Tag: آئی فون 12

  • آئی فون 12 کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے کی منظوری

    آئی فون 12 کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے کی منظوری

    پیرس : فرانسیسی حکام نے امریکی کمپنی ایپل کی جانب سے آئی فون 12 کے لیے جاری کیے گئے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے کی منظوری دے دی۔

    گزشتہ ہفتے فرانس نے آئی فون 12 کے الیکٹرومیگنیٹک شعاعوں سے متعلق ٹیسٹ میں ناکام ہونے کی صورت میں آئی فون 12 کی فروخت پر پابندی عائد کردی تھی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانس کی جانب سے ایپل کو اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکامی پر ملک میں موجود تمام یونٹس واپس منگوانے کا حکم دیا تھا، جبکہ دیگر یورپی ممالک نے خبردار کیا تھا کہ وہ بھی فرانس کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے یہ قدم اٹھاسکتے ہیں۔

    فرانس کی جانب سے آئی فون 12 کے متعلق سامنے آنے والے معاملات کو چیلنج کرتے ہوئے ایپل نے واضح کیا تھا کہ نگران ادارے (اے این ایف آر) کو کمپنی اور ثالث فریقوں کی جانب سے لیب کے تمام آزمائشی نتائج ادارے کو جمع کرائے گئے ہیں جو بتاتے ہیں کہ یہ ڈیوائس تمام قانونی تقاضے پورے کرتی ہے۔

    بعد ازاں رواں ہفتے منگل کے روز ایپل نے شعاعوں کے متعلق تحفظات کو دور کرنے کے لیے فرانسیسی حکام کو اپنے آئی فون 12 کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ فراہم کردیا تھا جس کی فرانسیسی ڈیجیٹل وزارت کے ذرائع نے تصدیق کی تھی۔

    فرانس کی جانب سے آئی فون 12 کی فروخت پر پابندی کے اقدام نے بیلجیئم، جرمنی اور نیدرلینڈز میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔

    بیلجیئم کی جانب سے بھی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کی درخواست کی گئی لیکن یہ اپ ڈیٹ فرانس تک محدود تھی۔

     

  • نئے آئی فونز کی لانچنگ کی تاریخ کا اعلان

    نئے آئی فونز کی لانچنگ کی تاریخ کا اعلان

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون 12 سیریز کے فونز کی لانچنگ کی تاریخ کا اعلان کردیا، ایپل کی جانب سے پہلی بار ایک ساتھ 4 نئے آئی فونز پیش کیے جائیں گے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون 12 سیریز کے فونز کی تاریخ رونمائی کا اعلان کردیا ہے۔ ایپل نے ایک ایونٹ کے دعوت نامے ارسال کیے ہیں جو 13 اکتوبر کو منعقد ہوگا جس کی ٹیگ لائن ہائی اسپیڈ رکھی گئی ہے۔

    کمپنی کی جانب سے ان ڈیوائسز کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا مگر مختلف رپورٹس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ ایپل کی جانب سے پہلی بار ایک ساتھ 4 نئے آئی فونز پیش کیے جائیں گے۔

    ان میں آئی فون 12 منی، آئی فون 12، آئی فون 12 پرو اور آئی فون 12 پرو میکس شامل ہوں گے۔ ہر آئی فون دوسرے سے کسی حد تک مختلف ہوگا۔

    ان میں سے آئی فون منی 5.4 ان ڈسپلے کے ساتھ ہوگا، آئی فون 12 اور آئی فون 12 پرو میں 6.1 انچ اور آئی فون پرو میکس میں 6.7 انچ اسکرین موجود ہوگی۔ اس طرح یہ ڈسپلے کے لحاظ سے ایپل کا اب تک کا سب سے بڑا آئی فون بھی ہوگا۔

    ان میں کمپنی کا نیا اے 14 بائیونک پراسیسر ہوگا جبکہ آئی او ایس 14 آپریٹنگ سسٹم دیا جائے گا۔

    اس سال پہلی بار ایپل کی جانب سے ایک یا 2 آئی فونز میں 5 جی سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی جس کا عندیہ ٹیگ لائن سے بھی ملتا ہے۔

    گزشتہ ہفتے اس سیریز کے فونز کی قیمتیں بھی سامنے آگئی تھیں۔ آئی فون 12 منی 649 ڈالرز (ایک لاکھ 6 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، آئی فون 12 پرو 999 ڈالرز (ایک لاکھ 64 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، آئی فون 12 پرو میکس 1099 ڈالرز (ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) قیمت کا ہوگا۔