Tag: آئی ایم ایف

  • وفاقی وزیر خزانہ نے ترک میڈیا کو انٹرویو میں این ایف سی ایوارڈ پر نظر ثانی کا عندیہ ظاہر کر دیا

    وفاقی وزیر خزانہ نے ترک میڈیا کو انٹرویو میں این ایف سی ایوارڈ پر نظر ثانی کا عندیہ ظاہر کر دیا

    واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک انٹرویو میں این ایف سی ایوارڈ پر نظر ثانی کرنے کا عندیہ ظاہر کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کے تناظر میں اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترک میڈیا ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے اگر قرض منظور ہوا تو این ایف سی ایوارڈ پر نظر ثانی کریں گے۔

    انھوں نے کہا این ایف سی کے تحت بہت چیزیں صوبوں کو منتقل کی گئیں، اس پر صوبوں کے ساتھ بات چیت کریں گے، پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ سے بات چیت کی ہے، صوبائی مارکیٹس کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ضرورت ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ نے کہا روپے کی قدر میں مزید کمی نہیں دیکھ رہے، پاکستان آئی ایم ایف کے طویل بیل آؤٹ پروگرام کا خواہاں ہے، نئے پروگرام کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

    ملک میں معاشی استحکام کیلئےاصلاحاتی ایجنڈے پر گامزن ہیں، محمد اورنگزیب

    انھوں نے کہا آئی ایم ایف مشن اسلام آباد آئے گا تو ترجیحات اور اصولوں پر متفق ہوں گے، یہ پاکستان کا پروگرام ہے، آئی ایم ایف کا نہیں، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے حجم پر بات کرنا قبل از وقت ہے۔

  • پاکستان کی آئی ایم ایف سے بڑے اور طویل قرض پروگرام لینے کی  تیاریاں مکمل

    پاکستان کی آئی ایم ایف سے بڑے اور طویل قرض پروگرام لینے کی تیاریاں مکمل

    اسلام آباد : پاکستان نے آئی ایم ایف سے بڑے اور طویل قرض پروگرام کی تیاریاں مکمل کرلیں، آئی ایم ایف سے 2 قرض پروگرام لینے کے لیے کوششیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے سب بڑے اور طویل قرض پروگرام کے معاملے پر پاکستان 6سے 8 ارب ڈالر 3سے 4 سال کےقرض پروگرام کی کوشش کرےگا۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے 2قرض پروگرام لینے کےلیے کوششیں کرے گا، جس کے لئے پاکستان نے نئے قرض پروگرام تحریری دستاویز تیار کرلیں۔

    ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات کے دوران وزیرخزانہ 2 درخواستیں دیں گے، آئی ایم ایف سے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی کیلئے پہلی درخواست دی جائے گی جبکہ سیلاب کےنقصان کےبعدازسرنو تعمیرات کیلئےاضافی فنڈ پروگرام کی کوشش بھی کی جائے گی۔

    ذرائع نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سےنمٹنے کیلئے اقدامات، مختص بجٹ پربریفنگ تیار کی گئی، گورنراسٹیٹ بینک ، سیکریٹری خزانہ آئی ایم ایف حکام کومعاشی کارکردگی سے آگاہ کریں گے، مثبت بات چیت کے نتیجے میں آئی ایم ایف مشن مذاکرات کیلئے آئندہ ماہ پاکستان پہنچ جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق مشن نئےقرض پروگرام ،آئندہ بجٹ کی تیاری میں معاشی ٹیم کیساتھ کام کرےگا جبکہ عالمی بینک حکام سےبھی ملاقات کےدوران فنانسنگ بڑھانے کیلئے معاشی ٹیم بات کرے گی۔

  • پاکستان کو کل 3 ارب ڈالرز کی ادائیگی ہوگی، آئی ایم ایف

    پاکستان کو کل 3 ارب ڈالرز کی ادائیگی ہوگی، آئی ایم ایف

    واشنگٹن: آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت پاکستان کو کل 3 ارب ڈالرز کی ادائیگی ہوگی۔

    آئی ایم ایف کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر جولی کوزیک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 19 مارچ کو آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ ہوا، اس معاہدے کے تحت پاکستان کو کل 3ارب ڈالرکی ادائیگی کی جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ توقع ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ ہوگی۔ نئی حکومت کی معاشی اصلاحات سے متعلق کوششوں کو سراہتے ہیں۔

    ڈائریکٹرآئی ایم ایف جولی کوزیک کا مزید کہنا تھا کہ پہلے جائزے کے بعد پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

    ترجمان انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ آئندہ مہینوں میں نئے پروگرام پر بات کرنے کو تیار ہیں۔

  • ’آئی ایم ایف کی شرائط آسان نہیں، لیکن ہمیں ایک اور پروگرام کی سخت ضرورت ہے‘

    ’آئی ایم ایف کی شرائط آسان نہیں، لیکن ہمیں ایک اور پروگرام کی سخت ضرورت ہے‘

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط آسان نہیں ہوں گی لیکن ہمیں ایک اور پروگرام کی سخت ضرورت ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرخزانہ واشنگٹن جارہے ہیں اور آئی ایم ایف سے نئے پروگرام پر بات کریں گے جبکہ جاری پروگرام کی آخری قسط ایک ارب ڈالر جلد ہمیں مل جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ایس آئی ایف سی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری سے متعلق ٹائم لائنز پر ہر صورت عملدرآمد ہوگا اور ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے ماہرین کی تعیناتی اسی ماہ ہوجائیگی۔

    انہوں نے بتایا کہ ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے لئے حکمت عملی ترتیب جا چکی ہے، ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کیلئے ترکش کمپنی چھ تاریخ کو پاکستان آرہی ہے، لاہور کے ہوائی اڈوں کوبین الاقوامی معیار کی سہولتوں سے آراستہ کرینگے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، معاشی اعشاریوں میں بہتری دیکھنے میں آرہی ہے، مہنگائی میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے جوکہ خوش آئند ہے، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایم ایف پروگرام معیشت کی بحالی کے لئے نا گزیر ہے۔

  • پاکستان میں اس وقت 11 کروڑ لوگ غربت کی لکیرسےنیچے ہیں، محمد زبیر

    پاکستان میں اس وقت 11 کروڑ لوگ غربت کی لکیرسےنیچے ہیں، محمد زبیر

    مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت غربت کی لکیرسےنیچے لوگوں کی تعداد 11 کروڑہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما کا اے آر وائی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں بےروزگار افراد کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام سے ایلیٹ کو کوئی فرق نہیں پڑتا، بوجھ عوام برداشت کرتی ہے۔

    محمد زبیر نے کہا کہ نئی حکومت آتی ہے تو ماحول ایسا بنایا جاتا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدہ ہوگیا تو مسائل حل ہوجائیں گے۔ کسی سے بھی پوچھ لیں کہ پاکستان کی معاشی حالت بہت خراب ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے ورلڈ ریکارڈ رکھا ہے 24 ویں مرتبہ آئی ایم ایف پروگرام میں جائیں گے۔ بوجھ عوام برداشت کرتی ہے اور کریڈٹ ایلیٹ کلاس لیتی ہے کہ پروگرام ہوگیا۔ عوام کو ایک ہی بات کہی جاتی ہے کہ دو سال مشکلات ہونگی پھر بہتری آجائے گی۔

    رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ غیرمعمولی بات ہے کہ ن لیگ کی حکومت ہے اور اسحاق ڈار وزیرخزانہ نہیں۔ پہلی مرتبہ ہے کہ ن لیگ اپنی پارٹی کو چھوڑ کر باہر سے وزیرخزانہ لے کرآئی۔

    انھوں نے کہا کہ محمد اورنگزیب کی قابلیت پر بات نہیں کررہا لیکن ایسے اقدامات کیخلاف ہوں، محمد اورنگزیب عوام کو جوابدہ نہیں ہونگے ن لیگ کو جوابدہ ٹھہرایا جائےگا۔ پوری دنیا میں کہیں نہیں ہوتا کہ وزیرخزانہ پارٹی سے باہر سے لاکر لگا دیا جائے۔

    محمدزبیر نے کہا کہ ن لیگ کی فیصلہ سازی یا موجودہ سیٹ اپ کا حصہ نہیں ہوں، ن لیگ کو آفیشل طور پر چھوڑا نہیں ہے لیکن ویسے متحرک نہیں، اس وقت نئی جماعت کی ضرورت ہے کیونکہ 3 بڑی جماعتیں متنازع ہوچکی ہیں، تینوں جماعتوں کے ماضی میں کچھ اور آج کل کچھ بیانیے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ چھوڑ دیا جائے اس پارٹی کے رکن کیلئے مشکل ہوتا ہے، وزیراعظم نے جو دو تین فیصلے کیے اس سے کنفیوژن زیادہ پھیلی ہے۔

    محمد زبیر نے کہا کہ وزارت خارجہ اہم ہے لیکن پاکستان میں اس پر زیادہ توجہ نہیں دی جاتی۔ وزارت خارجہ کے ذریعے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری لائی جاسکتی ہے۔ وزیرخارجہ کو ایسی کمیٹیوں میں ڈال دیا گیا ہے جہاں ان کا کام نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وزیرخزانہ کو کچھ کمیٹیوں میں شامل کیا گیا ہے تو وہاں بھی وزیرخارجہ کے ماتحت ہونگے۔ سی سی آئی میں وزیرخارجہ کو رکھا گیا ہے یہ بھی پہلی مرتبہ ہورہا ہے۔

    محمد زبیر نے کہا کہ ن لیگ کی جانب سے پیغام واضح ہے کہ اسحاق ڈار کہیں نہیں جارہے۔ ن لیگ نے واضح پیغام دیا ہے کہ معیشت کے فیصلوں میں اسحاق ڈار شامل ہونگے۔

    رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اسحاق ڈار کو دوبارہ وزیرخزانہ بنادیا جائے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے دیا گیا بجٹ ہوگا جس میں سخت فیصلے کرنا ہونگے۔ بجٹ میں سوالات اٹھیں گے تو کسی نہ کسی کو بکرا بنایا جائے گا۔

  • موجودہ پروگرام : آئی ایم ایف کا ایف بی آر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

    موجودہ پروگرام : آئی ایم ایف کا ایف بی آر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد : آئی ایم ایف نے موجودہ پروگرام میں ایف بی آر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کردیا ، آج مذاکرات مکمل نہ ہونے پر منگل کو مذاکرات کا مختصر دور ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف مشن کے ساتھ ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر قرض کی آخری قسط کیلئے مذاکرات کا آخری دور آج ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے ایف بی آر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ،موجودہ قرض پروگرام پرمذاکرات آج کامیابی سےمکمل ہوسکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ افسران کےایسٹ ڈیکلریشن اورصوبوں سےبھی مذاکرات آج شیڈول ہیں، وفد سے پنشنز اور ویجز، کلائمیٹ فنانسنگ، مانیٹری پالیسی، آئندہ بجٹ پر مذاکرات ہوں گے۔

    آئی ایم ایف وفد صوبوں کیساتھ فسکل آپریشن، ڈیٹ، کموڈیٹی اسکیم پرمذاکرات کرے گا جبکہ وفد معاشی ٹیم سے ہیلتھ اینڈایجوکیشن اسپینڈنگ، ریونیواقدامات پر مذاکرات کرے گا۔

    فاریکس مارکیٹ، بجٹ پراسس میں تبدیلیاں، ادارہ جاتی ریفارمز سمیت رئیل اسٹیٹ، افسران کےایسٹ ڈیکلریشن، اینٹی منی لانڈرنگ پر مذاکرات شیڈول ہے۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد سےآج مذاکرات مکمل نہ ہونے پر منگل کو مختصر مذاکرات کا امکان ہے، وفد نے اب تک ایکسٹرنل فنانسنگ کے روڈ میپ پر عدم اطمینان ظاہر کیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ادارہ جاتی اصلاحات کا پراسس سست ہونے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ آئی ایم ایف اب تک دیگر اقدامات سے مطمئن ہے۔

  • آئی ایم ایف پاکستان سے کیا چاہتا ہے؟ ترجمان کا اہم بیان

    آئی ایم ایف پاکستان سے کیا چاہتا ہے؟ ترجمان کا اہم بیان

    اسلام آباد: پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیرز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا اہم مقصد پاکستان میں پالیسیز پر عمل درآمد کرانا ہے۔

    پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیرز نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں پالیسیز پر عمل درآمد آئی ایم ایف کا اصل مقصد ہے، پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ قلیل مدتی قرض کا دوسرا جائزہ مکمل کرنے کیلئے کام کیلئے پر عزم ہیں۔

    ترجمان آئی ایم ایف نے کہا کہ حکومت پاکستان کی درخواست پر آئی ایم ایف حکام مشاورت کرینگے، آئی ایم ایف پاکستان کیساتھ نیا میڈیم ٹرم پروگرام سائن کرنے پر رضا مند ہیں، آئی ایم ایف پاکستان کے معاشی مسائل کا دیرینہ حل چاہتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی مسائل کا دیرینہ حل چاہتے ہیں، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ ترقی کا ثمر ہر پاکستانی شہری تک پہنچے، پاکستان میں ٹیکس کے ذریعے آمدن بڑھائی جائے۔

    ترجمان نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا ہدف ہے کہ پاکستان میں سرکاری اداروں  کی کارکردگی بہتر ہو، آئی ایم ایف چاہتا ہے پاکستان میں سرکاری اداروں کی اصلاحات ہوں۔

    ترجمان نے کہا کہ آئی ایم ایف چاہتا کہ پاکستان میں غریب طبقات کو تحفظ ملے، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پاکستان میں توانائی کی اصلاحات ہوں، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے اور پاکستان میں روزگار بڑھے۔

    اس کے علاوہ پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیرز نے بانی پی ٹی آئی کے خط پر ردعمل میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے  28 فروری کو خط ملا، آئی ایم ایف معاشی معاملات میں محدود مداخلت کرتا ہے، آئی ایم ایف سیاسی معاملات پر تبصرہ نہیں کرتا۔

  • پنشن لینے والوں کے لیے اہم خبر

    پنشن لینے والوں کے لیے اہم خبر

    اسلام آباد: آئی ایم ایف کی اہم شرط پر یکم جولائی سے نئی رضاکارانہ پنشن اسکیم لانے کی تیاری کر لی گئی۔

    اب تمام نئی سرکاری بھرتیاں امکانی طور پر رضاکارانہ پنشن اسکیم کے تحت کی جائیں گی، جب کہ پرانے بھرتی سرکاری ملازمین کی پنشن بجٹ سے ہی دی جائے گی۔

    ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی پنشن کا بوجھ کم کرنے کے لیے حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے جس کے تحت نئے سرکاری ملازمین کے لیے نئی رضاکارانہ پنشن اسکیم تیار کی گئی ہے، یہ اسکیم سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے تیار کی ہے۔

    اسکیم کے تحت نئے سرکاری ملازمین کو حکومتی پنشن کی بجائے رضاکارانہ پنشن اسکیم دی جائے گی، وفاقی حکومت موجودہ سرکاری ملازمین کی رضامندی سے نئی اسکیم میں منتقلی کر سکتی ہے، ایس ای سی پی نے سرکاری، نجی شعبے میں نئی اسکیم کا اطلاق کرنے کی تجویز دی ہے۔

    نجی شعبہ اس وقت ملازمین کو پرووڈینٹ فنڈ یا گریجوٹی کی سہولت فراہم کر رہا ہے، ایس ای سی پی کی تجویز ہے کہ نجی شعبہ ملازمین کو صرف رضاکارانہ پنشن اسکیم دے، پروویڈنٹ فنڈ یا گریجوٹی سے ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر مستقل آمدن کی سہولت نہیں ملتی، جب کہ نئی اسکیم کے تحت ملازمت کی تبدیلی پر بھی ملازمین کی پنشن سہولت جاری رہے گی۔

    ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں 43 پنشن فنڈ کام کر رہے ہیں، ان فنڈز میں 61 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے، خیبر پختون خوا حکومت نے سب سے پہلے 2 سال قبل پنشن فنڈز میں سرمایہ کاری کی، کے پی حکومت کے ملازمین کے 21 پنشن فنڈز کام کر رہے ہیں، پنجاب حکومت بھی ملازمین کے لیے رضاکارانہ پنشن اسکیم شروع کرنے والی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف نے پنشن اخراجات محدود کرنے کے لیے رضاکارانہ پنشن اسکیم کا مطالبہ کیا ہے، رضاکارانہ پنشن اسکیم کی ضروری قانون سازی فنانس بل میں ہوگی۔

  • بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی وجہ بتادی

    بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی وجہ بتادی

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خط لکھے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی وجہ بھی بتادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، آج خط چلا گیا ہوگا۔

    بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آیہ ایم ایف کو خط اس لئے لکھا کہ ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو واپس کون کرے گا، آئی ایم ایف سے مزید قرض سے پاکستان میں غربت بڑھے گی۔

    بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی قرض بڑھتا جائے گا اس لیے سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے۔

    پی ٹی آئی کا بانی پارٹی کی طرف سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا فیصلہ

    بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پہلے نواز شریف کی سلیکشن کے لیے اداروں کو تباہ کیا گیا، ملک میں عدالتیں، نیب سب کچھ تباہ کیا گیا تاکہ نواز شریف کو سلیکٹ کر سکیں۔

    بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے لیے مجھے زیرو کیا گیا، پھر انتخابات میں دھاندلی کرائی گی، اب تو کمشنر راولپنڈی کے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ان کی پارٹی کی جانب سے آئی ایم کو خط لکھا جا رہا ہے جس میں عالمی ادارے کو موجودہ حالات میں ملک کو قرض نہ دینے کی درخواست کی جائے گی۔

  • ترسیلات زر میں مسلسل کمی، آئی ایم ایف نے خدشہ ظاہر کر دیا

    ترسیلات زر میں مسلسل کمی، آئی ایم ایف نے خدشہ ظاہر کر دیا

    اسلام آباد: آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کا ترسیلات زر کا مقررہ ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے آئندہ سال بھی ترسیلات زر مالی سال 2021-22 کے مقابلے کم رہنے کا تخمینہ ظاہر کیا ہے، اور اگلے مالی سال کے لیے 31 ارب 17 کروڑ ڈالرز ترسیلات زر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مالی سال 2021-22 میں ترسیلات زر 31 ارب 28 کروڑ ڈالرز تھیں، جب کہ مالی سال 2022-23 میں ترسیلات زر 27 ارب 33 کروڑ ڈالرز تھیں۔

    آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال کے لیے ترسیلات زر کا تخمینہ 29 ارب 47 کروڑ ڈالرز لگایا گیا ہے، اور جاری مالی سال کے لیے ترسیلات زر کا ہدف 30 ارب 53 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز مقرر ہے۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے آخری مالی سال ترسیلات زر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھیں، جب کہ اتحادی حکومت کے ایک مالی سال میں ترسیلات زر میں تقریبا 4 ارب ڈالرز کمی ہوئی۔