Tag: آرمی چیف جنرل راحیل شریف

  • غیرملکی ایجنسیاں دہشتگردوں کی مدد کررہی ہیں، آرمی چیف

    غیرملکی ایجنسیاں دہشتگردوں کی مدد کررہی ہیں، آرمی چیف

    راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پیچیدہ جدوجہد ہے جس میں دشمن کو منظم اور موثر جواب دیا جانا چاہیے، شرپسند عناصر کو کچل کر ملک دشمنوں کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی ۔

    ماہانہ کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت ہوئی جس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکورٹی صورتحال ،افغانستان میں مفاہماتی عمل سمیت پاک چین اقتصادی راہداری کی سیکورٹی کے معاملات زیرغور آئے۔ اجلاس میں آپریشن سے متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرکے آنے والے متاثرین کی باعزت اور باوقار واپسی اور بحالی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔

    آرمی چیف نے ہدایات جاری کیں کہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر اور بحالی نو کے عمل میں تما م وسائل بروئے کار لائے جائیں، جنرل راحیل شریف نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں تاہم دہشت گردی کے خلاف جنگ پیچیدہ جدوجہد ہے جس میں منظم اور موثر جواب دیا جانا چاہیے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ ملک دشمن اور غیر ملکی ایجنسیاں دہشت گردوں کی مالی معاونت کررہی ہیں اور ملک کے اندران کے ہمدرد انہیں پناگاہیں فراہم کررہے ہیں تاہم ان شرپسند عناصر کو کچل کر ملک دشمنوں کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی اور پاکستان کے اندر دیرپا امن یقینی بنایا جائے گا۔

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی نمائندہ خصوصی کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی نمائندہ خصوصی کی ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے پاکستان و افغانستان کے لئے امریکی خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن نے ملاقات کی۔

    رچرڈ اولسن نے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے کردار کو سراہا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر ترجمان کے بیان کے مطابق ملاقات میں خطے کی مجموعی سیکورٹی کی صورتحال اور خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں افغانستان سے متعلق امور بھی زیر غور آئے، اس موقع پر رچرڈ اولسن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان قربانیوں کو بھی سراہا۔

  • سندھ میں شہروں کے داخلی وخارجی راستوں پر چوکیاں بنانے کا فیصلہ

    سندھ میں شہروں کے داخلی وخارجی راستوں پر چوکیاں بنانے کا فیصلہ

    کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرِصدارت کراچی کورہیڈ کوارٹرز میں ایپکس کمیٹی کےخصوصی اجلاس میں سندھ کے بڑے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز چوکیاں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    کراچی میں کور ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں دہشتگردی سے نمٹنے اور نیشنل ایکشن پلان پر موثر عمل درآمد پر زور دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین مربوط ہم آہنگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

    اجلاس میں سندھ کے تمام بڑے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز کی چوکیاں قائم کرنے کا فیصلہ ہوا ہے جبکہ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھنےکا حکم دیا گیا ہے۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، گورنر سندھ، ڈی جی آئی ایس آئی ، پولیس رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صفورا گوٹھ میں اسماعیلی کمیونٹی کی بس پر بدترین دہشتگردی کے واقعے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف دورہ سری لنکا منسوخ کرکے کراچی پہنچ گئے تھے۔

  • چین کے صدر شی جن پنگ سے ملک کے سیاسی رہنماؤں کی ملاقات

    چین کے صدر شی جن پنگ سے ملک کے سیاسی رہنماؤں کی ملاقات

    اسلام آباد: چین کے صدر شی جن پنگ سے ملک کے سیاسی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں ، جن میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

     ملاقات میں چینی صدر نے کہا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت کرتا ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام ممکن ہوسکے ۔

    ملک کی سیاسی قیادت نے چین کےصدرشی چن پنگ سے ملاقاتیں کیں،جن میں سابق صدر آصف زرداری ،عمران خان ، مولانا فضل الرحمان،چوہدری شجاعت ،پرویزالٰہی،فاروق ستار،شاہ محمودقریشی ، شیری رحمان ، رحمان ملک ،لیاقت بلوچ اور دیگر شامل ہیں ۔

     سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے ساتھ تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    اس سے قبل چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی سربراہی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ اور ائر چیف مارشل سہیل امان نے چینی صدر شی چن پنگ سے ملاقات کی۔

  • چینی صدر کی پاکستان کی عسکری قیادت سے ملاقات

    چینی صدر کی پاکستان کی عسکری قیادت سے ملاقات

    اسلام آباد: چینی صدر نے پاکستان کی عسکری قیادت کو ہر قسم کے چیلنجز سے نبر دآزما ہونے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی سربراہی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ اور ائر چیف مارشل سہیل امان نے چینی صدر شی چن پنگ سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں چینی صدر نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سراہتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ ہر گھڑی میں چین پاکستان کے ساتھ ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت کرتا ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام ممکن ہوسکے ۔

    انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب امن کے قیام کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتاہے جس سے پاکستان میں اقتصادی ترقی ہوگی اور خوشحالی آئے گی۔

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرِ صدارت کور کمانڈرز کانفرنس

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرِ صدارت کور کمانڈرز کانفرنس

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدار ت کور کمانڈررز کانفرنس میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ اور تربیتی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی زیرِ صدار ت کور کمانڈررز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، معمول کی اس ماہانہ کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران پاک فوج کے پیشہ وارانہ اور تربیتی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    کانفرنس میں شدت پسندوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضربِ عضب اور خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن خیبر ون میں اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق کانفرنس میں آپریشن کے دوران کلیئر کئے گئے علاقوں میں آئی ڈی پیز کی واپسی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال سمیت پاک افغان بارڈر کے امور اور پاک افغان عسکری قیادت کے مابین رابطوں میں پیش رفت سے کانفرنس کے شرکاء کو آگاہ کیا گیا ۔

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی افغان صدر اور عبداللہ عبداللہ سے ملاقات

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی افغان صدر اور عبداللہ عبداللہ سے ملاقات

    راولپنڈی:آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سےعلیحدہ علیحدہ کابل میں ملاقات کی۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے علیحدہ علیحدہ  ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں پیش رفت سمیت سرحدی انتظامات کو بھی سراہا گیا ہے۔

    پاک افغان سیاسی وعسکری قیادت نے سرحد پار دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا عزم کیا جب کہ ان اہم ملاقاتوں میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

     

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف مختصر دورے پر کابل پہنچ گئے

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف مختصر دورے پر کابل پہنچ گئے

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف مختصر دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل راحل شریف مختصر دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ افغانستان کی عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

  • ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی میں کردار ادا کریں،آرمی چیف سے اپیل

    ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی میں کردار ادا کریں،آرمی چیف سے اپیل

    لاہور : امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی بہن کی رہائی اور واپسی میں کردار ادا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے فائنل سے پہلے عافیہ کو واپس لاکر آرمی چیف راحیل شریف قوم کو سپر ورلڈ کپ کا تحفہ دیں ۔

    ان کا آرمی چیف سے مطالبہ تھا کہ عافیہ صدیقی کے رہائی کے لیے وزیر اعظم نواز شریف پر دباؤ ڈالیں کہ وہ اس معاملے میں سیاسی طور پر اپنا کردار ادا کریں ۔

    فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ مارچ میں عافیہ کی قید کو بارہ سال مکمل ہوجائیں گے ان کی رہائی میں تاخیر پوری قوم کی تذلیل ہے۔

    فوزیہ صدیقی نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ عافیہ کی وطن واپسی میں کیا رکاوٹ ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان قانونی تقاضے بھی پورے ہوچکے ہیں۔

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی والدہ کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی والدہ کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی والدہ کی نمازِ جنازہ راولپنڈی چکلالہ گیریژن میں ادا کردی گئی۔

    آرمی چیف کی والدہ کی نمازِ جنازہ میں اعلیٰ عسکری ، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، جنرل راحیل شریف کی والدہ عارضہ قلب میں مبتلا تھیں اور آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی میں زیرِ علاج تھیں۔

    ہفتے کی صبح حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئیں۔

    نمازِ جنازہ میں صدر ممنون حسین ، وزیردِفاع خواجہ آصف، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیرِ داخلہ چوہدری نثار،عبدالقادر بلوچ ، صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب، اور سابق وزیرِاعظم ظفر اللہ جمالی نے شرکت کی۔

    ایئرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ، نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ کی چیئرمین جوائنٹس چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود بھی نمازِ جنازہ میں شریک تھے۔