہ جما کر اقلیتوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

  • او آئی سی کا مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یک جہتی، کرفیو اٹھانے کا مطالبہ

    او آئی سی کا مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یک جہتی، کرفیو اٹھانے کا مطالبہ

    جدہ: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وادی سے کرفیو اٹھایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن نے مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال سے متعلق ایک اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

    او آئی سی نے اعلامیے میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے پر تنظیم کو تحفظات ہیں۔

    تنظیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی بھارت کا یک طرفہ اقدام ہے، او آئی سی اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق کشمیر کی خصوصی حیثیت تسلیم کرتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کی گھناؤنی سازش، او آئی سی رابطہ کمیٹی برائے جموں کشمیر کا ہنگامی اجلاس طلب

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی یقین رکھتا ہے مسئلہ کشمیر کا حل یو این قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔

    یاد رہے پانچ دن قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انھیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویش ناک صورت حال سے آگاہ کیا تھا جس پر سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مقبوضہ وادی کی صورت حال پر ان کی گہری نظر ہے۔

    رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں او آئی سی رابطہ کمیٹی برائے جموں و کشمیر کا ہنگامی اجلاس بھی بلایا گیا۔

  • مقبوضہ کشمیر: وزیر خارجہ کا اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے رابطہ

    مقبوضہ کشمیر: وزیر خارجہ کا اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ تشویش ناک صورت حال پر اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے رابطہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویش ناک صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے مسلمان او آئی سی پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو عید اور جمعے کی نمازیں بھی ادا کرنے نہیں دی گئیں، مقبوضہ وادی میں حقایق مخفی رکھنے کے لیے ذرایع مواصلات پر پابندی ہے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  بھارت کے خلاف حکومت اور فوج تیار ہے، شاہ محمود قریشی

    دریں اثنا، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ وادی کی صورت حال پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ ساری صورت حال پر وہ گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    دونوں رہنماؤں نے اس سلسلے میں مشاورت جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا۔

    دوسری طرف آج وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران پڑوسی ملک بھارت کو واضح تنبیہہ کی کہ اس کے خلاف حکومت، فوج اور عوام تیار ہیں۔

    انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں لاگو بھارتی قوانین کو ڈریکولائی قوانین قرار دیا، کہا کہ ہر کشمیری کے دروازے پر ایک بھارتی فوجی کھڑا ہے، جب کہ دنیا بھارت کو خطے میں امن کو داؤ پر لگاتے ہوئے دیکھ رہی ہے۔

  • پاکستان کی سفارتی میدان میں ایک اور بڑی کامیابی

    پاکستان کی سفارتی میدان میں ایک اور بڑی کامیابی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی) نے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کر دیا ہے، یہ آواز صرف پاکستان کی نہیں پوری اسلامی دنیا کی متفقہ آواز بن چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اہم ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کی سفارتی میدان میں ایک اور بڑی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی) کے جدہ اجلاس میں، میں نے شرکت کی اور تبادلہ خیال کیا جس کے بعد ان کا پریس اسٹیٹمنٹ بھی سامنے آیا۔

    انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کر دیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو سے ادویات کی کمی ہوچکی ہے۔ مقبوضہ وادی میں مریضوں کو اسپتال پہنچانے میں دقت پیش آرہی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج یہ آواز صرف پاکستان کی نہیں پوری اسلامی دنیا کی متفقہ آواز بن چکی ہے۔ امید ہے سیکیورٹی کونسل بھی اس اسلامی دنیا کی آواز پر توجہ دے گی۔

    اس سے قبل اپنے جنوبی افریقی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطے میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے، مقبوضہ کشمیر میں 12 دن سے کرفیو کے سبب زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بھارت غیر آئینی اقدامات سے خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مواصلات کے تمام ذرائع بند ہیں۔