Tag: آئی ایم ایف

  • آئی ایم ایف کا سخت رویہ، اسحٰق ڈار پریشان

    آئی ایم ایف کا سخت رویہ، اسحٰق ڈار پریشان

    اسلام آباد: پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے، وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آئی ایم ایف کے سخت رویے سے پریشان ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے ہیں، آئی ایم ایف نے مذاکرات مطالبات پر پیش رفت سے مشروط کر دیے۔

    وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آئی ایم ایف کے سخت رویے سے پریشان ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈالر کا ایکسچینج ریٹ فری فولٹ کروانا چاہتا ہے اور ڈالر کے ایکسچینج ریٹ پر مصنوعی پابندی ختم کروانا چاہتا ہے۔ پاکستان کو 30 جون 2023 تک پیٹرولیم لیوی 855 ارب روپے جمع کرنے کا روڈ میپ دینا ہوگا۔

    زرائع کے مطابق ڈیزل پر لیوی جلد از جلد 15 روپے فی لیٹر بڑھا کر 35 کی جگہ 50 روپے کرنا ہوگی، گیس کے شعبے میں بھی 15 سو ارب روپے کا سرکلر ڈیبٹ ختم کرنا ہوگا۔

    اوگرا کے گیس کے نرخ بڑھانے کے فیصلے پر عمل درآمد کرنا ہوگا، سرکلر ڈیٹ کم کرنے کے لیے گیس کے ریٹ یکم جولائی 2022 سے 74 فیصد بڑھانا ہوں گے۔

    ٹیکس آمدن میں 300 ارب روپے کے اضافے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے جبکہ بجلی کے نقصانات کم کرنے کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف بھی بڑھانا ہوگا۔

  • حکومت کے لیے نئی مشکل، آئی ایم ایف کا پاکستان کے لیے مطالبات میں نرمی نہ کرنے کا ارادہ

    حکومت کے لیے نئی مشکل، آئی ایم ایف کا پاکستان کے لیے مطالبات میں نرمی نہ کرنے کا ارادہ

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو دیے گئے مطالبات میں نرمی نہ برتنے کا عندیہ دے دیا، وزارت خزانہ کے حکام آئی ایم ایف کو اہداف میں نرمی کے لیے درخواست کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پاکستان کے لیے اپنے مؤقف پر ڈٹ گیا، آئی ایم ایف نے پاکستان کو دیے گئے مطالبات میں نرمی نہ برتنے کا عندیہ دے دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اور وزارت خزانہ کے حکام آئی ایم ایف کو اہداف میں نظر ثانی کے لیے قائل کرنے میں ناکام رہے۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف حکام نے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو اہداف پورے کرنے پر زور دیا گیا ہے، آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ مشن کی آمد سے قبل دیے گئے اہداف پورے کیے جائیں اور قرض کی اگلی قسط کے لیے مذاکرات سے قبل اہداف پورے کیے جائیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد کی صورتحال کے باجود آئی ایم ایف اہداف میں نظر ثانی نہیں چاہتا، اہداف پورے کیے بغیر آئی ایم ایف پروگرام مکمل نہیں ہو سکے گا۔

    ذرائع وزارت خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے حکام آئی ایم ایف کو اہداف میں نرمی کے لیے درخواست کر رہے ہیں۔

  • آئی ایم ایف  کا مشکل وقت میں پاکستان کی امداد کرنے کے عزم کا اعادہ

    آئی ایم ایف کا مشکل وقت میں پاکستان کی امداد کرنے کے عزم کا اعادہ

    اسلام آباد : آئی ایم ایف نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہری ہمدردی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں پاکستان کی امداد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کرسٹالینا جارجیوا کا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

    جس میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہری ہمدردی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں پاکستان کی امداد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    وزیر اعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو یقین دلایا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان کو درپیش چیلنجز کو سمجھنے اور ہمدردی کے لیے ایم ڈی کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیراعظم نے سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تشویش پر منیجنگ ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا اور ایم ڈی کو جنیوا میں موسمیاتی لچکدار پاکستان کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

    جس پر کرسٹالینا جارجیوا نے دعوت کے لیے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور وضاحت پیش کی کہ جیسا کہ آئی ایم ایف بورڈ کے اجلاس 9 اور 10 جنوری کو پہلے سے طے تھے، وہ صرف عملی طور پر کانفرنس میں شامل ہو سکیں گی۔

  • آئی ایم ایف کی شرائط: ایک سال میں پیٹرول کی قیمت آسمان پر جا پہنچی

    آئی ایم ایف کی شرائط: ایک سال میں پیٹرول کی قیمت آسمان پر جا پہنچی

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کی وجہ سے سال 2022 میں پیٹرول کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوا جس کے بعد ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط نے سال 2022 میں پیٹرولیم لیوی ریکارڈ سطح پر پہنچا دی، ایک سال میں پیٹرولیم لیوی میں 32.38 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

    ایک سال کے دوران پیٹرول پر لیوی 17.92 روپے سے بڑھا کر 50 روپے فی لیٹر کردی گئی۔

    اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں 12.87 روپے کا اضافہ کیا گیا، ڈیزل پر لیوی 17.13 روپے سے بڑھا کر 30 روپے فی لیٹر کردی گئی۔

    پیٹرول پر ڈسٹری بیوٹرز مارجن میں 1.32 روپے کا اضافہ کیا گیا جبکہ ڈیلرز مارجن 2.10 روپے بڑھایا گیا۔

    ڈیزل پر ڈسٹری بیوٹرز مارجن میں 1.53 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیلرز مارجن میں 2.87 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔

    جنوری 2022 میں پیٹرول کی قیمت 144.62 روپے فی لیٹر تھی جو جون 2022 تک 250 روپے تک بڑھا دی گئی، دسمبر تک پیٹرول کی قیمت کم کر کے 214.80 روپے فی لیٹر کردی گئی۔

  • موجودہ حالات میں مزید سخت فیصلے نہیں کر سکتے: پاکستان نے آئی ایم ایف سے کہہ دیا

    موجودہ حالات میں مزید سخت فیصلے نہیں کر سکتے: پاکستان نے آئی ایم ایف سے کہہ دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے اپنے مطالبات پر نظر ثانی کرنے کا کہا ہے، پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں مزید سخت فیصلے نہیں کر سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان رابطہ ہوا ہے، پاکستان نے مؤقف اپنایا ہے کہ آئی ایم ایف مطالبات پر نظر ثانی کرے۔

    پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں مزید سخت فیصلے نہیں کر سکتے۔

    ذرائع وزارت کا کہنا ہے کہ پاکستان نے متبادل ذرائع سے آمدن بڑھانے کے لیے تجاویز اور خسارہ کم کرنے کے لیے متبادل پیش کردیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق نئے ٹیکس لگائے بغیر آمدن بڑھانے کا متبادل پلان تیار کرلیا ہے۔

    اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس انتظامات سخت کرنے کا روڈ میپ دے دیا ہے، ایف بی آر نے ٹیکس چوروں سے وصولی بہتر بنانے کا پلان دے دیا ہے۔

    ایف بی آر نے سخت اقدامات سے آمدن بڑھا کر مقررہ ہدف سے زائد ٹیکس جمع کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ٹیکس اہداف حاصل کیے جائیں گے۔

  • آئی ایم ایف اسحٰق ڈار سے غیر مطمئن، مزید مطالبات سامنے آگئے

    آئی ایم ایف اسحٰق ڈار سے غیر مطمئن، مزید مطالبات سامنے آگئے

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈیزل پر لیوی مزید بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے جنوری اور فروری میں ڈیزل پر لیوی بڑھانے کا مطالبہ کردیا جس کے بعد حکومت نے آئندہ ماہ بھی ڈیزل پر مکمل ریلیف نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 ماہ میں یعنی فروری 2023 تک 20 روپے مزید پیٹرولیم لیوی بڑھائی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیزل پر فی لیٹر 50 روپے لیوی عائد کرنے کا معاہدہ ہے، لیوی بڑھانے سے ٹیکس محصولات ہدف حاصل نہ ہوا تو سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کو بڑھایا جائے۔

  • سری لنکا کی ناکامی، آئی ایم ایف نے بڑا قدم اٹھا لیا

    سری لنکا کی ناکامی، آئی ایم ایف نے بڑا قدم اٹھا لیا

    کولمبو: سری لنکا بیل آؤٹ پیکج کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے میں ناکام ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا نے بیل آؤٹ پیکج کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی شرائط پوری نہیں کیں، جس پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 3 ارب ڈالر کے قریب بیل آؤٹ پیکج کی منظوری مؤخر کر دی۔

    سری لنکا کو بیل آؤٹ پیکج لینے کے لیے عوامی آمدنی میں اضافہ کرنا ہوگا، سری لنکن وزیرِ خزانہ کہتے ہیں قرضوں کی درخواست جنوری تک بڑھ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دہائیوں میں اپنے بدترین معاشی بحران سے نکلنے کا راستہ تلاش کرتے ہوئے، سری لنکا نے جون میں آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کا ایک معاہدہ کیا تھا۔

    سری لنکا نے ستمبر میں کہا تھا کہ اسے توقع ہے کہ بورڈ سال کے آخر تک اس معاہدے کی منظوری دے دے گا۔ حالیہ مہینوں میں پیش رفت سست رہی ہے، اور سری لنکا کے وزیر خزانہ نے گزشتہ ماہ تسلیم کیا تھا کہ درخواست جنوری تک بڑھ سکتی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق سری لنکا کو قرض دہندگان سے پیشگی مالیاتی یقین دہانیاں حاصل کرنی ہوں گی، قرضوں کے بھاری بوجھ کو پائیدار راستے پر ڈالنا ہوگا اور عالمی قرض دہندہ کی جانب سے فنڈز کی تقسیم سے قبل عوامی آمدنی میں اضافہ کرنا ہوگا۔ آئی ایم ایف نے مشترکہ مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا، جس میں سری لنکا کے تین اہم قرض دہندگان چین، جاپان اور بھارت شامل ہوں۔

  • دنیا موسمیاتی بحران سے نہیں بچ سکتی، آئی ایم ایف

    دنیا موسمیاتی بحران سے نہیں بچ سکتی، آئی ایم ایف

    بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ دنیا مہنگائی اور کساد بازاری سے تو بچ سکتی ہے لیکن موسمیاتی بحران سے نہیں۔

    آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے مصر میں جاری کانفرنس میں العربیہ سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے مہم چلانےکی ضرورت ہے کیونکہ اگر لوگ اس بات کا خیال نہیں رکھیں گے کہ موسمیاتی تبدیلی انسانیت کے وجود کیلئے خطرہ ہے تو وہ اس کی بہتری کیلئے سست روی کا مظاہرہ کریں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کساد بازاری اور مہنگائی سے بچنا مشکل ہے لیکن بچا جاسکتا ہے مگر بحیثیت انسان ہم جس چیز سے نہیں بچ سکتے وہ ایک غیر محدود موسمیاتی بحران ہے۔

    واضح رہے کانفرنس مصر کے شہر شرم الشیخ میں جاری ہے جس میں دنیا بھر سے ماہرین سمیت مختلف ممالک کے سربراہان نے شرکت کی ہے اور موسمیاتی بحران سے نمٹنے کیلئے بحث زیر غور لائی جارہی ہے

  • حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کردی

    حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کردی

    اسلام آباد : حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی پچاس روپے کردی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کردی، پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی پچاس روپے کردی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے یکم نومبر سے حکومت نے پٹرول پر پی ڈی ایل کی مد میں 2.74 کا اضافہ کیا، لیکن پٹرول کی قیمت224 روپے 80 پیسے پر برقرار رکھی گئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 164 روپے 47 بنتی ہے،سولہ اکتوبر کو پٹرول اورڈیزل پر پی ڈی ایل 47 روپے 26 پیسے تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سات روپے ڈیلرز کمیشن اور تین روپے اڑسٹھ پیسے کمپنیوں کا منافع ہے، ڈیزل کی قیمت بھی دوسو پینتیس روپے تیس پیسے پربرقراررکھی گئی۔

    ذرائع کے مطابق مٹی تیل 191 روپے 83 پیسے فی لٹرپر برقرار رہے گا، لائٹ ڈیزل 186 روپے پچاس پیسے فی لیٹر ہی ملے گا، موجودہ قیمتیں آئندہ پندرہ دن تک برقرار رہیں گی۔

  • سیلاب کے باعث پاکستان کی آئی ایم ایف سے تعاون کی درخواست

    سیلاب کے باعث پاکستان کی آئی ایم ایف سے تعاون کی درخواست

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے سیلاب کے باعث انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو پالیسی میں مزید تعاون کی درخواست کی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دورہ امریکا پر وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کردیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران حکومت نے سیلاب کے باعث انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو پالیسی میں مزید تعاون کی درخواست کی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے ہمراہ اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کی، وزیر خزانہ نے سیلاب سے انسانی تباہی اور ملک کو ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کے ایم ڈی نے پاکستان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا، ایم ڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، سیلاب کی تباہی پر پاکستان کے ساتھ گہری ہمدردی ہے۔

    وزیر خزانہ نے ایم ڈی کے جذبات پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود قرض پروگرام مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔