Tag: آرمی پبلک اسکول پشاور

  • آرمی پبلک اسکول پشاور میں شہدا کے لیے خصوصی دعائیں و قرآن خوانی

    آرمی پبلک اسکول پشاور میں شہدا کے لیے خصوصی دعائیں و قرآن خوانی

    پشاور: آرمی پبلک اسکول پشاور میں 4 سال قبل ہونے والے اندوہناک سانحے کی چوتھی برسی پر تقریب منعقد کی گئی، شہدا کے لیے خصوصی دعائیں و قرآن خوانی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک اسکول پشاور میں سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب کا آغاز شہدا کے لیے خصوصی دعاؤں اور قومی ترانے سے ہوا، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے تقریب میں شرکت کی۔

    پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    شہدا کے اہل خانہ اور اسکول کے بچوں کی جانب سے قرآن خوانی کی گئی۔

    گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سانحے نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کردیا۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔ 4 سال قبل آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدلانہ حملہ کیا اور 147 طلبا و اساتذہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بدترین دہشت گردانہ کارروائی کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا اور پہلے سے زیادہ قوت سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔

  • پشاور سانحہ: تحقیقاتی ٹیموں نے حملے کے اہم شواہد حاصل کرلئے

    پشاور سانحہ: تحقیقاتی ٹیموں نے حملے کے اہم شواہد حاصل کرلئے

    پشاور: پشاور کے اسکول میں خود کش حملہ آوروں کے خون کے نمونے آج ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے اسلام آباد بھجوائے جارہے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیموں نے پشاور اسکول پر حملے کے اہم شواہد حاصل کر لئے ہیں۔

    پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں، تحقیقاتی ٹیمیں ملکی تاریخ کے بد ترین سانحے کے محرکات جاننے کیلئے اپنے کام میں جُتی ہوئی ہیں۔ تحقیقاتی ٹیموں نے اہم شوہد اکٹھے کرتے ہوئے کینٹ کے مختلف علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج تحویل میں لے لی گئی ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آوروں کے خون کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے اسلام آباد بھجوائے جارہے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیمیں گھروں میں موجود زخمی بچوں کے بیانات قلمبند کریں گی۔ اس سے قبل حملہ آوروں کی شناخت بھی ہوچکی ہے ،حملہ آوروں کی قیادت کالعدم تحریک طالبان مہمند ایجنسی کا کمانڈر لئیس خان کر رہا تھا جس کا تعلق اپر دیر سےبتایاجاتا ہے،جائے وقوعہ سے بر آمد ٹوپی پر کمانڈر اپر دیر کے الفاظ تحریر تھے۔