Tag: آئی ایس پی آر

  • پاک فوج کے 2 لیفٹیننٹ جنرلز کی تقرریاں اور تبادلے

    پاک فوج کے 2 لیفٹیننٹ جنرلز کی تقرریاں اور تبادلے

    راولپنڈی: پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کو پریزیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو کور کمانڈر لاہور تعینات کردیا گیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے 2 لیفٹیننٹ جنرلز کی تقرریاں اور تبادلے کئے گئے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کو پریزیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو کور کمانڈر لاہور تعینات کیا گیا ہے۔

    یاد گزشتہ سال ستمبر میں لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کو کور کمانڈر لاہور تعینات کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ کمانڈر سدرن کمانڈ کے عہدے پر فائز تھے جب کہ ان کی جگہ سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کو کمانڈر سدرن کمانڈ لگایا گیا تھا۔

    لیفٹننٹ جنرل ماجد احسان وائس جنرل ہیڈکواٹرز میں چیف آف جنرل اسٹاف اور صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے جبکہ اس سے قبل وہ  پاکستان ملٹری اکیڈمی میں پلاٹون کمانڈر، ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں جنرل اسٹاف آفیسر ٹو، جنرل اسٹاف آفیسر ون، ڈیویلپڈ کوپس میں کرنل جنرل اسٹاف اور بریگیڈ کمانڈر سمیت دیگر عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر آئی ایس آئی کے نئے سربراہ مقرر

    یاد رہے اکتوبر میں بھی پاک فوج میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کئے گئے تھے ، لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو آئی ایس آئی کا چیف مقرر کیا گیا تھا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی کورکمانڈر منگلا، لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر کو کورکمانڈرپشاور جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز ملٹری سیکریٹری جی ایچ کیوتعینات کیا گیا تھا۔

    خیال رہے پاک فوج میں معمول کے مطابق ہونے والی ان تقرریروں اور تبادلوں کا مقصد اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا اور باصلاحیت افرادی قوت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے۔

  • کرتارپور راہداری: پاک فوج کی بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کی مذمت

    کرتارپور راہداری: پاک فوج کی بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کی مذمت

    راولپنڈی: میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام شرکا سے بلاتفریق مصافحہ کیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں واضح کیا ہے کہ امن کے لئے اٹھائے گئے مثبت قدم کو منفی پروپیگنڈے کی نذرنہیں ہونا چاہیے۔

    انھوں نے بھارتی میڈیا کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صرف گوپال چاؤلا کا آرمی چیف سے مصافحہ دکھانا بھارتی میڈیا کی تنگ نظری ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے امن کا ہاتھ بڑھانا حسب معمول بھارتی میڈیا کے مزاج پر بے حد گراں گزرا، بھارتی  میڈیا نے کرتار  پور  راہداری کھولنے کو سفارتی دہشت گردی کا نام دے دیا۔

    تعصب کی آگ میں بھارت نے اپنے ہی ملک میں آباد سکھوں کو بھی دہشت گرد کہنا شروع کردیا۔

    اسی تناظر میں آرمی چیف کے مصافحہ کو  پروپیگنڈے کا نشانے بنانے کی افسوس ناک کوشش کی گئی، جس کی ڈی جی آئی ایس پی  آر کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی تقریر میں کرتار پور راہ داری کو امن کی جانب بڑا قدم قرار دیا تھا۔

    خیال رہے کہ بھارتی میڈیا اس سے پہلے بھی نوجوت سنگھ سدھو کو وزیر اعظم عمران خان کی حلف برادری کی تقریب میں شرکت کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنا چکا ہے۔ 

  • آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کاحاجی عبدالوہاب کےانتقال پرتعزیت کااظہار

    آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کاحاجی عبدالوہاب کےانتقال پرتعزیت کااظہار

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے دین کے لیے ان کی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کی حاجی عبدالوہاب کے انتقال پراظہارتعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی دین کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا اللہ مرحوم کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے۔

    یاد رہے گذشتہ روز تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبد الوہاب طویل علالت کے بعد 95 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان نے اُن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔

    مزید پڑھیں : تبلیغی جماعت کےامیرحاجی عبدالوہاب انتقال کرگئے

    وزیر اعظم عمران خان نے اپنی تعزیتی بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حاجی عبدالوہاب کی شخصیت اور دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دعا ہے ’اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور درجات بلند کرے‘۔

    واضح رہے مولانا حاجی عبدالوہاب یکم جنوری 1923 کونئی دہلی میں پیدا ہوئے، مولاناعبدالوہاب نے اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن کیا، تقسیم ہند سے پہلے مولانا عبدالوہاب نے بطور تحصیل دار فرائض انجام دیے، مولانا عبدالوہاب تحصیل دارکاعہدہ چھوڑکرتبلیغی سرگرمیوں میں مصروف ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد مولانا عبدالوہاب نے اہل خانہ کے ہمراہ بھارت سے ہجرت کی۔

  • بھارتی فوج کی ایک مرتبہ پھر بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان ظہیر احمد شہید

    بھارتی فوج کی ایک مرتبہ پھر بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان ظہیر احمد شہید

    راولپنڈی : بھارتی فوج کی جانب سے ایک مرتبہ پھر کنٹرول آف لائن پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی ظہیر احمد شہید ہوگیا۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کہ بھارتی فوج نے ایک بار پھر ایل اوسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئےتھب سیکٹر پربلااشتعال فائرنگ کی، بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی ظہیراحمد شہید ہوگیا، شہید سپاہی ظہیر احمد کا تعلق سلطان پور بھمبر سے ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے مؤثر اور جوابی کارروائی کی، جس میں دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا، جوابی کارروائی کے بعد بھارتی فوج کی توپیں خاموش ہوگئیں۔

    یاد رہے 2 نومبر کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کی گئی تھی، فائرنگ سے 2 بچوں کی ماں منزہ بی بی شہید ہوگئیں تھیں، جس کے بعد پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترِ خارجہ طلب کیا اور واقعے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

    خیال رہے ترجمان دفترِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارتی فوج مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارت رواں سال 2312 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔

    مزید پڑھیں :  بھارت 2018 میں 2312 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے، دفتر خارجہ 

    واضح رہے 14 اکتوبر کو بھی بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 8 سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔

    اس سے قبل 11 اکتوبر کو بھارتی فوج نے سیالکوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، جس میں بھارتی فورسز نے سکھیال گاؤں کو نشانہ بنایا تھا، بلا اشتعال فائرنگ سے محمد حنیف نامی شہری شدید زخمی ہوا تھا۔

    بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب  وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر  کے ہیلی کاپٹر پر بھی بلا اشتعال فائرنگ کی تھی لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

  • آرمی چیف کی  متحدہ عرب امارات کی لینڈ فورس کے کمانڈر سے ملاقات

    آرمی چیف کی متحدہ عرب امارات کی لینڈ فورس کے کمانڈر سے ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے متحدہ عرب امارات کی لینڈ فورس کمانڈر سے ملاقات کی، میجر جنرل صالح محمد صالح نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق متحدہ عرب امارات کی لینڈ فورس کے کمانڈر میجرجنرل صالح محمد صالح میگرن ال امیری پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر
    (جی ایچ کیو ) پہنچے تو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انھیں سلامی دی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متحدہ عرب امارات کی لینڈ فورس کے کمانڈر میجر جنرل صالح محمدصالح میگرن ال امیری کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں علاقائی سلامتی اورباہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان دفاع، سیکیورٹی اور فوجی تربیت کے شعبوں میں باہمی تعاون پر بھی غور ہوا۔

    لینڈ فورس کے کمانڈر میجرجنرل صالح محمدصالح نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔

    معزز مہمان نے جی ایچ کیو میں یادگارشہداءپر حاضری بھی دی اور پھول چڑھائے۔

  • لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر آئی ایس آئی کے نئے سربراہ مقرر

    لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر آئی ایس آئی کے نئے سربراہ مقرر

    راولپنڈی : پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کئے گئے، لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کر دیئے گئے ہیں جبکہ حال ہی میں ترقی پانے والے لیفٹینیٹ جنرلز کو انکی نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو آئی ایس آئی کا چیف مقرر کردیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی کورکمانڈر منگلا تعینات کیا گیا، کورکمانڈرپشاورلیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر کو لگایا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز ملٹری سیکریٹری جی ایچ کیو ہوں گے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد عدنان وائس چیف آف جنرل اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو آئی جی آرمز کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔

    فرنٹیئر فورس رجمنٹ کے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر موجودہ ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلیجنس (ایم آئی) ہیں اور اس سے پہلے انھوں نے سیاچن میں ڈویژن کمانڈ کی ہے۔ وہ آپریشنل ایریا میں بریگیڈ کی کمان سنبھال چکے ہیں۔

    عاصم منیر پاکستان ملٹری اکیڈمی یعنی پی ایم اے کے فارغ التحصیل نہیں بلکہ انھوں نے آفیسرز ٹریننگ سکول سے فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔

    خیال رہے 28 ستمبر کو پاک فوج کے 6 میجر جنرل کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی تھی، ترقی پانے والوں میں میجر جنرل شاہین مظہر، میجر جنرل عدنان، میجر جنرل ندیم ذکی منج، میجر جنرل عبدالعزیز، میجر جنرل عاصم منیر اور میجر جنرل وسیم اشرف شامل تھے۔

    واضح رہے پاکستان کے اہم ترین خفیہ ادارے انٹرسروسز انٹیلی جنس ایجنسی یعنی آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی مدت ملازمت یکم اکتوبر کو مکمل ہوگئی تھی۔

    نوید مختار کو موجودہ آرمی چیف نے عہدہ سنبھالنے کے بعد 2016 میں خفیہ ایجنسی کا سربراہ مقرر کیا تھا، وہ اس سے پہلے کور کمانڈر کراچی تعینات تھے۔

    چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان سے گذشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سبکدوش ہونے والی ڈی جی آئی ایس آئی نے ملاقات کی تھی جس میں ادارے کے نئے سربراہ کی تقرری سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی تھی۔

  • پاک فوج کے زیر اہتمام دوسرے بین الاقوامی پیسز مقابلوں کا آغاز، آئی ایس پی آر

    پاک فوج کے زیر اہتمام دوسرے بین الاقوامی پیسز مقابلوں کا آغاز، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: پاک فوج کے زیر اہتمام دوسرے بین الاقوامی پیسز مقابلوں کا آغاز ہوگیا ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے زیر اہتمام دوسرے بین الاقوامی پیسز مقابلے شروع ہوگئے ہیں، پیسز مقابلے 15 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف نے کہا کہ جدید دور میں اعلیٰ حربی صلاحیتیں خصوصی اہمیت کی حامل ہیں، آرمی چیف نے فٹنس، عسکری عزم کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پیسز مقابلے برطانیہ، جنوبی افریقہ، چین، ملائیشیا سمیت 11 ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں، روس، مصر اور ترکی سمیت 7 ممالک کے مبصرین بھی شریک ہیں۔

    کھلاڑی مختلف ایونٹس میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے ایک دوسرے پر برتری ثابت کرنے کی کوشش کریں گے، ان ایونٹس میں پش اپس، سٹ اپس، چن اپس اور کومبیٹ افیسینسی ٹیسٹ شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ پہلی پیسز چیمپئن شپ 2016 میں منعقد ہوئی تھی جس میں پاکستان آرمی کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ پیپلز لبریشن آرمی چائنا نے دوسری، سری لنکا نے تیسری اور نیپال نے چوتھی پوزیشن اپنے نام کی تھی۔

  • آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ترک سفیر کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ترک سفیر کی ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ترک سفیر نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ نے پاک فوج ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اورعلاقائی سیکیورٹی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ ترک وزیر خارجہ نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا ، جہاں انھوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کیں تھیں۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو نے پاک فوج کے ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی،جس میں پاک ترک تعلقات اور خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک میں سکیورٹی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ترک وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو نے مل کر کام کرنے پر پاکستان کو سراہا۔

  • دوسری انٹرنیشنل پیسز چیمپئن شپ کا آغاز 8 اکتوبر سے ہوگا، آئی ایس پی آر

    دوسری انٹرنیشنل پیسز چیمپئن شپ کا آغاز 8 اکتوبر سے ہوگا، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: دوسری انٹرنیشنل پیسز چیمپئن شپ کا آغاز 8 اکتوبر سے لاہور میں ہوگا جس میں مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری انٹرنیشنل پیسز چیمپئن شپ کا آغاز 8 اکتوبر سے 15 اکتوبر تک لاہور میں ہوگا، جن میں 19 ممالک کی آرمی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

    کھلاڑی مختلف ایونٹس میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے ایک دوسرے پر برتری ثابت کرنے کی کوشش کریں گے، ان ایونٹس میں پش اپس، سٹ اپس، چن اپس اور کومبیٹ افیسینسی ٹیسٹ شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پیسز منظم تربیت کا وہ طریقہ ہے جو انسان کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

    ایونٹ میں شرکت کے لیے یو اے ای، مالدیپ، کویت، چائنا آرمی کی ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں جبکہ دیگر ممالک کی ٹیمیں 7 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گی۔

    واضح رہے کہ پہلی پیسز چیمپئن شپ 2016 میں منعقد ہوئی تھی جس میں پاکستان آرمی کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ پیپلز لبریشن آرمی چائنا نے دوسری، سری لنکا نے تیسری اور نیپال نے چوتھی پوزیشن اپنے نام کی تھی۔

  • آرمی چیف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، افغانستان کی صورتحال پر گفتگو

    آرمی چیف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، افغانستان کی صورتحال پر گفتگو

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور پال جونز نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی ناظم الامور پال جونز نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، پال جونز نے خطے میں امن کو تقویت دینے میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

    واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئریونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پاک فوج بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔

    سپہ سالار کا کہنا تھا کہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر تمام اداروں کا متفقہ ردعمل ضروری ہے، پاکستان سے دہشت گردی، انتہا پسندی کے خاتمے میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو وزیرستان کے علاقے میں دوبارہ نہیں آنے دیں گے۔

    واضح رہے کہ 8 ستمبرکو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ امن و استحکام کے لیے کوششوں سے اپنا مقام حاصل کریں گے، پاکستان کو عالمی تنازعات کے باعث بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔