Tag: آرٹی فیشل انٹیلی جنس

  • واٹس ایپ صارفین کیلئے اہم خبر

    واٹس ایپ صارفین کیلئے اہم خبر

    پیغام رسانی کی معروف ایپلی کیشن واٹس ایپ دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سماجی رابطے کا ذریعہ ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ تیزی سے ترقی کرتے ہوئے اپنے صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے آئے دن نئے فیچر متعارف کرواتا رہتا ہے۔

    آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹس اب ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ بن رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ میں بھی اے آئی چیٹ بوٹ کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ ستمبر 2023 میں میٹا کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بہت جلد واٹس ایپ میں جلد اے آئی چیٹ بوٹ سے چیٹ کرنا ممکن ہو جائے گا۔ اب یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔

    WABetaInfoکی رپورٹ کے مطابق اے آئی چیٹ بوٹ سے بات کرنے کے لیے واٹس ایپ میں ایک نیا شارٹ کٹ دیا جا رہا ہے۔ اگر آپ واٹس ایپ کے بیٹا ورژن کو استعمال کرتے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ یہ فیچر آپ کو دستیاب ہو۔

  • کیا ایمازون اور گوگل سرچ کا خاتمہ ہونے والا ہے؟ بل گیٹس نے خبردار کردیا

    کیا ایمازون اور گوگل سرچ کا خاتمہ ہونے والا ہے؟ بل گیٹس نے خبردار کردیا

    سان فرانسسکو: مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے پیش گوئی کی ہے کہ بہت جلد گوگل سرچ کا خاتمہ ہوجائے گا۔

    گوگل سرچ انجن کو انٹرنیٹ کا حکمران تصور کیا جاتا ہے مگر ایک نئی ٹیکنالوجی بہت جلد اس کے خاتمے کا باعث بن جائے گی،یہ پیشگوئی مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کی اور ساتھ ہی اس ٹیکنالوجی کا نام بھی بتادیا۔

    سان فرانسسکو میں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بل گیٹس نے خیال ظاہر کیا کہ اگر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا ارتقا موجودہ رفتار سے جاری رہا تو مستقبل قریب میں گوگل سرچ اور ایمازون جیسی سروسز ماضی کا قصہ بن جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ اگر ایک نیا اے آئی ٹول انسانی سوچ کے انداز، ضروریات اور احساسات کو سمجھنے کے قابل ہوگیا تو اس سے انسانی رویئے بھی تبدیل ہو جائیں گے، پھرآپ پھر کبھی سرچ سائٹ پر نہیں جائیں گے اور نہ ہی کبھی ایمازون کا رخ کریں گے۔

    بل گیٹس کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس روبوٹس لوگوں کو ملازمتوں سے محروم کر سکتے ہیں جبکہ طاقتور اے آئی ٹولز سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بزنس ماڈلز بھی متاثر ہوں گے۔

    بل گیٹس نے توقع ظاہر کی کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے انقلاب برپا کرنے والے اے آئی ٹول کی تیاری میں قائدانہ کردار ادا کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ مجھے اس وقت مایوسی ہوگی جب مائیکرو سافٹ ایسا نہ کرسکے۔

  • اس نئی ویڈیو سروس نے لوگوں کو خوفزدہ کیوں کردیا؟

    اس نئی ویڈیو سروس نے لوگوں کو خوفزدہ کیوں کردیا؟

    آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے تحت کام کرنے والی ایک نئی ویڈیو سروس نے لوگوں کو خوفزدہ کردیا، اس سروس کے ذریعے ساکن تصاویر کو متحرک کیا جاسکتا ہے۔

    ایک ویب سروس کمپنی مائی ہیریٹج نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیپ ناسٹلجیا نامی سروس متعارف کروائی ہے جو کسی عام تصویر کو متحرک کردیتی ہے اور ٹویٹر پر لوگوں نے اسے خوفزدہ کردینے والی فیک ویڈیوز کو بنانے کے لیے استعمال کیا۔

    اس سروس کے ذریعے اے آئی لائسنسڈ ڈی ۔ آئی ڈی کو استعمال کر کے ایک اسٹل فوٹو کو متحرک کیا جاتا ہے، یہ آئی فونز کے لائیو فوٹوز جیسا فیچر ہے جس کی مدد سے اسمارٹ فون کی تصاویر کو چند سیکنڈ کی ویڈیو میں بدل دیا جاتا ہے۔

    ڈیپ ناسٹلجیا میں کسی بھی کیمرے سے کھینچی گئی تصویر کو زندگی دی جاسکتی ہے، یہ پروگرام چہرے کی حرکات کی پری ریکارڈڈ ویڈیوز کو استعمال کرکے کسی بھی اسٹل فوٹو کے لیے بہترین کام کرتی ہے۔

    کمپنی کا مقصد لوگوں کو اپنے دنیا سے گزر جانے والے پیاروں کی تصاویر کو متحرک ہوتے دیکھنے میں مدد دینا ہے جو بظاہر ایک اچھا خیال ہے۔

    لوگ مائی ہیرٹیج میں فری اکاؤنٹ پر سائن اپ ہونے کے بعد ایک تصویر اپ لوڈ کرسکتے ہیں، اس کے بعد کا عمل خودکار طور پر ہوتا ہے اور اس تصویر کی جی آئی ایف تیار ہوجاتی ہے۔

    ڈیپ ناسٹلجیا میں صرف چہرے کو ہی اینی میٹڈ کیا جاسکتا ہے اور مکمل تصویر کو متحرک کرنا ممکن نہیں، اس سائٹ پر 5 تصاویر کو مفت اپ لوڈ کیا جاسکتا ہے اور اس کے بعد ایک پیڈ اکاؤنٹ پر رجسٹر کرنا ہوگا۔