Tag: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی

  • چیمپئنز ٹرافی: جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

    چیمپئنز ٹرافی: جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

    چیمپئنز ٹرافی کے گیارہویں میچ میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 180 رنز کا ہدف باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر 30ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

    ریان ریکلٹن 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ہینرک کلاسن نے 64 رنز کی اننگز کھیلی، وین ڈر ڈوسن 72 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے دو اور عادل رشید نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوچکی ہیں، جنوبی افریقا، بھارت، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ایونٹ کا سیمی فائنل کھیلیں گی۔

    اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم 38.2 اوورز میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا۔

    جو روٹ 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جوفرا آرچر نے 25، بین ڈکٹ نے 24 رنز بنائے۔

    جنوبی افریقا کی جانب سے ملڈر اور مارکو جینسن نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کیشو مہاراج نے دو وکٹیں لیں۔

     انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

  • دورہ نیوزی لینڈ کیلئے متوقع کوچ اور کپتان کا نام سامنے آگیا

    دورہ نیوزی لینڈ کیلئے متوقع کوچ اور کپتان کا نام سامنے آگیا

    لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بدترین کارکردگی کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریزکے لیے نئے کوچ اور کپتان کا نام سامنے آگیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار قومی کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے سخت ناخوش ہیں جس کے بعد یہ خبر سامنے آئی کے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیم کے سینیئر کھلاڑی کو آرام دیا جائے گا۔

    تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد عاقب جاوید کا کنٹریکٹ ختم ہوگا  جس کے لیے بورڈ نے نئے ہیڈ کوچ کی تلاشی شروع کردی ہے، ذرائع کےمطابق بورڈ نئے آپشنز پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا بھی نام زیر غور ہے وہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لئے ایک مضبوط امیدوار  ہیں۔

    ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ میں ناکامی کے بعد دورہ نیوزی لینڈ میں نوجوان ٹیلنٹ کو موقع ملے گا، کیویز کیخلاف سیریز میں شاداب یا سلمان علی آغا کو کپتانی مل سکتی ہے۔

    قومی ٹیم نے 12 مارچ کو نیوزی لینڈ روانہ ہونا ہے جہاں پہلے مرحلے میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 16 مارچ سے شروع ہوگی، ذرائع کا کہنا ہےکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کی تیاری سے متعلق نوجوان کرکٹرز پر انحصار کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے 60 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، تیسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔

    بڑے ناموں کو آرام دے کر بعد دوبارہ واپس لایا جائے گا، باسط علی

  • آئی ایم ایف کی قسط لینا آسان، ٹیم کا اگلے مرحلے میں جانا مشکل ہوگیا، گورنر سندھ

    آئی ایم ایف کی قسط لینا آسان، ٹیم کا اگلے مرحلے میں جانا مشکل ہوگیا، گورنر سندھ

    کراچی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سب سے اہم میچ میں قومی ٹیم کی ناکامی پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی افسردہ ہوگئے۔

    دبئی اسٹیڈیم میں ہونے والے پاک بھارت میچ میں قومی ٹیم کی 6 وکٹوں سے شکست کے بعد اپنے ردعمل میں گورنرسندھ نے کہا کہ آئی ایم ایف کی قرضے کی قسط لینا آسان ہے لیکن ٹیم کا اگلے مرحلے میں جانا مشکل ہوگیا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم اگر جیت جاتی تو بہت خوشی ہوتی، شائقین کے ساتھ میرا دل بھی  ٹوٹا ہے۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ٹیم پاکستان جیت جاتی تو ایک کروڑ روپے کے ساتھ اس کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیتا۔ پاکستان جیت جاتا تو گورنر ہاؤس میں ارشد ندیم پر انعامات کی بارش والی تاریخ دہراتا۔

    انہوں نے کہا کہ آج کا میچ دیکھ کر سارا مزہ کرکرا ہوگیا، اب قومی ٹیم کا اگلے مرحلے میں جانا بہت مشکل لگتا ہے۔

    محسن نقوی نے جیسے ریکارڈ ٹائم میں اسٹیڈیم بنائے اگر ایسی ٹیم بھی بنا لیتے تو اچھا ہوتا، ٹیم میں جان لڑا دینے والے بلےبازوں، بولرز اور فیلڈرز کی ضرورت ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ ایک بار اعلیٰ ترین معیار اپنا کر قومی ٹیم بنالی تو پھر شائقین کرکٹ کبھی مایوس نہیں ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : گورنر سندھ کا قومی ٹیم کے جیتنے پر ایک کروڑ کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھارت کیخلاف کامیابی پر قومی ٹیم کیلئے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

    لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میں لندن میں موجود ہوں لیکن میری دعائیں اور دل پاک بھارت ٹاکرے پر لگا ہوا ہے۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم اپنی ٹیم کی جیت کے لئے دعاگو ہے، کھلاڑی اپنی پوری لگن سے کھیلیں، جیت انشاءاللہ ہماری ہوگی۔

  • چیمپئنز ٹرافی کیلئے صائم کا مستقبل خطرے میں نہیں ڈال سکتا: محسن نقوی

    چیمپئنز ٹرافی کیلئے صائم کا مستقبل خطرے میں نہیں ڈال سکتا: محسن نقوی

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے صائم ایوب کا مستقبل داؤ پر نہیں لگا سکتے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ہیوسٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایوب سے روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں ہوں، اس کا ریہیب چل رہا ہے۔

    محسن نقوی نے بتایا کہ صائم کے پاؤں کا پلستر ایک دو روز میں اتر جائے گا جس کے بعد انہیں گراؤنڈ میں واپس آنے میں ٹائم لگے گا، ایک چیمپئنز ٹرافی سے صائم کا مستقبل خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا۔

    انہوں نے کہا کہ خود ایک ایک چیز کی نگرانی کررہا ہوں، صائم ایوب ہمارا اثاثہ ہے انشااللہ بہت جلد ٹھیک ہوگا، تمام معاملات کی نگرانی کر رہا ہوں۔

    صائم ایوب کے حوالے سے بڑی خبر

    واضح رہے کہ پاکستان کے اوپنر صائم ایوب دائیں ٹخنے میں فریکچر کے سبب 6 ہفتے تک کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں، صائم ایوب کو یہ فریکچر جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کرتے ہوئے ہوا تھا۔

    یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے 11 فروری تک حتمی اسکواڈ کا لازمی اعلان کرنا ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہے جبکہ بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا۔

  • پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹور کا اختتام

    پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹور کا اختتام

    پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹور اختتام پذیر ہوگیا چمچاتی ٹرافی آج افغانستان جائے گی جس کے بعد بنگلہ دیش لے جایا جائے گا۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ برس 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے۔ ٹورنامنٹ کی ٹرافی گزشتہ ہفتے میزبان ملک لائی گئی تھی جس مختلف شہروں سے گھومتی ہوئی آج افغانستان چلی جائے گی۔

    چیمپئنز ٹرافی نے اپنے سفر کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کیا تھا۔ ٹرافی کو سابق معروف کرکٹرز کا ساتھ بھی حاصل رہا اور 9 روزہ دورے کے دوران اس چمچاتی ٹرافی کو ایبٹ آباد، مری، نتھیا گلی، کراچی، لاہور سمیت دیگر مقامات پر لے جایا گیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC Trophy Tour (@icctrophytour)

    ٹرافی کو جس شہر میں بھی نمائش کے لیے رکھا گیا، وہاں شائقین کرکٹ کا جوش وخروش نظر آیا۔ طالب علم، مرد وخواتین سمیت ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے شائقین اسے دیکھنے آئے اور اس کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔

    یہ ٹرافی افغانستان کے بعد بنگلہ دیش جائے گی اور پھر آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ سے ہوتی ہوئی اپنے ٹور کا اختتام بھارت میں کرے گی جس کے بعد ٹورنامنٹ کے آغاز پر اسے واپس پاکستان لایا جائے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-icc-rejects-indian-media-claim/

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    اس خبر کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟ برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پاک بھارت کرکٹ مقابلہ اتوار کو ہوگا، بارش کا امکان

    پاک بھارت کرکٹ مقابلہ اتوار کو ہوگا، بارش کا امکان

    برمنگھم : پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان اہم ٹاکرا 4 جون اتوار کو برمنگھم میں ہوگا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا ٹاکرا بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ 4 جون کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا، اس میچ کو نہ صرف بھارت اور پاکستان کے شائقین کرکٹ بلکہ پوری دنیا سے لوگ انتہائی دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔

    دونوں ٹیموں نے جیت کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں، موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا کہ اتوار کے روز بارش کا خدشہ جس کے پیش نظر مذکورہ میچ ملتوی یا محدود ہو سکتا ہے۔

    برمنگھم میں پاک بھارت ٹیموں کے ساتھ بادل بھی پہنچ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز تک تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

    دوسری جانب سرفراز الیون کی بڑے میچ کے لیے بڑی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ اس اہم میچ میں سرفرازاحمد بھارت کے خلاف پہلی بار قومی ٹیم کپتانی کر رہے ہیں مگر دوسری جانب تجربہ کار ویرات کوہلی ہیں۔ دونوں کپنانوں کا مزاج جارحانہ ہے۔

    کرکٹ کے پنڈت کپتانی، تجربے اور کارکردگی کے میدان میں کوہلی الیون کو زیادہ نمبر دے رہے ہیں لیکن اس بات سے بھی انکار نہیں کہ شاہین کسی بھی دشمن کے منہ سے جیت کا نوالہ کہیں بھی اور کبھی بھی چھین سکتے ہیں۔

    دنیا بھر سے افراد پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے برمنگھم پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ ہائی وولٹیچ میچ کے ٹکٹس نایاب ہوگئے ہیں ایسے میں بارش ہوگئی تو شائقین کی امیدوں پر پانی پھر جائے گا۔

    یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں آج تک پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 3 مقابلے ہوئے جس میں 2 مرتبہ پاکستان کو اور ایک مرتبہ بھارت کو جیت نصیب ہوئی۔ان میچوں میں محمد یوسف دو میچ کھیل کر 168رنز کے ساتھ اب تک کے ٹاپ اسکورر ہیں جبکہ شعیب ملک نے 3 میچوں میں 150رنز بنائے۔

    اسی طرح بولنگ میں پاکستان کے رانا نوید الحسن نے 2 میچز میں 6 وکٹیں اور شعیب اختر نے ایک میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔