Tag: آرمی چیف جنرل راحیل شریف

  • پشاور: آرمی اسکول  کھل گیا ، آرمی چیف کا دورہ، بچوں کا استقبال

    پشاور: آرمی اسکول کھل گیا ، آرمی چیف کا دورہ، بچوں کا استقبال

    پشاور: دہشتگردی کا نشانہ بنائے جانے والا آرمی پبلک سکول پشاور چھبیس روز کے بعد تدریسی عمل کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ہے، پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور ان کی اہلیہ نے اس موقع پر خود بچوں کا استقبال کیا اور والدین سے بھی ملاقات کی، کور کمانڈر پشاور لیفٹنٹ جنرل ہدایت الرحمان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سانحۂ پشاور کے بعد پہلے دن اسکول پہنچنے والے غازیوں کا خود استقبال کیا اور ان کا حال احوال پوچھا پُرعزم طلبہ کے حوصلے دیکھ کر انھیں خوش آمدید کہا،  انہوں نے بچوں اور ان کے والدین کے عزم اور حوصلے کو سراہا اور ان کے جذبے کی تعریف کی، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بچوں کے حوصلے بلند ہیں اور قوم ناقابلِ شکست ہے، اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں ، انھوں نے بچوں کے والدین سے ملاقات کی۔

     بعد ازاں جنرل راحیل شریف اور ان کی اہلیہ نے بچوں اور اساتذہ کے ہمراہ سکول کی اسمبلی میں شرکت کی ، جس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا ، جس کے بعد لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری ، دعا اور قومی ترانہ پڑھا گیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

    عاصم سلیم باجوہ کے مطابق اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ تمام بچوں کے حوصلے بلند ہیں اور یہ قوم ناقابل شکست ہے۔

    یاد رہے کہ 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے حملے کے نتیجے میں 132 بچوں سمیت 144 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • جنرل راحیل شریف اور جان کیری کی ملاقات بامقصد رہی، امریکا

    جنرل راحیل شریف اور جان کیری کی ملاقات بامقصد رہی، امریکا

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور امریکی وزیرخارجہ جان کیری کی ملاقات میں سیکیورٹی امور پر بامقصد بات چیت ہوئی ہے۔

    محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہاف نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کشمیر سے متعلق امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کا تعین پاکستان اور بھارت خود کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تازہ ترین صورتحال پرامریکی سفارتخانوں کے ذریعے دونوں ملکوں کے حکام سے رابطے میں ہے۔ پاکستان اور بھارت کو تشدد کے خاتمے کے لئے مل کرکام کرنا چاہئیے۔

    ترجمان نے جنرل راحیل شریف کی امریکی حکام سے ملاقاتوں کو بامقصد قرار دیا ہے۔

  • دہشتگردی کا بہادری سے سامنا کرنے پر پاکستان دنیا کیلئے مثال ہے، جنرل راحیل شریف

    دہشتگردی کا بہادری سے سامنا کرنے پر پاکستان دنیا کیلئے مثال ہے، جنرل راحیل شریف

    کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کہتے ہیں دہشتگردی کا بہادری سے سامنا کرنے پر پاکستان دنیا کیلئے مثال ہے اور خطے میں پائیدار امن کیلئے کشمیر کے مسئلے کا حل ضروری ہے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آج کراچی ایکسپو سینٹرمیں دفاعی نمائش آئیڈیاز2014 کے دورے کے دوران مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔ جس کے بعد دفاعی نمائش میں تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ فلسطین اور کمشمیر جیسے تنازعات سے خطے کی سیکورٹی خطرے میں پڑسکتی ہے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملکی سیکورٹی پڑوسی ممالک کی صورتحال پر بھی منحصر ہے اور بدلتےحالات کے ساتھ دفاعی ضروریات بھی تبدیل ہو رہی ہیں۔ انھوں نےکہا کہ موجودہ میکنزم نان اسٹیٹ ایکٹرز سے نمٹنے کیلئے ناکافی ہے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ گلوبلائزیشن سے جہاں دنیا قریب آئی، وہاں غیر ریاستی عناصر بھی اکھٹے ہوگئے ہیں اور غیر ریاستی عناصر پر قابو نہ پایا گیا تو صورتحال مزید گھمبیر ہوسکتی ہے۔

    جنرل راحیل کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم انتہائی بہادر اور باہمت ہے تاہم ہمیں اپنے نظریات کے تحفظ کیلئے کام کرنا ہوگا۔

  • واشنگٹن:جنرل راحیل اور سی آئی اے چیف کی اہم ملاقات

    واشنگٹن:جنرل راحیل اور سی آئی اے چیف کی اہم ملاقات

    واشنگٹن: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی واشنگٹن میں سی آئی اے چیف جان برینن سےاہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پراتفاق کیا گیا ۔

    آرمی چیف جنرل راحیل اور امریکی سی آئی اے کے سربراہ چیف جان برینن کی ملاقات میں دہشت گردی پر قابو پانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا۔

    اس سے قبل واشنگٹن میں امریکن فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا تھا کہ حقانی نیٹ ورک کیخلاف بھی آپریشن کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نئی افغان حکومت کے قیام سے پاک افغان تعلقات میں بہتری کی امید ہے۔

  • کسی بھی دہشت گرد گروپ کو معاف نہیں کیا جائے،راحیل شریف

    کسی بھی دہشت گرد گروپ کو معاف نہیں کیا جائے،راحیل شریف

    واشنگٹن :آرمی چیف جنرل راحیل شریف کہتے ہیں آپریشن ضرب عضب کامیابی سےجاری ہے۔کسی بھی دہشت گرد گروپ کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

    واشنگٹن میں امریکن فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ  دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ بہت پہلے کرلیا تھا، کسی دہشت گردگروپ کومعاف نہیں کیا جائے گا، حقانی نیٹ ورک کیخلاف بھی آپریشن کیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نئی افغان حکومت کے قیام سے پاک افغان تعلقات میں بہتری کی امید ہے، پاک امریکا تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، امریکی حکام سےملاقاتوں کےمثبت نتائج نکلیں گے۔

    انکا کہنا تھا کہ پاکستان اورامریکہ آپس میں بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔

  • آرمی چیف کی امریکی اعلی عہدیداروں سے ملاقات

    آرمی چیف کی امریکی اعلی عہدیداروں سے ملاقات

    واشنگٹن:جنرل راحیل شریف نے امریکی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان ڈینئل فیلڈمین اورنیشنل سیکورٹی ایڈوائزر سوزن رائس سے ملاقاتیں کیں۔

    واشنگٹن میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ڈینئل فیلڈ سے ملاقات میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی ایم او بھی شریک ہوئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملاقات کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، سوزان رائس نے پاکستانی فوج کو دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا۔

    دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے واشنگٹن میں کانگریس اراکین اور سینٹ انٹیلی جنس کمیٹی اور کمیٹی آن فارن ریلشنز سے ملاقات کی۔

    جنرل راحیل شریف کا اپنے وفد کے ساتھ اعلی امریکی حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ نے سینٹ انٹیلی جنس کمیٹی اور کمیٹی آن فارن ریلشنز کے ارکان کو آپریشن ضرب عضب اور خیبر ون ملٹری آپریشن پر بریفنگ دی، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے، افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

  • پاکستان آرمی کی پینٹاگون الزامات کی شدید الفاظ میں تردید

    پاکستان آرمی کی پینٹاگون الزامات کی شدید الفاظ میں تردید

    واشنگٹن: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے دہشتگردی پر نرم رویہ رکھنے کے پینٹاگون کے الزام کی شدید الفاظ میں تردید کردی ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف آج دورہ امریکا پر روانہ ہونگے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے واشنگٹن میں امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئےکہاکہ پاکستان نے کبھی دہشتگردی کیخلاف نرم رویہ نہیں رکھا ہے اور پاک فوج اور قوم نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پچاس ہزار سےزائد جانیں قربان کیں۔

    انھوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف نرم رویہ رکھنے کے پینٹاگون کے الزام میں کوئی حقیقت نہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ پاکستان میں داعش کی موجودگی کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کےخاتمےکےلئےسرگرم ہے۔

    دوسری جانب امریکی جنرل مارٹن ڈیپمسی کی دعوت پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف دورہ امریکا کے دوران پینٹا گون اور فلوریڈا میں سینٹ کام کے اہم عہدیداروں سےملاقاتیں کرینگے۔

    واضح رہے کہ امریکی اخبارواشنگٹن پوسٹ کاکہناہےکہ امریکہ کی طرف سے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب پر اطمینان کا اظہارکیاگیا اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ دہشتگردی کےخلاف پاک فوج افغانستان اور امریکہ ایک صفحےپرہیں۔

  • وزیرِاعظم نواز شریف کا میران شاہ کا دورہ

    وزیرِاعظم نواز شریف کا میران شاہ کا دورہ

    میران شاہ: وزیرِاعظم نواز شریف نے دورۂ میران شاہ کے دوران کہا ہے  کہ ہم مسلح دہشت گردوں کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں، پاک فوج کو پوری قوم کا سلام پیش کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم نواز شریف میران شاہ پہنچے تو آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیرِاعظم کا استقبال کیا اور آپریشن ضربِ عضب پر بریفنگ دی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ میران شاہ سمیت میر علی ، بویا ، دیگان اور دتہ خیل کے علاقے کو کلئیر کرالیا گیا ہے۔

    بریفنگ کے بعد وزیرِاعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوان جنرل راحیل کی زیرِ قیادت مشکل جنگ بہادری سے لڑرہے ہیں، جنگ میں دشمن چھپ کر حملہ کرنے والا ہے، شہید ہونے والے جوان ہمارے ہیرو ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پاک فوج کےجوانوں نے یہ قربانی قوم کے مستقبل کیلئے دی ہے، ہم مسلح دہشت گردوں کےخلاف جنگ جیت رہے ہیں، پوری قوم کی جانب سے فوج کو مبارکباد دیتے ہیں۔

    اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے پاکستان زندہ بادکے نعرے بھی لگائے، شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے دوران اب تک سیکڑوں دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • نیول چیف آصف سندھیلہ کی آرمی چیف سے الوداعی ملاقات

    نیول چیف آصف سندھیلہ کی آرمی چیف سے الوداعی ملاقات

    راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے پاک بحریہ کے سبکدوش ہونے والے سربراہ ایڈمرل آصف سندیلہ نے ملاقات کی، جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران باہمی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایڈمرل آصف سندیلہ کی پاک بحریہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے سمیت شدت پسندی کے خلاف کارروائیوں میں باہمی تعاون کو سراہا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندیلہ کو مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    پاک بحریہ کے 19ویں سربراہ ایڈمرل آصف سندھیلہ 7اکتوبر کو اپنی مدت ملازمت پوری کرکے سبکدوش ہوجائیں گے، وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف ان کی جگہ پاک بحریہ کے 20ویں امیر البحرکا انتخاب کریں گے۔

    نئے امیر البحر کیلئے زیرِ غور ناموں میں وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل محمد ذکاء اللہ ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف پراجیکٹس فرائض انجام دینے والے وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق اور کمانڈر کراچی فلیٹ فرائض انجام دینے والے وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی شامل ہیں۔

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی پہنچ گئے

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی پہنچ گئے

    کراچی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی پہنچ گئے، آرمی چیف کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کریں گے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی آمد پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کور ہیڈ کواٹرز کا دورہ کریں گے، آرمی چیف کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل سجاد غنی سے بھی ملاقات کریں گے۔

    آرمی چیف کی کراچی آمد پر شاہراہِ فیصل کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات دیکھے گئے، جہاں رینجرز کے علاوہ فوج اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا تھا جبکہ  ایئرپورٹ کے اطراف میں سیکیورٹی فورسز تعینات کردی گئیں تھی اور اولڈٹرمینل اور اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر جانیوالے تمام راستوں کو عام افراد کے لیے بند کردیا گیا۔

    گزشتہ روز وزیراعظم نوازشریف سے آ رمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی، ملاقات میں میں معاملات کو قومی مفاد میں حل کرنے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں طاقت کے استعمال سے گریز اور معاملات کو قومی مفاد کے مطابق حل کرنے پر تبادلہ تفصیلی تنابدلہ خیال کیاگیا۔

    وزیراعظم اور آرمی چیف نے ملک کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال ، آپریشن ضرب عضب سے متعلق اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔