Tag: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ

  • ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی کردی گئی

    ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی کردی گئی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کردی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی تقریب منعقد کی گئی، پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیئرمین ذکا اشرف نے کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کی، اس کٹ کا نام ’’اسٹار نیشن جرسی‘‘ رکھا گیا ہے۔

    پاکستان ٹیم کی کٹ کی رونمائی کے بعد چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں، ایشیاکپ اور ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کامیاب ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اچھا کھیل رہی ہے، جو ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں انہیں ویلکم کرینگے، ون ڈے میں ہم نمبرون بن گئے ہیں، مہینہ ڈیڑھ ہوا ہے آئے، جو ملک اور کرکٹ کیلئے ہوسکا کرینگے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبرکو ہوگا، پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔

  • ورلڈ کپ: بھارتی خواب چکنا چُور، نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

    ورلڈ کپ: بھارتی خواب چکنا چُور، نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

    مانچسٹر: ورلڈ کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی، دھونی اور جڈیجا کی اننگز بھی بھارت کو شکست سے نہ بچاسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دئیے جانے والے 240 رنز ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم آخری اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، میٹ ہینری نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    بھارت کی 92 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد رویندر جڈیجا نے 77 اور دھونی نے 50 رنز کی اننگز کھیلی تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکے، رویندر جڈیجا کو ٹرینٹ بولٹ نے آؤٹ کیا، دھونی کو گپٹل نے رن آؤٹ کیا۔

    بھارتی کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما اور لوکیش راہول صرف ایک، ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، رشبھ پنٹ 32 اور دنیش کارتک 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    ہاردک پانڈیا 32 رنز بنا کر سینٹنر کا نشانہ بنے، بھونیشور کمار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، یوزویندر چاہل 5 رنز بنا کر نیشم کی گیند پر ٹام لیتھم کو کیچ دے بیٹھے۔

    نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ٹرینٹ بولٹ اور سینٹنر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، فرگیوسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں کل دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی، جیتنے والی ٹیم 14 جولائی کو نیوزی لینڈ سے فائنل کھیلے گی۔

     ورلڈ کپ 2019 میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا، کل ہونے والا سیمی فائنل بارش کے باعث آج کے لیے مؤخر کردیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز جب مانچسٹر میں بارش شروع ہوئی تو نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنالیے تھے۔

    گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے آگے شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی ، صرف ایک رن بنا کر اوپنر مارٹن گپٹل پویلین لوٹ گئے، نکولس 28 رنز بنا کر جڈیجا کا نشانہ بنے۔

    کپتان کین ولیمسن نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، انہیں اسپنر چاہل نے آؤٹ کیا۔ جمی نیشام 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔

    راس ٹیلر نے 74 اور ٹام لیتھم نے 10 رنز بنائے۔ بھارت کے بھونیشور کمار نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    گزشتہ روز ٹاس جیتنے کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے کوشش کریں گے اچھا کھیلیں۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، امید ہے پچ ایسی ہی رہے گی۔ اپنی صلاحیتوں کو بیک کر کے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ مانچسٹر میں پہلے 2 اچھے میچز کھیل چکے ہیں۔

    اسکواڈ

    سیمی فائنل کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، یزویندر چاہل اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

  • بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا

    بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا

    مانچسٹر: بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں جب بارش شروع ہوئی تو نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنالیے تھے، کل میچ اسی اسکور سے دوبارہ شروع کیا جائے گا، اگر کل بھی بارش کے باعث میچ نہ ہوسکا تو بھارت زیادہ پوائنٹس ہونے کے سبب فائنل میں پہنچ جائے گا۔

    نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے آگے شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی، صرف ایک رن بنا کر اوپنر مارٹن گپٹل پویلین لوٹ گئے، نکولس 28 رنز بنا کر جڈیجا کا نشانہ بنے۔

    کپتان کین ولیم سن نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی انہیں اسپنر چاہل نے آؤٹ کیا، جمی نیشم 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔

    راس ٹیلر 67 اور ٹام لیتھم 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    بھارت کے بھونیشور کمار، جسپریت بمرا، ہردیک پانڈیا، چاہل اور رویندر جڈیجا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 کا پہلا سیمی فائنل آج سابق ورلڈ چیمپئن بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

     آئی سی سی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل مانچسٹر کے ٹرائی فورڈ اسٹیڈیم میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ بھارتی ٹیم مسلسل تیسری بار عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ نیوزی لینڈ بھی لگاتار دوسرا سیمی فائنل کھیل رہا ہے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے کوششش کریں گے اچھا کھیلیں۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، امید ہے پچ ایسی ہی رہے گی۔ اپنی صلاحیتوں کو بیک کر کے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ مانچسٹر میں پہلے 2 اچھے میچز کھیل چکے ہیں۔

    ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوجانے کے بعد اب دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ میں شامل 4 ٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔

    ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور میزبان ٹیم انگلینڈ کے درمیان 11 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں 14 جولائی کو فائنل کھیلیں گی۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، یزویندر چاہل اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

  • روہت شرما کی ایک اور سنچری، بھارت نے سری لنکا کو شکست دے دی

    روہت شرما کی ایک اور سنچری، بھارت نے سری لنکا کو شکست دے دی

    لیڈز : بھارت نے اپنے آخری گروپ میچ میں سری لنکا کو باآسانی شکست دے کر ایک اور فتح حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان لیڈز اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کا چالیسواں اور آج کا پہلا میچ کھیلا گیا، جس میں سری لنکن ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز اسکور کیے۔

    سری لنکا اننگز

    سری لنکا کی جانب سے کپتان کرونارتنے اور کوشل پریرا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں اوپنرز بالترتیب 17 اور 40 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے،  بعد ازاں فرنانڈو کریز پر آئے اور صرف 20 رنز بنا کر 53 کے مجموعی اسکور پر پانڈیا کا شکار بنے، اسی طرح کوشل مینڈس 55 اور تین کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

    سری لنکا کے چار کھلاڑی 55 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوگئے تھے البتہ میتھیوز اور تھریمانے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہر کرتے ہوئے 124 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور اسی دوران دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    تھریمانے 68 گیندوں پر 53 رنز بنا کر 179 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے،  میتھیوز نے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط بنایا۔

    سری لنکا نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے، میتھیوز 113 اور تھریمانے 53 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، بھارت کی جانب سے جسپرٹ بمرا نے 3، جڈیجا، پانڈیا، کمار اور کلدیب یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    ہدف کے تعاقب میں بھارت کی بیٹنگ

    بھارتی کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہول نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور دونوں ہی اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنائی، روہت شرما 103 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، بھارت کی پہلی وکٹ 189 کے مجموعی اسکور پر گری۔

    نئے آنے والے بیٹسمین ویرات کوہلی نے  بااعتماد انداز سے بیٹنگ کو جاری رکھا اور ٹیم کا اسکور مزید آگے بڑھایا اس دوران کے ایل راہول دوسرے ہینڈ پر کھل کر بیٹنگ کرتے رہے اور انہوں نے اپنی سنچری مکمل کی، اکتالیسویں اوور میں راہول 111 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

    بھارت کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آر آر پانٹ تھے، کوہلی الیون نے 265 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرتے ہوئے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، کلدیپ یادیو اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    سری لنکا کی ٹیم میں دیموت کرونارتنے (کپتان)، کشال پریرا، ایوشکا فرنینڈو، کشال مینڈس، اینجلو میتھیوز، کسن راجتھ، دھننجایا ڈی سلوا، تشارا پریرا، اسورو ادانا، لستھ ملنگا، اور لہرو تھرمنی شامل ہیں۔

  • پاکستان نے بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی، ورلڈ‌ کپ کا سفر اختتام پذیر

    پاکستان نے بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی، ورلڈ‌ کپ کا سفر اختتام پذیر

    لندن: ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کا سفر ختم ہوگیا، قومی ٹیم نے آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی، نیوزی لینڈ بہتر رن ریٹ ہونے کی وجہ سے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی جانب سے دئیے جانے والے 316 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شاہین شاہ آفریدی کو 6 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

    بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 26 رنز پر گری، سومیا سرکار 22 رنز بنا کر محمد عامر کو وکٹ دے بیٹھے، تمیم اقبال کو 8 رنز پر شاہین آفریدی نے بولڈ کیا۔

    مشفیق الرحیم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شکیب الحسن نے 64 رنز کی اننگز کھیلی انہیں شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا، لٹن داس 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    محمود اللہ 29 رنز بنا کر بولڈ ہوئے، مصدق حسین کو 16 رنز پر شاداب خان نے آؤٹ کیا، محمد سیف الدین بغیر کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کا نشانہ بنے، مشرفی مرتضیٰ 15 رنز بناسکے۔

    شاہین شاہ آفریدی نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے اور بنگال ٹائیگر کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا تھا، بابر اعظم نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 23 رنز پر گری جب فخر زمان 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 180 رنز پر گری بابر عظم نروس نائنٹیز کا شکار ہوتے ہوئے 96 رنز پر محمد سیف الدین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

    امام الحق 100 رنز بنا کر ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے، محمد حفیظ 27 رنز بنا کر ایک بار پھر اسپنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، حارث سہیل 6 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کا نشانہ بنے۔

    کپتان سرفراز احمد 2 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، عماد وسیم نے 43 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، وہاب ریاض 2 اور شاداب خان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد عامر 8 رنز بناسکے۔

    بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، محمد سیف الدین نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مہدی حسن ایک وکٹ لے سکے۔

     ورلڈ کپ 2019 میں آج پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں لارڈز کے تاریخی میدان میں مدمقابل ہیں۔ پاکستان کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ٹاس جیت کر پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف 350 رنز بنائے تو حریف کو 311 رنز سے ہرانا ہوگا، اگر پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف 400 رنز بنائے تو حریف کو 84 رنز پر آل آؤٹ کرنا ہوگا۔

    ٹاس جیت کر پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے بڑا اسکور کریں، ہمیں پتہ ہے مارجن بہت بڑا ہے۔ کوشش کریں گے میچ جیتیں اور اچھا اختتام کریں۔

    بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، کوشش کریں گے پاکستان کو کم رنز پر روکیں۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

    بنگلہ دیشی ٹیم میں مشرفی مرتضیٰ (کپتان)، تمیم اقبال، سومیہ سرکار، شکیب الحسن، مشفق الرحمٰن، لٹن داس، محمد اللہ، مصدق حسین، مہدی حسن، محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمٰن شامل ہیں۔

  • ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دے دی

    لیڈز: ورلڈ کپ 2019 کے 42ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دے دی، اکرام علی خیل کی 86 رنز کی اننگز بھی افغانستان کو شکست سے نہ بچاسکی، افغانستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں ایک میچ بھی نہیں جیت سکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے دئیے جانے والے 312 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 288 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بریتھ ویت نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

    افغانستان کی پہلی وکٹ 5 رنز پر گری جب کپتان گلبدین نائب 5 رنز بنا کر کیمار روچ کی گیند پر لوئس کو کیچ دے بیٹھے، رحمت شاہ 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    اکرام علی خیل نے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں کرس گیل نے آؤٹ کیا، نجیب اللہ زردان 31 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، اصغر افغان 40 رنز بنا کر بریتھ ویت کا نشانہ بنے۔

    آل راؤنڈر محمد نبی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سمیع اللہ شنواری کو 6 رنز پر کیمار روچ نے آؤٹ کیا، راشد خان 9 رنز بناسکے، دولت زردان ایک رن بناسکے، سید شیرزاد 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    ویسٹ انڈیز کے بریتھ ویت نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کیمار روچ نے تین وکٹیں حاصل کیں، کرس گیل اور اوشین تھامس ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل لیڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دیا تھا، دولت زردان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گری جب کرس گیل 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ایون لوئس 58 رنز بنا کر راشد خان کا نشانہ بنے، شائے ہوپ نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں محمد نبی نے آؤٹ کیا۔

    ہیٹ مائر کو 39 رنز پر دولت زردان نے پویلین روانہ کیا، نکولس پورن 58 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کپتان جیسن ہولڈر 45 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، بریتھ ویت 14 رنز بنا کر ناٹ اؤٹ رہے۔

    افغانستان کے دولت زردان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد نبی اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج افغانستان اور ویسٹ انڈیز مدمقابل ہیں، ویسٹ انڈیز نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

     آئی سی سی ورلڈ کپ کے 42 ویں میچ میں آج افغانستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں۔

    افغانستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک 8 میچز کھیل چکی ہے اور اسے تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پوائنٹس اسکورننگ ٹیبل پر افغانستان صفر پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی اب تک 8 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے وہ ایک ہی میچ جیت سکی، 6 میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک بارش کی نذر ہوا۔ 3 پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اسکورننگ ٹیبل پر نویں نمبر پر ہے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ ٹورنامنٹ کو اچھے انداز میں ختم کرنا چاہتے ہیں۔

    افغانستان کے کپتان گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، وکٹ اچھی ہے، اسپنرز کو مدد ملے گی۔ ہم نے گزشتہ میچز میں اچھا کھیلا۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، جو اچھا کھیلے گا وہی جیتے گا۔

    ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل کے لیے آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔ پاکستان اگر اپنے آخری میچ میں بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے شکست دے دے تو اس کا سیمی فائنل میں جانے کا امکان ایک بار پھر روشن ہوسکتا ہے۔

    ورلڈ کپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

    چیسٹرلی اسٹریٹ: ورلڈ کپ 2019 کے 41ویں میچ میں انگش ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 119 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، نیوزی لینڈ کے رن ریٹ بہتر ہونے کی وجہ سے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات بڑھ گئے، پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیسٹرلی میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلش ٹیم کی جانب سے دئیے جانے والے 306 رنز ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 45 اوورز میں 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جونی بیرسٹو کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

     ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، کیوی ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں 14 رنز پر گر گئیں، مارٹن گپٹل 8 اور نکولس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    کیوی کپتان کین ولیم سن 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، روس ٹیلر بھی 28 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، ٹام لیتھم کے 57 رنز بھی نیوزی لینڈ کو شکست سے نہ بچاسکے، لیتھم کو پلنکٹ نے آؤٹ کیا۔

    جمی نیشم 19 رنز بنا کر مارک ووڈ کا شکار بنے، کولن ڈی گرینڈ ہوم 3 رنز بنا آؤٹ ہوئے، مچل سینٹنر 12 رنز پر ہمت ہارگئے، ہینری کو 7 رنز پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا، ٹرینٹ بولٹ 4 رنز بناکر اسٹمپڈ ہوئے۔

    انگلینڈ کے مارک ووڈ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کرس ووکس، جوفرا آرچر، پلنکٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل چیسٹرلی میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلش ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کوجیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا تھا، ٹرینٹ بولٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    انگلینڈ کے اوپنرز نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا، انگلش ٹیم کی پہلی وکٹ 123 رنز پر گری جب جیسن رائے 60 رنز بنا کر نیشم کا شکار بنے، جو روٹ 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    جونی بیرسٹو نے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 15 چوکے شامل تھے، بیرسٹو کو ہینری نے بولڈ کیا، جوز بٹلر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    اوئن مورگن 42 رنز بنا کر ہینری کا شکار بنے، بین اسٹوکس 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کرس ووکس 4 رنز بنا کر نیشم کی گیند پر ولیم سن کو کیچ دے بیٹھے۔

    عادل راشد 16 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہوئے، لیام پلنکٹ 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ، ہینری اور جمی نیشم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، مچل سینٹنر اور ٹم ساؤتھی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آسکی۔

    اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج نیوزی لینڈ اور انگلینڈ مدمقابل ہیں۔ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کےخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ کے 41 ویں میچ میں آج نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں چیسٹر لی کے میدان میں مدمقابل ہیں۔

    انگلینڈ کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے اور سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے اسے آج کے میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔

    آج کے میچ میں نیوزی لینڈ کی شکست کی صورت میں انگلینڈ فائنل 4 کی چوتھی ٹیم بن سکتا ہے، دوسری جانب نیوزی لینڈ شکست کے باوجود 11 پوائنٹس پر رہتے ہوئے محفوظ ہوگا۔

    اگر آج نیوزی لینڈ انگلینڈ سے بڑے مارجن سے ہارے اور بعد میں پاکستان بنگلہ دیش سے بھی بڑے مارجن سے جیتے تب نیوزی لینڈ کی پوزیشن کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن کا کہنا تھا کہ پچ دوسری اننگز میں سلو ہو جاتی ہے، کوشش کریں گے بڑا اسکور کریں۔ بھارت کے خلاف میچ سے اعتماد ملا۔

    نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، کم ہدف کے لیے اچھی باؤلنگ کرنا ہوگی۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں آئن مورگن (کپتان)، جیسن رائے، جونی برسٹو، جو روٹ، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، کرس ووکس، لیام پلنکٹ، جوفرا آرچر، عادل رشید اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، ٹم ساؤتھی، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

  • ورلڈ کپ 2019، بھارت نے بنگلہ دیش کو 28 رنز سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019، بھارت نے بنگلہ دیش کو 28 رنز سے شکست دے دی

    برمنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے 40ویں میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 28 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا، روہت شرما کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت کی جانب سے دئیے جانے والے 315 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 48 اوورز میں 286 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شکیب الحسن کی 66 رنز کی اننگز بھی بنگلہ دیش کو شکست سے نہ بچاسکی۔

    بنگلہ دیش کے خلاف جیت کے بعد بھارت کے پوائنٹس 13 ہوگئے اور بھارت نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

    بنگلہ دیش نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو ان کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گری جب تمیم اقبال 22 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، سومیا سرکار 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    شکیب الحسن کی 66 رنز کی اننگز کھیلی انہیں پانڈیا نے آؤٹ کیا، لٹن داس 22 رنز پر ہمت ہار گئے، مشفیق الرحیم 24 رنز بنا کر چاہل کو وکٹ دے بیٹھے۔

    بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ 8 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے، روبیل حسین 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    مصدق حسین 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، صابر رحمان کو 36 رنز پر جسپریت بمرا نے بولڈ کیا، محمد سیف الدین 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    بھارت کے جسپرت بمرا نے 4 کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی، ہاردیک پانڈیا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل برمنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 315 رنز کا ہدف دیا تھا، مستفیض الرحمان نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

    بھارتی اوپنرز نے اننگز کے آغاز سے جارحانہ انداز اپنایا اور ان کی پہلی وکٹ 180 رنز پر گری جب روہت شرما 104 رنز بنا کر سومیا سرکار کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    لوکیش راہول نے 77 رنز کی اننگز کھیلی انہیں روبیل حسین نے آؤٹ کیا، بھارتی کپتان ویرات کوہلی 26 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کا نشانہ بنے، رشبھ پنٹ نے 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے پویلین روانہ ہوئے، ایم ایس دھونی 35 رنز بناسکے، دنیش کارتک 8 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر مصدق حسین کو کیچ دے بیٹھے۔

    بھونیشور کمار 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد شامی ایک رن پر مستفیض الرحمان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

    بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شکیب الحسن، روبیل حسین اور سومیا سرکار کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

     آئی سی سی ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں آج بنگلہ دیش اور بھارت برمنگھم کے میدان میں مدمقابل ہیں، بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    بھارتی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک 7 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے وہ 5 میچز جیت کر 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے 7 میچز کھیلے ہیں اور 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہے۔

    بنگلہ دیش کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے آج کا اور 5 جولائی کو پاکستان کے ساتھ ہونے والا میچ جیتنا لازمی ہے۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبا پنت، مہندر سنگھ دھونی، کیدر جادیو، ہردیک پانڈیا، بھونیشور کمار، یزویندرا چاہل، محمد شامی اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    بنگلہ دیش کی ٹیم میں مشرفی مرتضی (کپتان)، تمیم اقبال، سومایہ سرکار، شکیب الحسن، مشفیق الرحمٰن، لٹن داس، صابر حسین مصدق حسین، روبیل حسن، محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمٰن شامل ہیں۔

  • ورلڈ کپ 2019، سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 23 رنز سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019، سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 23 رنز سے شکست دے دی

    چیسٹرلی اسٹریٹ: ورلڈ کپ 2019 کے اہم میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 23 رنز سے شکست دے دی، نکولس پورن کی سنچری بھی ویسٹ انڈیز کو شکست سے نہ بچاسکی۔

    تفصیلات کے مطابق چیسٹرلی میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا کی جانب سے دئیے جانے والے 339 رنز ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بناسکی، اویشکا فرنینڈو کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب سنیل ایمبرس 5 رنز بنا کر ملنگا کا شکار بنے، کرس گیل 35 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شائے ہوپ بھی 5 رنز پر ہمت ہار گئے۔

    ہیٹ مائر کو 29 رنز پر ڈی سلوا نے رن آؤٹ کیا، نکولس پورن کی 118 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آسکی، جیسن ہولڈر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    بریتھ ویت 8 جبکہ ایلن نے 51 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، تھامس ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، کوٹریل 7 اور گیبریل 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    سری لنکا کے لیستھ ملنگا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، راجیتا اور میتھیوز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل چیسٹرلی اسٹریٹ میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 339 رنز کا ہدف دے دیا تھا، جیسن ہولڈر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    ویسٹ انڈیز کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، سری لنکا کے اوپنر نے شاندار آغاز فراہم کیا اور ان کی پہلی 93 رنز پر گری جب کرونا رتنے 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    کسل پریرا نے 64 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، مینڈس 39 رنز بنا کر ایلن کا شکار بنے، اویشکا فرنینڈو نے 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں کوٹریل نے آؤٹ کیا۔

     میتھیوز 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ادانا کو 3 رنز پراوشین تھامس نے جیسن ہولڈر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، لہیرو تھریمانے نے 45 رنز بنا کا ناٹ آؤٹ رہے۔

    ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے دو شکار کیے، شیلڈرون کوٹریل، اوشین تھامس اور ایلن کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں آج سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں جو چیسٹرلی اسٹریٹ کے میدان میں کھیلا جارہا ہے۔

    سری لنکا کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں 7 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے انہیں 2 میچز میں کامیابی اور 3 میں ناکامی ملی، 2 میچز بارش کی نذر ہوگئے۔ پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

    سری لنکا کے پاس سیمی فائنل کھیلنے کا اب بھی موقع ہے، شکست کی صورت میں ان کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہوجائے گا اور جیت کی صورت میں دیگر ٹیموں پر انحصار کے ساتھ اسے بھارت کے خلاف آخری میچ بھی لازمی جیتنا ہوگا۔

    دوسری طرف ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی میگا ایونٹ میں اب تک سات میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے انہیں 1 میچ میں کامیابی اور 5 میں ناکامی ملی۔ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ اس طرح ویسٹ انڈیز ٹیم 3 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر نویں نمبر پر ہے جبکہ اس کا سیمی فائنل کھیلنے کا کوئی امکان موجود نہیں۔

    اب تک مجموعی طور پر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 56 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے ویسٹ انڈیز نے 28 اور سری لنکا نے 25 میچز میں کامیابی حاصل کی۔

  • ورلڈ کپ 2019: عماد وسیم کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے افغانستان کو شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: عماد وسیم کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے افغانستان کو شکست دے دی

    لیڈز : ورلڈکپ کے 36ویں میچ میں پاکستان نے عماد وسیم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین لیڈز اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کا 36واں میچ کھیلا گیا، سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے قومی ٹیم کو میچ میں فتح حاصل کرنا لازمی تھی۔

    افغانستان اننگز 

    افغانستان کی ٹیم کے کپتان گلبدین نائب نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی باؤلرز نے پہلے ہی اوور سے شاندار گیند بازی کی جس کی وجہ سے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو محتاط انداز اختیار کیا۔

    افغان ٹیم کی پہلی وکٹ 27 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان کو شاہین آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی، اسی طرح نئے آنے والے بیٹسمین کو بھی شاہین شاہ نے 27 کے ہی مجموعی اسکور پر آؤٹ کیا۔ عماد وسیم نے اننگز کے بارہویں اوور میں رحمت شاہ کو آؤٹ کیا۔

    بعد ازاں اصغر افغان اور محمد نبی نے 64 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی، البتہ اصغر افغان 42 رنز کے انفرادی اور 121 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، چار رنز اضافے کے بعد اکرام اخیل بھی آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نبی 202 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، افغان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 210 ، نویں 219 کے مجموعی اسکور پر گری۔

    افغانستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے، نجیب اللہ زادران اور افغر خان 42 ، 42 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے جبکہ شاہین آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عماد وسیم، وہاب ریاض نے 2 ، 2 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کی وکٹ حاصل کی۔

    پاکستان کی اننگز

    228 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو پہلا کھلاڑی بغیر کسی رن پر آؤٹ ہوا، بعد ازاں امام الحق اور بابر اعظم نے محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور اسکور کو 72 تک پہنچایا اسی لمحے امام الحق بھی 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    پاکستان کی تیسری وکٹ 81 کے مجموعی اسکور پر اُس وقت گری جب بابر اعظم 45 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، حارث سہیل اور محمد حفیظ نے مجموعی اسکور میں 40 رنز کا اضافہ کیا اسی لمحے پروفیسر بھی 19 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، 142 پر حارث سہیل بھی آؤٹ ہوئے۔

    کپتان سرفراز 156 کے مجموعی اسکور پر 22 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم اور شاداب خان نے 50 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے صورت حال بہتر بنائی تو 206 پر شاداب کو بھی افغان باؤلر نے آؤٹ کردیا، نئے آنے والے بیٹسمین وہاب ریاض نے زخمی ہونے کے باوجود شاندار بیٹنگ کی، عماد وسیم نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔

    وہاب ریاض نے 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 15 رنز ناٹ آؤٹ کی قیمتی اننگز کھیلی جبکہ عماد سیم بھی 49 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان نے 2 گیندوں قبل ہدف حاصل کیا اور افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دی۔ پاکستان نے مسلسل تیسری فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔

    ٹاس جیتنے کے بعد افغان کپتان گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ ہمارے اسپنرز اچھے ہیں، دوسری اننگز میں فائدہ ہوگا۔ پاکستان اچھی ٹیم ہے، ہم اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

    مزید پڑھیں: لیڈز: ممکنہ شکست پر افغانی شائقین آپے سے باہر، پاکستانی شخص پر حملہ کر دیا

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری بولنگ اچھا پرفارم کر رہی ہے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ افغانستان کو کم ٹوٹل پر روکنے کی کوشش کریں گے۔

    میچ سے قبل قومی ٹیم نے لیڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی، سیمی فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان کو افغانستان اور بنگلہ دیش سے اپنے میچز جیتنے ہوں گے۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

    افغان ٹیم میں گلبدین نائب (کپتان)، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، اصغر افغان، سمیع اللہ شنواری، محمد نبی، نجیب اللہ زادران، اکرام علی خیل، راشد خان، حامد حسن اور مجیب الرحمٰن شامل ہیں۔

    وہاب ریاض کے ہاتھ میں انجری

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہاب ریاض کے دائیں ہاتھ میں ٹریننگ کے دوران چوٹ لگی ہے جس کی وجہ سے ان کے ہاتھ پر سوجن ہو گئی ہے۔

    پی سی بی کے مطابق وہاب ریاض انگلی پر بینڈج لگا کر کھیل رہے ہیں، میچ کے بعد ان کی انجری کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔  پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا آٹھواں میچ آج افغانستان کے خلاف لیڈز کے مقام پر کھیل رہی ہے۔ ٹاپ 4 کا مضبوط امیدوار بننے کے لیے پاکستان کو لیڈز میں کھیلا جانے والا میچ جیتنا لازمی ہے۔